تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr News

Rate this post

تحریک دعوتِ فقر نیوز  Tehreek Dawat-e-Faqr News

نیوز رپورٹر: محمد عثمان صادق سروری قادری

سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کا خانقاہ میں قیام 

 ماہِ مارچ و اپریل 2026ء کے دوران مرشد کامل اکمل جامع نورالہدیٰ، فقیر مالک الملکی، سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف، سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں خصوصی قیام فرمایا۔ دورانِ قیام آپ مد ظلہ الاقدس نے بروز اتوار خانقاہ سلطان العاشقین میں انعقاد پذیر ہونے والی تمام ہفتہ وار بزمِ سلطان العاشقین کی صدارت بھی فرمائی اور جمعہ کے روز مریدین و اہلِ علاقہ کے ہمراہ مسجدِزہراؓ میں نمازِجمعہ کی ادائیگی کے بعد متلاشیانِ حق کو ملاقات کا شرف بھی بخشا۔ یاد رہے خانقاہ سلطان العاشقین میں محافل اور عام ملاقات کے دوران خواتین کے لئے با پردہ انتظامات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں مہمانوں کی بہترین لنگر پاک سے تواضع بھی کی جاتی ہے۔ 

سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس اور آپ کی قائم کردہ جماعت تحریک دعوتِ فقر کا نصب العین دنیا بھر میں فقرِمحمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کو عام کرنا ہے جس کے لیے دورِ حاضر کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام تر جدید وسائل بروئے کار لائے جاتے ہیں۔ بطور فقیر کامل اور امام سلسلہ سروری قادری آپ مد ظلہ الاقدس سلطان الاذکار ھو کے ذکر اور اسمِ اللہ ذات کے تصور کی ترویج و اشاعت اور خلقِ خدا تک اس کا فیض پہنچانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔ آپ اپنی پاک صحبت، بلند نگاہِ کامل اور اسمِ اللہ ذات (جسے اسمِ اعظم بھی کہتے ہیں) کی تاثیر سے طالبانِ مولیٰ کا تزکیۂ نفس اور تصفیۂ قلب فرما کر اُنہیں معرفتِ الٰہی کے خزانوں سے مالا مال فرماتے ہیں۔ اندرون و بیرون ملک سے مرد و خواتین طالبانِ مولیٰ کی کثیر تعداد آپ مد ظلہ الاقدس کی صحبت سے فیضیاب ہونے کے لیے روزانہ اور ہفتہ وار بنیادوں پر خانقاہ سلطان العاشقین کا رُخ کرتی ہے۔ 

آپ سب کے لیے دعوت عام ہے کہ اگر آپ معرفت و لقائے الٰہی، قربِ حق تعالیٰ، مجلسِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی حضوری اور دیدارِ حق کے طلبگار ہیں، اگر آپ اپنے دل میں عشقِ حقیقی کا چراغ روشن کرنا چاہتے ہیں تو خانقاہ سلطان العاشقین کے دروازے آپ کے لیے بلا تفریق کھلے ہیں۔خانقاہ سلطان العاشقین کے قیام کا مقصد ہی طالبانِ مولیٰ کی باطنی تربیت کرنا ہے لہٰذا اس روحانی مرکز میں رنگ، نسل، مذہب، ذات پات، فرقہ اور مسلک کی تمیز کے بغیر محض اللہ کی مخلوق ہونے کی بنا پر تربیت کی جاتی ہے۔ آئیں اور اپنی قسمت چمکائیں۔

مسجدِزہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین میں جاری تعمیراتی و ترقیاتی امور کی اَپ ڈیٹ 

بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی ہدایات کے عین مطابق مسجدِزہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین کی چار دیواری کا کام پایۂ تکمیل کو پہنچ چکا ہے جبکہ اگلے مرحلے میں اس کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔ ساتھ ہی ساتھ مسجدِزہراؓ کے احاطے کو سفید سنگِ مرمر کے فرش سے آراستہ کرنے کا کام بھی ماہر انجینئرز کی نگرانی میں جاری و ساری ہے۔ علاوہ ازیں مسجد کے بر آمدے کی چھت کو بھی بہترین امپورٹڈ ٹائلوں سے مزین کیا جا رہا ہے۔ اس اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے ہر ہر پہلو کو مد نظر رکھا جا رہا ہے تاکہ فقر کے اس مرکز کی تعمیر و خوبصورتی میں کسی طرح کی کمی نہ رہنے پائے۔

علاوہ ازیں خانقاہ سلطان العاشقین میں خوبصورت و نایاب پرندوں کے لئے پنجروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جبکہ تزئین و آرائش کا کچھ کام باقی ہے جو تیزی سے تکمیلی مراحل کی جانب گامزن ہے۔پنجروں کی تعمیرِ نو بلاشبہ دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے جہاں خوبصورت اور اعلیٰ نسل کے جانور اور پرندے رکھے گئے ہیں جن میں مور ، کبوتر، سرخاب، کونج، چکور، خرگوش اور مختلف اقسام کی مرغیاں اور طوطے شامل ہیں۔

سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتاب میلہ میں شرکت

تحریک دعوت فقر کے شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنز نے ایجوکیشن ایکسپو اینڈ بک فئیر 2026ء میں شرکت کی۔ یہ کتاب میلہ ایوانِ قائد اعظم، جوہر ٹاؤن، لاہور میں 6، 7 اور 8 اپریل کو منعقد ہوا جہاں سلطان الفقر پبلیکیشنز کے ممبر نعمان ثاقب سروری قادری نے اسٹال پر ڈیوٹی کا فریضہ انجام دیا۔ 

اِس دوران سلطان الفقر پبلیکیشنز کے اسٹال پر فقر و تصوف سے متعلق علمی کتب نے قارئین، محققین اور نامور قومی و علمی شخصیات کی خصوصی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ ان میں سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تصانیف مبارکہ کے ساتھ ساتھ دیگر مشائخ سروری قادری کی نایاب کتب بھی شامل تھیں۔ جن میں فقرِمحمدیؐ، معرفتِ الٰہی، عشقِ حقیقی اور سلوک جیسے اہم موضوعات پر مفصل رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔ اس کتاب میلے میں آنے والے شرکا نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب کے ساتھ ساتھ ماہنامہ سلطان الفقر کے حوالے سے بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اسے ایک قیمتی علمی و روحانی سرمایہ قرار دیا۔

تبلیغی دورہ جات تحریک دعوتِ فقر گلی گلی شہر شہر 

26 مارچ 2026ء بروز جمعرات خلیفہ نگران شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد احسن علی سروری قادری کی زیرِقیادت جنرل پوسٹ آفس لاہور میں تبلیغی سرگرمیوں کا اہتمام ہوا۔ وفد میں جوائنٹ سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر نعمان ثاقب سروری قادری اور جنرل کونسل کے جنرل سیکرٹری غلام حیدر سروری قادری بھی شامل تھے۔ وفد نے سٹاف اور عوام الناس کو سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا پیغامِ فقر پہنچایا۔ ان سرگرمیوں میں حسیب حسن سروری قادری نے بھی خصوصی تعاون کیا۔ 

4 اپریل 2026ء بروز ہفتہ خلیفہ نگران شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد احسن علی سروری قادری کی زیرِقیادت گبہ فاضل تحصیل رینالہ خورد ضلع اوکاڑہ میں تبلیغی سرگرمیوں کا اہتمام ہوا۔ وفد میں معاون خلیفہ نگران سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری اور ممبر مجلسِ شوریٰ سعید جعفر سروری قادری بھی شامل تھے۔ 

وفد نے سرپرست تحریک دعوتِ فقر مپالکہ و گبہ فاضل، محمد آصف محمود سروری قادری کی رہائش گاہ پر اہلِ علاقہ کو سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا پیغامِ فقر پہنچایا۔ سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے مقصدِحیات اور اسمِ اعظم اسمِ اللہ ذات کے موضوع پر بیان فرمایا اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت ہوکر تصور اسمِ اعظم، مشق مرقومِ وجودیہ اور سلطان الاذکار ’’ھوُ‘‘ حاصل کرنے کی دعوت دی۔ ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے بھی فی سبیل اللہ تقسیم کئے گئے۔ 

بحکم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس، خلفا نے خواہشمندوں کو بغیر بیعت اسمِ اعظم کے پہلے ذکر کی اجازت عطا فرمائی۔ ان سرگرمیوں میں محمد سلامت سروری قادری نے خصوصی معاونت کی۔

11اپریل 2026ء بروز ہفتہ خانقاہ سلطان العاشقین سے تبلیغی وفد گوجرانوالہ، سرائے عالمگیرضلع گجرات اور کالا گجراں جہلم کی جانب روانہ ہوا۔ وفد کی قیادت خلیفہ نگران شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے کی۔ ان کے ہمراہ معاون خلیفہ نگران سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری اور ممبران مجلسِ شوریٰ اور دیگر ساتھی بھی شامل تھے۔ 

قافلہ شیڈول کے مطابق صبح 7بجے خانقاہ سلطان العاشقین لاہور سے روانہ ہوااور گوجرانوالہ میں فرخ امین سروری قادری کے گھر پہلا قیام کیا جہاں اہلِ علاقہ اور مریدین سلطان العاشقین سے ملاقات اور گفتگو کا سلسلہ جاری رہا۔ اس کے بعد قافلہ گوجرانوالہ میں ہی ایک اور مرید محمد عمیر مغل سروری قادری کے گھر پہنچا۔ نواحی مسجد میں عوام الناس کو اسمِ اعظم اسمِ اللہ ذات ، صحبت ِ مرشد اور بیعت کی اہمیت و ضرورت سے آگاہ کرنے کے بعد سرائے عالمگیرکی جانب رواں دواں ہوا۔ 

سہ پہر4 بجے قافلہ سرائے عالمگیر میں محمد یاسر عمران سروری قادری کے گھر پہنچا جہاں دوپہر کے کھانے اور دعائے خیر کے بعد قافلہ بھروٹ میں واقع تحریک دعوتِ فقر کے دفتر پہنچا جہاں عقیدتمندوں کی کثیر تعداد نے معزز مہمانوں کا پرجوش استقبال کیا۔ سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے ایک جامع بیان تمام شرکائے محفل کے گوش گزار کیا۔ بیان کے بعد کثیر تعداد میں لوگوں نے اسمِ اللہ ذات کی پہلی منزل کا ذکر حاصل کیا۔ دعائے خیر کے بعد قافلہ کالاگجراں جہلم کی جانب روانہ ہوا۔ بھروٹ میں محمد یاسر عمران سروری قادری، محمد عاطف سروری قادری اور محمد اخلاق سروری قادری نے خصوصی تعاون کیا۔

کالا گجراں جہلم میں تحریک دعوتِ فقر جہلم کے سرپرست ظفر اقبال سروری قادری کے گھر وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے مقصدِحیات اور اس کے حصول، مرشد کی ضرورت اور اہمیت پر ایک مفصل بیان عقیدتمندوں کے گوش گزار کیا اور انہیں خانقاہ سلطان العاشقین آنے کی دعوت دی گئی۔کثیر افراد نے بغیر بیعت کے اسمِ اللہ ذات کی پہلی منزل کا ذکر حاصل کیا۔ ظفر اقبال سروری قادری اور ان کے صاحبزادے محمد بلال ظفر نے خصوصی تعاون کیا۔ تبلیغی وفد بے شمار کامیابیاں سمیٹتا ہوا جہلم سے واپس خانقاہ سلطان العاشقین روانہ ہوا۔ 

 

اپنا تبصرہ بھیجیں