تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr New

Rate this post

تحریک دعوتِ فقر نیوز  Tehreek Dawat-e-Faqr New

نیوز رپورٹر: عثمان صادق سروری قادری

محفل ذکرِحسینؓ

(منعقدہ: 10محرم الحرام1448ھ بمطابق 26 جون 2026ء )

تمام مشائخ سروری قادری اور بزرگانِ دین کی طرح وارث امانت ِالٰہیہ و فقر ِمحمدیؐ، سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور اکتیسویں شیخ ِکامل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس بھی اہل ِبیتؓ سے بے پناہ عشق فرماتے ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس ہر سال 10 محرم الحرام کو شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں محفل ذکر ِحسینؓ منعقد فرماتے ہیں۔اپنی اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے رواں سال بھی تحریک دعوت ِفقر کے زیر ِانتظام مسجد ِزہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈہ لاہور میں محفل ذکر ِحسین ؓکا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ 10 محرم الحرام 1448 ھ بمطابق 26 جون 2026ء بروز جمعتہ المبارک بعد نماز ِجمعہ منعقد ہونے والی اس پاک محفل کی صدارت خود بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوت ِفقر مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے فرمائی جبکہ اس موقع پر نائب سرپرست تحریک دعوت ِفقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مد ظلہ الاقدس بھی آپ کے ہمراہ تھے۔

معزز مجلس ِخلفا سمیت مرد و خواتین مریدین اور عقیدت مندوں کی کثیر تعداد ،اندرون و بیرون ملک سے سفر کرتے ہوئے اس بابرکت محفل میں شریک ہوئی۔ محفل سے قبل آپ مد ظلہ الاقدس نے خلفا و مریدین کے ہمراہ مسجد ِزہراؓ میں نماز جمعہ ادا فرمائی۔ بعد ازاں آپ مد ظلہ الاقدس مہمانانِ گرامی کے ہمراہ محفل کی صدارت کے لیے پنڈال میں تشریف لے آئے۔

 مولانا یاسر یاسین سروری قادری کی پر سوز آواز میں تلاوتِ کلامِ مجید سے محفل کا باقاعدہ آغاز ہوا جبکہ نقابت کے فرائض حسب ِروایت منتظم ِاعلیٰ تحریک دعوت ِفقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری صاحب نے ادا فرمائے۔ تلاوت کے بعد بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں ہدیۂ نعت پیش کرنے کے لیے رمضان باھو سروری قادری سٹیج کی زینت بنے۔ بعد ازاں سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری تشریف لائے جنہوں نے آل ِرسولؐ کی عظمت اور بلند شان کے حوالے سے خطاب فرمایا۔ امام عالی مقام حضرت امام حسینؓ اور آپؓ کے باوفا ساتھیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے فرمایا کہ اہل ِکربلا کی شہادت دراصل خلیل اللہ کی قربانی کا ہی تسلسل ہے۔ آپ رضی اللہ عنہٗ اور آپ کے جانثار شہید ہو کر ہمیشہ ہمیشہ کے لیے امر ہو گئے جبکہ آپ کا دشمن دونوں جہانوں میں ناکام و نامراد رہا۔ بقول شاعر:

کس نے کہا تھا جانِ رسالت شہید کر

بیٹھا ہے دو جہان کی لعنت خرید کر

اصغر ملائکہ بھی سنیں گونج عرش پر

باطل کے منہ پہ ایسا طمانچہ رسید کر

عشق کا مطلب ہے اپنا وقت، سکون، آرام، مال، آل اولاد حتیٰ کہ اپنی جان تک جانِ آفرین کے سپرد کر دینا۔ کتاب ِعشق کا کوئی باب، راہ ِعشق کا کوئی اصول دیکھ لیں وہ اہل ِکربلا کے مبارک قدموں کی دھول ہے۔ عشق تمام محبتوں کی معراج ہے جبکہ شہادتِ حسینؓ خود عشق کی معراج ہے۔ اپنے ناناؐ کے دین کی سربلندی کے لئے حضرت امام حسینؓ اور آپؓ کے جانثاروں نے جس قدر جرأت و جانفشانی سے باطل کا مقابلہ کیا تاقیامت کوئی اور نہ کر سکے گا۔ بقول شاعر: 

یہی کرشمہ ہے سچ کا واصفؔ، یہی کرامت ہے کربلا کی

شہید کر کے یزید فانی، شہید ہو کر حسینؓ باقی

میدان ِکارزار میں جہاں ایک طرف امام حسینؓ اور حضرت غازی عباسؓ علمدار جیسے جری انتہائی جرات و ہیبت ِایزدی کی مثال بنے رہے وہیں خاندان ِنبوت کی طیب و طاہر خواتین نے بھی کسی قربانی سے منہ نہ موڑا۔ جنہوں نے ’’ارض ِحجاز سے سفر شام تک‘‘ دشمن کے لئے قہر الٰہی بن کر اور استقامت سے ڈٹے رہ کر ثابت کیا کہ راہِ حق میں عورت بھی حالات کا مردانہ وار مقابلہ کر سکتی ہے۔ ان انتہائی عظیم و مقدس خواتین میں سب سے نمایاں نام سیدہ بی بی زینب ؓ کا ہے۔ جنہیں شاعر کچھ ان الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتا ہے:

وہ حیدرؓ کی طرح بولے گی اور شیر لگے گی

وہ شیر کی بیٹی ہے سوا شیر لگے گی

یہ سوچ کے شبیرؓ کو مقتل میں سکوں تھا

زینبؓ کو علیؓ ہونے میں کیا دیر لگے گی

ان جانثارانِ کرب و بلا کی شہادت اور فقید المثال قربانیاں ہر دور میں راہ ِحق کے مسافروں اور طالبانِ مولیٰ کو باطل کے مقابلے میں ڈٹ جانے کی ہمت و حوصلہ عطا کرتی رہی ہیں اور آئندہ بھی کرتی رہیں گی جبکہ دشمنانِ اہل ِبیت ِؓاطہار بظاہر جیت کر بھی ہار گئے لیکن ازلی و ابدی لعنتوں کے مستحق ٹھہرے۔

سلطان حافظ محمد ناصر مجید صاحب کے خطاب کے بعد بارگاہِ حسینؓ میں منقبت کا نذرانہ پیش کرنے کی سعادت عطا الوہاب سروری قادری کے حصے آئی جنہوں نے اپنی خوبصورت آواز میں ’’کلمے دے وارثاں نوں میرا سلام ہووے ، جنت دے مالکاں نوں میرا سلام ہووے ‘‘ پڑھ کر سماں باندھ دیا۔ 

منقبت کے بعد محمد رمضان باھُو نے حضرت امام حسینؓ کی شہادت پر لکھے گئے ابیاتِ باھُوؒ پیش کیے۔ دعا و ختم شریف کے لئے سلطان محمد حافظ ناصر مجید سروری قادری تشریف لائے۔ ختم شریف کے بعد تمام حاضرین محفل نے دست بستہ کھڑے ہو کر بارگاہِ رسالت مآبؐ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا جبکہ اختتامی دعا پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمن سروری قادری نے کروائی جس کے بعد سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس اور صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مد ظلہ الاقدس نے تمام حاضرین محفل سے فردا فردا ملاقات فرمائی۔

محفل کے بعد حسب ِروایت تمام مہمانوں کی بہترین لنگر پاک اور ٹھنڈے مشروب سے تواضع کی گئی۔ کھانے کے بعد بیعت کے متمنی مرد و خواتین کو مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس نے بیعت فرما کر اسم ِاعظم، اسم ِاللہ ذات کا ذکر و تصور عطا فرمایا۔ یوں یہ بابرکت محفل عشق ِاہل ِبیتؓ کی سوغات لٹاتے ہوئے اختتام پذیر ہوئی۔ماہنامہ سلطان الفقر کے معزز قارئین! محفل ذکر ِحسینؓ سمیت تحریک دعوت ِفقر کے پلیٹ فارم پر منعقد ہونے والی تمام ہفتہ وار اور سالانہ محافل کی مکمل ویڈیوز دیکھنے کے لیے ہمارے آفیشل سوشل میڈیا چینلز وزٹ کر سکتے ہیں۔ 

مسجد ِزہراؓ میں تربیتی کورس کا آغاز

تحریک دعوتِ فقر کے زیر ِاہتمام کئی سال تک خانقاہ سروری قادری لاہور میں درس و تدریس اور فقر و تصوف کے تربیتی کورسز کا کامیاب سلسلہ جاری رہا، جن سے بے شمار طالبانِ مولیٰ اور عقیدت مندوں نے علمی و روحانی فیض حاصل کیا۔تاہم جنوری2024ء میں تحریک دعوت ِ فقر کے شعبہ جات اور انتظامی دفاتر خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈہ ملتان روڈلاہور میں منتقل ہو گئے۔لہٰذا بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوت فقرسلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی خصوصی ہدایات اور کارکنان تحریک دعوت ِفقر کے پُرخلوص اصرار پر تربیتی کورس مسجد ِزہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین میںاُسی جوش و جذے سے شروع کیا جا چکا ہے۔

اس سلسلے میں مسجد ِزہراؓ میں ناظرہ و حفظ ِقرآن کی کلاسز کے ساتھ ساتھ درس و تدریس اور فقر و تصوف کی تربیت پر مشتمل خصوصی کورس کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے۔ انتظامیہ تحریک دعوت ِفقر کی جانب سے جوائنٹ سیکریٹری نعمان ثاقب سروری قادری کو اس تربیتی کورس کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ باقاعدہ کلاسز، حاضری، نصاب کی تکمیل اور دیگر امور کی بروقت اور مؤثر انجام دہی ان کے ذمے ہو گی۔

 فقر و تصوف کے اس تربیتی پروگرام میں مجلس ِ خلفا کی جانب سے درس کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جن میں روزانہ کی بنیاد پر شرکا کو تزکیۂ نفس، اصلاحِ باطن، عشق حقیقی، سنت ِنبویؐ اور فقر ِمحمدیؐ کے بنیادی و عملی پہلوؤں سے روشناس کروایا جاتا ہے۔ یہ تربیتی کورس بالخصوص موسم ِگرما کی تعطیلات کے دوران بچوں اور نوجوانوں کے لیے ایک بہترین موقع ہے کہ وہ اپنی چھٹیوں کو صحبت ِمرشد اور فیض فقر کے حصول میں خرچ کریں تاکہ دنیا و آخرت میں کامیابی اُن کا مقدر ہو جیسا کہ قرآن ِکریم میں ارشاد باری تعالیٰ ہے’’فلاح پا گیا وہ شخص جس نے اپنا تزکیہ کر لیا‘‘۔

سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ کی تعلیمات کے مطابق یہ تزکیہ مرشد کامل اکمل کی نگاہ ِکامل اور اسم ِاللہ ذات کے ذکر و تصور سے ہی ممکن ہے۔ یہی وہ علم ہے جس کا حصول ہر مسلمان مرد و عورت پر لازم ہے۔ فقر و تصوف کی تعلیم کسی مخصوص عمر تک محدود نہیں بلکہ یہ ہر اُس شخص کے لیے ہے جو اپنی باطنی اصلاح اور عشق ِحقیقی کا خواہشمند ہو۔ اسی لیے اس تربیتی پروگرام میں بچوں، نوجوانوں، بزرگوں اور ہر عمر کے افراد کو شرکت کی دعوت دی جاتی ہے تاکہ وہ اس نورانی ماحول سے فیض یاب ہو سکیں۔

اپڈیٹ برائے تعمیراتی امور 

(مسجد ِ زہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین)

مورخہ 19 جون 2026ء اور 3 جولائی 2026ء بروز جمعہ، بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد کنسٹرکشن کمیٹی کے ہمراہ مسجد ِزہرا ؓ کے تعمیراتی امور کا جائزہ لیا۔

 آپ مدظلہ الاقدس کی رہنمائی اور ہدایات کے مطابق مسجد ِزہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین میں جاری تعمیراتی سرگرمیاں تیزی سے اپنی تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔ الحمدللہ !چار دیواری کی تعمیر کا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے اور اب اس کی تزئین و آرائش پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔

اسی سلسلے میں مسجد ِزہراؓ کے وسیع احاطے کو اعلیٰ معیار کے سفید سنگ ِمرمر کے فرش سے مزین 

کیا جا رہا ہے، جو ماہر انجینئرز کی زیر ِنگرانی انجام پا رہا ہے۔ مزید برآں مسجد کے برآمدے کی چھت پر نفیس اور معیاری امپورٹڈ ٹائلیں نصب کی جا رہی ہیں، جو اس عظیم الشان منصوبے کے حسن میں مزید اضافہ کریں گی۔ جبکہ دوسری جانب خانقاہ 

سلطان العاشقین میں برآمدوں کی تعمیر بھی جاری ہے تاکہ محافل میں شریک ہونے والے مرد و خواتین اور دیگر مہمانان 

گرامی کے لیے بہتر اور محفوظ قیام کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس جدید اور منفرد منصوبے کی تکمیل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام زور و شور 

سے جاری ہے۔

مشترکہ اجلاس

مورخہ 26 جون 2026ء بروز جمعتہ المبارک بعد از محفل ذکر ِحسینؓ، مجلس ِخلفا اور انتظامیہ کمیٹی تحریک دعوتِ فقر کا مشترکہ اجلاس خانقاہ سلطان العاشقین میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سلطان محمد عبداللہ اقبال صاحب، سلطان حافظ محمد ناصر مجید صاحب، سلطان محمد احسن علی صاحب، انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر اور امام مسجد ِزہراؓ مولانا یاسر یاسین صاحب نے شرکت کی۔ اس کے بعد انتظامیہ کمیٹی کا علاقائی عہدیداران و ممبران کے ساتھ بھی 

اجلاس منعقدہوا۔ ان اجلاسوں میں مسجد ِزہراؓ میں جاری تربیتی کورس کے حوالے سے مشاورت اور منصوبہ بندی مکمل کی گئی ۔ اس امر میں علاقائی ممبران سے بھرپور تعاون اور شرکت کی اپیل بھی کی گئی۔ نیز ملک گیر تبلیغی سرگرمیوں کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے پر بھی مشاورت ہوئی جسے تمام اراکین نے بہت سراہا۔

خصوصی کاوش

محفل ذکر ِحسینؓ کے موقع پر سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کی جانب سے محفل کو 4K کوالٹی میں تحریک دعوتِ فقر ٹی وی سے براہِ راست نشر کیا گیا۔ خلیفہ نگران سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن سلطان محمد عبد الرحمن محبوب صاحب کی سربراہی میں محمد احسان سروری قادری اور عظیم یونس سروری قادری نے کامیاب نشریات کو یقینی بنایا جسے پاکستانی اور انٹرنیشنل مریدین کی جانب سے خوب سراہا گیا۔جبکہ سلطان الفقر پبلیکیشنز کے بک سٹال پر ڈیوٹی سرانجام دینے والوں میں احسن نذر اور احمد سعید خاص طور پر قابل ِذکر ہیں۔

تحریک دعوتِ فقر گلی گلی شہر شہر  ۔ تبلیغی دورہ جات

٭ 27 جون 2026ء بروز ہفتہ خلیفہ نگران شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد احسن علی سروری قادری کے زیر ِقیادت زاہد ٹاؤن پتوکی میں تبلیغی سرگرمیوں کا اہتمام ہوا۔ وفد میں معاون خلیفہ نگران، سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری اور جوائنٹ سیکریٹری تحریک دعوتِ فقر نعمان ثاقب سروری قادری بھی شامل تھے۔ 

وفد نے محمد بلال صادق سروری قادری اور محمد کمال صادق سروری قادری کے گھر اہل ِعلاقہ کو سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا پیغامِ فقر پہنچایا۔ سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے مقصد ِحیات، تزکیۂ نفس، مرشد کامل اکمل اور اسم ِاعظم اسم ِاللہ ذات کے موضوعات پر بیان فرمایا اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دست ِاقدس پر بیعت ہوکر تصور اسم ِاعظم، مشق مرقوم ِوجودیہ اور سلطان الاذکار ’’ھُو‘‘ حاصل کرنے کی دعوت دی۔ ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے بھی فی سبیل اللہ تقسیم کئے گئے۔ 

تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ دعوت و تبلیغ کے زیر اہتمام 8 تا 10 جولائی تبلیغی سرگرمیاں انجام دی گئیں جن کی تفصیل درج ذیل ہے:

٭ 8 جولائی 2026ء بروز بدھ راولپنڈی، اسلام آباد، ٹیکسلا اور واہ کینٹ میں تبلیغی سرگرمیاں سرانجام دی گئیں۔

٭ 9 جولائی 2026ء بروز جمعرات ہری پور ہزارہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور رسالپور میں تبلیغی سرگرمیوں سرانجام دی گئیں۔

٭ 10 جولائی 2026ء بروز جمعتہ المبارک مردان اور نوشہرہ میں تبلیغی سرگرمیاں سرانجام دی گئیں۔

خلیفہ نگران سلطان محمد احسن علی سروری قادری اور معاون خلیفہ نگران سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے تبلیغی ذمہ داریاں ادا کیں۔ ٹیکسلا سے نوید محمد سروری قادری نے خصوصی معاونت کی۔ وفد نے ہر خاص و عام کو سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا پیغامِ فقر پہنچایا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دست ِاقدس پر بیعت ہوکر تصور اسم ِاعظم، مشق مرقوم وجودیہ اور سلطان الاذکار ’’ھُو‘‘ حاصل کرنے کی دعوت دی گئی۔ ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے بھی فی سبیل اللہ تقسیم کئے گئے۔ 

خبر غم ۔انتقال پر ملال

27 جون 2026ء بروز ہفتہ جنرل سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز، ممبر مجلس شوری رمضان باھو اور ممبر جنرل کونسل ارشد رمضان پر مشتمل وفد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دیرینہ ساتھی محمد صدیق سروری قادری اور محمد رفیق سروری قادری کے والد محترم کے انتقال پر ان کے گھر چک نمبر 586 گ ب مرضی پورہ، تحصیل جڑانوالہ ضلع فیصل آباد پہنچا۔ وفد نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور لواحقین کو سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی جانب سے خصوصی تعزیتی پیغام پہنچایا اور سوگواران کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر تحریک دعوتِ فقر بچیانہ منڈی جڑانوالہ کے کارکنان بھی موجود تھے۔

4 جولائی 2026ء بروز ہفتہ صدر تحریک دعوت فقر، ملک حسن رضا کھوکھر اور ممبر مجلس ِشوریٰ رمضان باھو نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے ساتھی اور ممبر مجلس ِشوریٰ محمد مشیر احمد سروری قادری کے والد محترم کے انتقال پر چک نمبر 23 این پی بستی نور محمد، احمد پور لمہ، تحصیل صادق آباد ضلع رحیم یار خان میں ان کے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔ لواحقین کو سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی جانب سے خصوصی تعزیتی پیغام پہنچایا اور سوگواران کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ اس موقع پر تحریک دعوتِ فقر صادق آباد کے کارکنان بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں