تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr News
نیوز رپورٹر: محمد عثمان صادق سروری قادری
عرس سیدنا غوث الاعظم رضی اللہ عنہٗ
(منعقدہ۔5اکتوبر 2025ء بمطابق 11ربیع الثانی1447ھ)
محبوبِ سبحانی، قطبِ ربانی، غوثِ صمدانی، شہبازِ لامکانی، امام الاولیا، سلطان الاولیا سیدنا غوث الاعظم حضرت شیخ محی الدین عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ کو اللہ تعالیٰ نے ایسا بلند مقام و مرتبہ اور کامل تصرف عطا فرمایا ہے جو اولیا میں کسی اور کو عطا نہ ہوا۔ آپ کی فضیلت اور شان تمام مشائخ میں بلند تر ہے۔ اگر کسی کو ولایت یا کوئی روحانی و باطنی مرتبہ و منصب عطا ہوتا ہے وہ سیدنا غوث الاعظمؓ کی منظوری کے بعد ہی عطا ہوتا ہے۔ تمام سلاسل کے مشائخ اور اولیا کاملین سیدنا غوث الاعظمؓ کی بارگاہ کے محتاج ہیں اور آپ کی درگاہ کی دربانی پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ آپ کی یاد میں ہر ماہ کی 11 تاریخ کو گیارہویں شریف کی محافل منعقد کی جاتی ہیں اور آپ کا عرس مبارک جسے بڑی گیارہویں شریف کہا جاتا ہے، بھی انتہائی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے۔
5 اکتوبر 2025ء بمطابق 11ربیع الثانی 1447ھ بروز اتوار بعد نماز ِظہر خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں تحریک دعوتِ فقر کے زیر ِانتظام عرس پاک سیدنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانیؓ کا انعقاد ہوا جس کی صدارت بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر و امام سلسلہ سروری قادری سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔
محفل کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد حمزہ ادریس سروری قادری نے حاصل کی جبکہ نقابت کا فریضہ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے ادا کیا۔ بارگاہ ِخاتم المرسلین میں گلہائے عقیدت نچھاور کرنے کے لئے محمد رمضان باھو سروری قادری سٹیج کی زینت بنے۔
بعد ازاں سلطان محمد احسن علی سروری قادری تشریف لائے جنہوں نے شان سیدناغوث الاعظم پر انتہائی پراثر خطاب فرمایا۔ دینِ اسلام کے احیائے، بدعات کے خاتمے اور فقرِ محمدی کے فروغ کے لیے آپ کی خدمات اور ان تھک کاوشوں کو مختصر مگر جامع انداز میں حاضرین محفل کے گوش گزار کیا۔ سیّدنا غوث الاعظمؓ صرف مادر زاد ولی ہی نہیں بلکہ اپنے دور کی وہ کامل و مکمل ہستی ہیں جنہوں نے اسلام کی حقیقی روح کو نہ صرف زندہ کیا بلکہ اس کی حقیقی ترجمانی بھی فرمائی۔ دور حاضر میں آپ ہی کے سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس مرشد کامل اکمل کے منصبِ جلیلہ پر فائض ہیں۔ آپ مد ظلہ الاقدس کی دینِ اسلام سے محبت اور عشقِ حقیقی کی تڑپ کی بدولت آپ کو مجلسِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سے شبیہ غوث الاعظم کا لقب عطا ہوا۔ جس کا مطلب ہے کہ جس طرح پیران پیر سیدنا غوث الاعظم دستگیر نے اپنے دور میں اشاعتِ دین فرمائی آج کے دور میں اس کی جھلک سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کی صورت میں دیکھی جا سکتی ہے جنہوں نے امانتِ الٰہیہ کی منتقلی کے بعد سے آج کی تاریخ تک ہر لمحہ اور ہر لحظہ خود کو فقرِ محمدیؐ کے فروغ کے لئے وقف کیے رکھا۔ اسمِ اللہ ذات اور اسمِ محمدؐ کے فیض کو عوام الناس پر نہ صرف کھولا بلکہ آسان بھی فرما دیا۔ اب سے آپ مد ظلہ الاقدس کی خانقاہ ہی مرکزِفقر ہے۔ جسے بھی فقر ملے گا آپ مد ظلہ الاقدس کی نگاہ اور منظور ی سے ہی حاصل ہو گا۔
سلطان محمد احسن علی سروری قادری کے خطاب کے بعد سیدنا غوث الاعظمؓ کی شان میں منقبت کا نذرانہ پیش کرنے کے لئے عطا الوہاب سروری قادری تشریف لائے۔ ختم شریف اور دعائے خیر کے لئے سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری تشریف لائے۔ اس کے بعد تمام شرکائے محفل نے دست بستہ کھڑے ہو کر بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں درود و سلام کا ہدیہ پیش کیا جبکہ اختتامی دعا پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمن سروری قادری نے کروائی۔
بعد ازاں تمام مہمانوں کی بہترین لنگر پاک سے تواضع کی گئی۔ مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس نے بیعت کے متمنی مرد و خواتین کو بیعت فرما کر اسمِ اللہ ذات کی لازوال دولت سے بہرہ مند فرمایا اور سب مہمانوں سے ملاقات فرمائی۔
معزز قارئین کرام! آپ تحریک دعوتِ فقر کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی تمام محافل اور تقاریب ہمارے آفیشل سوشل میڈیا چینلز پر ملاحظہ فرما سکتے ہیں۔
صحبتِ سلطان العاشقین
ماہِ ستمبر اور اکتوبر 2025ء کے ایام میں تاجدارِ عشق و فقر، مرشد کامل اکمل، فقیرمالک الملکی، سلطان الفقر ہفتم، سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈا ملتان روڈ لاہورمیں اپنے جمالِ باطن سے سر زمینِ لاہور کو منوّر فرمایا۔
یہ ایام طالبانِ مولیٰ کے لیے بہارِ روحانی سے کم نہ تھے۔ قریہ قریہ، بستی بستی سے مرد و خواتین، عاشقانِ حق و حقیقت اپنے دلوں کے زنگ کو صیقل کروانے اور ذکرو تصور اسمِ اللہ ذات کی لازوال نعمت کے حصول کے لیے دیوانہ وار حاضر ہوتے رہے۔ آپ مدظلہ الاقدس کی نگاہ ِکاملہ نے اُن قلوب پر ایسی تجلی ڈالی کہ جو دنیا کی محبت سے آلودہ تھے، وہ نورِ عشقِ الٰہی سے پاکیزہ و مصفا ہو گئے۔
معمول کی ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ دورانِ قیام آپ مدظلہ الاقدس مسجدِزہراؓ میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد نہایت شفقت و محبت سے ہر نمازی سے فرداً فرداً ملاقات فرماتے رہے۔ آپ کی مسکراہٹ میں شفقتِ مصطفوی کی جھلک اور آپ کی نظر میں نورِ ولایت کا فیضان وہ خوشبو ہے جسے آپ سے ملنے والا ہر خاص و عام جانتا اور اپنی اپنی استعداد کے مطابق محسوس کرتا ہے۔
روزانہ کی بنیاد پر ملاقاتوں کے علاوہ آپ مد ظلہ الاقدس نے 21,14 اور 28 ستمبر بروز اتوار منعقد ہونے والی بزمِ سلطان العاشقین کی صدارت بھی فرمائی جہاں ہمیشہ کی طرح مرد و خواتین کے لئے الگ الگ انتظامات کئے گئے۔
بلا شبہ آپ مدظلہ الاقدس کی ہر نشست نور اور سکون کی ایک نئی کائنات ہوتی ہے۔ وہاں الفت کے چراغ جلتے ہیں، ذکر کے نغمے بکھرتے ہیں اور دلوں میں قربِ الٰہی کے سمندر موجزن ہو جاتے ہیں۔ آپ کی صحبت اور اسمِ اللہ ذات کی برکت سے طالبِ دنیا، طالبِ مولیٰ بن جاتا ہے۔ غفلت کی نیند میں سویا ہوا بیدار ہو جاتا ہے اور بدنصیبی کی شب، خوش نصیبی کی سحر میں بدل جاتی ہے۔آپ کا فیضان ایسا اکسیر ہے جو زنگ آلود قلوب کو آئینۂ حق بنا دیتا ہے۔ جو آپ کی نگاہ میں آ جائے، اس کی تقدیر پلٹ جاتی ہے اور یوں خانقاہ سلطان العاشقین ہر لمحہ ایک ایسی روحانی بزم کا منظر پیش کرتی ہے جہاں عشق، عرفان اور فقر کی خوشبو ہر سمت پھیلی ہوتی ہے۔
اجلاس مجلسِ شوریٰ تحریک دعوتِ فقر
(منعقدہ۔ 21ستمبر 2025 بروز اتوار)
21 ستمبر 2025ء بروز اتوارسہ پہر 4بجے منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری کی زیرِصدارت خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں مجلسِ شوریٰ تحریک دعوتِ فقر کااجلاس منعقد ہوا جس کا ایجنڈا عرس مبارک سیدنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ (بڑی گیارھویں شریف) کے انتظامات پر مشاورت تھا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا جس کی سعادت محمد قدیر اقبال سروری قادری نے حاصل کی۔ اس کے بعد جنرل سیکریٹر ی تحریک دعوتِ فقر ملک سجاول کھوکھر سروری قادری نے حاضرینِ اجلاس کو خوش آمدید کہا اور ایجنڈا سے آگاہ کیا۔ حاضرینِ اجلاس نے بڑی گیارھویں شریف کے مختلف پہلوؤں پر بہترین انتظامات کے لئے تجاویز پیش کیں جنہیں قلمبند کیا گیا۔ اس کے علاوہ تحریک دعوتِ فقر اور خانقاہ سلطان العاشقین کے امور اور معاملات کومزید بہتر بنانے پر گفتگو ہوئی۔ اجلاس کے اختتام پر حافظ وقار احمد سروری قادری نے دعائے خیر کروائی۔
خانقاہی اجلاس
23 ستمبر 2025ء بروز منگل صدر تحریک دعوتِ فقر و انتظامی نگران خانقاہ سلطان العاشقین، ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری کی زیرِ صدارت خانقاہ نشینوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں خانقاہ نشینوںسمیت دیگر انتظامیہ ممبران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں خانقاہ سلطان العاشقین کے روزمرہ امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ مختلف کاموں کے لئے ممبران کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں اور خانقاہ کے نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتاب میلہ میں شرکت
تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنز نے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے IBoox International Book Exhibition 2025 میں بھرپور شرکت کی۔ یہ کتاب میلہ 19 تا 21 ستمبر 2025ء بروز جمعہ، ہفتہ، اتوار جاری رہا۔ سلطان الفقر پبلیکیشنز کے اسٹال پر فقر و تصوف سے متعلق نایاب اور علمی کتب نے قارئین، محققین اور نامور قومی و علمی شخصیات کی خصوصی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔کتب میں سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تصنیفاتِ مبارکہ کے ساتھ ساتھ دیگر مشائخ عظام اور فقرائے کاملین کی نایاب کتب بھی شامل تھیں۔ ان کتب میں فقرِ محمدیؐ، معرفتِ الٰہی، اور عشقِ حقیقی جیسے اہم موضوعات پر مفصل رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔
کتاب میلہ میں آنے والے شرکا نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کے اسٹال پر گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کئی قارئین نے اسے ایک قیمتی علمی سرمایہ قرار دیا۔ انتظامیہ نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ سلطان الفقر پبلیکیشنز نے اپنی اس کاوش سے فکری اور روحانی مطالعہ کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ خلیفہ نگران سلطان الفقر پبلیکیشنز سلطان محمد احسن علی سروری قادری اور جوائنٹ سیکریٹری تحریک دعوتِ فقر نعمان ثاقب سروری قادری نے بک اسٹال پر تشریف لانے والے قارئین کی رہنمائی کے فرائض سرانجام دیئے۔ سلطان محمد عبداللہ اقبال سروری قادری نے بھی سٹال کا خصوصی وزٹ کیا۔
کتاب میلہ میں اسلام آباد سے سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری اور محمد فیضان یاسین سروری قادری نے ٹیم سلطان الفقر پبلیکیشنز کی معاونت کی جس پر ادارہ اُن کا شکر گزار ہے۔
شعبہ جاتی اجلاس
شعبہ سوشل میڈیا
8اکتوبر2025ء بروز بدھ سوشل میڈیا تحریک دعوتِ فقر کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ یہ اجلاس خلیفہ نگران سوشل میڈیا جناب سلطان محمد عبد اللہ اقبال سروری قادری اور معاون خلیفہ نگران سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری کی زیرِ صدارت آن لائن انعقاد پذیر ہوا۔ اجلاس میں شعبہ کے تمام انچارجز نے شرکت کی۔ اجلاس کا ایجنڈا سوشل میڈیا کی موجودہ کارکردگی کا جائزہ لینا اور مختلف سوشل فارمز پر نوجوان نسل کے رجحان کو مد نظر رکھتے ہوئے مستقبل کے لیے مؤ ثر حکمت َعملی مرتب کرنا تھا۔ تمام انچارجز کی آرا کی روشنی میں ایک جامع حکمتِ عملی مرتب کی گئی جس کی بدولت تحریک دعوتِ فقر کا شعبہ سوشل میڈیا مزید بہتر انداز میں فقرِ محمدیؐ کا پیغام ہر خاص و عام تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنز
12اکتوبر 2025ء بروز اتوار خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنز کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت شعبہ کے خلیفہ نگران سلطان محمد احسن علی سروری قادری صاحب نے کی۔ اجلاس میں شعبہ کی موجودہ کارکردگی پر روشنی ڈالی گئی اور نوجوان نسل کو کتاب دوستی کی طرف راغب کرنے کے لیے موزوں حکمتِ عملی پر تفصیلاً گفتگو ہوئی۔ گزشتہ ماہ منعقد ہونے والے اسلام آبادکتاب میلہ میں فرائض سر انجام دینے والے ممبران کی خدمات کو بھی سراہا گیا اور کتاب میلہ کے دوران سلطان الفقر پبلیکیشنز کے بک اسٹال پر تشریف لانے والے قارئین کی تجاویز اور آرا کو بھی زیر ِ بحث لایا گیا۔اس کے علاوہ مستقبل قریب میں شائع ہونے والی کتب اور شعبہ میں جاری دیگر سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔