News

تحریک دعوتِ فقر نیوز | Tehreek Dawat e Faqr News

Spread the love

Rate this post

تحریک دعوتِ فقر نیوز

19 اگست-یومِ ولادت باسعادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس

19اگست کا مبارک دن طالبانِ مولیٰ کے لئے اللہ تعالیٰ کاایک بہت بڑا انعام اور فضل ہے کہ اس بابرکت روز بانی و سرپرست ِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس امت ِ محمدیہ کی فقر ِ محمدیؐ کی جانب راہنمائی کے لئے عالم ِ ظاہر میں جلوہ افروز ہوئے۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس 19اگست 1959ء بمطابق 14 صفر 1379ھ بدھ کے روز بخشن خان تحصیل چشتیاں ضلع بہاولنگر میں پیدا ہوئے۔ اس با برکت دن کی یاد اور خوشی میں آپ مدظلہ الاقدس کے مریدین ہر سال ایک شاندار تقریب کا اہتمام کرتے ہیں۔ یہ تقریب سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی قائم کردہ جماعت تحریک دعوتِ فقر کے زیر اہتمام منعقد کی جاتی ہے۔ حسب ِ روایت تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ نے رواں سال بھی 19 اگست 2020ء بدھ کے روز ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس سال یہ تقریب ِ سعید خانقاہ سلطان العاشقین میں انعقاد پذیر ہوئی۔

مریدین و محبین تقریب میں فیوض و برکات سمیٹنے کیلئے ایک روز قبل ہی خانقاہ سلطان العاشقین میں پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ خانقاہ سلطان العاشقین اور اس سے ملحقہ زیر ِ تعمیر مسجد زہرا تحریک دعوتِ فقرکا ایک منفرد اور جامع پراجیکٹ ہے جو سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی زیر ِ نگرانی بڑی تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کر رہا ہے۔ اس وسیع و عریض خانقاہ سلطان العاشقین میں ہزاروں طالبانِ مولیٰ کے قیام و طعام کی گنجائش ہے لہٰذاخانقاہ سلطان العاشقین کے نگران اور عہدیداران کی جانب سے اس مبارک دن پر کثیر تعداد میں تشریف لانے والے مریدین و عقیدتمند حضرات کے قیام و طعام کا بہترین بندوست کیا گیا تھا۔ انتظامیہ کمیٹی تحریک دعوتِ فقر نے تحریک کے مختلف شعبہ جات کے تعاون سے شرکائے محفل کے لیے بہترین انتظامات کر رکھے تھے جن میں پنڈال اور سٹیج کی تیاری، سجاوٹ، لنگر، سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب کا سٹال، سیکورٹی اور بالخصوص کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد شامل تھے۔ 

19اگست 2020ء کی صبح سے ہی مریدین کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ ہر چہرے سے خوشی جھلک رہی تھی اور ہر آنکھ مجددِ دین، امامِ مبین سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی زیارت کی مشتاق تھی۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس تقریب میں صدارت کے فرائض سر انجام دینے کے لئے اپنے خلفا اور سیکورٹی کے ہمراہ اپنی رہائش گاہ سلطان العاشقین ہاؤس وحدت روڈ لاہور سے صبح دس بجے روانہ ہوئے۔ دوسری جانب خانقاہ سلطان العاشقین میں مریدین شدت سے اپنے مرشد و ہادی کے استقبال کے منتظر تھے اورخانقاہ سلطان العاشقین کے باہر دور تلک پھولوں کی پتیاں اور تحریک دعوتِ فقر کے پرچم تھامے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی گزرگاہ کے دونوں جانب کھڑے تھے۔ جونہی سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا قافلہ خانقاہ کے قریب پہنچا مریدین و محبین محبت و عشق سے گل پاشی کرنے لگے۔ رنگیل پور کی فضا سلطان العاشقین زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے پانچوں خلفانے فرداً فرداً آپ مدظلہ الاقدس کو انتہائی عقیدت و احترام سے گلدستے  پیش کرکے پنڈال میں خوش آمدید کہا۔ 

پنڈال میں موجود ہر ایک کی زبان پر ایک ہی نعرہ تھا ’’سلطان العاشقین زندہ باد‘‘۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے اپنا دست مبارک ہوا میں بلند کرکے پنڈال میں موجود حاضرین کے نعروں کا جواب دیا اور مسند ِ صدارت پر جلوہ افروز ہوئے۔ منتظم ِ اعلی تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس صاحب نے محفل کی نقابت کے فرائض سنبھالے اور تمام حاضرین ِ محفل کو تحریک دعوتِ فقرکی جانب سے خوش آمدید کہا۔ محفل کا باقاعدہ آغاز قاری محمد عابد سروری قادری نے تلاوتِ قرآن پاک سے کیا۔ تلاوت ِ کلام پاک کے بعد سلطان محمد نعیم عباس صاحب نے ہدیۂ نعت کا نذرانہ پیش کرنے کے لئے محسن رضا سلطانی کو سٹیج پر دعوت دی۔محسن رضا سلطانی نے 

کِنّا سوہنا سوہنا مکھڑا سرکارؐ دا
تکدے نصیباں والے مکھڑا سرکارؐ دا

اپنے منفرد انداز میں پڑھ کر حاضرین ِ محفل کے دل جیت لئے۔ نعت رسولِ مقبول صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے بعد سلطان محمد نعیم عباس صاحب نے تقریب کی مناسبت سے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی شان میں منقبت پیش کرنے کے لئے عطا الوہاب سروری قادری کو سٹیج پر مدعو کیا۔

دلبر ہے میرا سوہنا اَج جگ تے ویکھو آیا
تاریکیاں ہٹا ئیاں سارا جگ ہے جگمگایا

اس خوبصورت منقبت پرعطاالوہاب سروری قادری نے حاضرین محفل سے خوب داد وصول کی۔ دورانِ محفل مسند ِ صدارت پر فائز سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس اپنی نگاہِ کاملہ سے طالبانِ مولیٰ کا تزکیہ ٔ نفس بھی فرماتے رہے اور عشاق کی تشنگی اپنی دید سے مٹاتے رہے۔

عطا الوہاب سروری قادری کے بعد ایک مرتبہ پھر محسن سلطانی نے اپنی آواز کا ایسا جادو جگایا کہ محفل میں سماں بندھ گیا۔

عشق دی آئی ہن بہار‘ سلطان نجیب سوہنا یار

موقع کی مناسبت سے تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ کمیٹی نے ایک انتہائی خوبصورت اور لذیز کیک کا بھی اہتمام کیا تھا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے اپنے دست ِ مبارک سے کیک کاٹا اورمنتظم ِ اعلی تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے اپنے ہاتھ سے کیک سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کو کھلایا۔ یہ تمام منظر قابل ِ دید تھاکہ جب سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس اپنے مریدین کی خوشی کی خاطرکیک کاٹنے کی روایت پوری کر رہے تھے۔ ادھر پنڈال سلطان العاشقین زندہ باد کے نعروں سے گونج رہا تھا۔ شرکائے محفل آپ مدظلہ الاقدس سے محبت کے اظہار میں نعرے لگاتے نہ تھکتے تھے۔

محفل کے اختتام پر محمد فاروق ضیا سروری قادری نے جامع دعا کروائی جس میں خاص طور پر ملک ِ پاکستان کی سا  لمیت کی دعا کی گئی۔ دعا کے بعد صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو بیعت فرمایا اور ذکر ِ یاھُو اور تصور اسم ِ اللہ ذات کی لازوال نعمت عطا فرمائی۔

شرکائے محفل کی تواضع کی خاطر شعبہ لنگر کی جانب سے وسیع پیمانے پر لنگر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ لنگر کے بعد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے شرکائے محفل سے ملاقات فرمائی۔ ملاقات کے بعد آپ مدظلہ الاقدس واپس سلطان العاشقین ہاؤس لاہور کیلئے روانہ ہوئے جہاں خواتین مریدین نے بھی اس خوشی کے موقع پر محفل کا اہتمام کیا ہوا تھا۔ خوش نصیب خواتین طالبانِ مولیٰ کوسلطان العاشقین نے بیعت فرمایا۔خواتین کی محفل میں بھی لنگر کا وسیع انتظام کیا گیا تھا۔

محفل بسلسلہ یادِ حسینؓ

اہل ِ بیت رضوان اللہ علیہم اجمعین سے محبت اور عقیدت ایمان کا خاصہ ہے۔ ان مقدس ہستیوں کی سیرت طالبانِ مولیٰ کے لیے راہِ حق پر روشن قندیل کی مثل ہے۔ خاص طور پر امامِ عاشقاں سیّد الشہدا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہٗ نے کربلا میں جو کردار ادا کیا وہ اپنی مثال آپ ہے۔ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہٗ نے اپنی جان کی قربانی دے کر دین ِ حقیقی کو بقا عطا کی۔ تسلیم و رضا کی جو تاریخ حضرت امام حسینؓ نے رقم کی وہ رہتی دنیا تک سنہرے حروف میں لکھی جاتی رہے گی۔ 

سروری قادری مشائخ اور طالبانِ مولیٰ یومِ عاشورہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہٗ کی یاد میں محافل منعقد کرواتے ہیں جس میں نہ صرف شہدائے کربلا کا تذکرہ ہوتا ہے بلکہ ان کی سیرت اور کربلا میں ان کے کردار کے متعلق گفتگو ہوتی ہے تاکہ طالبانِ مولیٰ شہدائے کربلا کے اوصاف کو اپناتے ہوئے راہِ حق اور دین ِ محمدی کے لیے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہ کریں۔

10 محرم الحرام 1442ھ بمطابق 30 اگست 2020ء سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی زیر سرپرستی محفل منعقد کی گئی۔ محفل کا انعقاد صبح 11 بجے زیر ِ تعمیر مسجد ِ زہرا و خانقاہ سلطان العاشقین میں ہوا جس میں نہ صرف اہل ِ بیت سے عقیدت و محبت رکھنے والے مرد و خواتین نے دور دراز سے حاضر ہو کر شرکت کی بلکہ قرب و جوار سے بھی کثیر تعداد میں مرد و خواتین محفل میں شامل ہوئے۔ 

محفل کا آغاز تلاوتِ قرآن سے ہوا جس کی سعادت قاری محمد عابد سروری قادری نے حاصل کی اور محسن رضا سلطانی نے نعت شریف اور اہل ِ بیت کی شان میں منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔ جس کے بعد محمد فاروق ضیا سروری قادری نے دعائے خیر کروائی۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے تمام طالبانِ مولیٰ سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔ اس دوران بہت سے افراد نے اپنی ظاہری و باطنی مسائل کے حل کے لیے دعا کی اپیل کی جس کے لیے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے ان کے لیے خصوصی دعا فرمائی۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے خواتین طالبانِ مولیٰ کو بھی ملاقات کا شرف بخشا۔

سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو بیعت فرما کر سلسلہ سروری قادری میں شامل کیا اور انہیں ذکر و تصور اسم اللہ ذات اور مشق ِ مرقومِ وجودیہ کی اجازت مرحمت فرمائی۔ 

تمام حاضرین کی خاطر تواضع کے لیے خصوصی طور پر لنگر بھی تیار کروایا گیا۔

سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے زیارت کے لیے مرد و خواتین کی آمد کا سلسلہ شام گئے تک جاری رہا۔

مجلس ِ شوریٰ اور جنرل کونسل تحریک دعوتِ فقر کا مشترکہ اجلاس

تحریک دعوتِ فقر کی مجلس ِ شوریٰ اور جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس 12 ستمبر 2020ء بروز ہفتہ خانقاہ سلطان العاشقین میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا پہلا ایجنڈا تحریک دعوتِ فقر کے دستور2009ء کی منسوخی اور نئے دستور 2020 کا نفاذ تھا۔ اجلاس کا دوسرا اہم ایجنڈا محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشن ِ عید میلاد النبیؐ کی تیاریوں کے حوالے سے تھا۔ اس موقع پر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے خلفا سلطان محمد نعیم عباس صاحب، سلطان محمد عبداللہ اقبال صاحب، سلطان محمد حسنین محبوب صاحب اور سلطان محمد ناصر حمید صاحب نے خصوصی شرکت کی۔ 

اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن سے ہوا جس کی سعادت حافظ حماد الرحمن سروری قادری نے حاصل کی۔ جنرل سیکریٹری تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز نے اجلاس کے تمام شرکا کو ایجنڈا پڑھ کر سنایا اور تحریک دعوتِ فقر کے پرانے آئین 2009ء کی منسوخی کے متعلق قرارداد پیش کی جس میں انہوں نے بتایا کہ تحریک دعوتِ فقر کی بنیاد 23 اکتوبر 2009ء میں رکھی گئی ہے۔ جس کے بعد 2020ء تک تحریک دعوتِ فقر میں بہت سے نئے شعبہ جات کا قیام عمل میں لایا جا چکا ہے اس حوالے سے ایک نئے دستور کی اشد ضرورت ہے جس میں تمام شعبہ جات اور ان کے قواعد و ضوابط کے متعلق تحریر ہونا چاہیے۔ تمام شرکائے اجلاس نے اس قرارداد سے اتفاق کیا۔ جلد ہی تحریک دعوتِ فقر انتظامیہ نیا دستور تیار کر کے مجلس ِ شوریٰ کی منظوری سے نافذ کرے گی۔

محفل میلادِ مصطفی بسلسلہ جشن ِ عید میلاد النبیؐ کے وسیع پیمانے پر شاندار انعقاد کے حوالے سے تمام شرکا نے اپنی قیمتی آرا تحریر کر کے جوائنٹ سیکریٹری شیر علی سروری قادری کے حوالے کیں۔ 

اجلاس کے آخر میں متفرق امور پر گفتگو ہوئی جس کے بعد دعائے خیر کروائی گئی۔

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے لطف و کرم فرماتے ہوئے تمام ممبران مجلس ِ شوریٰ اور جنرل کونسل کو اپنی زیارت سے مشرف فرمایا اور مرتبہ فنا فی الشیخ کے اہم موضوع پر گفتگو بھی فرمائی۔ بہت سے مریدین نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے اس ہم موضوع پر سوالات بھی کیے اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے نہایت شفقت فرماتے ہوئے ان سوالات کے جوابات دیئے۔ اس سیر حاصل گفتگو سے تمام حاضرین کی معلومات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا۔

 

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں