تحریک دعوتِ فقر نیوز
رپورٹ: وقار احمد سروری قادری۔ سینئر ایڈیٹر ماہنامہ سلطان الفقر
محفل میلادِمصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبیؐ(منعقدہ: 12ربیع الاوّل 1444ھ بمطابق 9اکتوبر 2022)
12ربیع الاوّل 1444ھ بمطابق 9 اکتوبر2022ء بروز اتوار مسجدِ زہراؓ و خانقاہ سلطان رنگیل پور شریف براستہ سندراڈہ ملتان روڈ لاہور میں عظیم الشان محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا انعقاد ہوا۔ محفل کی صدارت سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور اکتیسویں شیخِ کامل، بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس 8اکتوبر ہفتہ کی صبح ہی مسجدِ زہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لے آئے ۔
حسبِ معمول سب سے پہلے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے اصطبل کا دورہ کیا اور گھوڑوں کی صحت کے متعلق دریافت فرمایا۔ اس کے بعد آپ مدظلہ الاقدس زیرِ تعمیر مسجدِ زہراؓ کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے مسجدِ زہرا ؓ تشریف لے گئے اور تمام امور کا تفصیلی معائنہ کیا۔ کنسٹرکشن کمیٹی، مجلسِ خلفا اور انتظامیہ کمیٹی کے ممبران بھی آپ مدظلہ الاقدس کے ہمراہ تھے۔
اسی دوران مسجدِزہراؓ کے صحن میں محفل میلادِ مصطفیؐ کی تیاریاں زور وشور سے جاری تھیں۔ محفل میلادِ مصطفیؐ کااسٹیج اور تمام پنڈال پھولوں اور برقی قمقموں سے انتہائی دیدہ زیب انداز میں سجایا جاتا ہے اس لیے ایک روز قبل ہی اس کی تیاری شروع کر دی جاتی ہے۔ پنڈال میں خواتین کے لیے مکمل پردے کا انتظام یقینی بنایا جاتا ہے۔ تحریک دعوتِ فقر کا ہر شعبہ دورانِ محفل اپنی نمائندگی کرنے کے لیے بھرپور محنت اور لگن سے کام کرتا ہے۔ شعبہ ڈیجیٹل پروڈکشن کے تعاون سے محفل کے خوبصورت مناظر دنیا بھر میں براہِ راست دکھائے جاتے ہیں اس لیے ڈیجیٹل پروڈکشن کی ٹیم نے لائیوکوریج کی مناسبت سے ہفتہ کے روز ہی اپنی تیاری مکمل کرلی تھی۔ اسی طرح سلطان الفقر پبلیکیشنزکی ٹیم نے بھی اپنے بک سٹال کی تیاری ہفتہ کے روز ہی شروع کر دی۔ آپ مدظلہ الاقدس نے محفل کے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیااور خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لے آئے ۔
لنگر کسی بھی محفل کی جان ہوتا ہے اس لیے لنگر کی تیاری پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وسیع پیمانے پر لنگر تیار کرنے کے لیے بلاشبہ بے انتہا مہارت کے ساتھ ساتھ وقت بھی درکار ہوتا ہے لہٰذا ہفتہ کی شب کو ہی مجلسِ خلفا کی نگرانی میں بکرے ذبح کرکے گوشت کی کٹائی اور صفائی ستھرائی کا کام شروع ہو گیا۔ اتوار کے روز صبح صادق سے ہی شعبہ لنگرکے ماہر خانساماں حضرات نے حفظانِ صحت کے اصولوں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے لنگر پکوائی کا کام شروع کر دیا۔ملک بھر سے مریدین و عقیدتمندوں کی قافلوں کی صورت میں آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ خانقاہ سلطان العاشقین سے مسجدِ زہراؓ کی طرف آنے والے راستے میں مشرق کی جانب سلطان العاشقین اصطبل کے گھوڑوں کو آراستہ کیا گیا تاکہ ہر آنے والا مہمان ان کی زیارت کر سکے۔ اصطبل کے ساتھ ہی موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے وسیع و عریض پارکنگ بنائی گئی تھی جبکہ علاقائی تنظیموں کی جانب سے آنے والی بڑی بسوں اور ویگنوں کے لیے خانقاہ کے جنوبی کنارے کے ساتھ ایک خصوصی پارکنگ قائم کی گئی تھی۔
محفل کا آغاز صبح گیارہ بجے مقررتھا۔ وقتِ مقرر ہ سے قبل شرکائے محفل اپنے ہادی و مرشد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے پرُجوش اور فقید المثال استقبال کے لیے پنڈال کے راستے کے دونوں جانب قطار در قطار کھڑے تھے۔ جونہی سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس پنڈال کے قریب پہنچے گھوڑوں کے خوبصورت رقص، گل پاشی اور فلک شگاف نعروں سے آپ مدظلہ الاقدس کا پرُتپاک استقبال کیا گیا۔
آپ مدظلہ الاقدس کے خلفا نے گلدستے پیش کیے اور خوش آمدید کہا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اپنے خلفا کے ہمراہ اسٹیج کی جانب بڑھے۔ مریدین و عقیدتمندوں نے پرُزور نعروں سے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے ملک کے طول و عرض سے آئے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور جشنِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی مبارکباد پیش کی۔ آپ مدظلہ الاقدس مسندِ صدارت پر جلوہ افروز ہوئے۔ آپ مدظلہ الاقدس کے ساتھ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس اپنی نشست پر جلوہ افروز تھے۔
منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سنبھالے۔ تلاوتِ قرآنِ مجید سے محفل کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ تحریک دعوتِ فقر جہلم کے پیر بھائی محمد حمزہ ادریس سروری قادری نے تلاوت کی سعادت حاصل کی۔ محمد رمضان باھوُ نے آقائے دوجہاں حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی بارگاہ میں ہدیۂ نعت پیش کیا۔ نعتِ رسو لِ مقبولؐ کے بعد ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب سروری قادری نے اپنے منفرد انداز میں ورفعنا لک ذکرک کی شرح میں خوبصورت بیان سے حاضرینِ محفل کے قلوب کو عشقِ مصطفیؐ سے گرما دیا۔ اس بیان کے بعدعطاء الوہاب سروری قادری نے اپنی دلکش آواز میں نعتِ رسولِ مقبولؐ کا نذرانہ پیش کرکے خوب داد وصول کی۔ سلطان الفقر پبلیکیشنزنے حسبِ روایت عید میلاد النبیؐ کے پرُمسرت موقع پرتین نئی کتب شائع کیں جن میں ’سلطان العاشقین‘ کا دوسرا ایڈیشن، ’ابیاتِ باھوؒ کامل‘ کا تیسرا ایڈیشن اور خلفائے راشدین کا انگلش ترجمہ The Rashidun Caliphate شامل ہیں۔ سلطان الفقر پبلیکیشنزکے خلیفہ انچارج سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے نئی شائع ہونے والی کتب کا مختصر تعارف پیش کیا۔ عید میلاد النبیؐ کے پُرمسرت موقع پر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے بہت سے طالبانِ مولیٰ کو اسمِ محمدؐ بھی عطا فرمایا۔ اسمِ محمدؐ حاصل کرنے والوں میں زیادہ تعداد بین الاقوامی مریدین کی تھی۔ سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے ختم شریف پڑھا اور دعائے خیر کروائی۔ عطاء الوہاب سروری قادری نے بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمن سروری قادری نے اختتامی دعا کروائی۔ محفل کے اختتام پر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے شرکائے محفل کے ساتھ نمازِ ظہر باجماعت ادا فرمائی۔ نمازِ ظہر کے بعد حاضرینِ محفل کے لیے شاندار لنگر کا اہتمام کیا گیا۔ اس دوران سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے خواتین مریدین سے ملاقات فرمائی۔ لنگر کے بعدنائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو بیعت فرما کر اسمِ اعظم اسمِ اللہ ذات، سلطان الاذکارھُو اور مشق مرقوم وجودیہ کی لازوال دولت سے مالا مال فرمایا۔بیعت کے بعد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اورصاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس نے حاضرینِ محفل سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔ دورانِ ملاقات حاضرین نے اپنے مرشد کریم کو جشنِ عید میلاد النبیؐ کی مبارکباد پیش کی اور اپنے دنیوی و دینی مسائل کے حل کے لیے دعا بھی کروائی۔
سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کے تعاون سے محفل کے خوبصورت مناظر فیس بک، انسٹا گرام، سنیک ویڈیو اور یوٹیوب پر براہِ راست نشر کیے گئے۔ اس روحانی محفل کودنیا بھر سے خوب پذیرائی حاصل ہوئی۔
بزمِ باھوؒ– منعقدہ25 ستمبر 2022
تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے25ستمبر 2022 بروز اتوار مسجدِ زہرؓا و خانقاہ سلطان العاشقین براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں بزمِ باھوؒ کی پانچویں نشست کا انعقاد کیا گیا۔ بانی وسرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس 24 ستمبر2022 بروز ہفتہ سلطان العاشقین ہاؤس لاہو ر سے مسجدِ زہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین کے لیے روانہ ہوئے۔حسبِ معمول آپ مدظلہ الاقدس سب سے پہلے سلطان العاشقین اصطبل تشریف لے گئے اور گھوڑوں کی صحت اور خوراک کے متعلق دریافت فرمایا۔ اس موقع پرآپ مدظلہ الاقدس کے خلفا، انتظامیہ کمیٹی کے ممبران اور دیگر ساتھی بھی موجود تھے۔ اصطبل کا دورہ فرمانے کے بعد آپ مدظلہ الاقدس زیرِ تعمیر مسجدِ زہراؓ کی کنسٹرکشن سائٹ پر تشریف لے گئے۔ آپ مدظلہ الاقدس نے کنسٹرکشن کمیٹی کے ہمراہ مسجد کے تعمیراتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے قیمتی مشوروں سے بھی نوازا۔ مسجدِزہراؓ کے دورہ کے بعد آپ مدظلہ الاقدس خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لے آئے اور خانقاہ نشینوں سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔
25ستمبر 2022 بروز اتوار خانقاہ سلطان العاشقین میں بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیرِ صدارت بزمِ باھوؒ کی پانچویں نشست کا انعقاد ہوا۔ نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس فلک شگاف نعروں کی گونج میں مسندِ صدارت پر جلوہ افروز ہوئے اورملک کے طول و عرض سے تشریف لائے مرد و خواتین کو خوش آمدید کہا۔
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے ’’ابیاتِ باھوؒ کامل‘‘ سے سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ کے ابیات کی شرح کا سلسلہ شروع فرمایا۔ اس نشست میں آپ مدظلہ الاقدس نے بیت نمبر 17 تا 21کی بہترین شرح فرمائی۔ آپ مدظلہ الاقدس نے اپنے انتہائی دلکش اور منفرد اندازِ بیان سے ابیاتِ باھوؒ میں مخفی فقر و تصوف کے اسرار و رموز سے پردے اٹھائے اور حاضرینِ محفل کے قلوب کو منور فرما دیا۔ سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے اختتامی دعا فرمائی جس کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تمام حاضرینِ محفل سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔
محفل میں مرد مریدین کے علاوہ خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل تھی۔ تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے خواتین کے لیے پردے کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ محفل کے اختتام پر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو سلسلہ سروری قادری میں بیعت فرما کر اسم ِاعظم عطا فرمایا۔شعبہ لنگر تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے حاضرینِ محفل کے لیے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ اس بابرکت محفل کو فیس بک، انسٹاگرام اور سنیک ویڈیو پر لائیو نشر کیا گیا جس کی بدولت ظاہری طور پر محفل مبارک میں شریک نہ ہونے والوں نے آن لائن سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی زیارت کا شرف حاصل کیا۔
شعبہ بین الاقوامی امور کا اجلاس
10 ستمبر 2022 بروز ہفتہ خانقاہ سلطان العاشقین میں شعبہ بین الاقوامی امور کے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس کی صدارت خلیفہ انچارج سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے کی۔ اجلاس میں انتظامیہ انچارج ڈاکٹر محمد وسیم اکرم سروری قادری نے بھی شرکت کی اور شعبہ کے انچارجز وحید حسن سروری قادری اور مغیث افضل سروری قادری نے آن لائن شرکت کی۔ اجلاس کا ایجنڈا شعبہ کے جاری امور کا جائزہ لینا اور مستقبل میں مزید بہتری کے لئے منصوبہ بندی کرنا تھا۔
تحریک دعوتِ فقر کی مرکزی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس
17 ستمبر 2022 بروز ہفتہ رابطہ کمیٹی کا 12 ربیع الاوّل 1444ھ کی محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبیؐ کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت شعبہ کے خلیفہ نگران سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے کی۔ اجلاس میں 12 ربیع الاوّل کے لیے رابطوں کے پلان اور ڈیٹا مینجمنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اور اس بات کا عزم کیا گیا کہ پاکستان بھر میں موجود سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے مریدین تک محفل میلادِ مصطفیؐ میں شرکت کا دعوت نامہ بذریعہ کال،مسیج اور وٹس ایپ پہنچایا جائے گا۔
شعبہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کااہم اجلاس
25 ستمبر 2022 بروز اتوار خانقاہ سلطان العاشقین میں شعبہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس کی صدارت خلیفہ انچارج سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے کی۔ اجلاس میں انتظامیہ انچارج علی رضا سروری قادری اور شعبہ انچارج فہد شہزاد سروری قادری نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کا ایجنڈا شعبہ کے جاری تحقیقاتی امور کا جائزہ لینا اور ٹیم ورک سے مستقبل میں شعبہ کی مزید بہتری کے لئے منصوبہ بندی کرنا تھا۔
بزمِ باھوؒ– منعقدہ 2 اکتوبر2022
2اکتوبر 2022 بروز اتوار مسجدِ زہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہورمیں بانی وسرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی صدارت میں بزمِ باھوؒ کی چھٹی نشست کا انعقاد کیا گیا۔
نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا فلک شگاف نعروں سے استقبال کیا گیا اور آپ مدظلہ الاقدس مسندِ صدارت پر جلوہ افروز ہوئے ۔بزمِ باھوؒ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی بدولت ملک کے طول و عرض سے سینکڑوں مریدین و عقیدتمنداس محفل میں شرکت کے لیے تشریف لائے جن میں خواتین کی بھی کثیر تعداد شامل تھی۔ تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ کمیٹی کی جانب سے خواتین کے لیے پردے کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے بزمِ باھوؒ میں آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
آپ مدظلہ الاقدس نے ’’ابیاتِ باھوُ کامل‘‘ سے سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ کے ابیات کی شرح کا سلسلہ شروع فرمایا۔ اس نشست میں آپ مدظلہ الاقدس نے بیت نمبر 22 تا 25کی بہترین شرح فرمائی۔ آپ مدظلہ الاقدس نے اپنے انتہائی دلکش اور منفرد اندازِ بیان سے ابیاتِ باھوُ میں مخفی فقر و تصوف کے اسرار و رموز سے پردے اٹھائے اور حاضرینِ محفل کے قلوب کو منور فرمایا۔سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے اختتامی دعا فرمائی جس کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تمام حاضرینِ محفل سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔
محفل کے اختتام پر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو سلسلہ سروری قادری میں بیعت فرما کر اسمِ اعظم عطا فرمایا۔شعبہ لنگر تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے حاضرینِ محفل کے لیے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ اس بابرکت محفل کو فیس بک، انسٹاگرام اور سنیک ویڈیو پر لائیو نشر کیا گیا جس کی بدولت ظاہری طور پر محفل مبارک میں شریک نہ ہونے والوں نے آن لائن سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی زیارت کا شرف حاصل کیا۔
شعبہ دعوت و تبلیغ کی تبلیغی سرگرمیاں
21 ستمبر 2022ء کو شعبہ دعوت و تبلیغ نے سندراڈہ لاہور کے علاقہ میں عوام الناس کو 12 ربیع الاوّل کی محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں شرکت کی دعوت دی۔ نیز عوام الناس کو حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے ہفتہ بھرخانقاہ سلطان العاشقین میں قیام فرمانے کے بارے میں آگاہ کیا اور ملاقات کی دعوت دی۔ لوگوں نے خوشدلی سے دعوت قبول کی اور محفل کے پوسٹرز اپنی دکانوں میں لگائے۔
22 ستمبر2022ء کو شعبہ دعوت و تبلیغ نے رائیونڈ روڈلاہور پر عوام الناس کو 12 ربیع الاوّل کی محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں شرکت کی دعوت دی ۔
26 ستمبر 2022ء کو مسجدِ زہرا ؓ و خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہورمیں پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمن نے مقصدِحیات کے موضوع پر جامع گفتگو کی، حاضرین کے سوالات کے جوابات دیئے اور محفل کے اختتام پر دعائے خیر کروائی۔ نیز محمد قدیر سروری قادری نے بھی مقصدِحیات کے موضوع پر تقریر کی۔
27 ستمبر2022ء بروز منگل شعبہ دعوت و تبلیغ نے سندر اڈہ کے چاروں اطراف عوام الناس کو 12 ربیع الاوّل کی عظیم الشان محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں شرکت کی دعوت دی۔ لوگوں نے انتہائی خوشدلی سے دعوت قبول کی اور بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی۔
تحریک دعوتِ فقر۔۔۔ گلی گلی شہر شہر
تحریک دعوتِ فقردنیا بھر میں فقر ِ محمدی کو عام کرنے والی واحد جماعت ہے جس کا مرکزی دفتر لاہو رمیں واقع ہے۔ مرکز کے علاوہ پاکستان بھر میں علاقائی دفاتر بھی قائم کیے گئے ہیں جو اپنے اپنے علاقوں میں خلقِ خدا کو معرفتِ الٰہی کی دعوت دینے میں مصروف ہیں۔
8 ستمبر 2022 ء بروز جمعرات مپالکہ اور گبہ فاضل میں تحریک دعوتِ فقر کے دفتر میں درس و تدریس کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت علاقائی صدر فوجی محمد منصب سروری قادری نے کی۔ محفل میں سیدّنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ کی تصنیف مبارکہ سرّ الاسرار سے درس دیا گیا۔ محمد زمان سرور سروری قادری نے تلاوتِ قرآن پاک اور درس دینے کی سعادت حاصل کی۔محفل کے اختتام پر طارق محمود سروری قادری نے دعائے خیر کروائی۔
09ستمبر2022ء بروز جمعتہ المبارک تحریک دعوتِ فقر احمدال کے ممبران نے کھوڑ بازار میں دعوتی سرگرمیاں سرانجام دیں۔ محمد سعید سروری قادری، مبشر الحسن سروری قادری اور کامران مقصود سروری قادری نے عوام الناس کو محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلادالنبی ؐ میں شرکت کی دعوت دی اور ماہنامہ سلطان الفقر کے شمارے تقسیم کئے۔
24 ستمبر 2022ء کو تحریک دعوت فقرہارون آباد میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تصنیفِ لطیف ـ’’تزکیۂ نفس کا نبویؐ طریق‘‘ سے درس کا اہتمام کیا گیا۔ درس میں مقامی افراد اور پیر بھائیوں نے شرکت کی۔ ان میں انیب یونس، ارسلان نذیر، شکیل احمد اور عرفان نذیرکے نام سر فہرست ہیں۔ درس کے اختتام پر دعائے خیر کروائی گئی ۔
ماہِ ستمبراور اکتوبر میں تحریک دعوت فقرمپالکہ کی علاقائی تنظیم درس و تدریس اور تبلیغی سرگرمیوں میں خوب متحرک رہی۔ تحریک دعوتِ فقر مپالکہ کے علاقائی صدر فوجی منصب سروری قادری کی صدارت میںروزانہ کی بنیاد پر علاقائی دفتر میںسلطان الفقر پبلیکیشنز کی مختلف تصنیفات سے درس کا اہتمام کیا گیا۔ اس سرگرمی میں نہ صرف مریدین بلکہ مقامی افراد نے بھی خوب دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ مپالکہ کی علاقائی تنظیم سے سرگرم ممبران میں علاقائی صدر فوجی محمد منصب،جنرل سیکڑی محمد زمان،محمد علی رضا اورمحمد راشد کے نام قابلِ ذکر ہیں۔