News

تحریک دعوتِ فقر نیوزtehreek-dawatefaqr-news


Rate this post

تحریک دعوتِ فقر نیوز

رپورٹ: احسن علی سروری قادری

تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے عید ملن تقریب کا شاندار انعقاد،
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے عید کے روز اپنے دیدار سے عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا

تحریک دعوتِ فقر اور سلسلہ سروری قادری کی جانب سے 13 مئی 2021ء بروز جمعرات عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر عید ملن تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے انتظامات کو بہترین انداز میں سرانجام دینے کے لیے انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر نے ایونٹ آرگنائزنگ کمیٹی کا اعلان پہلے سے ہی کردیا تھا۔
تقریب کا انتظام مسجدِزہراؓ میں کیا گیا اور انتظامات کو ہر لحاظ سے بہترین بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کی گئیں۔ تقریب کی صدارت بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام، مرکزِفقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔ مسجدِ زہراؓ میں آمد پر پُرجوش سے آپ مدظلہ الاقدس کا شاندار استقبال کیا گیا۔ مجلسِ خلفا نے آپ مدظلہ الاقدس کو گلدستوں کا نذرانہ پیش کیا اور عید کی مبارکباد دی۔
تقریب میں نقابت منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے کی اور تمام حاضرین کو عید مبارک کہا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا جس کی سعادت مولانا یاسر یٰسین سروری قادری نے حاصل کی۔ تلاوت کے بعد عطاالوہاب سروری قادری نے اپنی خوبصورت آواز میں بارگاہِ رسالت میں نعت کا گلدستہ پیش کیا۔ سلطان محمد حافظ ناصر مجید سروری قادری نے دعائے خیر کروائی۔ آخر میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے تمام حاضرین سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔عید المبارک کے پُرمسرت موقع کی مناسبت سے خصوصی طور پر تیار کیا گیا لنگر حاضرینِ محفل میں تقسیم کیا گیا۔
تحریک دعوتِ فقر اور سلسلہ سروری قادری کے زیر ِاہتمام بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیر ِصدارت کورونا وائرس کے بعد محفل نورِ مصطفیؐ کے خوبصورت سلسلہ کا آغاز ہوگیا ہے۔ یہ محفل ہر اتوارکو نمازِ ظہر سے قبل تحریک دعوتِ فقر کے روحانی مرکز مسجد ِزہراؓ اور خانقاہ سلطان العاشقین میں منعقد ہوتی ہے۔
اس سلسلے کی پہلی محفل 23 مئی 2021 بروز اتوار منعقد ہوئی جس میں نقابت کے فرائض منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمدنعیم عباس سروری قادری صاحب نے سرانجام دیئے۔
اس پرُنور محفل پاک کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا جس کی سعادت سلطان محمد حافظ ناصر مجید سروری قادری صاحب نے حاصل کی۔ اس کے بعد عطاء الوہاب سروری قادری نے پُرسوز آواز میں منقبت پیش کی۔ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے نورِ مصطفیؐ کے بارے میں سَیر حاصل گفتگو فرمائی۔ اس محفل میں سب سے زیادہ اہمیت کی حامل یہ بات تھی کہ اس محفل میں پہلی دفعہ ’’مرکزِفقر ۔۔۔۔سلطان العاشقین‘‘ کا نعرہ لگایا گیا۔ اس نعرہ سے یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہوجاتی ہے کہ اب فقر کا مرکز مرشدِکریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی ذاتِ مبارکہ ہے یعنی اب دنیا میں جو بھی فقر کا طلبگار ہوگا اسے فقر کے اس مرکز میں حاضر ہوناپڑے گا۔
بعد ازاں مرکزِفقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس نے حاضرینِ محفل سے مختصر خطاب فرماتے ہوئے ارشد رمضان سروری قادری کے والد محترم خضر حیات صاحب کے لیے فاتحہ خوانی کی درخواست کی۔اختتامی دعا پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمن سروری قادری صاحب نے کروائی۔
دورانِ محفل کورونا ایس او پیز (SOPs)پر سختی سے عمل در آمد کو یقینی بنایا گیا اور محفل کے اختتام پر تمام حاضرین نے سماجی فاصلہ بر قرار رکھتے ہوئے حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس سے فرداً فرداً ملاقات کا شرف حاصل کیا۔

ملاقات کے اختتام پر نمازِ ظہر کی ادائیگی کے بعد حاضرینِ محفل کی لنگر پاک سے تواضع کی گئی۔ اس کے بعد خوش نصیب طالبانِ مولیٰ نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر شرفِ بیعت حاصل کر کے اسمِ اللہ ذات کی لازوال نعمت پائی۔ محفل نورِ مصطفیؐ میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی شرکت کرتی ہیں جن کے لیے پردہ کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔

علاوہ ازیں سلطان الفقر پبلیکیشنز کی جانب سے سٹال بھی لگایا جاتا ہے جہاں سے فقر و تصوف کے بیشمار موضوعات پر گراں قدر تصانیف انتہائی مناسب قیمت پر خریدی جا سکتی ہیں۔ اللہ پاک سے دعا ہے کہ محفل نورِ مصطفیؐ کا سلسلہ ہمیشہ جاری و ساری رہے۔
محفل نورِ مصطفیؐ انسٹاگرام (Instagram)، فیس بک (Facebook)، لائیکی (Likee) اور سنیک ویڈیو (Snack Video) پر لائیو (Live) بھی دیکھی جا سکتی ہے۔

30 مئی بروز اتوار مسجد زہراؓ اور خانقاہ سلطان العاشقین میں
 محفل نورِ مصطفیؐ عقیدت اور محبت سے منائی گئی

اس محفل میں نقابت کے فرائض صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس نے انجام دیئے۔ آپ نے اپنی نقابت میں فقر کے متعلق حاضرین کو نہایت جامع انداز میں بتایا کہ فقر کوئی نئی چیز نہیں بلکہ اسلام کی روح یہی فقر ہے۔ حافظ محمد یوسف سروری قادری نے اس محفل میں تلاوتِ قرآن مجید کی سعادت حاصل کی۔ عطا الوھاب سروری قادری نے نعت شریف کا نذرانہ بارگاہِ رسالت مآبؐ میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔
محمد رضوان سروری قادری نے اس روحانی محفل میں مقصد ِحیات کے موضوع پر تقریر کی جس کے بعد سلطان محمد حافظ ناصر مجید صاحب نے دعائے خیر کروائی۔ آخر میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے تمام حاضرین کو ملاقات کا شرف بخشا۔
نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی اور پھر شرکائے محفل میں خصوصی طور پر تیار کیا گیا لنگر پاک تقسیم کیا گیا۔

6 جون بروز اتوار بھی محفل نورِ مصطفیؐ کا انعقاد ہوا جس میں ملک بھر سے مرد و خواتین نے شرکت کی۔

 محفل میں نقابت کے فرائض سلطان محمد ناصر حمید صاحب نے سرانجام دیئے جنہوں نے محفل نورِ مصطفیؐ کے انعقاد کے مقصد کی وضاحت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن سے ہوا جس کی سعادت محمد ہارون سروری قادری نے حاصل کی۔ اس کے بعد سلطان محمد ناصر حمید صاحب نے عطا الوھاب سروری قادری کو دعوت دی کہ وہ ہدیۂ نعت پیش کریں۔
ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب  صاحب نے مرشد کامل اکمل کی  ضرورت اور اہمیت پر جامع بیان حاضرین کے گوش گزار کیا۔
شعبہ دعوت و تبلیغ کے انچارج محمد ارشد رمضان سروری قادری نے ’’فقر‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ پروفیسرسلطان حافظ حماد الرحمن صاحب نے دعائے خیر کروائی جس کے بعد تمام حاضرینِ محفل نے فرداً فرداً سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے ملاقات کا شرف حاصل کیا۔خواتین سے ملاقات کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے باجماعت نمازِ ظہر ادا کی۔ محفل نورِ مصطفیؐ میں شریک مرد و خواتین کے لیے خصوصی طور پر لنگر تیار کیا جاتا ہے۔

مسجد ِزہراؓ اور خانقاہ سلطان العاشقین میں 13 جون بروز اتوار محفل نورِ مصطفیؐ کا انعقاد ہوا۔ 

نقابت کے فرائض سلطان محمد عبداللہ اقبال صاحب نے سرانجام دیئے۔ جنہوں نے بہت خوبصورت انداز میں محفل نورِ مصطفی میں شرکت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے تلاوتِ قرآن مجید کی سعادت حاصل کی جس کے بعد عطا الوھاب سروری قادری نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہ میں ہدیۂ نعت پیش کیا۔
اس دن اسلامی تاریخ 2 ذیقعد تھی جو کہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے مرشد کریم سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ کا یومِ وصال ہے۔ اس دن کی مناسبت سے محمد رمضان باھو نے سلطان الفقر ششم رحمتہ اللہ علیہ کی بارگاہ میں منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔ شعبہ دعوت و تبلیغ کے اہم ممبر محمد ظہیر اقبال سروری قادری نے ’راہِ فقر اور عشق‘ کے موضوع پر بیان کیا اور سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ کا اپنے مرشد سے عشق اور سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی اپنے مرشد سے عشق اور وفا میں دی گئی قربانیوں کو بیان کیا۔آخر میں سلطان محمد حافظ ناصر مجید صاحب نے ختم شریف پڑھا اور دعا کروائی۔سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تمام شرکائے محفل سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔

 سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا زیرِتعمیر مسجدِزہراؓ کا دورہ،
تعمیراتی کام کا جائزہ اور اہم امور پر مشاورت

بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور سلسلہ سروری قادری کے امام مرکزِفقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس ہفتہ کے روز مسجدِزہرا کے تعمیراتی امور کا جائزہ لینے کے لیے تشریف لے جاتے ہیں۔
اسی روٹین کے مطابق سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس 22 اور 29 مئی کو اور 5 جون اور 12 جون کو مسجدِزہرا اور خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لے گئے۔ اس دوران نائب سرپرست صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس، مجلسِ خلفا، انتظامیہ کمیٹی اور دیگر ممبران تحریک دعوتِ فقر بھی سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے ہمراہ تھے۔ آپ مدظلہ الاقدس کی نگرانی اور ذاتی دلچسپی کی بدولت ناگزیر حالات میں بھی الحمدللہ مسجدِزہراؓ کا کام زور و شور سے جاری رہا۔ نگران کنسٹرکشن کمیٹی سلطان محمد نعیم عباس صاحب نے آپ مدظلہ الاقدس کو تعمیراتی کام سے متعلق تفصیلاً آگاہ کیا اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں بھی بتایا۔ اس موقع پر آپ مدظلہ الاقدس نے بھی اپنے مفید مشوروں اور آرا سے نوازا کہ کیسے تعمیراتی سلسلے کو مزید مؤثر اور تیز تر بنایا جا سکتا ہے۔ 

محافل کے شاندار انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ایونٹ آرگنائزنگ کمیٹی کا اہم اجلاس،
محافل کے انتظامات کے حوالے سے مختلف پہلووں پر گفتگو

18 مئی 2021ء بروز منگل تحریک دعوتِ فقر کی ایونٹ آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں منعقد ہوا جس کی صدارت نگران کمیٹی ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری نے کی۔ کمیٹی کے نائب نگران فیضان یاسین سروری قادری بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اجلاس میں تمام شعبہ جات کے انچارج بھی شریک ہوئے۔اجلاس کا مقصد تحریک دعوتِ فقر اور سلسلہ سروری قادری کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی تمام روحانی محافل کو مزید بہترین اور منظم کرنے کے حوالے سے مشاورت کرنا تھا۔ ہر شعبہ کے ہیڈ انچارج نے محفل کے دوران پیش آنے والے اپنے اپنے مسائل سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔ شرکائے اجلاس نے اس بات کا عہد کیا کہ تحریک دعوتِ فقر اور سلسلہ سروری قادری کے زیر اہتمام ہونے والی تمام محافل میں فقط اپنے مرشد کریم مرکزِفقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی خوشنودی اور رضا کے لیے عشق و محبت سے حصہ لیا جائے گا۔

تحریک دعوتِ فقر کی مجلسِ شوریٰ کا اجلاس 

محفل نورِ مصطفیؐ کو عظیم الشان انداز میں منعقد کرنے کے لیے ممبران مجلسِ شوریٰ اپنا اہم کردار ادا کریں گے
لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد تحریک دعوتِ فقر اور سلسلہ سروری قادری کے زیرِاہتمام بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری مرکزِفقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیرِصدارت تحریک دعوتِ فقر کے روحانی مرکز مسجدِزہرا و  خانقاہ سلطان العاشقین میں محفل نورِ مصطفیؐ کا باقاعدہ آغاز ہوگیاہے۔ اسی پسِ منظر میں 26 مئی 2021 کو مرکزی دفتر خانقاہ سروری قادری میں مجلسِ شوریٰ کا اجلاس طلب کیاگیا۔ اجلاس کی صدارت منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری صاحب نے فرمائی۔ اجلاس ایک نکاتی ایجنڈے پر طلب کیاگیا جو کہ محفل نورِ مصطفیؐ کے انتظامات کے حوالے سے شوریٰ کے ممبران سے مشاورت کرنا تھا۔ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبدالحسیب نے اجلاس کی کاروائی کا آغاز کیا اور تلاوتِ کلامِ پاک کے لیے محمد وقار ارشاد سروری قادری کو مدعو کیا۔ اس کے بعد اجلاس کے ایجنڈے کے بارے میں گفتگو شروع ہوئی اور تمام ممبران نے اس میں بھرپور شرکت کی۔ محفل نورِ مصطفیؐ کے تسلسل کو کامیابی سے جاری رکھنے کے لیے تمام شوریٰ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سب بڑھ چڑھ کر مرکزِفقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی رضا اور خوشنودی کے لیے بھرپور تعاون کریں گے۔ صدر تحریک دعوتِ فقر سعید جعفر سروری قادری نے اپنے خطاب میں کہاکہ محفل کو بہترین انداز میں جاری رکھنا تمام ممبرانِ شوریٰ کی ذمہ داری ہے۔ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس صاحب نے تمام ممبران کا شکریہ ادا کیا اور اپنے خطاب میں کہا کہ تحریک دعوتِ فقر صرف اسی صورت میں ترقی کرسکتی ہے جب ہم سب متحد ہوکر اللہ پاک کے دین کی سربلندی کے لیے کام کریں اور اس سلسلے میں اپنے مرشد کریم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔ ممبر مجلسِ شوریٰ وقاص ارشاد سروری قادری نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی رابطہ کمیٹی کو چاہیے کہ تمام مریدین سے رابطہ کرکے ان کو محفل نورِ مصطفیؐ میں شرکت کی دعوت دیں۔ اس کے بعد جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز نے تحریک دعوتِ فقر کے نئے شعبہ آرٹ اینڈ گرافک ڈیزائن کے قیام کے بارے ممبران مجلسِ شوریٰ کو آگاہ کیا۔ اس شعبہ کے قیام کو آئینی حیثیت دینے کے لیے مجلسِ شوریٰ نے متفقہ طور پر ووٹنگ کے ذریعے اس کی منظوری دی۔ آخر میں احسن علی سروری قادری نے دعائے خیر کروائی۔

تعلیماتِ فقر کے فروغ کے لیے سوشل میڈیا کا اہم کردار
اس سلسلہ میں تحریک دعوتِ فقر کے سوشل میڈیا ونگ کے اہم اجلاس

دورِ حاضر میں سوشل میڈیا انتہائی تیزی سے ہماری زندگیوں پر اثر انداز ہو رہا ہے۔ آج کوئی بھی انسان دنیا کے کسی بھی کونے میں بیٹھے ہوئے دوسرے انسان سے سوشل میڈیا فورمز مثلاًفیس بک، انسٹا گرام، ٹوئیٹر وغیرہ کے ذریعے ایک لمحے میں رابطہ قائم کر سکتا ہے۔ تحریک دعوتِ فقر کا شعبہ سوشل میڈیا تمام سوشل فورمز پر بہترین اور مؤثر انداز میں فقرِمحمدی کا پیغام پھیلانے کے لئے دن رات کوشاں ہے۔ سال 2021 میں مختلف سوشل فورمز کی پالیسی میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے پیشِ نظر خانقاہ سلسلہ سروری قادری لاہور میں 11، 15اور 20 مئی کو شعبہ سوشل میڈیا کے اہم نوعیت کے اجلاس ہوئے جن میں تمام سوشل میڈیا نگران حضرات نے شرکت کی۔ اجلاسوں کے دوران ایک ایک سوشل فورم کی پالیسی پر تفصیلی غوروفکر کے بعد جامع لائحہ عمل تیار کیا گیا تاکہ سلسلہ سروری قادری کے اکتیسویں شیخِ کامل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی راہنمائی میں معرفتِ الٰہی کا پیغام بلا تعطل دنیا کے کونے کونے میں ہر خاص و عام تک پہنچتا رہے۔

تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ کمیٹی کا تمام شعبہ جات کے انچارجز کے ساتھ اجلاس
شعبہ جات کی مستقبل کی پلاننگ اور ان کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلاً گفتگو

تحریک دعوتِ فقر کے انتظامی دفتر خانقاہ سروری قادری میں 21 مئی 2021 بروز جمعہ انتظامیہ کمیٹی اور شعبہ جات کے انچارجز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدرات صدر تحریک دعوتِ فقر سعید جعفر نے کی۔ تمام شعبہ جات کے انچارجز نے اپنے مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں انتظامیہ کو آگاہ کیا اور اس سلسلے میں درپیش مسائل بھی انتظامیہ کے سامنے پیش کیے۔ انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر نے انچارجز کو یقین دہانی کروائی کہ انتظامیہ کمیٹی ہر قدم پر تحریک دعوتِ فقر کے تمام شعبہ جات کی معاونت کے لیے تیار ہے۔ سلطان الفقر پبلیکیشنز کے انچارج احسن علی سروری قادری نے خصوصی طور پر کتابوں کی اشاعت کے حوالے سے جاری پراجیکٹس کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا۔ اللہ پاک تحریک دعوتِ فقر کے تمام شعبہ جات کو کامیابی و کامرانی عطا فرمائے۔ آمین

 
 

تحریک دعوتِ فقر نیوزtehreek-dawatefaqr-news” ایک تبصرہ

  1. ماشاءاللہ
    تحریک دعوت فقر
    فقر کے پیغام کو پوری دنیا میں پھیلا رہی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں