تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr News

Spread the love

Rate this post

تحریک دعوتِ فقر نیوز 
 Tehreek Dawat-e-Faqr News

نیوز رپورٹر: محمد عثمان صادق سروری قادری

خانقاہ سلطان العاشقین میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا قیام اور بزمِ سلطان العاشقین

بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے ماہِ اپریل تا مئی 2025ء کے دوران خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندراڈا ملتان روڈ لاہور میں خصوصی قیام فرمایا۔ اس دوران آپ مدظلہ الاقدس نے روزانہ کی بنیاد پر اپنی مبارک اور بابرکت صحبت سے طالبانِ مولیٰ اور عقیدت مندوں کے قلوب کو نورِمعرفت سے منور فرمایا۔ 

 11 اپریل، 25 اپریل اور 2 مئی 2025 ء آپ مد ظلہ الاقدس نے مریدین اور اہلِ علاقہ سمیت مسجدِ زہراؓ میں نمازِجمعہ ادا فرمائی جبکہ 13 اپریل، 27 اپریل، 4 مئی اور 11 مئی 2025 بروز اتوار بزم سلطان العاشقین کی صدارت بھی فرمائی۔ جہاں آپ مد ظلہ الاقدس نے راہِ حق کے متلاشی مرد و خواتین کو بیعت اور بغیر بیعت اسمِ اللہ ذات کی نعمت سے بھی سرفراز فرمایا۔ علاوہ ازیں آپ مد ظلہ الاقدس نے حسبِ معمول مسجدِزہراؓکے تعمیراتی امور اور تزئین و آرائش کے مراحل کا از خود جائزہ لیا اور ضروری ہدایات جاری فرمائیں۔

مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ قدمِ محمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم پر ہونے کی بنا پر بلا تفریق کل خلقِ خدا کے لئے باعثِ رحمت ہوتا ہے۔ جامع صفاتِ الٰہی سے متصف اور اخلاقِ محمدیؐ سے متخلق ہونے کی وجہ سے اس کا ہر ہرقدم اور ہر قول و فعل شریعتِ محمدی کے ماتحت اور رضائے الٰہی کے عین مطابق ہوتا ہے۔ یہی اوصاف وہ اپنی نگاہ ِکامل کی بدولت اپنے مریدین اور صحبت نشینوں کو بھی منتقل فرماتا ہے۔ جو شخص بھی ادب اور خلوصِ نیت سے اولیا اللہ کی بارگاہ میں حاضری کا شرف پاتا ہے اللہ تعالیٰ اپنے بے انتہا فضل و کرم کی بدولت اسے دین و دنیا کی کامیابیوں سے ہمکنار کرتا ہے۔ کہتے ہیں کہ برتن سے وہی کچھ نکلتا ہے جو اس کے اندر موجود ہوتا ہے۔ اللہ والوں کے ظاہر و باطن میں چونکہ اللہ کے سوا کچھ باقی نہیں ہوتا اس لیے وہ اپنے ماننے والوں کو بھی اسی نعمت سے سرفراز فرماتے ہیں جس سے وہ لذتِ آشنائی حاصل کر کے مقصدِحیات کو پا لیں۔ عوام الناس کے لئے دعوتِ عام ہے کہ کم از کم ایک بار ضرور سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی بارگاہ میں حاضر ہوں اور اس حقیقت کو اپنی آنکھوں سے دیکھ لیں۔

آن لائن سیشنز کا انعقاد

یکم مئی 2025 ء بروز جمعرات، خلیفہ نگران شعبہ بین الاقوامی امور سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری کی سرپرستی میں آن لائن سیشن کا انعقاد ہوا جس میں ’’فقر‘‘اور ’’مرشد‘‘ کے موضوع پر بیان دیا گیا۔ 

8 مئی 2025ء بروز جمعرات، سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری کی زیرِنگرانی ایک اور آن لائن سیشن بین الاقوامی مریدین کے ساتھ کامیابی سے منعقد ہوا جس میں دنیا کے مختلف حصوں سے مریدین نے شرکت کی۔ یہ سیشن فقر و تصوف کے اہم موضوعات پر مشتمل تھا جس میں راہِ فقر کے اصولوں اور عملی پہلوؤں پر گہری بصیرت فراہم کی گئی۔ اس کے بعد سوال و جواب کا سیشن بھی رکھا گیا تھا۔ یہ گفتگو روحانی طور پر متاثر کن اور علمی لحاظ سے تسلی بخش بھی رہی۔
شعبہ کی جانب سے مستقبل میں مزید لیکچرز کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے۔ 

خانقاہی اجلاس 

یکم مئی 2025ء بروز جمعرات، خلیفہ نگران خانقاہ سلطان العاشقین، سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری کے زیرِصدارت خانقاہ سلطان العاشقین میں خانقاہ نشینوں کا اہم نوعیت کااجلاس منعقد ہوا۔ جس میں صدر تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبد الحسیب سرفراز سروری قادری اور نائب صدر علی رضا مسعود سروری قادری نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ممبران کو مختلف ذمہ داریاں تفویض کی گئیں اور خانقاہ میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید مؤثر بناتے ہوئے ڈیوٹی شیڈول بھی ترتیب دیا گیا جسے سب ممبران نے بخوشی تسلیم کیا۔

عید الاضحٰی کی تیاریاں اور انتظامات

ہر سال کی طرح رواں برس 2025ء میں بھی تحریک دعوتِ فقر کے زیرِاہتمام خانقاہ سلطان العاشقین میں وسیع پیمانے پر عیدِقرباں کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ مریدین اور عقیدت مندوں کی جانب سے ہمیشہ کی طرح انتہائی جوش و خروش اور محبت بھرے پیغامات وصول ہونے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ اِ ن شاء اللہ العزیز اس بار پہلے سے بھی زیادہ بہتر اور منظم انداز میں اجتماعی قربانی کا بند و بست کیاجائے گا۔
اس حوالے سے جامع لائحہ عمل ترتیب دیا جا چکا ہے۔ 

یاد رہے عید کے دوسرے روز خانقاہ سلطان العاشقین میں عید ملن تقریب کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔ جہاں ایک طرف تو اہلِ محبت صحبت و دیدار مرشد سے فیض یاب ہوتے ہیں وہیں دوسری جانب تقریب میں شریک مہمانوں کی بہترین لنگر پاک سے تواضع بھی کی جاتی ہے۔سنتِ ابراہیمی ؑ کی ادائیگی کے لیے جانوروں کی خریداری اور تمام تر انتظامات کی نگرانی کے لئے انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف ممبران کو ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں۔

شعبہ جاتی تقرریاں 

دستور تحریک دعوتِ فقر کے آرٹیکل (11) 10 کے تحت بالترتیب 27 اپریل 2025ء بروز اتوار اور 7 مئی 2025 ء بروز بدھ جاری ہونے والے نوٹیفکیشنز کے مطابق:

 شعبہ ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ میں انچارجز کی تقرریاں کی گئیں۔ جن میں غلام حیدر سروری قادری بطور انچارج، نعمان ثاقب سروری قادری بطور نائب انچارج اور بلال صادق سروری قادری بطور ممبر تعینات ہوئے۔ 

خانقاہ سلطان العاشقین انتظامیہ انچارج کی ذمہ داری صدر تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبد الحسیب سرفراز سروری قادری نبھائیں گے جبکہ اُن کی معاونت کے لیے نائب صدر علی رضا سروری قادری اور بطور انچارج رمضان باھو سروری قادری اپنے فرائض ادا کریں گے۔ 

مسجدِ زہرؓا کی دیکھ بھال اور انتظامی معاملات کی نگرانی کے لئے ڈاکٹر عبد الحسیب سرفراز بطور انتظامیہ انچارج اور ملک سجاول سروری قادری بطور معاون انتظامیہ انچارج کام کریں گے۔

11 مئی 2025ء بزمِ سلطان العاشقین سے قبل بیان

11 مئی 2025ء بروز اتوار بزمِ سلطان العاشقین سے قبل ممبر جنرل کونسل تحریک دعوتِ فقر، نذر علی سروری قادری صاحب نے حاضرینِ محفل سے ’’مرشد کامل کی ضرورت و اہمیت‘‘ پر سیر حاصل گفتگو کی۔ اپنی گفتگو میں انہوں نے قرآن و حدیث اور فقرائے کاملین کے اقوال کی روشنی میں انسان کے مقصدِحیات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دین و دنیا میں کامیابی دینِ اسلام کی روح اور حقیقت کو سمجھ کر اس کے مطابق چلنے اور عمل کرنے سے مشروط ہے۔ اسلام کی روح سے مراد فقرِمحمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی راہ ہے، اسی کو صراطِ مستقیم کہتے ہیں جس پر چل کر انسان اللہ تعالیٰ کی رضا کو پا سکتا ہے لیکن جس طرح ہر علم کے حصول کے لیے اس علم کے ماہر استاد کی رہنمائی ضروری ہوتی ہے اسی طرح صراطِ مستقیم تک رسائی کے لیے مرشد کامل اکمل کی رہنمائی لازم ہے۔ دورِحاضر میں ایسی عظیم ذات فقیر مالک الملکی سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی ہے جو اپنی نگاہ ِکامل اور ذکر و تصور اسمِ اللہ ذات کی بدولت طالبانِ حق کو واصل باللہ کرتے ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس کا در خواص و عوام کے لیے ہمہ وقت کھلا رہتا ہے۔ جو آنا چاہے آئے اور مرادوں سے اپنی جھولیاں بھر لے جائے۔

 

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں