تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr News

Spread the love

Rate this post

تحریک دعوتِ فقر نیوز  Tehreek Dawat-e-Faqr News

نیوز رپورٹر: محمد عثمان صادق سروری قادری

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کا خانقاہ سلطان العاشقین میں قیام اور بزمِ سلطان العاشقین

بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ کے سلسلہ سروری قادری کے اکتیسویں شیخ ِکامل، امام ِمبین، مجدّد ِدین، ابو المرتضیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے ماہ مئی اور جون 2025ء کے دوران خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف میں خصوصی قیام فرمایا۔ آپ مدظلہ الاقدس روزانہ کی بنیاد پر اپنی مبارک اور بابرکت صحبت سے طالبانِ مولیٰ اور عقیدتمندوں کے قلوب کو نورِ معرفت سے منور فرماتے رہے۔ 

اس دوران 18 مئی 2025 ء بروز اتوار بزمِ سلطان العاشقین کی صدارت بھی فرمائی جس میں آپ مد ظلہ الاقدس نے راہِ حق کے متلاشی مرد و خواتین کو بیعت اور بغیر بیعت اسمِ اللہ ذات اسمِ اعظم کی نعمت سے بھی سرفراز فرمایا اور طالبانِ مولیٰ کو اپنے دیدار سے بہرہ ور فرمایا۔ علاوہ ازیں آپ مد ظلہ الاقدس نے مسجدِ زہراؓکے تعمیراتی امور کا خصوصی جائزہ بھی لیا۔

عید الاضحی 2025ء اور تحریک دعوتِ فقر

۱۔ نمازِعید کی ادائیگی 

10 ذوالحج 1446 ھ بمطابق 7 جون 2025ء بروز ہفتہ مسجدِزہراؓ میں عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و محبت سے منائی گئی۔
محب کے لئے محبوب اور عاشق کے لئے معشوق کی دید ہی عید کا درجہ رکھتی ہے۔ اور اگر بات ہو عشقِ حقیقی کی تو عاشقانِ صادق کے لئے مرشد کامل اکمل کا دیدار ہی حقیقی عید ہوا کرتا ہے۔ ان کی مبارکباد ہلالِ عید کے بجائے اپنے محبوب مرشد کے مبارک چہرے کی جھلک سے مشروط ہوتی ہے جسے دیکھ کر وہ راہِ عشق کی تمام تر منازل طے کرتے ہیں۔ بقول شاعر: 

تم آؤ کہ تم کو دیکھ کر افطار کریں ہم
مدّت ہوئی ہے آنکھ کا روزہ رکھے ہوئے

موجودہ دور کے انسانِ کامل، تحریک دعوتِ فقر کے بانی و سرپرستِ اعلیٰ، امام سلسلہ سروری قادری، سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی خصوصی شرکت نے اس اجتماع کو مزید بابرکت بنا دیا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے مجلسِ خلفا، مریدین اور اہلِ علاقہ کے ہمراہ نمازِ عید مسجدِزہراؓ میں ادا فرمائی۔ نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد تمام مریدین اور عقیدتمندوں نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے فرداً فرداً گلے مل کر عید کی مبارکباد پیش کی۔آپ مدظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین میں بھی مریدین اور عقیدت مندوں کو اپنی نورانی صحبت سے فیضیاب فرما کر عید کی خوشیاں دوبالا فرما دیں۔ خانقاہ سلطان العاشقین میں مہمانانِ گرامی کے لئے شیرینی اور پر تکلف لنگر کا بھی وسیع اہتمام کیا گیا تھا۔

۲۔ قربانی 

 سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی ہدایات کے عین مطابق ہر سال تحریک دعوتِ فقر کے زیرِاہتمام سنتِ ابراہیمی ؑکی یاد میں قربانی کا اہتمام کیا جاتاہے۔ ’’سنتِ ابراہیمی‘‘ درحقیقت عشقِ الٰہی، اطاعت اور تسلیم و رضا کی وہ لازوال داستان ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کو قربانی، صبر اور ایمان کی تعلیم دیتی رہے گی۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا خواب میں اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ کی راہ میں قربان کرنے کا حکم پانا اور بغیر کسی تردد کے اس پر عمل کرنے کی تیاری کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ قربانی کا تعلق محض ظاہر سے نہیں بلکہ باطن کی کامل تسلیم و رضا سے ہے۔ بقول شاعر: 

سر تسلیم خم ہے جو مزاجِ یار میں آئے

اسی سنت کو زندہ رکھتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمان ہر سال عید الاضحی کے موقع پر انتہائی جوش و خروش سے قربانی کا اہتمام کرتے ہیں۔ ایسے میں تحریک دعوتِ فقر نے اپنی سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں وسیع پیمانے پر قربانی کا اہتمام کیا جس میں علاقائی لوگوں کے ساتھ ساتھ ملکی و بین الاقوامی سطح پر مریدین اور عقیدت مندوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ گوشت کی تقسیم کے لئے خصوصی ٹیمز تشکیل دی گئی تھیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا جا سکے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جس جس نے بھی جانی و مالی لحاظ سے اس کار ِخیر میں حصہ لیا اور معاونت کی اُنہیں اجرِعظیم عطا فرمائے ۔آمین

۳۔عید ملن تقریب 

11 ذوالحج 1446 ھ بمطابق 8 جون 2025ء بروز اتوار عید الا ضحی کے دوسرے روز خانقاہ سلطان العاشقین میں عید ملن تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔ اس بابرکت تقریب میں مجلسِ خلفا، مریدین اور اہلِ علاقہ سمیت لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنے محبوب مرُشد سے گلے مل کر عید کی خوشیوں کو دوبالا کیا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے حاصل کی۔ عید الاضحی کے موقع پر جہانگیر علی سروری قادری کا خصوصی طور پر لکھا گیا کلام پیش کرنے کی سعادت محمد رمضان باھو سروری قادری کے حصے آئی جنہوں نے اپنی پر سوز آواز سے حاضرین کے جوش و ولولے کو ہوا دی جبکہ منصبِ نقابت حسبِ معمول منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوت ِفقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے سنبھالے رکھا۔ 

عیدِقرباں کی مناسبت سے انعقاد پذیر ہونے والی اس تقریب کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس میں ہر سال مسجدِزہراؓ کے تعمیراتی مراحل کے حوالے سے دستاویزی فلم (ڈاکیومنٹری) بھی دکھائی جاتی ہے۔ سال 2020 ء عید الاضحی کے موقع پر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مد ظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین سے ملحق رقبہ پر مسجدِزہراؓ کا سنگِ بنیاد رکھاتھا۔ مسجد کی تعمیر کو رواں سال 2025ء میں 5 سال مکمل ہونے پر سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کے توسط سے ڈاکیومنٹری کا مرحلہ پنجم باقاعدہ طور پر نشر کیا گیا۔ڈاکیو منٹری مرحلہ پنجم کو یوٹیوب اور فیس بک سمیت تحریک دعوتِ فقر کے زیرِانتظام دیگر سوشل میڈیا فورمز پر بھی اَپ لوڈ کیا جا چکا ہے۔ دستاویزی فلم میں نہ صرف مرحلہ پنجم کی تکمیل کو اُجاگر کیا گیا بلکہ اُن تعمیراتی کاموں پر بھی روشنی ڈالی گئی جو تاحال جاری و ساری ہیں جن میں مسجد سے طہارت خانہ اور وضو خانہ تک ماربل کا فرش بچھاناہے۔

الحمدللہ !سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کی سرپرستی، کنسٹرکشن کمیٹی کی خصوصی دلچسپی اور ماہرین کی شبانہ روز محنت کی بدولت مسجد کی تزئین و آرائش کا کام تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ مسجدِزہراؓ کی شان کے لئے یہی کافی ہے کہ اس کا نام سیدّہ کائنات، جگر گوشۂ رسولؐ، اُمّ الحسنین، طیبہ، طاہرہ، سیدّۃ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا کے اسمِ گرامی پر رکھا گیا ہے۔ اس حوالے سے آپ مد ظلہ الاقدس 27 اپریل 2025 ء بروز اتوار بزمِ سلطان العاشقین کے موقع پر فرما چکے ہیں کہ ہمارے دور کی سب سے اہم ڈیوٹی مسجدِزہراؓ کی ڈیوٹی ہے۔ جن لوگوں نے بھی مسجدِ زہراؓکی تعمیر کے لئے (جانی و مالی) ڈیوٹی کی اور جو کر رہے ہیں اللہ پاک نے انہیں بہت نوازا ہے اور آئندہ بھی نوازے گا۔

اس دستاویزی فلم کے ساتھ ہی تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ جس کے بعد سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس نے تمام شرکائے تقریب سے فرداً فرداًعید ملی ۔ تقریب کے بعد حسبِ روایت تمام مہمانوں کی شاندار لنگر پاک سے تواضع کی گئی۔

شعبہ جاتی تقرری

15 مئی 2025 ء بروز جمعرات، دستور تحریک دعوتِ فقر کے آرٹیکل (11) 10 کے تحت عبد الخالق سروری قادری کی شعبہ سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشنز میں بطور ممبر تقرری کی گئی جہاں وہ تحریک دعوتِ فقر کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کرنے کے لئے اپنی خدمات پیش کر سکیں گے۔ یاد رہے تحریک دعوتِ فقر کے زیرِاہتمام منعقد ہونے والی تمام چھوٹی بڑی محافل کی کوریج شعبہ ہٰذا کے ذمے ہے۔

 

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں