تحریکی خبریں
محفل میلادِ مصطفیؐ (مورخہ 12 ربیع الاوّل1440ھ)
(رپورٹ: احسن علی مینیجنگ ایڈیٹر ماہنامہ سلطان الفقر )
حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام باعثِ تخلیقِ کائنات اور فخرِ موجودات ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی ولادت کے مبارک اور بابرکت موقع پر اللہ تعالیٰ نے تمام کائنات کو سجایا اور خوشیاں منائیں۔
حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ولادت باسعادت کی خوشیاں نہ صرف صحابہ کرامؓ نے منائیں بلکہ ان کے بعد آنے والے تابعین اور تبع تابعین کا بھی یہی طریقہ رہا۔ ان کے بعد حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ورثہ فقر کے وارثین فقرا کاملین اور اولیا کرام بھی اللہ پاک اور صحابہ کرامؓ کی سنت کو زندہ کرتے رہے اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے حقیقی عاشق اور آپ سے محبت و عقیدت رکھنے والے بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا یومِ ولادت نہایت جوش و خروش اور جذبے سے مناتے ہیں اور اپنے گھروں اور گلی کوچوں کو سجاتے ہیں۔
سلسلہ سروری قادری کے امامین اور اپنی سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس ہر سال ایک عظیم الشان محفلِ میلاد منعقد فرماتے ہیں اور اسی روایت پر اس سال بھی جشنِ عید میلادِ النبی کے سلسلے میں ایک عظیم الشان محفل منعقد کی گئی۔ تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ کی جانب سے محفل پاک کا نہایت بہترین انتظام کیا گیا۔ سلطان العاشقین ہاوس اور خانقاہ کو اندر اور باہر سے خوبصورت روشنیوں اور پھولوں سے سجایا گیا۔ حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی آمد پر پھولوں کی پتیوں اور ’’سلطان العاشقین‘‘ کے نعروں سے آپ مدظلہ الاقدس کا والہانہ استقبال کیا گیا۔
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے سٹیج پر جلوہ افروز ہونے کے بعد تمام مریدین نے فرداً فرداً آپ کی دست بوسی کا شرف حاصل کیا جس کے ساتھ ہی محفل کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔
* نقابت کے فرائض ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے انجام دئیے۔
* تلاوتِ قرآن پاک کی سعادت عابد حسین سروری قادری نے حاصل کی۔
* آقا پاک علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہ میں نعت شریف کا ہدیہ ساجد علی سروری قادری نے پیش کیا۔
* اس کے بعد محمد رمضان باھُو سروری قادری نے بھی نعت شریف پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔
* محسن رضا سلطانی نے اپنی پُرجوش آواز میں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہ میں نعت شریف کا گلدستہ پیش کیا۔
خدا کی عظمتیں کیا ہیں محمد مصطفیؐ جانے
مقامِ مصطفیؐ کیا ہے محمدؐ کا خدا جانے
* محمد فاروق ضیا سروری قادری نے ایمانِ کامل عشقِ مصطفیؐ کے موضوع پر بیان کیا اور اپنے بیان میں حاضرین کو بتایا کہ ایمان تب تک کامل نہیں ہو سکتا جب تک حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ذاتِ مبارکہ ہر شے سے عزیز نہ ہو جائے اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی مقدس ذات سے عشق ہی ایمان کی کاملیت کی بنیاد ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے اپنے بیان میں صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم کی سیرت سے عشقِ رسول کے واقعات بھی سامعین کے گوش گزار کیے۔
* آخر میں ساجد علی سروری قادری نے ابیاتِ باھُوؒ پیش کیے۔
* عید میلاد النبی کے بابرکت اور پُرمسرت موقع پر حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے صادق اور پُراخلاص طالبانِ مولیٰ جو دینِ محمدی کی خدمت کے لیے اپنا قیمتی وقت صرف کرتے ہیں‘ انہیں اسمِ محمد سے نوازا۔ اور اعلان فرمایا کہ آئندہ سے اسمِ محمد سال میں دو مرتبہ عطا کیے جائیں گے ایک عید میلاد النبی کے بابرکت موقع پر دوسرے 21 مارچ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ کے پُرمسرت موقع پر۔
* مولانا محمد اسلم سروری قادری نے ختم شریف پڑھا۔
* محمد فاروق ضیا سروری قادری نے دعا کرائی۔
* آخر میں ساجد علی سروری قادری اور محسن رضا سلطانی نے آقا پاک علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہ میں ہدیۂ درود و سلام پیش کیا۔
* اذانِ ظہر کے بعد نمازِ ظہر باجماعت ادا کی گئی۔
* نماز کی ادائیگی کے بعد حضور مرشد کریم نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو بیعت فرما کر ذکر و تصوراسم اللہ ذات اور مشقِ مرقومِ وجودیہ عطا فرمائی اور اسم اللہ ذات کی آخری منزل سلطان الاذکار ھُو کا ذکر عطا فرمایا۔ اس کے علاوہ سینکڑوں عقیدتمندوں نے بغیر بیعت کے اسم اللہ ذات کے ذکر کی پہلی منزل حاصل کی۔
اسکے بعد حضور مرشد کریم نے دور دراز اور گرد و نواح کے شہروں اور دیہاتوں سے تشریف لانے والے مریدین اور عقیدتمندوں سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی اور رخصت ہوئے۔
حضور مرشد کریم کے تشریف لے جانے کے بعد حاضرین میں بہترین لنگر پاک تقسیم کیا گیا جو کہ عید میلاد النبی کے مبارک موقع پر خصوصی طور پر تیار کرایا گیا تھا۔
خواتین نے محفلِ میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبی سلطان العاشقین ہاؤس میں محترمہ بی بی صاحبہ کی زیرِ صدارت منعقد کی۔
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کو خلافت عطا کرنے کا اعلان
* حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے عید میلاد النبیؐ کے روشن اور پُرنور موقع پر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کو اپنی خلافت سے نوازا اور اعلان فرمایا کہ ان کے وصال کے بعد صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب ان کے دربار کے سجادہ نشین اور ان کے خاندان کے سربراہ ہوں گے۔ اور صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کو وصیت فرمائی کہ اپنی بہنوں کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آئیں اور کسی کو بھی آپ مدظلہ الاقدس کے وصال کے بعد دربار پاک پر حاضری سے نہ روکیں۔ اس کے ساتھ ہی تمام مریدین و عقیدتمندوں کو نصیحت فرمائی کہ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کا ادب و اکرام کریں اور بعد میں منتخب ہونے والے خلفا پر بھی لازم ہے کہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب کا ادب و احترام کریں۔
صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کی خلافت کے اعلان کی خوشی میں تمام مریدین اور عقیدتمندوں نے جو بھی جائز دعائیں مانگیں تھیں وہ سب اللہ نے قبول فرمائیں۔
دعا ہے کہ اللہ پاک صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب کو شاد و آباد رکھے۔ آمین
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کاتبلیغی دورہ مپالکے اور گبہ فاضل ضلع اوکاڑہ
(رپورٹ: ڈاکٹر حامد جمیل سینئر ایڈیٹر ماہنامہ سلطان الفقر )
فرمان سلطان العاشقین
’’جب تک انسان ذکر وتصور اسم اللہ ذات میں کامل نہ ہو جائے تب تک خواہشاتِ نفسانی اور ہوا و ہوس سے خلاصی نہیں پا سکتا۔‘‘
اسم اللہ ذات کے ذکر و تصور کے فیض کو عام کرنے کے لیے عہد حاضر کے مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ، مجددِ دین، نورِ یقین، امامِ مبین، سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس ملک بھر کے تبلیغی دورے فرماتے ہیں تاکہ طالبانِ حق اور عاشقانِ الٰہی پر اسم اللہ ذات کے ذریعے راہِ معرفت کی حقیقت کھول سکیں اور زیادہ سے زیادہ لوگ اس نعمتِ عظمیٰ یعنی معرفتِ الٰہی کو حاصل کر کے اپنے مقصدِ حیات میں کامیابی حاصل کر سکیں۔
اسی مقصد کی تکمیل کے لیے مپالکے اور گبہ فاضل ضلع اوکاڑہ کے مریدین کی درخواست پر تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ نے 25 نومبر 2018 بروز اتوار مپالکے اور گبہ فاضل کے تبلیغی دورہ کا اعلان کیا جس میں کثیر تعداد میں مریدین نے قافلہ کے ہمراہ سفر کرنے کی درخواست کی۔ قافلہ 25 نومبر 2018ء بروز اتوار حضور مرشد پاک سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اور صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کی زیرِ سرپرستی صبح 07:00 بجے لاہور سے روانہ ہوا۔
مپالکے ضلع اوکاڑہ
قافلہ سب سے پہلے مپالکے میں محمد افضل سروری قادری جو علاقائی دفتر تحریک دعوتِ فقر اوکاڑہ کے سیکریٹری جنرل ہیں، کے گھر پہنچا جہاں اہلِ علاقہ نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اور صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کا استقبال تکبیر و رسالت کے نعروں سے پُرتپاک طریقے سے کیا۔ میزبان محمد افضل سروری قادری اور اہلِ علاقہ نے اتنی خوش دلی سے قافلہ کا استقبال کیا کہ اردگرد کے لوگ بھی اکٹھے ہو گئے اور آپ مدظلہ الاقدس کی شخصیت سے اس قدر متاثر ہوئے کہ آپ مدظلہ الاقدس کو ٹکٹکی باندھ کر دیکھتے رہے۔ آپ مدظلہ الاقدس اور صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب سمیت تمام قافلہ والوں کے لیے پُر تکلف ناشتہ کا انتظام کیا گیا تھا۔ جس کے بعد محفلِ نعت منعقد کی گئی۔ مہمانِ خصوصی مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس جیسے ہی محفل میں جلوہ افروز ہوئے تو فضا ایک بار پھر تکبیر و رسالت کے نعروں سے گونج اٹھی اور آپ مدظلہ الاقدس کے تشریف فرما ہوتے ہی حاضرین آپ مدظلہ الاقدس کے پُر نور چہرہ مبارک سے نگاہیں نہ ہٹا سکے یہ آپ مدظلہ الاقدس کی کرامت ہی ہے کہ جو ایک بار آپ مدظلہ الاقدس کا چہرہ مبارک دیکھ لیتا ہے وہ اپنی نگاہ اور دل پر قابو نہیں رکھ پاتا۔ محفل کے باقاعدہ آغاز کے لیے تحریک دعوتِ فقر کے منتظمِ اعلیٰ ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے نقابت کے فرائض سرانجام دیتے ہوئے مولانا محمد اسلم اعوان سروری قادری کو تلاوتِ قرآنِ پاک کے لیے مدعو کیا جنہوں نے اپنی خوبصورت قرأت سے حاضرین کے قلوب کو گرمایا۔ پھر محسن رضا سلطانی نے منقبت درشان سلطان العاشقین ’’اللہ کا ہے مظہر اور نبیؐ کا نور‘ سلطان العاشقین میرا مرشد ہے مشہور‘‘ کا نذرانۂ عقیدت اپنی خوبصورت آواز میں پیش کیا جسے سامعین نے خوب سراہا اور اپنے قلوب کو سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی محبت کے جذبہ سے سرشار محسوس کیا۔ سب حضرات مرشد کریم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی شان میں پُرجوش انداز میں نعرے لگاتے رہے اور اپنے قلوب کو گرماتے رہے۔ پھر نقیبِ محفل نے ساجد علی سروری قادری کو دعوت دی جنہوں نے شہبازِ عارفاں حضرت سخی سلطان پیر سیّد محمد بہادر علی شاہؒ کا کلام جو انہوں نے اپنے مرشد کی شان میں لکھا، سے سامعین کے قلوب کو منور کیا ۔ محفل کے اختتام پر محمد فاروق ضیا سروری قادری نے دعائے خیر کرائی اور حضور مرشد پاک کمرے میں تشریف لے گئے جہاں عوام کے ایک جمِ غفیر نے آپ مدظلہ الاقدس کی نورانی شخصیت سے متاثر ہو کر دستِ بیعت ہونے کا شرف حاصل کر کے راہِ معرفت کے سفر کا آغاز کیا اور اسم اللہ ذات کے ذکر و تصور کی لازوال دولت حاصل کی۔ اس کثیر تعداد کو ذوالفقار علی سروری قادری نے اسم اللہ ذات کے ذکر و تصور اور مشقِ مرقومِ وجودیہ کا طریقہ سمجھایا۔ بیعت ہونے والے طالبانِ مولیٰ کی بیعت سے قبل اور بیعت کے بعد کی کیفیات میں زمین و آسمان کا فرق تھا سب کے دل سکون کی کیفیت سے سرشار تھے اور ان کے چہروں پر ایک نورانی چمک تھی اس روحانی سماں سے متاثر ہو کر کثیر تعداد نے بغیر بیعت کے اسم اللہ ذات کے ذکر کی پہلی منزل حاصل کی اور مرشد پاک کی اجازت سے محمد ارشد رمضان سروری قادری نے انہیں ذکر اور تصور کا طریقہ سمجھایا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے محمد افضل سروری قادری کے اہل خانہ اور قرب و جوار سے ملاقات کی غرض سے حاضر ہونے والی خواتین سے ملاقات کی جنہوں نے آپ مدظلہ الاقدس کے دست اقدس پر بیعت کا شرف حاصل کیا اور ذکر وتصوراسم اللہ ذات کی لازوال دولت حاصل کر کے اپنے قلوب کو حیاتِ نو عطا کی۔ آخر میں آپ مدظلہ الاقدس نے محمد افضل سروری قادری اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے دعائے خیر فرمائی اور وہاں سے رخصت ہوئے۔
اس کے بعد آپ مدظلہ الاقدس فوجی منصب علی سروری قادری کی درخواست پر ان کے گھر دعائے خیر کے لیے تشریف لے گئے۔ وہاں پہلے سے ہی بہت زیادہ تعداد میں لوگ استقبال کیلئے کھڑے تھے اور شدت سے آپ مدظلہ الاقدس کا انتظار کر رہے تھے۔ وہاں پر دعائے خیر کرنے کے بعد حضور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس، صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب اور دیگر مریدین کے ہمراہ محمد زمان خاں سروری قادری کے گھر دعائے خیر کے لیے تشریف لے گئے جہاں مہمانوں کو چائے پیش کی گئی۔ حضور مرشد کریم مدظلہ الاقدس نے محمد زمان سروری قادری کے اہلِ خانہ اور عزیز و اقارب سے ملاقات فرمائی اور سب کے لیے دعائے خیر فرمائی۔ وہاں سے رخصت ہو کر حضور مرشد پاک مدظلہ الاقدس محمد طارق سروری قادری اور محمد کاشف سروری قادری کے گھر باری باری تشریف لے گئے جہاں نہ صرف آپ مدظلہ الاقدس کا والہانہ استقبال کیا گیا بلکہ سب اس بات پر خوش تھے کہ آپ مدظلہ الاقدس کے قدم مبارک ان کے علاقہ خاص کر ان کے گھر میں داخل ہوئے ہیں۔
گبہ فاضل ضلع اوکاڑہ میں آمد
مپالکے میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس روحانی فیوض و برکات تقسیم کرنے کے بعد قافلہ کے ہمراہ گبہ فاضل ضلع اوکاڑہ میں محمد آصف سروری قادری کے گھر تشریف لے گئے جہاں پر پھولوں کی پتیوں سے آپ مدظلہ الاقدس کا پُر جوش استقبال کیا گیا۔ فضا تکبیر و رسالت اور شانِ سلطان العاشقین کے نعروں سے گونج اٹھی۔ محمد آصف سروری قادری کے گھر دوپہر کے کھانے کے بعد نمازِ ظہر ادا کی گئی جس میں امامت کے فرائض مولانا محمد اسلم اعوان سروری قادری نے انجام دیئے نمازِ ظہر کے بعد محفلِ میلاد کا انعقاد کیا گیا۔ نقیبِ محفل ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے تلاوتِ قرآنِ پاک کے لیے مولانا محمد اسلم اعوان سروری قادری کو مدعو کیا ۔ جس کے بعد ساجد علی سروری قادری نے منقبت درشان مرشد کامل اکمل ’’سن سن رمز سجن دا پایا، ربّ بندے دا چولا پایا‘‘ کا نذرانہ پیش کیا جسے سامعین نے خوب پسند کیا اور اپنے قلوب میں تازگی کی لہر محسوس کی۔ اختتامی دعا کے فرائض محمد فاروق ضیا سروری قادری نے سرانجام دئیے۔ حضور مرشد پاک مدظلہ الاقدس سے ملاقات کی غرض سے عقیدتمند دور دور سے تشریف لائے ہوئے تھے جنہوں نے محفل کے اختتام پر حضور مرشد پاک کے دستِ اقدس پر بیعت کی سعادت حاصل کرتے ہوئے آپ مدظلہ الاقدس کی غلامی اختیار کی۔ آپ مدظلہ الاقدس نے بیعت ہونے والے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو اسم اللہ ذات عطا فرمایا۔ مرشد پاک کی اجازت سے محمد ذوالفقار سروری قادری نے بیعت ہونے والے خوش نصیب ساتھیوں کو ذکر وتصوراسم اللہ ذات اور مشق مرقومِ وجودیہ سمجھائی۔ حضور مرشد پاک سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے تمام بیعت ہونے والے اشخاص کے لیے دعائے خیر فرمائی اور جو عقیدتمند بیعت نہیں ہوئے تھے انہوں نے اسم اللہ ذات کے ذکر کی پہلی منزل حاصل کی۔
آخر میں گردو نواح سے حاضر ہونے والی خواتین طالبانِ مولیٰ سے حضور مرشد کریم نے ملاقات کی درخواست کی۔آپ مدظلہ الاقدس نے ان کی درخواستوں کو نہایت توجہ سے سنا اور ان سب کے لیے دعا فرمائی بلکہ خواتین کی کثیر تعداد نے حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت ہونے کی سعادت حاصل کی اور اسم اللہ ذات کی لازوال دولت حاصل کی۔ دعا ہے کہ اللہ بیعت ہونے والے تمام مرد و خواتین کو راہِ فقر اور معرفت پر استقامت نصیب فرمائے۔
محمد آصف سروری قادری کے گھر والوں سے ملاقات کے بعد حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس، صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب اور دیگر مریدین جو قافلہ میں حضور مرشد کریم کے ہمراہ تھے‘ لاہور واپسی کے لیے روانہ ہوئے۔ لاہور واپسی پر مرشد پاک سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے رخصت سے قبل تمام ساتھ جانے والے مریدین کو گلے لگایا اور سب کے لیے دعا کی۔
دعا ہے کہ اللہ پاک ہمارے مرشد پاک سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا فیض یونہی جاری و ساری رکھے۔ آمین
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کاتبلیغی دورہ کالا گجراں ضلع جہلم اور بھروٹ تحصیل سرائے عالمگیر ضلع گجرات
(رپورٹ: وقار احمدایڈیٹر ماہنامہ سلطان الفقر )
کالا گجراں ضلع جہلم
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس 9 دسمبر 2018 بروز اتوار ذکر اور تصوراسم اللہ ذات کا فیض عام کرنے کے لیے کالا گجراں ضلع جہلم اور بھروٹ تحصیل سرائے عالمگیر ضلع گجرات کے ایک روزہ تبلیغی دورہ پر تشریف لے گئے۔ تبلیغی دورہ سے ایک ہفتہ قبل تحریک دعوتِ فقر کے مبلغین ظفر اقبال سروری قادری کے پاس جہلم تشریف لے گئے تھے جہاں انہوں نے گلی گلی کوچہ کوچہ میں جا کر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی آمد کے متعلق عوام الناس کومطلع کیا اور انہیں سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ کی تعلیماتِ فقر اوراسم اللہ ذات کے فیوض و برکات، انسانِ کامل کے دستِ اقدس پر بیعت کی اہمیت سے تفصیلاً آگاہ کیا اور تمام ملنے والے لوگوں کو دعوتِ نامے بھی پیش کئے۔ ظفر اقبال سروری قادری کالا گجراں ضلع جہلم سے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دستِ بیعت ہیں اور ہر سال سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کو جہلم کے تبلیغی دورہ کے لیے دعوت دیتے ہیں اور لوگوں کواسم اللہ ذات کے فیض حاصل کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا قافلہ مریدین اور انتظامیہ کے ہمراہ 9 دسمبر 2018 کی صبح 7 بجے لاہور سے کالا گجراں ضلع جہلم کے لیے روانہ ہوا۔
ظفر اقبال سروری قادری کے گھر آمد:
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا قافلہ صبح 10:30 بجے ظفر اقبال سروری قادری کے گھر محلہ گلاب آباد کالا گجراں ضلع جہلم پہنچا جہاں ظفر اقبال سروری قادری، شعبہ دعوت و تبلیغ کے ممبران اور مقامی افراد نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس اور صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کا تکبیرو و رسالت اور سلطان العاشقین کے نعروں سے پُرجوش انداز میں استقبال کیا۔ عقیدت مند ظفر اقبال سروری قادری کے گھر سے مین روڈ تک ہاتھوں میں پھول تھامے لمبی قطار میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دیدارِ پُر انوار کے منتظر تھے۔ جونہی آپ مدظلہ الاقدس کی گاڑی ظفر اقبال سروری قادری کے گھر کے قریب پہنچی مشتاقانِ دیدار نے پھولوں کی پتیوں کی بارش کر دی اور تمام فضا نعروں سے گونج اٹھی۔
ظفر اقبال سروری قادری کے گھر محفلِ میلاد
حاضرینِ مجلس میں ذکر و تصوراسم اللہ ذات کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے ظفر اقبال سروری قادری کے گھر محفل کا انعقاد کیا گیا جس میں نقابت کے فرائض ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری منتظم اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر پاکستان نے سرانجام دیئے۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے کیا گیا جس کی سعادت پروفیسر حافظ حماد الرحمن سروری قادری نے حاصل کی۔تلاوتِ قرآنِ پاک کے بعد محمد فاروق ضیا سروری قادری نے خوبصورت انداز میں ذکر وتصوراسم اللہ ذات کی اہمیت، بیعت کی ضرورت اور مرشد کامل اکمل کی ا ہمیت و پہچان پر جامع بیان حاضرین کی سماعتوں کی نذر کیا جس پر حاضرینِ محفل نے پُرجوش انداز میں تکبیر و رسالت کے نعروں سے محفل کی رونق دوبالا کر دی۔اس کے بعدساجد علی سروری قادری نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی شان میں منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔
اللہ کا مظہر حق کا نظارہ مرشد ہمارا مرشد ہمارا
محفل کے اختتام پر محمد فاروق ضیا سروری قادری نے دعائے خیر کروائی۔ تزکیۂ نفس اورقرب و معرفتِ الٰہی کے حصول کے لیے مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت کی سعادت حاصل کی اور ذکر و تصوراسم اللہ ذات اور سلطان الاذکار ’ھُو‘‘ کی لازوال نعمت سے سرفراز ہوئے۔ آخر میں بیعت ہونے والے افراد کو ذکر و تصوراسم اللہ ذات اور مشقِ مرقومِ وجودیہ کا طریقہ سمجھایا گیا۔ ظفر اقبال سروری قادری کی جانب سے حاضرینِ محفل کے لیے وسیع لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جس کے بعد ظفر اقبال سروری قادری اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے دعائے خیر کے بعد قافلہ بھروٹ تحصیل سرائے عالمگیر ضلع گجرات کی جانب روانہ ہوا۔
بھروٹ سرائے عالمگیر ضلع گجرات
بھروٹ تحصیل سرائے عالمگیر ضلع گجرات میں یاسر عمران سروری قادری کی رہائش گاہ پر عوام الناس اور عقیدتمندوں کا ہجوم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی نورانی شخصیت کا منتظر تھا جنہوں نے گل پاشی اور پُرجوش نعروں سے آپ مدظلہ الاقدس کا والہانہ استقبال کیا۔ یاسر عمران سروری قادری کے گھر نمازِ ظہر ادا کی گئی جس کے بعد وہاں موجود تمام حاضرین کو چائے اور مٹھائی پیش کی گئی۔ کثیر تعداد میں طالبانِ مولیٰ مرد و خواتین نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دست مبارک پر بیعت کی سعادت حاصل کی۔ سینکڑوں عقیدتمندوں نے اپنی روحانی ترقی اور باطنی راہنمائی کے لیے بغیر بیعت کے اسم اللہ ذات کے ذکر کی پہلی منزل حاصل کی اہلِ خانہ کے لیے دعائے خیر کے بعد قافلہ محمد طارق سروری قادری کے گھر کی جانب کستیلہ روانہ ہوا۔
محمد طارق سروری قادری کے گھر آمد اور استقبال
محمد طارق سروری قادری کی رہائش گاہ پر بھی سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا استقبال تکبیر و رسالت کے نعروں اور گلاب کی پتیاں نچھاور کر کے کیا گیا۔ حضور مرشد کریم مدظلہ الاقدس کے تشریف فرما ہوتے ہی حاضرین و عقیدتمند آپ مدظلہ الاقدس کی دست بوسی کے لیے والہانہ آگے بڑھے۔ آپ مدظلہ الاقدس نے فرداً فرداً سب سے ملاقات فرمائی۔
سب سے پہلے مرد حضرات نے بیعت کی سعادت حاصل کی جس کے بعد خواتین طالبانِ مولیٰ نے بھی باطنی ترقی اور اصلاحِ نفس کے لیے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دستِ مبارک پر بیعت ہونے کا شرف حاصل کیا جس کے بعد انہیں ذکر وتصور اسم اللہ ذات، سلطان الاذکارھو اور مشقِ مرقومِ وجودیہ کا طریقہ سمجھایا گیا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے مقامی مریدین اور عقیدتمندوں سے ملاقات فرمائی اور اہلِ خانہ کے لیے اختتامی دعائے خیر کے بعد قافلہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی سرپرستی و سربراہی میں واپس لاہور کے لیے روانہ ہوا۔ جہلم اور بھروٹ کی علاقائی تنظیموں کے عہدیداران اور میزبان حضرات نے سرائے عالمگیر کی خارجی حدود پر ایک مرتبہ پھر پُرجوش نعروں کی گونج میں قافلہ کو خیر باد کہا اور اس طرح اسم اللہ ذات کے فیوض و برکات تقسیم فرماتے ہوئے تبلیغی دورہ بھرپور انداز میں اختتام پذیر ہوا۔