قربِ دیدار | Qurb e Deedar


Rate this post

قربِ دیدار   

Qurb-e-Deedar

کامل دعوت صرف زندہ دم پڑھتا ہے۔ دعوتِ کامل میں اللہ تعالیٰ کے کلام قرآن مجید کی برکت سے مہمات میں پیش آنے والی تمام مشکلات ایک ہی لمحہ میں حل ہو جاتی ہیں اور مہم انجام کو پہنچ جاتی ہے۔ جب زندہ قلب طالب دعوتِ مکمل پڑھتا ہے تو دعوت شروع کرتے ہی اس کے زندہ دل پر دلیل اور الہام وارد ہونے لگ جاتے ہیں اور تمام کارِ مہمات اپنے انجام کو پہنچ جاتے ہیں اور طالب اپنے مقصود کو پا لیتا ہے۔ روحِ کُل والا صاحبِ وھم فقیر جب دعوت پڑھتا ہے تو واحدانیتِ واحد سے اسے آواز آتی ہے۔ یہ دعوت کل الکلید اور مشکل کشا ہے جو آنکھ جھپکنے میں تمام کارِ مہمات کو انجام تک پہنچا دیتی ہے اور اللہ کے جمال کا وصال عطا کر کے ہر حال کی حقیقت سے آگاہ کرتی ہے۔ دعوتِ جذب وہ ہوتی ہے جس میں قربِ الٰہی عطا کرنے والی دعوت کے تصور سے تمام مہمات کے امور اپنے مطلب و مقصود تک پہنچ جاتے ہیں۔ ان میں سے ہر ایک دعوت مقصود تک پہنچانے میں دیر کر سکتی ہے۔ عامل کی دعوت ہوا میں اڑنے والے تیز پرندے کی طرح ہے۔ مطالب کا تیر ان کی زبان کی کمان سے نکلتے ہی نشانے پر بیٹھتا ہے اور ارواح کی مدد اور قوت و توفیق سے ان کا ہر کام مکمل ہو جاتا ہے اور تمام مطالب حاصل ہو جاتے ہیں۔ البتہ اس دعوت میں بھی دیر ممکن ہے۔ کامل عاملِ دعوتِ کلُ وہ ہے جو کارِ مہمات کو اپنی توجہ، تصور، تفکر، اشتغالِ قرب اور توحید اللہ کی معرفت و وصال سے سرانجام دیتا ہے۔ ایسا صاحبِ دعوت ناظرِ کل ہوتا ہے اور دونوں جہان اس کے سامنے حاضر رہتے ہیں اور ان کا نظارہ اس کے مدنظر رہتا ہے۔ یا یہ کہ منتہی عامل کامل صاحبِ دعوت قربِ حضوری کی بدولت ہر بات اور ہر حقیقت سے آگاہ رہتا ہے۔ قربِ الٰہی کے باعث اس کی نظر و نگاہ کو قوت و جمعیت حاصل ہوتی ہے۔ کامل صاحبِ دعوت جب کسی کام کو اپنی توجہ کے قبضہ و قید میں لاتا ہے تو جان لو کہ اس کا توجہ کرنا درحقیقت اللہ کا توجہ کرنا ہوتا ہے۔ اسے کام سرانجام دینے کے لیے لب ہلانے کی ضرورت نہیں۔ یہ ہے وہ دعوت جو توجہ کے عمل سے پڑھی جاتی ہے۔ اگر کسی کو دعوت پڑھنے، نقش و دائرہ پُر کرنے یا مؤکل اور جنونیت اور آسیب سے رجعت لاحق ہو جائے تو اسے کسی اور علاج کی ضرورت نہیں، صرف تصورِ اسم اللہ  ذات (Personal Name of Allah | Ism e Allah Zaat | Ism e Azam) سے ہی رجعت سے نجات مل جائے گی۔ معرفت و معراج کا حامل ہی دعوت پڑھنے کے لائق ہے۔ اہلِ دیدار کی ایسی کامل دعوت ناسوتی اہلِ مردار لوگوں کی پہنچ سے بہت دور ہے۔   
ابیات

دل بیدار حق دیدار جوید
بہر سخنی ز حق دیدار گوید

ترجمہ: بیدار دل اللہ کے دیدار کا متلاشی ہوتا ہے اور اس کی ہر بات دیدارِ حق سے متعلق ہوتی ہے۔ 

بہ زندگی دل روا باشد گواہی
کشش از وی کشش با دل آگاہی

ترجمہ: زندہ دل اللہ کی پہچان کے لیے کشش رکھتا ہے، یہ کشش دل کے زندہ ہونے کی گواہی کے لیے کافی ہے۔

دلم را راز شد از راز اللہ
خطی برکش بگرد ماسویٰ اللہ

ترجمہ: میرے دل پر اللہ کے رازوں میں سے ایک راز منکشف ہوا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے سوا ہر شے پر خط تنسیخ پھیر دے۔

کسی از خود فنا شد آنچہ تام است
فنا فی اللہ تعالیٰ باتمام است

ترجمہ:جو اپنی ذات کو فنا کر کے مکمل طور پر فنا فی اللہ ہو گیا وہی کامل ہے۔

چنان حباب بر آبش نمودن
شود با آب در آبش ربودن

ترجمہ: جیسے بلبلہ پانی کی سطح پر نمودار ہوتا ہے اور پانی میں غرق ہو کر پانی ہی بن جاتا ہے۔

چو اخگر آتش یک رنگ نام است
ولی گردی بخاکستر تمام است

ترجمہ: جب چنگاری آگ میں جل کر خاکستر ہو جاتی ہے تو پھر چنگاری اور آگ دونوں کا رنگ اور نام ایک ہی ہو جاتا ہے۔ 

جسم فی اللہ نور گردد بحر نوش
ذکر نورش نور ازو بالا عرش

ترجمہ:جسم اللہ کے نور میں فنا ہو کر بحر نوش ہو گیا۔ ذکر کا نور‘ ذاکر کو بھی نور بنا کر بالائے عرش لے گیا۔ 

منم بیدل کہ دل بامن نماندہ
کہ ورد روز و شب دیدار خواندہ

ترجمہ: میں بے دل ہوں کہ میرا دل مجھ میں نہ رہا۔ میں روز و شب دیدار کا ورد پڑھتا رہتا ہوں۔ 

بپرسیدم ز دل دیدار دیدہ
بگفت دیدہ ولی دیگر ندیدہ

ترجمہ: میں نے دل سے پوچھا کیا تو نے (اللہ) کا دیدار کیا؟ اس نے کہا اللہ کو اس نے دیکھا جس نے اس کے غیر سے نگاہ ہٹا لی۔ 

کسی بیند ز دل دیدار دائم
روا باشد کہ دل با روح قائم

ترجمہ: جس طالب کا دل ہمیشہ دیدار میں مشغول رہتا ہے اس کے لیے یہ کہنا مناسب ہے کہ اس کا دل روح کے ساتھ قائم ہو گیا ہے۔

کہ نفسی شد فنا با قرب اللہ
دلش شد روح و روحش غرق فی اللہ

ترجمہ: قربِ الٰہی سے جس کا نفس فنا ہو گیا، اس کا دل روح کے ساتھ ایک ہو کر اللہ میں غرق ہو گیا۔

دو عین یک نظر عینک نماید
حضوری معرفت از دل کشاید

ترجمہ: جب (دیدارِ الٰہی کی) عینک نصیب ہوتی ہے تو (ظاہری و باطنی) دونوں آنکھوں کی نظر ایک ہو جاتی ہے۔ معرفت اور حضوری کی راہ دل سے کھلتی ہے۔

ازل تا ابد بادیدار بودم
ز ابد دیدہ با دیدار بودم

ترجمہ: ازل سے ابد تک مجھے اللہ تعالیٰ کا دیدار حاصل ہے۔ ابد تک میری آنکھیں اللہ کے دیدار میں مشغول رہیں گی۔ 

دویم یک گشتہ در یک روز بینم
ز حق منکر نیم ہر روز بینم

ترجمہ: میں ایک ہی دن میں دوئی سے گزر کر اللہ سے یکتا ہو گیا۔ مَیں حق کا منکر نہیں ہوں، مَیں تو ہر روز اللہ کا دیدار کرتا ہوں۔

از ہزاران کسی بود آنجا رسیدہ
کہ غرق ماسویٰ مطلق بریدہ

ترجمہ: ہزاروں میں سے کوئی ایک طالب ہی ہوتا ہے جو غیر ماسویٰ سے مکمل کٹ کر یکتائی کے مرتبہ تک رسائی حاصل کرتا ہے۔

ز دیدہ نور نوری نور راز است
کہ چشم معرفت او را چو باز است

ترجمہ: نور کے دیدار سے جب چشمِ معرفت کھل گئی تو نور کا نوری راز بھی ظاہر ہو گیا۔

فرمانِ حق تعالیٰ ہے:
وَمَنْ کَانَ فِیْ ھٰذِہٖٓ اَعْمٰی فَھُوَ فِی الْاٰخِرَۃِ اَعْمٰی  (سورۃ بنی اسرائیل۔72)
ترجمہ: اور جو شخص اس دنیا میں (دیدارِ الٰہی سے) اندھا رہا پس وہ قیامت کے روز بھی اندھا ہی رہے گا۔

پس معلوم ہوا کہ دعوت کی ہر قسم، علمِ دعوت، حکمتِ دعوت، جمعیتِ دعوت، حکمِ دعوت، اجازتِ دعوت، رجعتِ دعوت اور روحانیتِ دعوت کو جاننا ضروری ہے۔ دعوت کی پانچ کلیدیں ہیں جن کا تصرف توحید اور حکم حضوری سے حاصل ہوتا ہے۔ جو ان کلیدوں سے بے خبر ہے وہ ناقص اور اہلِ تقلید ہے۔ جس قفل میں بھی ان کلیدوں کو ڈال دیا جائے، وہ ان کی برکت سے کھل جائے گا۔ 

اوّل کلید فیض الفضل
دوم کلید لوحِ محفوظ کے مطالعہ سے ازلی نصیبہ معلوم کرنا
سوم کلید نعم البدل
چہارم کلید جس سے رجعت، خطرات اور خلل دور ہوتے ہیں
پنجم کلید جس سے عامل کی ایک ہی نگاہ سے ہر دعوت عمل میں آ جاتی ہے۔

یہ ہیں دعوت کی مجموعۂ کلیدیں‘ جن کی اصل توحید ِ الٰہی ہے۔ دعوت کو پڑھنا اور مؤکلوں کو مسخر کرنا کوئی آسان کام نہیں۔ دعوت پڑھنے میں ایک لاکھ تئیس ہزار رجعتیں ہیں جن سے بعض کے وجود میں علم و وظائف کے غلبات سے دیوانگی، جنون، فقر، ہلاکت اور بے اعتباری پیدا ہوجاتی ہے اور بعض کو انانیت، ہوا و ہوس، رجوعات و مسخراتِ خلق کی رجعت لاحق ہو جاتی ہے۔ لیکن کامل اور عامل مرشد صاحبِ دعوت وہ ہے جس کا طالب ہر مرتبے، ہر رجعت اور ہر مقام پر غالب ہوتا ہے۔ دعوت میں انتہا اور کاملیت قربِ دیدار سے حاصل اور رواں ہوتی ہے جس سے دل بیدار، روح نظّار اور طالب مشاہدۂ سرّاسرار بین بن جاتا ہے۔ رجعت کے معنی غیر حق کی طرف رجوع کرنا ہے جو (حق کی بجائے) باطل تک پہنچا دیتا ہے۔
 رباعی

دعوتِ کامل بود کامل کرم
کامل سرشت با ادب و شرم

ترجمہ:کامل کی دعوت مکمل کرم ہوتی ہے۔ کامل فطرتاً باادب اور باحیا ہوتا ہے۔

ناقصی خوانی بود خانہ خراب
بہر اللہ دعوتش خواندن ثواب

ترجمہ: ناقص دعوت پڑھے تو صرف بربادی و خانہ خرابی ہے۔ لیکن جو اللہ کی خاطر دعوت پڑھے گا اس کا عمل اس کے لیے باعثِ ثواب ہو گا۔

بعض اہلِ دعوت عامل کے حکم و اجازت سے دعوت پڑھتے ہیں۔ جو حقیقی علمِ دعوت سے واقف ہے اس کو مبارکباد کہ وہ ہر حال میں دعوت پڑھ سکتا ہے۔ اگر عام شخص دعوت پڑھے تو اسے لذاتِ حیوانیہ ترک کرنا پڑتی ہیں اور اگر کامل پڑھے تو وہ جو چاہے کھا اور پہن سکتا ہے اور جس طریق سے چاہے دعوت پڑھے، اس کی دعوت رواں ہو جاتی ہے۔ جو شخص دنیاوی مال حاصل کرنے یا کسی دنیادار کی خاطر دعوت پڑھتا ہے وہ احمق اور ناقص ہے۔ وہ یقینا دعوت پڑھنے کا باتوفیق و باتحقیق طریقہ نہیں جانتا، کیونکہ صاحبِ دعوت لا یحتاج ہوتا ہے اور کسی سے کوئی حاجت نہیں رکھتا۔ اگر وہ حالتِ غضب میں بحر قرآن سے دعوت پڑھے تو کعبہ، مسلمانوں کی مساجد اور عرشِ اکبر کو ہلا کر رکھ دیتا ہے۔ آفرین ایسے اہل ِ دعوت پر جو لوگوں کی طرف سے دی گئی تکالیف کو برداشت کرتا ہے اور کسی کو ایذا نہیں پہنچاتا۔
 بیت:

ہم عاملم ہم کاملم رہبر خدا
ہم عارفم درویش بافقر و لقا

ترجمہ: میں عامل و کامل بھی ہوں اور راہِ خدا کا راہبر بھی۔ میں فقر اور دیدارِ الٰہی کا عارف اور درویش ہوں۔
اللہ بس ماسویٰ اللہ ہوس۔

وَصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی رَسُوْلِ خَیْرِ خَلْقِہٖ مُحَمَّدٍ وَّاٰلِہٖ وَاَصْحَابِہٖ وَاِتَّبَاعِہٖ وَاَوْلِیَآئِ اَجْمَعِیْنَ۔

تمت بالخیر  


اپنا تبصرہ بھیجیں