Ism-e-Allah-Zaat

اسم اللہ ذات–Ism-e-Allah Zaat

Spread the love

5/5 - (3 votes)

اسمِ اللہ ذات

ذکر

مادی جسم کے اندر موجود باطنی انسان ایک جیتا جاگتا وجود ہے جو انسان کی توجہ کا طالب ہے۔ جس طرح مادی جسم کی تندرستی کے لیے صحیح غذا ضروری ہے اسی طرح باطنی وجود کی بھی غذا ہے جس سے وہ سکون محسوس کرتا ہے’ تندرست و توانا ہوتا اور قوت حاصل کرتا ہے۔ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

اَلَا بِذِکۡرِ اللّٰہِ تَطۡمَئِنُّ الۡقُلُوۡبُ  ط (الرعد۔28) 

ترجمہ: بے شک ”ذکر اللہ” سے ہی قلوب کو اطمینان اور سکون حاصل ہوتا ہے۔یعنی اللہ کے اسم کے ذکر سے انسانی قلب یا روح کو سکون حاصل ہوتا ہے کیونکہ یہی اس کی غذا اور قوت کا باعث ہے۔ جو انسان اس ذکر سے روگردانی کرتا ہے اس کی روح کو غذا اور رزق نہیں ملتا جو اس کی زندگی اور قوت کے لیے ضروری ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

وَ مَنۡ اَعۡرَضَ عَنۡ ذِکۡرِیۡ فَاِنَّ لَہٗ مَعِیۡشَۃً ضَنۡکًا وَّ نَحۡشُرُہٗ یَوۡمَ الۡقِیٰمَۃِ  اَعۡمٰی(طٰہٰ۔124)

  ترجمہ: ”بے شک جو ہمارے ذکر سے اعراض کرتا ہے ہم اس کی (باطنی) روزی تنگ کر دیتے ہیں اور قیامت کے روز اسے اندھا اٹھائیں گے۔” 

اس آیت مبارکہ میں رزق سے مراد یقیناًباطنی رزق ہے کیونکہ ظاہری رزق تو اللہ تعالیٰ نے کفار و مشرکین کو بھی بہت دیاہے جو اللہ کا قطعاً ذکر نہیں کرتے۔

دنیا و آخرت میں انسان کے خسارے کی وجہ اس کی ذکر اللہسے غفلت ہے کیونکہ ذکر اللہ نہ کرنے کے باعث اس کی روح وہ قوت حاصل نہ کر پائے گی جو اسے نفس کے حجاب چیر کر اس مقام تک لے جائے جہاں وہ دیدار و معرفتِ الٰہی حاصل کر سکے۔ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:

یٰۤاَیُّہَا  الَّذِیۡنَ  اٰمَنُوۡا  لَا تُلۡہِکُمۡ اَمۡوَالُکُمۡ  وَ لَاۤ  اَوۡلَادُکُمۡ عَنۡ ذِکۡرِ اللّٰہِ ۚ وَ مَنۡ یَّفۡعَلۡ  ذٰلِکَ  فَاُولٰٓئِکَ ہُمُ الۡخٰسِرُوۡنَ۔ (المنافقون۔9)

 ترجمہ:اے ایمان والوں تمہارے مال اور تمہاری اولادیں تم کو ذکراللہ سے غافل نہ کر دیں جو لوگ ایسا کریں گے وہی خسارہ پانے والے ہیں۔

اللہ تعالیٰ کی تمام مخلوق اللہ کے مختلف ناموں کی تسبیح و ذکر کر رہی ہے جیسا کہ وہ قرآن میں فرماتا ہے:

تُسَبِّحُ  لَہُ  السَّمٰوٰتُ السَّبۡعُ  وَ الۡاَرۡضُ وَ مَنۡ فِیۡہِنَّ ؕ وَ اِنۡ مِّنۡ شَیۡءٍ  اِلَّا یُسَبِّحُ بِحَمۡدِہٖ  وَ لٰکِنۡ لَّا تَفۡقَہُوۡنَ تَسۡبِیۡحَہُمۡ ؕ (بنی اسرآءِیل۔44)

ترجمہ:ساتوں آسمان اور زمین اور جو کچھ اس میں ہے سبھی اس (اللہ) کی تسبیح کرتے ہیں اور مخلوقات میں سے کوئی چیز نہیں مگر اس کی تعریف کے ساتھ تسبیح کرتی ہے لیکن تم ان کی تسبیح کو نہیں سمجھتے۔

 

ذکراسمِ اللہ ذات

اللہ تعالیٰ نے انسان کو اپنے ذاتی اسم اَللّٰہُ کا ذکر دیا ہے کیونکہ یہ اس کی تمام صفات کا احاطہ کرتا ہے اور اس کے تمام اسماء میں سب سے قوت والا اسم اَللّٰہُ ہے۔ اللہ کا یہ اسم اس قدر قوت کا حامل ہے کہ اگر ترازو کے ایک پلڑے میں اسم ”اَللّٰہُ” رکھ دیا جائے اور دوسرے پلڑے میں پوری کائنات’ جنت و جہنم رکھ دیئے جائیں تو اسماَللّٰہُ ذات والا پلڑا بھاری ہوگا۔ اسم اَللّٰہُ ذات کے ذکر سے روح کو وہ نورِ بصیرت حاصل ہوتا ہے جو دیدارِ الٰہی کے لیے لازم ہے۔ روح اس قدر قوی ہوجاتی ہے کہ جسم و جان کے تمام حجابات توڑ کر جسمانی موت سے قبل ہی اللہ کا وصال’ دیدار اور معرفت حاصل کر سکتی ہے۔ چونکہ ذکرِ ” اَللّٰہُ” ہی انسانی مقصدِ حیات یعنی معرفتِ الٰہی کے حصول کی بنیاد ہے اسی لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو پہلی وحی اور سب سے پہلا حکم اللہ کے ذاتی نام کے ذکر کا تھا۔

اِقۡرَاۡ بِاسۡمِ رَبِّکَ الَّذِیۡ خَلَقَ۔(العلق 01)

ترجمہ:پڑھ اپنے ربّ کے نام (اسم اَللّٰہُ) سے جس نے خَلق کو پیدا کیا۔

تمام عبادات کی فرضیت سے پہلے اللہ تعالیٰ نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی امت اور پیروکاروں کو اسم اَللّٰہُ ذات کے ذکر کا حکم دیا تاکہ ان کی ارواح نور بصیرت حاصل کر کے معرفتِ الٰہی تک رسائی حاصل کریں جو تمام عبادات کی روح اور بنیاد ہے۔ دین کی اس بنیاد کے مضبوط ہونے کے بعد ہی ان پر ظاہری عبادات فرض کی گئیں۔ سورۃ مزمل سورۃ الاعلیٰ’ سورۃ واقعہ’ سورۃ اعراف’ سورۃ کہف اور سورۃ طٰہٰ عبادات فرض ہونے سے پہلے مکہ میں نازل ہوئیں ان تمام میں اللہ کے اسم کے ذکر کا حکم بھی دیا گیا ہے اور طریقہ بھی سمجھایا گیا ہے۔

فَسَبِّحْ بِاسْمِ رَبِّکَ الْعَظِیْمِ (سورۃ حاقتہ(مکی):52 سورۃ واقعہ(مکی )96 اور 74 )

ترجمہ: (اے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ) اپنے رَبِّ عظیم کے نام (اسم اَللّٰہُ ) کی تسبیح بیان کرو۔

سَبِّحِ اسۡمَ رَبِّکَ الۡاَعۡلَی  (سورۃاعلی۔01)

 ترجمہ:( اے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم )اپنے رب کے نام (اسمِ  اَللّٰہُ) کی تسبیح بیان کرو جو سب سے اعلیٰ ہے۔

وَ اذۡکُرِ اسۡمَ رَبِّکَ وَ تَبَتَّلۡ  اِلَیۡہِ تَبۡتِیۡلًا  ؕ (مزمل۔8)

ترجمہ: (اے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ) اپنے رب کے نام (اسمِ اَللّٰہُ) کا ذکر کرو اورسب سے ٹوٹ کر اس ہی کی طرف متوجہ ہو جاؤ۔

وَ  اَقِمِ  الصَّلٰوۃَ   لِذِکۡرِیۡ  (طٰہٰ۔14)

ترجمہ: میرے ذکر کے لیے نماز قائم کرو۔
پھر یہ ذکر کرنے کا طریقہ بھی سمجھا دیا۔

وَاذْکُرْرَّبَّکَ فِیْ نَفْسِکَ تَضَرُّعًا وَّ خِیْفَۃً وَّ دُوْنَ الْجَھْرِ مِنَ الْقَوْلِ بِالْغُدُوِّ وَالْاٰصَالِ وَلَا تَکُنْ مِّنَ الْغٰفِلِیْنَ (اعراف۔205)

ترجمہ:اور صبح و شام ذکر کرو اپنے ربّ کا دل میں’ سانسوں کے ذریعے’ بغیر آواز نکالے’ خفیہ طریقے سے’ عاجزی کے ساتھ اور غافلین میں سے مت بنو۔

اُدۡعُوۡا رَبَّکُمۡ  تَضَرُّعًا  وَّ خُفۡیَۃً ؕ اِنَّہٗ  لَا یُحِبُّ  الۡمُعۡتَدِیۡنَ  (اعراف۔55)

ترجمہ:اپنے رب کا ذکر کرو خفیہ طریقے سے’ عاجزی کے ساتھ بیشک اللہ تعالیٰ حد سے بڑھنے والوں کو پسند نہیں کرتا۔

ذکر کا حکم خفیہ طریقے سے کرنے کا مطلب بغیر آواز کے ذکر کرنا ہے اور سانسوں کے ذریعے ذکر کا حکم اس لیے ہے کہ سانس کا تعلق روح سے ہے۔ جیسے ہی روح جسم میں داخل ہوتی ہے جسم سانس لینا شروع کردیتا ہے اور جیسے ہی روح جسم سے نکل جاتی ہے’ جسم سانس لینا بند کر دیتا ہے۔ چنانچہ سانسوں کے ذریعے اسم اَللّٰہُ کا ذکر روح یا باطنی انسان کی قوت کا باعث ہے۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے فرمایا :

اَ لْاَنْفَاسُ مَعْدُوْدَۃٌ وَکُلُّ نَفْسٍ یَّخْرُجُ بِغَیْرِ ذِکْرِاللّٰہِ تَعَالٰی فَھُوَ مَیِّتُ 

ترجمہ:”سانس گنتی کے ہیں اور جو سانس اللہ کے ذکر کے بغیر نکلے وہ مردہ ہے۔”

یعنی جس سانس میں اللہ کا ذکر کیا جائے وہ روح کی زندگی کا باعث ہے۔اسی لیے آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا:

‘جو شخص ذکر اَللّٰہُ کرتا ہے اور جو شخص ذکراَللّٰہُ نہیں کرتا اس کی مثال زندہ اور مردہ کی ہے۔ (بخاری و مسلم)

ذکر اَللّٰہُ کرنے والے کی روح زندہ اور نہ کرنے والے کی روح مردہ ہے۔ آج کل لوگوں کی اکثریت تو ذکراَللّٰہُ کرنے کی ضرورت ہی نہیں سمجھتی اور نماز روزوں پر اکتفا کیے بیٹھی ہے اور جو لوگ ذکر  اللہکرتے بھی ہیں تو زبانی ذکر کرتے ہیں ۔ جو لوگ قلبی ذکر کا دعویٰ کرتے ہیں ان کے نزدیک قلب سے مراد سینے کے بائیں جانب رکھا گوشت کا لوتھڑا (دِل)ہے اور وہ حبسِ دم کر کے زور زور سے اَللّٰہُ کا ذکر کر کے اسی لوتھڑے کو چلانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔ جب یہ مادی دل پھڑکنے لگ جائے تو سمجھ لیتے ہیں کہ ان کی روح زندہ ہوگئی۔ حالانکہ جسم میں رکھے اس دل کا کام صرف خون کی ترسیل ہے۔ یہ بھی باقی جسمانی اعضاء کی طرح ایک عضو ہے جس کو باقی جسم کے ساتھ اسی دنیا میں رہ کر مٹی کا حصہ بن جانا ہے۔ روح غیر مادی ہے’ اس کی قوت سانسوں کے ذریعے خفیہ طور پر عاجزی کے ساتھ’ مسلسل اسماَللّٰہُ ذات کا ذکر کرنے میں ہے جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:

فَاِذَا قَضَیۡتُمُ الصَّلٰوۃَ فَاذۡکُرُوا اللّٰہَ قِیٰمًا وَّ قُعُوۡدًا وَّ عَلٰی جُنُوۡبِکُمۡ ۚ (النساء۔103) 

ترجمہ: پھر جب تم نماز ادا کر چکو تو کھڑے بیٹھے اور کروٹوں کے بل لیٹے ہوئے ذکر اَللّٰہُ کرو۔

اس آیت مبارکہ میں کروٹوں کے بل لیٹنے سے مراد سونا ہے اور سوتے وقت صرف سانسوں کے ذریعے ذکر ممکن ہے۔

جو لوگ مادی دل کو ”قلب” مان کر اس کا تعلق سانسوں سے جوڑتے ہیں اور پھر مخصوص اوقات مقرر کر کے صرف اسی میں ذکرِاَللّٰہُ کرتے ہیں نہ کبھی روحانی زندگی پاسکتے ہیں نہ ہی دیدار و معرفتِ الٰہی۔ ان کے بارے میں سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں:

وہ لوگ کتنے احمق ہیں جو دل’ نفس’ روح اور باطن کا علم نہیں رکھتے اور گوشت کے ایک لوتھڑے کو دل کے مقام سے بند کر کے تفکر کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ ذکر قلبی ہے اور گوشت کے اس لوتھڑے کی دھڑکن کو دم کے ساتھ ملا کر سینے میں لاتے ہیں ا ور کہتے ہیں کہ یہ ذکر قربانی ہے اور گوشت کے اس لوتھڑے کو تفکر کی آنکھ کے سامنے رکھ کر کہتے ہیں کہ یہ ذکر نور حضور ہے اور اسی گوشت کے لوتھڑے کو تفکر سے مغزِ سر میں لے جاتے ہیں اور اسی کا نام ذکر سلطانی روحانی رکھتے ہیں۔ یہ تمام لوگ غلطی پر ہیں۔ یہ تمام وساوس اور خطراتِ شیطانی ہیں(جو اللہ کی اصل راہ اور قرب سے دور کر دیتے ہیں)۔ (کلید التوحید کلاں)

دل یہ نہیں جس کی جنبش تجھے شکم کے بائیں طرف معلوم ہوتی ہے بدن میں یہ حیوانی دل تو کفار’ منافق و مسلم سب کے پاس موجود ہے۔ (عین الفقر)

میں حیران ہوتا ہوں اُن احمق اور سنگ دل لوگوں پر جو رات دن بلند آواز میں ”اَللّٰہُ  ھُو” ”اَللّٰہُ ھُو” کرتے رہتے ہیں مگر اسمِ اَللّٰہُ ذات کی کنہہ کو نہیں جانتے اور رجعت کھا کر پریشان حال اہلِ بدعت ہو جاتے ہیں اور اُن کے سر میں خواہشاتِ نفسانی سمائی رہتی ہیں۔ (کلید التوحید خورد)

مادی دل سے ذکر کرنا باقی عبادات کی طرح جسم کی عبادت ہے’ روح کی زندگی کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ اللہ کا قرب جسم نے نہیں بلکہ روح نے حاصل کرنا ہے گوشت کے لوتھڑے کا ذکر روح کوکوئی تقویت نہیں پہنچا سکتا کیونکہ روح جسم سے بہت بالا تر ہے۔ البتہ روح کا عروج جسمانی اعمال کی درستی کا باعث ہے چنانچہ جسمانی دِل کا یہ ذکر نہ بندے کو ربّ سے ملاتا ہے’ نہ اس کا دیدار اور معرفت عطا کرتا ہے۔ لہٰذا بالکل بے فائدہ ہے۔ اصل ذکر سانسوں کے ذریعے کیا جانے والا ذکرِ اسمِ اَللّٰہُ ذات ہی ہے۔

سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ اور اسمِ اللہ ذات

آپ رحمتہ اللہ علیہ نے ایک سو چالیس کُتب تصنیف فرمائی ہیں اور ہر تصنیف اسمِ  اَللّٰہُ ذات کی شرح و تفسیر ہے۔ اسمِ  اَللّٰہُ ذات کے اِسرار و رموز کو کھول کر جتناآپ رحمتہ اللہ علیہ نے اپنی تصنیفات میں بیان فرمایا ہے اس سے پہلے کوئی بھی ایسا نہ کر سکا۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں:

خیال خواندن چندیں کتب چرا است ترا

الف بس است اگر فہم ایں ادا است ترا

 

ترجمہ: تجھ پر اس قدر کتابیں پڑھنے کی دُھن کیوں سوار رہتی ہے اگر تُو صاحبِ فہم ہے تو تیرے لیے علمِ الف (اسمِ اَللّٰہُ ذات) ہی کافی ہے۔ (کلید التوحید کلاں)

اسمِ اللہ راہبر است در ہر مقام

از اسمِ اللہ یافتند فقرش تمام

ترجمہ: اسمِاَللّٰہُ  ذات طالبانِ مولیٰ کی ہر مقام پر راہنمائی کرتا ہے اور اسمِ اَللّٰہُ  ذات سے ہی وہ کامل فقر کے مراتب پر پہنچتے ہیں۔ (محک الفقر کلاں)

اسمِ اللہ بس گراں است بس عظیم

ایں حقیقت یافتہ نبیؐ کریم

 
 

ترجمہ:اسمِ اَللّٰہُ  ذات نہایت بھاری و عظیم امانت ہے اس کی حقیقت (کنہہ) کو صرف حضور علیہ الصلوٰۃوالسلام ہی جانتے ہیں۔ (کلید التوحیدکلاں)

اسمِ اَللّٰہُ  ذات ”عین اللہ پاک” کی ذات ہے۔ (عین الفقر)

تصورِ ”اسمِ اَللّٰہُ  ذات ” کی شان میں سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں:

سن! توریت، زبور، انجیل اور اُم الکتب یعنی فرقان یہ چاروں کتابیں محض اسمِ ”اَللّٰہُ  ” کی شرح ہیں۔ اسمِ اَللّٰہُ کیا چیز ہے؟ اسمِ اَللّٰہُ عین ذات پاک ہے جو بے چون و بے چگون اور بے شبہ و بے نمون ہے اور جس کی شان میں آیا ہے: قُل ھُوَ اللّٰہُ اَحَدۡ ۔جو شخص اسماَللّٰہُ ذات کو پڑھ کر اس کا حافظ ہو جاتا ہے وہ اللہ تعالیٰ کا محبوب بن جاتا ہے۔ اسمِ  اللہ ذات کے پڑھنے اور اس کے ذکر سے وہ علمِ لدّنی کھلتا ہے کہ جس کی نشاندہی اس فرمانِ حق تعالیٰ میں کی گئی ہے:  عَلَّمَ اَدَمَ الۡاَسۡمَآءَ کُلَّھَا(البقرہ۔311)ترجمہ: ”اور آدم علیہ السلام کو کُل اسماء کا علم سکھا دیا گیا۔” فرمانِ حق تعالیٰ ہے :  مِمَّا لَمۡ یُذۡ کَرِ اسۡمُ اللّٰہِ عَلَیۡہِ وَاِنَّہٗ لَفۡسۡقٌ(ترجمہ: جس چیز پر اسمِ اَللّٰہُ نہ پڑھا جائے وہ چیز ناپاک ہے) یاد رکھ کہ حضور علیہ الصلوٰۃوالسلام کا عرش و کرسی اور لوح و قلم سے گزر کر حضورِ پروردگار میں قابَ قوسین کے مقام پر پہنچنا اور اللہ تعالیٰ سے بلاحجاب کلام کرنا محض اسمِ  اَللّٰہُ کی برکت سے ہوا کہ اسم  اَللّٰہُ دونوں جہان کی چابی ہے۔ ساتوں طبقاتِ زمین اور ساتوں طبقاتِ آسمان جو بلاستون ایستادہ ہیں تو یہ محض اسماَللّٰہُ ہی کی برکت ہے۔ جو پیغمبر بھی مرتبۂ پیغمبری پر پہنچا اور کفار پر فتح حاصل کر کے ان کے شر سے مامون ہوا تو یہ بھی محض اسماَللّٰہُ ہی کی برکت تھی کہ ان کا نعرہ ہمیشہ یہی ہوا کرتا تھا” اَللّٰہُ ہی ہمارا معین و مددگار ہے۔” بندے اور مولیٰ کے درمیان رابطے کا وسیلہ یہی اسمِ اَللّٰہُ ہی تو ہے۔ تمام اولیاء اللہ غوث و قطب اہلِ اللہ کو ذکر فکر الہام مذکور غرقِ توحید مراقبہ و کشف و کرامات اورعلمِ لدّنی کے جتنے بھی مراتب نصیب ہوتے ہیں اسمِ اَللّٰہُ ہی کی برکت سے ہوتے ہیں کہ اسم اَللّٰہُ سے وہ علمِ لدّنی کھلتا ہے کہ جس کے پڑھ لینے کے بعد کسی اور علم کے پڑھنے کی حاجت نہیں رہتی۔

ہر کراں بہ اسمِ اللہ شد قرار

ہر چہ باشد غیر  اللہ زاں فرار

ترجمہ: جس نے اسمِ اَللّٰہُ کے ساتھ قرار پکڑا وہ غیر اللہ کے ہر تعلق سے نجات پا گیا۔ (عین الفقر)

سُن! اسمائے صفات کے ذکر سے استدراج پیدا ہوتا ہے لیکن اسمِ  اللہ ذات کے ذکر میں تفاوت و تجاوزِ استدراج ہرگز نہیں ہے کہ اسم اَللّٰہُ جَلَّ جَلَالُہٗ کے چار حروف ہیں۔ ا ل ل ہ جب اسم اَللّٰہُ   سے  ا جدا کیا جائے تو یہ اسمِ  لِلّٰہُ   رہ جاتا ہے۔ جب ا کے بعد پہلا ل بھی جدا ہو جائے تو یہ اسمِ لَہُ  رہ جاتا ہے اور جب دوسرال بھی جدا ہو جائے تو یہ  ہُو  رہ جاتا ہے اور یہ چاروں اسمائے اعظم  اَللّٰہُ لِلّٰہُ  لَہُ  ھُو اسم اَللّٰہُ  ذات ہیں۔ فرمانِ حق تعالیٰ ہے:

اَللّٰہُ لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوْ    

فرمانِ حق تعالیٰ ہے :

اَللّٰہُ وَلِیُّ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا یُخْرِجُھُمْ مِّنَ الظُّلُمٰتِ اِلَی النُّوْرِ  ۔( البقرہ۔257 )

 ترجمہ: ”اَللّٰہُ” (اسمِ اَللّٰہُ ذات) مومنوں کا ایسا دوست ہے جو انہیں ظلمات سے نکال کر نورِ توحید میں لے آتا ہے۔

فرمانِ حق تعالیٰ ہے :

لَاۤ  اِلٰہَ  اِلَّا ہُوَ فَاتَّخِذۡہُ  وَکِیۡلًا۔ ( المزمل۔9 )

ترجمہ: نہیں ہے کوئی معبود سوائے ” ہُو” (ذاتِ حق تعالیٰ) کے، پس اسی کو ہی اپنا وکیل بناؤ۔

قرآنِ مجید میں چار ہزار مرتبہ اسمِ ”اَللّٰہُ” آیا ہے جس کی برکت سے سارا قرآن ہی اسمِ ” اَللّٰہُ” ہے۔ مرشدِ کامل وہ ہے جو اسمِ ” اَللّٰہُ” اور اسمِ ” اَللّٰہُ”کی راہ جانتا ہے اور اس کے علاوہ کچھ نہیں جانتا اور طالبِ صادق وہ ہے جو اللہ تعالیٰ کی مقدس اور پاک ذات کے علاوہ اور کوئی طلب نہیں رکھتا۔

دادہ خود سپہر بشانہ 

اسمِ اللہ جاوداں ماند

ترجمہ: ”آسمان اُس کا اپنا بنایا ہوا ہے وہ اسے سمیٹ لے گا لیکن اسمِ ” اللہ” ہمیشہ قائم رہے گا۔” (عین الفقر) 

سلطان الاذکار ھو

اسمِ  اللہ ذات کے ذکر کی چار منازل ہیں اَللّٰہُ لِلّٰہُ  لَہُ  ھُو اسمِ اللہ ذات اپنے مسمّٰی ہی کی طرح یکتا ‘ بے مثل اوراپنی حیرت انگیز معنویت وکمال کی وجہ سے ایک منفرد اسم ہے۔اس اسم کی لفظی خصوصیت یہ ہے کہ اگر اس کے حروف کو بتدریج علیحدہ کردیا جائے تو پھر بھی اس کے معنی میں کوئی تبدیلی نہیں آتی اورہر صورت میں اسمِ  اللہ ذات ہی رہتا ہے ۔ اسم اَللّٰہُ          کے شروع سے پہلا حرف اہٹا دیں تو  لِلّٰہ رہ جاتا ہے اور اس کے معنی ہیں” اللہ کے لئے” اور یہ بھی اسمِ ذات ہے قرآن مجید میں ہے:

لِلّٰہِ مَافِی السَّمٰوٰتِ وَمَافِی الْاَرْضِ

ترجمہ: ”ﷲ ہی کے لئے ہے جو کچھ آسمانوں اور زمین میں ہے”۔

اور اگر اس اسم پاک کا پہلا ل  ہٹا دیں تو  لَہُ  رہ جاتا ہے جس کے معنی ہیں”اس کے لئے” اور یہ بھی اسمِ ذات ہے ۔ جیسے ارشادِ ربانی ہے:۔

لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْئٍ قَدِیْر 

ترجمہ: ”اسی کے لیے بادشاہت اور حمد وستائش ہے اور وہ ہر چیز پر قادر ہے”۔

اور اگر دوسرا ل بھی ہٹا دیں تو ہُو رہ جاتا ہے اور یہ اسمِ ضمیر ہے اور اس کے معنی ہیں” وہ” اور یہ بھی اسمِ ذات ہے۔ جیسے قرآن مجید میں ہے:

ھُوَ اللّٰہُ الَّذِی لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُو 

ترجمہ: وہی ﷲ ہے اس کے سوا کوئی معبود نہیں مگر ھُو (ذاتِ حق تعالیٰ)۔ فقراء اور عارفین نے ہُوکو اسمِ اعظم اور سلطان الاذکار بتایا ہے۔

امام رازی رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں ہُواسمِ اعظم ہے۔

شیخِ اکبر محی الدین ابنِ عربی رحمتہ اللہ علیہ فتوحاتِ مکیہ جلد دوم میں فرماتے ہیں:

ہُو عارفین کا آخری اور انتہائی ذکرہے۔

سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ نے بھی اس کو عارفین کا آخری اور انتہائی ذکر قرار دیا ہے۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں:

ذکراں را انتہا ہُو شد تمام

ترجمہ: ذکرِہُوذاکرین کا انتہائی ذکر ہے ۔

ذکرِ ہُو کرتے کرتے جب ذاکر کے وجود پر اسمِ ہُوغالب آکر اُسے اپنے قبضے میں لے لیتا ہے تو اس کے وجود میںہُوکے سوا کچھ نہیں رہتا۔(محک الفقر کلاں)

باھُوؒ بَا ھُو فنا، بَا ھُو بقا شد

کہ اوّل آخر رازِ ھُو بقا شد

 

ترجمہ: باھُوؒ ہُوکے ساتھ فنا ہو کے بقا پاگیا کیوں کہ اوّل آخر ہُو کا راز اُسے مل گیا۔

ہر کہ ذکرِ ’’ھُو‘‘ باھُوؒ یافتہ

بشنود ’’یاھُو‘‘ از کبوتر فاختہ

ترجمہ:جو شخص باھُوؒ سے ذکرِ ”یاہُو” حاصل کر لیتا ہے اُسے ہر کبوتراورہر فاختہ کی زبان سے ذکرِ ”یاہُو” سنائی دیتا ہے۔

سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کے ظاہری وصال کے بعد یہ ذکر ان کے روحانی وارث اور امانتِ الٰہیہ کے حامل سروری قادری مشائخ عطا فرماتے ہیں۔

باھُو در ھُو گم شدہ گم نام را کے یافتہ؟

ہم صحبتم  با مصطفیؐ در نور فی اللہ ساختہ

 

ترجمہ: باھُوؒ تو ہُومیں گم ہو گیا ہے ایسے گمنام کو بھلا کیسے پایا جا سکتا ہے؟ اور یوں نورِ ذاتِ الٰہی میں خود کو گم کرکے میں مصطفی علیہ الصلوٰۃ والسلام کا ہم مجلس ہو گیا ہوں۔

باھُو از میانِ ھُو چشم می بیند خدا

درمیانِ ھُو ببین وحدت لقا

ترجمہ: باھُوؒہُو کی آنکھ سے خدا کو دیکھتا ہے اے طالب تو بھی ہُوکی آنکھ سے دیدارِوحدت کی بہار دیکھ۔

کسے بس ذکر گوید ھُو ہویدا

وجودش می شود زاں نور پیدا

ترجمہ: جس شخص کے وجود میں ذکرِ ہُوجاری ہو جاتا ہے اُس کا وجود نورِ ذات میں ڈھل جاتا ہے۔

اسمِ یاھُو گشت باھُوؒ راہ بر

پیشوائے شد محمدؐ معتبر

ترجمہ: اسمِ اعظم ہُوسے  فنا فی اللہ کا مرتبہ حاصل ہوتا ہے اس لیے باھوؒ دِن رات ذکرِ ”یاھُو” میں غرق رہتا ہے۔

باھُوؒ ھُو بُرد یا آورد بُرد

ہر کہ بہ آں عین بیند کہ نمرد

ترجمہ: باھُو ؒہُومیں فنا ہو کر زندہ جاوید ہو گیا اس میں کوئی تعجب نہیں کہ جو عین ذات کو دیکھ لیتا ہے وہ کبھی نہیں مرتا۔(عین الفقر)

اسمِ اعظم انتہائے با ھُو بود

وردِ باھُوؒ روز و شب ’’یاھُو‘‘ بود

ترجمہ: اسمِ یاھُو نے باھُوؒ کا راہبر اور پیشوا بن کر اُسے مجلسِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی دائمی حضوری سے مشرف کر دیا ہے۔

ابتدا ’’ھُو‘‘ انتہا ’’ھُو‘‘ ہر کہ با ’’ھُو‘‘ می رسد

عارفِ عرفاں شود ہر کہ با ’’ھُو‘‘  ’’ھُو‘‘ شود

 

ترجمہ: ابتدا بھی ”ہُو” ہے اور انتہا بھی ”ہُو” ہے جوکوئی ”ہُو” تک پہنچ جاتا ہے وہ عارف ہوجاتا ہے اور ”ہُو” میں فنا ہو کر ”ہُو” بن جاتا ہے۔

اسمِ ھُو سیف است باھُوؒ برزبان

قتل کن ایں نفس کافر ہر زمان

 

ترجمہ:باھُوؒ کی زبان پر ہر وقت اسمِ ہُوکا ورد جاری رہتا ہے جو ایک ننگی تلوار ہے۔ اس تلوار سے وہ ہر وقت نفسِ قاتل کو قتل کرتا رہتا ہے۔

اگر تُو ”ہُو” کے اسرار حاصل کرنا چاہتا ہے تو اللہ تعالیٰ کے سوا ہر شے کو دِل سے نکال دے۔ (قربِ دیدار)

جس کے وجود میں ذکر اسمِ ”ہُو” کی تاثیر جاری ہو جاتی ہے اُسے ”ہُو”(ذاتِ حق)سے محبت ہو جاتی ہے اور وہ غیر ماسویٰ اللہ سے وحشت کھاتا ہے۔ (عین الفقر)

جب کوئی دل کے ورق سے اسمِ ”ہُو” کا مطالعہ کر لیتا ہے تو پھر اُسے کوئی چیز اچھی نہیں لگتی ایسی حالت میں وہ خَلق کی نظر میں بے شعور ہوتا ہے مگر خالق کے ہاں وہ صاحبِ حضور ہوتا ہے۔ (محک الفقر کلاں)

گزشتہ ادوار میں اسمِ  اللہ ذات مندرجہ بالا چار منازل  اَللّٰہُ لِلّٰہُ  لَہُ  ھُومیں طالبانِ مولیٰ کو عطا کیا جاتا تھا جس کی وجہ سے سلطان الاذکار ”ہُو” جو حقیقتاً طالب کو بارگاہِ الٰہی میں لے جاکر ذاتِ حق تعالیٰ کی پہچان عطا کرتا ہے، تک پہنچنے کے لیے بہت وقت درکار ہوتا تھا، اور عموماً کمزور طالبانِ مولیٰ کی رسائی کبھی ”ہُو” تک ہو ہی نہ پاتی تھی۔ لیکن اب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس کے فیضِ بے بہا اور بے پناہ روحانی قوت کی وجہ سے طالبانِ مولیٰ کو بیعت کے فوراً بعد سلطان الاذکار ”ہُو” عطا کر دیا جاتا ہے اور تصور کے لیے سنہری اسمِ  اللہ ذات عطا کیا جاتا ہے۔

تصورِ اسمِ اللہ ذات

سانسوں کے ساتھ اسمِ اللہ کے ذکر کے ساتھ ساتھ تصورِ اسمِ اللہ ذات بھی اللہ کی پہچان و معرفت حاصل کرنے کے لیے بہت ضروری ہے ۔کیونکہ کسی بھی چیز کی پہچان کا سب سے عمدہ اور اعلیٰ ذریعہ آنکھ اور بصارت ہے۔دیگر حواس اشیاء کی شناخت کے ناقص آلے ہیں۔جبکہ ”دیکھنے ” سے کسی بھی چیز کی پوری پوری پہچان ہو جایا کرتی ہے اس لیے آنکھ سے کیا جانے والا تصور اور پاس انفاس(سانس کے ذریعے) سے کیا جانے والا ذکر سب سے اعلیٰ اور افضل ہے۔ صرف یہی ذریعۂ معرفت اور وسیلۂ دیدارِ پروردِگار ہے۔ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ ذکر کے ساتھ ساتھ تصورِ اسمِ اللہ کا حکم بھی دیتا ہے:

وَ اذۡکُرِ اسۡمَ رَبِّکَ وَ تَبَتَّلۡ  اِلَیۡہِ تَبۡتِیۡلًا  ؕ (مزمل۔8)

ترجمہ: (اے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ) اپنے رب کے نام (اسمِ اللہ) کا ذکر کرو اورسب سے ٹوٹ کر اس ہی کی طرف متوجہ ہو جاؤ۔

آیت کے پہلے حصے میں ذکر کا حکم ہے اور دوسرے حصے میں تصور کا۔ ”سب سے ٹوٹ کر اس کی طرف متوجہ ہوجاؤ” میں ”متوجہ” ہونے سے مراد قلب و ذہن سے ہر شے کا خیال نکال کر صرف اللہ کی ذات کا تصور آنکھوں کے ذریعے دِل میں بسانا ہے۔تصور سے اسمِ  اللہ ذات کو اپنے دِل پر نقش کرنے سے یہ انسان کی باطنی شخصیت پر اثر انداز ہوکر اسے زندہ اور بیدار کرتا ہے اور اس طرح انسان کی ”باطنی آنکھ” کھل جاتی ہے جس سے اسے نورِ بصیرت حاصل ہو جاتا ہے جس سے اللہ کی پہچان اور معرفت حاصل ہوتی ہے۔

ذکر اور تصور کا باہمی رشتہ ایک تانے بانے کی مانند ہے اور ان کو ایک دوسرے سے علیحدہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ ہمارا ذہن ہر وقت کچھ نہ کچھ سوچتا رہتا ہے۔ کسی نہ کسی چیز کے خیال میں محو رہتا ہے۔ ایک لمحہ بھی خالی نہیں رہ سکتا ۔ یہ ذکر کی قسم ہے اور جن چیزوں کے متعلق ہمارا دِل سوچتا ہے تو ان کی شکلیں ہمارے سامنے آجاتی ہیں ۔ اگر بیوی بچوں کے متعلق سوچتا ہے تو وہ آنکھوں کے سامنے آجاتے ہیں اور گھر کے بارے میں سوچتا ہے تو گھر ہمارے سامنے آجاتا ہے اسے ”تصور” کہتے ہیں۔ ذکر و تصور کا یہ سلسلہ مسلسل اور لگا تار جاری رہتا ہے۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ دنیا کے لوگوں اور اشیاء سے ہماری محبت اور رشتہ مضبوط ہوتا چلا جاتا ہے۔ مختصر یہ کہ یہی تعلق اور لگاؤ ذکر اور تصور ہے۔ صوفیاء کرامؒ ذکر اور تصور کے اس دنیاوی رُخ کو رُوحانی رُخ کی طرف موڑ کر واصل باللہ ہونے کا طریقہ ذکر اور تصورِ اسمِ اللہ ذات کی صورت میں بتاتے ہیں۔ جس طرح لوہے کو لو ہا کاٹتا ہے اور پانی کی بہتات سے پَژ مُردہ فصل پانی ہی سے ہری بھری ہوجاتی ہے اسی طرح ذکر کو ذکر اور تصور کو تصور کاٹتا ہے۔ ضرورت صرف ذِکر اور تصور کے رُخ کو بدلنے کی ہے’ اگر ہم دنیا اور اس کی فانی اشیاء اور اشکال کی بجائے اسمِ اللہ ذات کا ذِکر اور تصور کریں تو ہمارا اس دنیا اور اس کی اشیاء سے لگاؤ اور محبت ٹوٹ کر اللہ سے عشق و محبت پیدا ہو جاتا ہے اور انسان کے قلب میں پوشیدہ امانتِ حق تعالیٰ ظاہر ہوجاتی ہے۔

سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ مشق تصورِ اسمِ  اللہ ذات کے انسانی قلب و باطن پر اثرات بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں:

مشق تصورِ اسم  اللہ ذات سے دِل اس طرح زندہ ہوجاتا ہے جس طرح کہ بارانِ رحمت سے خشک گھاس اور خشک زمین زندہ ہو جاتی ہے۔(شمس العارفین)

تصورِ اسم  اللہ ذات کے ذریعے طالبِ اللہ لاھوت لامکان میں ساکن ہوکر مشاہدۂ اَنوار دیدارِ ذات کھلی آنکھوں سے کرتا ہے اور ہر دو جہان کی آرزؤوں سے بیزار ہو جاتا ہے ۔عین دیکھتا ہے عین سنتا ہے اور عین پاتا ہے۔(نور الہدیٰ کلاں)

ہر قفل کی ایک کنجی ہوتی ہے اور انسان کے (باطنی) وجود کی کنجی تصورِ اسم اللہ ذات ہے۔ جو شخص وجود کا قفل کھول کر قلبِ سلیم کا خزانہ حاصل کرنا چاہے تو تصورِ اسم اللہ ذات سے ایسا کرے۔(نور الہدیٰ کلاں)

وہ کون سا علم ہے کہ جس کے پڑھنے سے طالب ایک ہی دم میں بغیر کسی ریاضت و مجاہدہ کے اپنے نفس سے جُدا ہو جائے۔ وہ علم ”تصورِ اسمِ  اللہ ذات ” ہے کہ جس سے طالبِ مولیٰ اللہ تعالیٰ کے دیدار سے مشرف ہو کر نفس کی حقیقت جان لیتا ہے۔ (نور الہدیٰ کلاں)

جملہ قرآنی علوم’ نص و حدیث اور تمام علوم جو لوحِ محفوظ اور عرش و کرسی پر لکھے ہوئے ہیں، ماہ سے ماہی تک ساری مملکتِ خداوندی کے غیبی علوم اور اللہ تعالیٰ کے سارے بھید اور توریت، زبور، انجیل و قرآن کے جتنے علوم ہیں اور تمام حکم احکام اور ظاہری و باطنی نفسی، قلبی، روحی، سِرّی امور اور جو حکمتیں تمام عالمِ مخلوقات کے درمیان جاری ہیں سب کے سب اسی ”تصورِ اسمِ  اللہ ذات” کی طے میں موجود ہیں۔ (نورالہدیٰ)

کُل سلک سلوک اور باطن کا صحیح راستہ جس میں کسی قسم کی غلطی، سلب اور رجعت کا خطرہ نہ ہو یہ ہے کہ طالبِ مولیٰ ایسے مرتبے کو پہنچ جائے کہ جس وقت چاہے اللہ تعالیٰ کے دیدار سے مشرف ہو اور جس وقت چاہے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی مجلس میں حاضر ہو اور جس وقت چاہے جملہ انبیاء و اولیاء سے ملاقات کرے اور ان کا ہم مجلس ہو جائے۔ یہ توفیق صرف تصورِ اسمِ اللہ ذات سے حاصل ہوتی ہے۔ (نورالہدیٰ کلاں)

”تصورِ اسم اللہ  ذات ” سے دل میں اَنوارِ دیدار پیدا ہوتے ہیں۔ جب کہ ذکر فکر، وِرد ووظائف سے رجوعاتِ خلق پیدا ہوتی ہے۔ جس سے نفس موٹا اور مغرور ہو جاتا ہے۔ (نورالہدیٰ کلاں)

حشر کے روز آدمیوں کی نیکیوں اور بَدیوں کا حساب ہوگا تو جس شخص کے دل پر اسمِ  اللہ ذات نقش ہوگا یا جس شخص نے صرف ایک ہی مرتبہ صدقِ دل سے اسمِ  اللہ ذات کا تصور کیا ہوگا، اگر اس کے گناہ آسمان و زمین کے برابر بھی ہوں گے تو ایک طرف کے پلڑہ میں اس کے گناہ رکھ دئیے جائیں گے اور دوسری طرف کے پلڑہ میں اسمِ  اللہ ذات رکھ دیا جائے گا تو اسمِ اللہ ذات والا پلڑہ بھاری ہوگا اور فرشتے تعجب سے اللہ تعالیٰ سے سوال کریں گے کہ ”یا اللہ! اس نے ایسی کونسی نیکی کی ہے جس کے بدلے میں اس کا نیکیوں والا پلڑہ بھاری ہے؟” اِرشاد ہوگا کہ ”یہ شخص ہمیشہ میری طلب میں رہتا تھا اور میرے ذاتی نام یعنی اسمِ اللہ ذات میں مشغول رہتا تھا۔ اے فرشتو! تم اہلِ حجاب ہو اور اس کے شغل کی حقیقت سے بالکل ناواقف ہو۔ یہ بندہ میرا طالب ہے یہ میرے ساتھ ہے اور میں اس کے ساتھ ہوں۔ تم اس راز سے بیگانہ ہو”۔ اللہ بس ماسویٰ اللہ ہوس۔ (عین الفقر)

اسمِ  اللہ ذات کی شان یہ ہے کہ اگر کوئی شخص تمام عمر روزہ، نماز، حج، زکوٰۃ، مال، تلاوتِ قرآنِ مجید اور ہر قسم کی دیگر عبادات کرتا رہے یا عالم بن کر اہلِ فضیلت بن گیا ہو لیکن اسمِ  اللہ ذات اور اسمِ  محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سے بیگانہ رہا اور ان دونوں اسماء پاک سے شغل نہیں کیا تو اس کی ساری عمر کی عبادت برباد و ضائع ہو گئی۔ (عین الفقر)

فقہ کا ایک مسئلہ سیکھنا ایک سال کی بے ریا عبادت سے افضل اور تصورِ اسمِ  اللہ ذات میں ایک سانس لینا ایک ہزار مسائلِ فقہ سیکھنے سے افضل ہے۔(عین الفقر)

ایسا اس لیے ہے کہ تصورِ اسمِ  اللہ ذات سے نفسِ امّارہ قتل ہو جاتا ہے اور دل زندہ ہو جاتا ہے جس سے حضور قلب (دل کی توجہ ) حاصل ہوتی ہے۔ جسے حضور قلب حاصل ہو اس کی ہر عبادت مقبول ہوتی ہے اور جسے حضور قلب حاصل نہ ہو اس کی ہر عبادت ریا کا درجہ رکھتی ہے۔

حضور علیہ الصلوٰۃوالسلام کا فرمان ہے کہ :

لَا صَلٰوۃَاِلَّا بِحُضُوۡرِ الۡقَلۡبِ

ترجمہ: ”حضور دل کے بغیر نماز نہیں ہوتی۔”

جس دل کے اندر اسمِ  اللہ ذات کانوری نقش قائم ہو جائے وہ دِل قلبِ سلیم کہلاتا ہے اور قلبِ سلیم ہی قیامت کے روز کام آئے گا۔ فرمانِ الٰہی ہے کہ :

یَوۡمَ لَا  یَنۡفَعُ  مَالٌ  وَّ  لَا  بَنُوۡنَ ﴿ۙ۸۸﴾اِلَّا  مَنۡ  اَتَی اللّٰہَ  بِقَلۡبٍ سَلِیۡمٍ ﴿ؕ۸۹﴾  (الشعرا۔ 88-89)

ترجمہ: ”قیامت کا دن ایسا دن ہے کہ اس دن نہ مال نفع دے گا اور نہ اولاد کام آئے گی بلکہ وہاں کامیابی اس کی ہوگی جس نے قلبِ سلیم پیش کیا۔”

حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں:

جب فقیر فنا فی اللہ بقا باللہ تصورِ اسمِ اللہ ذات میں مشغول ہوتا ہے تو آسمان کہتا ہے کہ کاش میں زمین ہوتا اور یہ بندہ مجھ پر بیٹھ کر تصورِ اسمِ اللہ ذات کرتا او ر زمین کہتی ہے ”الحمد للّٰہ” کہ میں ذکراللہ سے حلاوت پا رہی ہوں۔ جب زندہ دل ذاکر تصورِ اسمِ اللہ ذات کرتا ہے تو اس کا ہر رگ و ریشہ گوشت پوست، مغز و قلب و رُوح و سِرّ غرضیکہ تمام اعضائے جسم ذکرِ اللہ سے گویا ہو جاتے ہیں اور ربوبیتِ حق تعالیٰ سے جواب آتا ہے اللہ (میرے بندے میں حاضر ہوں) یہ سُن کر فرشتے رشک سے کہتے ہیں ”ہم تمام عمر تسبیح و سجود و رکوع میں گزار رہے ہیں مگر اللہ تعالیٰ نے ہم سے کبھی بھی اللہ نہیں فرمایا۔ کاش کہ ہم بھی بندے ہوتے” اے بندے خود کو پہچان کہ تو خاص ہے۔ اس لیے خاص بن۔ (عین الفقر)

فقیر کے مغزوپوست میں اسمِ اللہ ذات کا ذکر جاری ہو جاتا ہے اور یہ ذکر اس کی ہڈیوں میں، اس کی آنکھوں میں اور اس کے چمڑے میں بھی جاری ہو جاتا ہے۔ پس قلبی ذاکر کا تمام بدن اسمِ اللہ ذات بن جاتا ہے اور اس میں اسمِ اللہ ذات جاری ہو جاتا ہے ۔۔۔۔۔۔ایسے فقیر کا وجود قدرتِ الٰہی کا نمونہ بن جاتا ہے۔ (محبت الاسرار)

عارف باللہ تصورِ اسمِ  اللہ ذات کے ذریعہ ایک ہی دم میں ہزاروں بلکہ لاکھوں مقامات طے کر جاتا ہے۔ (قربِ دیدار)

تصورِ اسمِ اللہ ذات کی مشق کرنے والا معشوق بے مشقت اور محبوب بے محنت ہوتا ہے۔ اسے عمدہ مراتب نصیب ہوتے ہیں اور وہ روشن ضمیر ہو جاتا ہے وہ تمام دِلوں کا پیارا ہو جاتا ہے۔ اسمِ اللہ ذات کے تصور اور تصرف سے طالبِ اللہ مخلوقِ خدا کے لیے فیض بخش ہوتا ہے۔ (کلیدالتوحید کلاں)

تصورِ اسمِ اللہ ذات کے بغیر دل سے سیاہی و کدورت و زنگار اور خطراتِ شرک و کُفر کی نجاست دُور نہیں ہوتی۔ (شمس العارفین)

تصورِ اسمِ اللہ ذات صاحبِ تصور کے لیے زندگی بھر شیطان اور اس کے چیلوں کے شر سے محفوظ پناہ گاہ بن جاتا ہے۔ (شمس العارفین)

اعمالِ ظاہر سے دل ہرگز پاک نہیں ہوتا اور نہ ہی دل سے نفاق جاتا ہے جب تک کہ دل کو مشق تصورِ اسمِ  اللہ ذات کی آگ سے نہ جلایا جائے اور نہ ہی اس کے بغیر دل کا زنگار اُترتا ہے۔ ذکر ”اللہ” کے بغیر دل ہرگز زندہ نہیں ہوتا اور نفس ہرگز نہیں مرتا۔ (شمس العارفین)

جو شخص چاہے کہ زرّیں و اطلس کا لباس پہنے اور عمدہ خوراک کھانے کے باوجود اُس کا نفس مطیع و فرمانبردار رہے، حادثاتِ دنیا سے مامون رہے، معصیّتِ شیطانی سے محفوظ رہے اور اُس کے وجود سے خناس، خرطوم و وسوسہ و ہمات و خطرات خاک وخاکستر ہو کر نیست و نابود ہو جائیں تو اُسے چاہیے کہ مشقِ تصور سے اپنے دل پر اسمِ  اللہ ذات نقش کرے، اس طرح اُس کا دل غنی ہو جائے گا اور بے شک وہ مجلسِ محمدی( صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ) میں حضوری پائے گا۔ (کلیدالتوحید کلاں)

مشقِ مرقومِ وجودیہ

مشقِ مرقومِ وجودیہ میں انگشتِ شہادت سے نقش اسمِ اللہ ذات کو سامنے رکھ کر تفکر سے وجود کے مختلف اعضاء پر اسمِ اللہ ذات لکھا جاتا ہے جس سے روح نورِ الٰہی سے تقویت و تجلیات پاتی ہے۔حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ مشقِ مرقومِ وجودیہ کے بارے میں فرماتے ہیں:

کُل و جز کے جملہ مراتب حاصل کرنا اور واصل بحق ہونا مشقِ مرقومِ وجودیہ ہی سے ممکن ہے۔ مشقِ مرقومِ وجودیہ میں وجود پر بذریعہ تفکر (مخصوص طریقہ سے)اسمِ اللہ ذات لکھا جاتا ہے جس سے طالب کے وجود میں اسمِ اللہ ذات کے ہر ایک حرف سے تجلی پیدا ہوتی ہے جو طالب کو یکدم حضرت معروف کرخی رحمتہ اللہ علیہ کے مرتبے پر پہنچا دیتی ہے اور طالب غنی و لایحتاج ہو جاتا ہے۔ (نورالہدیٰ کلاں)

وہ کونسی راہ ہے اور وہ کونسا علم ہے کہ جس سے طالبِ اللہ، آفاتِ شیطانی’ بلیاتِ نفسانی اور حادثاتِ دنیائے پریشانی سے بچ کر قربِ ربّانی میں پہنچ جاتا ہے اور فنا فی اللہ ہو کر ہمیشہ غرقِ نور اور مشرفِ وصال رہتا ہے۔ اُسے وصال لازوال حاصل رہتا ہے وہ قیل وقال کو چھوڑ دیتا ہے اور دیدارِجمال کے مشاہدے کی لذّت حاصل کرتا رہتا ہے۔ وہ علم و راہ ”مشقِ مرقومِ وجودیہ” ہے کہ جس سے اسمِ اللہ ذات طالبِ اللہ کے ساتوں اندام کو سَر سے قدم تک اِس طرح اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے جس طرح گھاس کی بیل درخت کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے اور اسمِ اللہ ذات طالبِ اللہ کے وجود کو سَر سے قدم تک اِس طرح اپنے قبضہ و تصرف میں لے لیتا ہے کہ اُس کے ہر اندام پراللہ،اللہ کا نقش تحریر ہو جاتا ہے۔(نورالہدیٰ کلاں)

طالبِ مولیٰ جب تصور سے مشقِ مرقومِ وجودیہ کرتاہے تو سر سے قدم تک اس کے ساتوں اندام نور کی صورت اختیار کر لیتے ہیں اور طالب مولیٰ گناہوں سے اس طرح پاک ہو جاتاہے جس طرح کہ بچہ ماں کے پیٹ سے پیدا ہوتے وقت پاک ہو تا ہے۔ مشقِ وجودیہ اسم اللہ ذات کی پاکیزگی کی برکت سے طالب مولیٰ نوری بچہ بن کر مجلسِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں داخل ہو جاتا ہے جہاں حضورعلیہ الصلوٰۃوالسلام لطف و کرم و شفقت فرماتے ہیں اور اس معصوم نوری بچے کواہل بیت رضی اللہ عنہم کے پاس لے جاتے ہیں جہاں خاتونِ جنت حضرت فاطمتہ الزہرہ رضی اللہ عنہا اور امہات المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا اور حضرت خدیجۃ الکبریٰ رضی اللہ عنہا اسے اپنا نوری فرزند قرار دے کر اپنانوری دودھ پلاتی ہیں جس سے وہ اہلِ بیت رضی اللہ عنہم کا شیر خوار نوری بچہ بن جاتا ہے اور اس کا نام فرزندِ حضوری اور خطاب فرزندِ نوری ہو جاتا ہے۔ باطن میں وہ اسی نوری حضوری بچے کی صورت میں ہمیشہ مجلسِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں حاضر رہتا ہے اور بظاہر اربعہ عناصر کے ظاہری وجود کے ساتھ لوگوں میں ہر خاص و عام سے میل جول رکھتاہے یہ مراتب ہیں کامل فقیر کے۔ (باب شرح فقر نورالہدیٰ کلاں)

اسمِ اللہ ذات کا منکر

اسمِ اَللّٰہُ ذات کے منکر کے بارے میں سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں:

”اسمِ اَللّٰہُ ذات اور ذکر اور تصورِ اسمِاَللّٰہُ ذات سے منع کرنے والا شخص دو حکمتوں سے خالی نہیں ہوتا’ یا تو وہ منافق ہوتا ہے یا کافر یا پھر وہ حاسد ہو تا ہے یا متکبر۔(عین الفقر)

جو اسم اَللّٰہُ ذات اور اسمِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا منکر ہے وہ ابوجہل ثانی ہے یا فرعون۔(قربِ دیدار)

جسے اسمِ  اَللّٰہُ ذات اور اسمِ  محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم پر یقین نہیں وہ منافق ہے۔(محک الفقر کلاں)


Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں