تحریک دعوتِ فقر نیوز tehreek-dawatefaqr-news


Rate this post

تحریک دعوتِ فقر نیوز

جنرل کونسل تحریک دعوتِ فقر کا اہم اجلاس
تحریک کے نئے سال کے مقاصد، یومِ عاشورہ اور یومِ ولادت سلطان العاشقین کے حوالے سے ممبران سے گفتگو

7 اگست 2021ء بروز ہفتہ شام 7 بجے خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں جنرل کونسل کا اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس کے ایجنڈے میں درج ذیل نکات شامل تھے:
؎  19 اگست یومِ ولادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس
؎  ممبران جنرل کونسل کو یومِ عاشورہ کی اہمیت سے آگاہی دینا
؎   مسجدِ زہراؓ تعمیر کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اس سلسلے میں عوام الناس سے عطیات کی اپیل
؎  اگست سے تحریک دعوتِ فقر کے نئے سال کے آغاز، ممبران کو نئے سال کے مقاصد اور ان کی تکمیل کے حوالے سے بریفنگ

ملک بھر سے ممبران جنرل کونسل نے اجلاس میں شرکت کی۔ صدر جنرل کونسل محمد عثمان صادق سروری قادری نے تمام ممبران کو اجلاس کے ایجنڈا کے تمام نکات پر بریفنگ دی جس پر تمام ممبران نے اپنی قیمتی آرا کو قلمبند کر لیا۔ صدر جنرل کونسل کی جانب سے ممبران کو تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ جات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تاکید کی گئی۔

مسجدِ زہراؓ کی تعمیراتی کام کے پہلے مرحلہ پر مبنی ڈاکیومنٹری کی رونمائی 

عید الاضحی2021ء کے بابرکت موقع پرعید ملن تقریب کے دوران خصوصی طور پر مسجدِ زہراؓ کے تعمیراتی کام پر مبنی ڈاکیومینٹری کی رونمائی کی گئی۔ گزشتہ برس 10 ذوالحجہ 1441 ہجری عید الاضحی کے پرُمسرت موقع پر بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے اپنے دستِ اقدس سے مسجدِ زہرؓا کا سنگ ِبنیاد رکھا۔ ایک سال بعد مسجدِ زہراؓ کی تعمیر کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہونے پر عید ملن تقریب کے دوران مسجدِ زہراؓ کے تعمیراتی کام پر مبنی سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کی تیار کردہ خصوصی ڈاکیومنٹری دکھائی گئی۔ اس ڈاکیومنٹری میں مسجدِ زہراؓ  کی تعمیرکے مقاصد اور اس کی تعمیر کے مراحل کو بڑی تفصیل کے ساتھ پراجیکٹ انچارج مسجدِ زہرؓا سلطان محمد نعیم عباس صاحب کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا۔ ویڈیو کو انگریزی زبان میں Subtitles کے ساتھ ریلیز کیا گیا ہے تاکہ بیرون ممالک مقیم مریدین و عقیدتمند بھی مسجدِ زہراؓ کی تعمیر سے با خبر رہیں۔ مسجدِ زہرا ؓ کی مکمل ڈاکومینٹری فلم دیکھنے کے لئے سلطان العاشقین ٹی وی و زٹ کریں:
 https://sultan-ul-ashiqeen.tv/

تحریک دعوتِ فقر کا شعبہ ویب سائٹس ڈیویلپمنٹ بھی فقر محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا پیغام
 دنیا بھر میں عام کرنے کے لئے مصروف عمل، شعبہ کی جانب سے تحریک کی ویب سائٹس کی نئی فہرست جاری

لاہور (نیوز رپورٹر) شعبہ ویب سائٹس ڈیویلپمنٹ تحریک دعوتِ فقر کا اہم ترین شعبہ مانا جاتا ہے جس کے زیرِ اہتمام تحریک کی 18 ویب سائٹس کام کر رہی ہیں جن میں انگریزی، اردو اور تین ویب ٹی وی بھی شامل ہیں۔ ویب ڈیزائننگ، content writing ،  SEO وغیرہ کے لئے الگ الگ ٹیمیں موجودہیں جو بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیرِ سرپرستی کام کر رہی ہیں۔ یہ ویب سائٹس تحقیق پر مبنی مواد، پرکشش ڈیزائننگ اور یوزر فرینڈلی(user friendly) ہونے کی وجہ سے عوام میں بے حد مقبول ہیں اور خصوصی طور پر طالبانِ مولیٰ، محققین اور دنیا بھر کے مختلف اداروں کی خصوصی دلچسپی کا باعث بنتی ہیں۔

ان ویب سائٹس پر آپ فقر و تصوف کی ہر طرح کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی سوانح حیات، تعلیمات، فقر محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی تعلیمات کو عام فرمانے کے لئے آپ مدظلہ الاقدس کی تاریخ ساز اور بے مثال جدو جہد کے بارے میں جان سکتے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ تحریک دعوتِ فقر، اس کے قیام کے اغراض و مقاصد، شعبہ جات، ان کی سرگرمیاں اور خبروں کے بارے میں جان سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ مشائخ سروری قادری سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ، سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ کی سوانحِ حیات پڑھ سکتے ہیں۔ سلطان الفقر پبلیکیشنز کی مطبوعات جو کہ انگریزی اور اردو زبان میں موجود ہیں، ان کا نہ صرف آن لائن مطالعہ کر سکتے ہیں بلکہ ڈاؤن لوڈ کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کا نہ صرف تازہ شمارہ بلکہ گزشتہ مہینوں اور سالوں کے تمام شمارے بھی آن لائن مطالعہ کے لیے موجود ہیں۔ کثیر تعداد میں اردو اور انگریزی بلاگز کے ساتھ ساتھ حمد، نعت، منقبتیں، محفل نورِ مصطفیؐ، سالانہ محافل، عارفانہ کلام، کلام باھوؒ، تقاریر، ڈاکومینٹریز، نیوز، تبلیغی دورے، لیکچرز کی ویڈیوز اور فوٹو البمز بھی موجودان ویب سائٹس پردستیاب ہیں۔ 

 علاوہ ازیں یہ شعبہ بیرونِ ملک مقیم طالبانِ مولیٰ کے لئے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت ہونے کے لئے آن لائن بیعت میں بھی معاونت فراہم کرتا ہے۔ آن لائن بیعت بلا شک و شبہ فقر و تصوف کی تاریخ میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا بہت عظیم اور تاریخ ساز قدم ہے۔اس شعبہ کی ان تمام خدمات کا مقصد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تعلیماتِ فقر کو دنیا بھر میں عام کرنا ہے۔

محفل نورِ مصطفیؐ

منعقدہ: یکم اگست 2021ء
بمقام: مسجد ِزہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین

یکم اگست 2021ء بروز اتوار مسجد ِزہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین میں محفل نورِ مصطفیؐ کا انعقاد ہوا۔ بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے اس پُرنور اور روحانی محفل کی صدارت فرمائی۔ نائب سرپرست صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب سٹیج پر جلوہ افروز تھے۔ مجلسِ خلفا نے بھی اپنی موجودگی سے محفل کو رونق بخشی۔ نعروں کی گونج میں شرکائے محفل نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا پُرجوش استقبال کیا۔
اس روحانی محفل میں نقابت کے فرائض پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمٰن صاحب نے سرانجام دیئے۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے کیا گیا جس کی سعادت حافظ محمد یوسف سروری قادری نے حاصل کی۔ 

تحریک دعوتِ فقر کا نیا سال اگست سے شروع ہوتا ہے۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے ماہنامہ سلطان الفقر کا آغاز بھی اگست سے فرمایا اور طالبانِ مولیٰ کو بیعت کرنے کا سلسلہ بھی اگست سے شروع فرمایا۔ اس لحاظ سے اگست کا مہینہ تحریک دعوتِ فقر اور اس کے ممبران کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا یومِ ولادت باسعادت بھی اگست کی 19 تاریخ ہے۔ پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمن صاحب نے محسن رضا سلطانی کو دعوت دی کہ وہ بارگاہِ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ حضور مرشد کریم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی شانِ اقدس میں منقبت کا نذرانہ بھی پیش کریں۔
منقبت کے بعد سلطان محمد عبداللہ اقبال صاحب نے اپنے خوبصورت اور دل موہ لینے والے انداز میں روح کی حقیقت، اسے زندہ کرنے اور اپنا مقصد ِحیات حاصل کرنے کے متعلق ایک خوبصورت اور جامع بیان حاضرین کے گوش گزار کیا۔
سلطان حافظ محمد ناصر مجید صاحب نے محفل میں موجود تمام مرد و خواتین اور آن لائن شرکت کرنے والوں کی جان و مال میں برکت، ان کی جائز خواہشات کی تکمیل اور ظاہری و باطنی مسائل کے حل کے لیے خصوصی دعا کی۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تمام مرد حضرات سے فرداً فرداً ملاقات کے بعد خواتین کو بھی شرفِ زیارت بخشا۔نمازِ ظہر کے بعد شرکائے محفل کے لیے تیار کیا گیا خصوصی لنگر تقسیم کیا گیا۔

محفل نورِ مصطفیؐ

منعقدہ: 8اگست 2021ء
بمقام: مسجد ِزہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین

8 اگست 2021ء بروز اتوار مسجدِ زہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین (رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا ملتان روڈ لاہور) میں محفل نورِ مصطفیؐ کا شاندار اہتمام ہوا جس کی صدارت سلسلہ سروری قادری کے امام، مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ، تحریک دعوتِ فقر کے بانی و سرپرستِ اعلیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔ اس محفل میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے تمام خلفا بھی شریک تھے۔ جونہی سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس مسند ِصدارت پر جلوہ افروز ہوئے فضا تکبیر و رسالت اور سلطان العاشقین کے نعروں سے گونج اٹھی۔ ہر نگاہ آپ مدظلہ الاقدس کے نورانی چہرہ کے دیدار میں محو تھی۔
محفل مبارک میں نقابت کے فرائض سلطان محمد ناصر حمید صاحب نے سرانجام دیئے جنہوں نے حمد و ثنا کے بعد اللہ تبارک و تعالیٰ کے احسانِ عظیم کا شکریہ ادا کیا جس کی بدولت طالبانِ مولیٰ کو سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی نورانی صحبت سے مستفید ہونے کا شرف حاصل ہوا۔ آپ مدظلہ الاقدس کی نظر ِکرم اور نوازش کی بدولت طالبانِ مولیٰ معرفتِ الٰہی حاصل کر رہے ہیں اور اسم اللہ ذات کا فیض سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے ہی دنیا بھر میں عام فرمایا ہے۔
محفل کے باقاعدہ آغاز کے لیے سلطان محمد ناصر حمید صاحب نے حافظ محمد یوسف سروری قادری کو تلاوتِ قرآن کے لیے سٹیج پر آنے کی دعوت دی۔ تلاوت کے بعد محمد رمضان باھُو نے بارگاہِ رسالت مآب میں گلدستۂ محبت و عقیدت پیش کیا جسے حاضرین نے خوب سراہا۔
سلطان حافظ محمد ناصر مجید صاحب نے عرفانِ نفس کے موضوع پر ایک جامع بیان کیا جسے نہ صرف حاضرین نے نہایت عقیدت و محبت سے سنا بلکہ محفل مبارک میں آن لائن شریک ہونے والے بھی اس سے مستفید ہوئے۔
پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمن صاحب نے دعائے خیر کروائی اور محفل میں شریک ہونے والوں کے جان و مال میں شرکت، بے اولاد افراد کے لیے اولاد اور بے روز گار افراد کے لیے روزگار کی فراہمی کے لیے خصوصی دعا کی۔
دورانِ نقابت سلطان محمد ناصر حمید صاحب نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی شان میں لکھا کلام بھی پیش کیا۔دعا کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تمام مرد حضرات و خواتین کو باری باری شرف ملاقات بخشا۔ نمازِ ظہر کے بعد تمام حاضرین کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ لنگر تقسیم کیا گیا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو بیعت فرما کر اسم اللہ ذات عطا فرمایا۔


اپنا تبصرہ بھیجیں