ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کامیاب اشاعت کے 20سال Mahnama Sultan-ul-Faqr and Sultan ul Faqr Publications Twenty Year’s Complete

Rate this post

مبارکباد۔ ماہنامہ سلطان الفقر لاہور اور  سلطان الفقر پبلیکیشنز(رجسٹرڈ)  کامیاب اشاعت کے 20سال  

 Mahnama Sultan-ul-Faqr and Sultan ul Faqr Publications Twenty Year’s Complete

رپورٹ: وقار احمدارشاد سروری قادری

ماہنامہ سلطان الفقر لاہور

بانی و سرپرست ِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے مسند ِتلقین و ارشاد سنبھالنے کے بعد عوام الناس کو معرفت ِ الٰہی کا پیغام پہنچانے کے لیے اپنی خداداد علمی و قلمی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف کتابچوں اور پمفلٹس کے ذریعے دعوت و تبلیغ کا آغاز کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک ماہنامہ کے اجرا کے لیے کوششیں شروع کر دیں تاکہ’’دعوتِ فقر‘‘ مستقل بنیادوں پر عوام الناس تک پہنچائی جا سکے۔ آپ مدظلہ الاقدس کی لگن، انتھک محنت اور مسلسل کوششوں کے بعدماہنامہ کی رجسٹریشن کا مرحلہ مکمل ہوا اور اگست 2006ء میں ’’ماہنامہ سلطان الفقر لاہور‘‘ کا پہلا شمارہ منظر ِعام پر آیا۔ آغاز میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے بذاتِ خود مختلف موضوعات پر مضامین تحریر فرمایا کرتے کیونکہ اور کوئی مضمون نگار موجود نہ تھا۔ ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کی اشاعت کے ساتھ ہی طالبانِ مولیٰ نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی طرف جوق در جوق رجوع کرنا شروع کر دیا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے انہی بیعت ہونے والوں میں سے بہت سے مرد و خواتین کو مضمون نگاری کی تربیت بھی دی اور جلد ہی انہوں نے بھی سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی زیر نگرانی میگزین میں مضامین لکھنے کا کام شروع کر دیا۔فرد ِ واحد سے شروع ہونے والا یہ سلسلہ آج ایک مربوط نظام بن چکا ہے ۔حالات خواہ کیسے بھی ہوں، کووِڈ 19، سیاسی و معاشی غیر استحکام یا عالمی سطح پر رونما ہونے والی محاذ آرائیاں۔۔۔ ماہنامہ سلطان الفقر لاہور نے گزشتہ بیس سالوں میں بلا تعطل لاکھوں متلاشیانِ حق کی نہ صرف مرشد کامل تک رسائی کی ہے بلکہ راہِ فقر اختیار کرنے اور اس پر ثابت قدمی سے چلنے میں ہر مقام و مرتبہ پر بے پناہ معاونت بھی کی ہے۔ یہ رسالہ دنیا بھر میں ’’فقر ِمحمدیؐ‘‘ کا واحد ترجمان ہے جو فقر پرمبنی مستند اور محقق مواد کو انتہائی آسان اور منفرد اندازمیں بیان کرنے کی بدولت روز بروز بے پناہ مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔ سلطان العاشقین مدظلہ کی دُور اندیشی کی بدولت آج یہ ماہنامہ عصر ِ حاضر کے تقاضوں کے عین مطابق ویب سائٹ پر آن لائن مطالعہ اور مفت ڈائون لوڈ نگ کے لیے بھی دستیاب ہے۔ چونکہ آپ مدظلہ الاقدس کے مریدین دنیا بھر میں موجود ہیں اور ان میں سے بہت بڑی تعداد ایسی ہے جو اُردو زبان سمجھتی تو ہے لیکن پڑھ نہیں سکتی لہٰذا ایسے تمام مریدین و عقیدتمندوں کے لیے یوٹیوب (YouTube)پر ماہنامہ سلطان الفقر کا آفیشل چینل بنایا گیا ہے جہاں ماہنامہ میں شائع ہونے والے مضامین آڈیو پوڈ کاسٹ کی صورت میں دستیاب ہیں۔ یہ سہولت راہِ فقر کے مسافروں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ۔اس کے علاوہ فیس بک، انسٹاگرام ،لنکڈاِن اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی ماہنامہ سلطان الفقر لاہورکے آفیشل پیجز موجود ہیں۔نئے دور اور نئی نسل کے رجحانات سے ہم آہنگی رکھتے ہوئے ماہنامہ ہر جدت کو اپنا رہا ہے تاکہ فقر ِ محمدیؐ کا پیغام ہر خاص و عام تک پہنچایا جا سکے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ یہ سلسلہ تا قیام ِ قیامت اسی طرح چلتا رہے۔ آمین

سلطان الفقر پبلیکیشنز (رجسٹرڈ)

سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس انتہائی دور اندیش ہیں۔ آپ نے محض ماہنامہ کے اجرا کو کافی نہیں سمجھا کیونکہ تعلیماتِ فقر کا احیا اور ان کا فروغ بھی بے حد ضروری تھا جس کے لیے ایک باقاعدہ اشاعتی ادارہ کی ضرورت تھی۔ اسی ضروت کو مد ِنظر رکھتے ہوئے آپ مدظلہ الاقدس نے اگست 2006ء میں ’’سلطان الفقر پبلیکیشنز‘‘کی بھی بنیاد رکھی اور اسے باقاعدہ طور پر رجسٹر کروایا۔

آپ مدظلہ الاقدس نے طالبانِ مولیٰ کی رہنمائی کے پیش ِنظر مختلف تصانیف پر کام شروع فرمایااورسلطان الفقر پبلیکیشنز تاحال آپ کی 24تصانیف شائع کرنے کا سہرا اپنے سر سجا چکا ہے جن میں ’’شمس الفقرا‘‘،’’ابیات ِ باھوؒ کامل‘‘ اور’’ مجتبیٰ آخر زمانی‘‘سر فہرست ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس کی تصنیف ِ لطیف شمس الفقرا کو دنیائے فقر میں انسائیکلوپیڈیا مانا جاتا ہے کیونکہ اس ایک تصنیف مبارکہ میں فقر کے مختلف موضوعات کو قرآن و حدیث اور اولیائے کاملین کی تعلیمات کی روشنی میں ابواب کی صورت اکٹھا کر دیا گیا ہے۔ لہٰذا یہ کتاب محض تحریر نہیں بلکہ ہر طالب ِ مولیٰ کے لیے ایک راہنما ہے خواہ وہ ابتدائی، متوسط یا انتہائی مقام پر ہی کیوں نہ ہو ۔ 

اپنی تصانیف کے ساتھ ساتھ آپ مدظلہ الاقدس نے مشائخ سروری قادری کی کتب میں چھپے خزانۂ فقرکو منظر ِ عام پر لانے کے لیے بھی کام شروع کیا۔ سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ کی فارسی کتب کے آسان اردو اور انگلش تراجم ،سیّدنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؓ کی عربی کتب کے اردو تراجم اور سید الشہداحضرت امام حسین رضی اللہ عنہٗ کی نایاب تصنیف ِ لطیف ’’مرآۃ العارفین‘‘ کا اردو ترجمہ اس کاوش کی ایک سرسری جھلک ہیں۔ مجموعی طور پر سلطان الفقر پبلیکیشنز اب تک 100 سے زائد کتب شائع کرنے کا اعزاز رکھتا ہے۔کئی کتب اشاعت کے مختلف مراحل میں موجود ہیں اور جلد کتابی شکل میں منظر ِ عام پر آجائیں گی۔ 

 جہاں ایک طرف نوجوان نسل کتابوں کی دنیا سے دور ہوتی جا رہی ہے وہیں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس اس ادارہ کے تحت کتاب دوستی کو بحال کرنے میں دن رات کوشاں ہیں۔ نئی نسل کے رجحان کو دیکھتے ہوئے آپ مدظلہ الاقدس کی ہدایات کے مطابق سلطان الفقر پبلیکیشنزان کتب میں پنہاں تعلیماتِ فقرکو تمام معروف سوشل پلیٹ فارمز پر دیدہ زیب پوسٹس اور ویڈیوز کے ذریعے عام کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ ادارہ ہٰذایو ٹیوب (YouTube)کے آفیشل چینل پر بہت سی کتب آڈیو کی صورت میں اَپلوڈ کر چکا ہے اور یہ سلسلہ تا حال جاری ہے۔ادارہ کی جانب سے موبائل صارفین کی سہولت کے لیے حال ہی میں ایک ایپلیکیشن بھی متعارف کرائی گئی ہے جو گوگل پَلے اسٹور (Google Play Store) سے بلامعاوضہ ڈائون لوڈ کی جاسکتی ہے۔ بلاشبہ یہ دونوں ادارے مبارکباد کے مستحق ہیں۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں