Alif | الف
ماہِ اگست کی فضیلت
رواں سال 2026ء میں ماہِ اگست بہت رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے۔اس ماہ میں ایک کے بعد ایک فضل و کرم ِ الٰہی کے مواقع نصیب ہوں گے ۔ یوں کہیے کہ اللہ پاک اپنی بے انتہا رحمتیں اور برکتیں ہم گنہگاروں پر نچھاور کرنے کے بہانے عطا کر رہا ہے۔
٭ رواں سال اس ماہ کی سب سے بڑی خوش نصیبی آقائے نامدار، وجۂ تخلیق ِ کائنات، نبی آخر الزماں محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی ولادتِ باسعادت ہے۔ 12ربیع الاوّل رواں سال ماہ ِ اگست کے آخری ہفتہ میں انتہائی عقیدت و احترم سے منایا جائے گا۔جگہ جگہ جشن ِ عید میلاد البنیؐ کی محافل، جلوس، نعت شریف اور درود و سلام کے نذرانے پیش کیے جائیں گے۔ گھر گھر سے یا نبی صل علیٰ کی صدائیں بلندہونگی۔ فضا آمد ِمصطفیؐ مرحبا مرحبا کے نعروں سے گونج اُٹھے گی۔ عاشقانِ مصطفیؐ کے دل خوشی سے جھوم اُٹھیں گے۔ ہر طرف جشن کا سماں ہوگا اور کیوں نہ ہو جب خالق ِکائنات نے بذاتِ خودوجۂ کائنات کی ولادت کا جشن منایا،پوری کائنات جنت کی خوشبوئوں سے مہکا دی گئی اور ستاروں سے قمقموں کی طرح چراغاں کیا گیا، حوریں اور فرشتے قطار اندر قطار استقبال کے لیے اُتارے گئے لہٰذا آقائے دو جہاں کا جشن ِ ولادت مناناہر مسلمان پر فرض ہے کیونکہ یہ سنت ِ خدا، سنت ِ ملائکہ اور سنت ِ اکابرین ہے البتہ اللہ تعالیٰ حد سے تجاوز کرنے والوں کو پسند نہیں فرماتا۔
٭ پہلی فضیلت خداکے محبوب کے جشن ِ ولادت کی بدولت ملی اور دوسری محبوب ِ خدا کے محبوب یعنی سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمدنجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا یومِ ولادت بھی اسی مہینے میں ہے۔ آپ مدظلہ الاقدس 19اگست 1959ء بمطابق 14 صفر 1379ھ بروز بدھ اس عالم ِ ناسوت میں جلوہ افروز ہوئے۔ وارثِ فقر ِمحمدیؐ، قدمِ محمد پر فائز مرشد کامل اکمل، محبوبِ خدا و محبوبِ مصطفیؐ جامع نور الہدیٰ کا یومِ ولادت فقر کا سنہرا دن ہے۔ آپ مدظلہ الاقدس نے مسند ِتلقین و ارشاد سنبھالتے ہی تعلیماتِ فقر کو عام کرنے کے لیے جس لگن اور جانفشانی سے جدوجہد کی، وہ خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔ پرنٹ میڈیا، سوشل میڈیا، ڈیجیٹل میڈیا الغرض ہر ذریعہ ابلاغ پر فقر ِ محمدیؐ کی تعلیمات کو عام کرکے حجت تمام کر دی تاکہ بچہ بوڑھا، مرد عورت ہر کوئی اس فیض ِبیکراں سے مستفید ہو سکے ۔
٭ تیسری فضیلت جو اس ماہِ اگست کے نصیب میں آئی وہ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے مرشد پاک سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ کا یومِ ولادت باسعادت ہے۔ آپؒ 14اگست 1947ء بمطابق 27رمضان المبارک 1366ھ اس دنیا میں تشریف لائے۔ سلسلہ سروری قادری کے تیسویں امام اور’’ سلطان الفقر‘‘کے اعلیٰ ترین مقام و مرتبہ پر فائز تھے۔ آپؒ نے فقر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اسم ِ اعظم اسم ِ اللہ ذات کو چھپانا حرام قرار دیا اور اس فیض کو عام کر دیا۔ آپ ؒ کی اِسی سنت پر عمل کرتے ہوئے آپؒ کے نورِ نظر اور محبوب مرید، آپ کے خلیفہ ٔاکبر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس بھی دنیا بھر میں اسم ِ اللہ ذات اور اسم ِ محمدؐ کے فیض کو عام کررہے ہیں۔
٭ چوتھی فضیلت یوم ِ آزادی پاکستان 14اگست 1947ء ہے۔ جشن ِ عید میلادالنبیؐ کی تاریخ قمری کیلنڈر کے مطابق تبدیل ہوتی رہے گی لیکن دیگر تین فضیلتیں اللہ ربّ العزت نے تا قیامِ قیامت ماہِ اگست کے مختص کر دی ہیں۔