تحریک دعوتِ فقر نیوز tehreek-dawatefaqr-news

Spread the love

5/5 - (3 votes)

تحریک دعوتِ فقر نیوز

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس  کا
زیر ِ تعمیرمسجدِ زہراؓکا دورہ اور خانقاہ سلطان العاشقین میں آمد۔18فروری2023

تحریک دعوتِ فقر کے زیر اہتمام تعمیر ہونے والی عظیم الشان مسجدِ زہراؓ کے تعمیراتی کاموں کاہفتہ وار جائزہ لینے کے لیے بانی وسرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس 18فروری2023 ء بروز ہفتہ مسجدِ زہرؓا و خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہورتشریف فرما ہوئے۔ مسجدِزہراؓ کی کنسٹرکشن سائٹ پرنائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس سمیت دیگر ممبران مجلسِ خلفا، انتظامیہ کمیٹی کے ممبران اور دیگر ساتھیوں نے بڑی گرم جوشی سے آپ کا استقبال کیا۔ کنسٹرکشن کمیٹی کے انچارج سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے آپ مدظلہ الاقدس کو مسجد کے تعمیراتی کاموں کی بریفنگ دی۔آپ مدظلہ الاقدس نے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور کنسٹرکشن کمیٹی کو اپنے قیمتی مشوروں سے نوازا۔ اس کے بعد آپ مدظلہ الاقدس خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لے آئے اور خانقاہ نشینوں سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔ 

بزمِ سلطان العاشقین ۔19فروری2023

بانی وسرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیرِ صدارت مسجدِ زہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندراڈہ ملتان روڈ لاہور میں19فروری2023ء بروزاتوار ’’بزمِ سلطان العاشقین‘‘ کا شاندار انعقاد ہوا۔ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس سمیت دیگر ممبران مجلسِ خلفا بھی اس روحانی محفل میں شریک تھے۔

نمازِ ظہر با جماعت ادا کی گئی۔نمازِ ظہر کی ادائیگی کے بعدسلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے مسندِ صدارت سنبھالی۔ مریدین و عقیدتمندوں نے فلک شگاف نعروں سے آپ مدظلہ الاقدس کا استقبال کیا۔محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا۔مولانا یاسر یٰسین سروری قادری نے تلاوتِ کلام پاک جبکہ محمد رمضان باھو سروری قادری نے خوبصورت صوفیانہ کلام کا ہدیہ پیش کرنے کا شرف حاصل کیا۔سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری صاحب نے دعائے خیر کرائی۔ حاضرینِ محفل نے مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی روحانی صحبت سے اپنے قلوب کوخوب روشن کیا۔ اختتامی دعا کے بعد آپ مدظلہ الاقدس نے تمام حاضرین سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔ محفل کے اختتام پر حاضرینِ محفل کی خصوصی لنگر سے تواضع کی گئی۔خواتین کے لیے پردے کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو سلسلہ سروری قادری میں بیعت فرما کر پہلے ہی روز سنہری حروف سے لکھا ہوا ’’اسمِ اعظم‘‘ عطا فرمایا۔ اس کے ساتھ ساتھ مشق مرقومِ وجودیہ اور سلطان الاذکار ھوُ جیسی لازوال نعمتیں عطا فرمائیں جو کسی دوسرے سلسلے میں عطا نہیں کی جاتیں۔

بزمِ سلطان العاشقین کے کامیاب انعقاد کے بعد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے26فروری 2023ء بروز اتوار تک خانقاہ سلطان العاشقین میں ہی قیام فرمایا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ صحبتِ مرشد سے فائدہ اٹھا سکیں اور اپنے قلوب کو پاک صاف کر سکیں۔ روزانہ سینکڑوں مرد و خواتین مریدین آپ مدظلہ الاقدس کی بارگاہِ اقدس میں حاضر ہوئے اور اس نادر موقع سے خوب مستفید ہوئے۔

صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس کا بچیانہ منڈی تحصیل جڑانوالہ ضلع فیصل آباد کا دورہ

25 فروری 2023 ء بروز ہفتہ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس خصوصی طور پر چک 561 گ ب بچیانہ منڈی تحصیل جڑانوالہ ضلع فیصل آباد تشریف لائے۔ آپ مدظلہ الاقدس نے محمد صدیق سروری قادری کے خصوصی دعوت نامے پر ان کے بیٹوں محمد راشد سروری قادری اور محمد ساجد سروری قادری کی رسمِ نکاح میں ساتھیوں کے ہمراہ شرکت فرمائی۔ آپ مدظلہ الاقدس کی آمد پر شاندار استقبال کے مناظر دیکھنے میں آئے۔ محمدصدیق سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ کے دیرینہ ساتھی اور تحریک دعوتِ فقر کے سینئر کارکنان میں سے ہیں۔محمد صدیق سروری قادری تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ لنگر کے اہم ممبر اور خانقاہ سلطان العاشقین گاؤں رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں قیام پذیر ہیں۔ ان کے خصوصی دعوت نامہ پر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس نے ان کے بیٹوں کی رسمِ نکاح میں شرکت فرمائی۔ آپ مدظلہ الاقدس نے دونوں بھائیوں کی آنے والی زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار فرمایا اور ان کے حق میں دعا بھی فرمائی۔ 

مقامی افراد نے جیسے ہی صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس کی تشریف آوری کی خبر سنی تو آپ مدظلہ الاقدس سے ملاقات اور فیوض و برکات کے حصول کے لیے جوق در جوق اُمڈ آئے۔ آپ مدظلہ الاقدس نے تمام مریدین و عقیدتمندوں سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی اور ان کے لیے دعائے خیر بھی فرمائی۔ اس کے بعد آپ مدظلہ الاقدس نے محمد صدیق سروری قادری اور ان کے بھائی محمد رفیق سروری قادری کے دعوت نامہ پر اُن کا شکریہ ادا کیا اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے رحمت، برکت اور راہِ فقر میں استقامت کی دعا فرمائی۔ 

محمد صدیق سروری قادری اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات اور اجازت کے بعد آپ مدظلہ الاقدس بچیانہ منڈی تحصیل جڑانوالہ ضلع فیصل آباد میں محمد شفیق سروری قادری، محمد زاہد شفیق سروری قادری اور محمد شاہد شفیق سروری قادری کے گھر تشریف لائے۔ یہاں بھی مقامی افراد کی جانب سے آپ مدظلہ الاقدس کا شاندار استقبال کیا گیا۔ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس نے سب سے ملاقات فرمائی، ان کے مسائل سنے اور ان کے حق میں دعائے خیر فرمائی۔ اہلِ خانہ سے ملاقات اور اجازت کے بعد آپ مدظلہ الاقدس ساتھیوں کے ہمراہ واپس لاہور تشریف لائے۔

محفلِ میلاد بسلسلہ یومِ ولادت سیدّنا امام حسین رضی اللہ عنہٗ

5 شعبان 1444 ھ بمطابق 26 فروری 2023 بروز اتوار خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیرِصدارت محفلِ میلاد بسلسلہ یومِ ولادت باسعادت سیدّنا امام حسین رضی اللہ عنہٗ کا انعقاد ہوا۔ اس روحانی محفل میں نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس سمیت دیگر معزز ممبران مجلسِ خلفا بھی موجود تھے۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا۔ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے نقابت کے فرائض سر انجام دیے۔محمد رمضان باھو سروری قادری نے سیدّنا امام حسین رضی اللہ عنہٗ کی شانِ اقدس میں منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔سلطان محمدناصر حمید سروری قادری نے ولولہ انگیز بیان کے ذریعے امام حسین رضی اللہ عنہٗ کی عظیم المرتبت شان، فقر میں آپ رضی اللہ عنہٗ کے اعلیٰ و ارفع مقام اور بے مثال صبر و استقامت پر روشنی ڈالی۔پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمن سروری قادری نے دعائے خیر کرائی۔محفل کے اختتام پر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تمام شرکائے محفل سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی اور خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو سلسلہ سروری قادری میں بیعت فرما کر اسمِ اعظم کی دولت سے نوازا گیا۔

اس روحانی محفل میں خواتین اور بچوں کی بھی کثیر تعداد شامل تھی۔ تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے خواتین کے لیے خصوصی طور پر باپردہ انتظامات کیے گئے تھے۔ 

36ویں لاہور انٹرنیشل بک فئیرمیں سلطان الفقر پبلیکیشنز کی بھرپور شرکت

سلطان الفقر پبلیکیشنز نے لاہور کے سب سے بڑے کتاب میلہ میں کامیاب شرکت کی۔ پانچ روزہ لاہور بین الاقوامی کتاب میلہ یکم مارچ 2023ء بروز بدھ تا 5مارچ بروز اتوار ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوا۔ کتاب دوستی اور تعلیماتِ فقر کے فروغ کے لیے سلطان الفقر پبلیکیشنز نے کتب پر پچاس فیصدتک کی خصوصی رعایت کا اعلان کیا تھا۔ سلطان الفقر پبلیکیشنز کی ہر کتاب کا اس کتاب میلہ میں چرچا رہا۔ سیدّ الشہدا سیدّنا امام حسین رضی اللہ عنہٗ کی تصنیفِ لطیف مرآۃ العارفین، سیدّنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانی ؓ اور سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ کی تصانیفِ مبارکہ قارئین کی خصوصی دلچسپی کا مرکز رہیں۔

 بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی فقر و تصوف پر مبنی مایہ ناز کتب میں علمی، ادبی، مذہبی اور سماجی شخصیات کے علاوہ عوام الناس کی بھی خصوصی دلچسپی رہی۔ سلطان العاشقین کی شہرہ آفاق تصنیفِ مبارکہ’’شمس الفقرا‘‘ اور اس کے انگریزی ترجمہ ’’Sufism-The Soul of Islam‘‘ کے علاوہ مجتبیٰ آخر زمانی اور ابیاتِ باھوؒ کامل کو خاص پذیرائی حاصل ہوئی۔ ادارہ کی جانب سے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی حیاتِ مبارکہ اور تعلیمات پر مبنی کتاب ’’سلطان العاشقین‘‘کو بھی لوگوں نے خوب پسند کیا۔مارکیٹنگ مینیجر شیر علی سروری قادری کے ہمراہ محمود احمد سروری قادری نے سٹال پر ڈیوٹی انجام دی۔ سلطان الفقر پبلیکیشنز کے خلیفہ انچارج سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے سٹال کا خصوصی دورہ کیا اور سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تمام ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

 بک فئیر میں آنے والے معزز قارئین کی جانب سے بھی ’’سلطان الفقر پبلیکیشنز‘‘ کی خدمات کو بے حد سراہا گیا۔ قارئین کا کہنا تھا کہ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس ان کتب کے ذریعے جو پیغام عام کرنے میں مصروف ہیں اسی میں انسانیت کی بقا ہے۔ آج کے دور میں دنیا کو اس محبت، روحانیت اور معرفت کے پیغام کی اشد ضرورت ہے۔قارئین نے دیگر بک سٹالز پر رکھی گئی کتب کا موازنہ سلطان الفقر پبلیکیشز کی کتب سے کیا اور ہر لحاظ سے سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب کو بہتر پایا۔ کتاب دوستی اور تعلیماتِ فقر کے فروغ کے لیے سلطان الفقر پبلیکیشنز نے کتب پر خصوصی رعایت کا اعلان کیا تھا جس کے باعث بہت سے متلاشیانِ حق نے کتب کی خریداری کی اور رعائتی آفر سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔اس کے علاوہ ماہنامہ سلطان الفقر لاہور جو کہ آرٹ پیپر پر 4کلر میں شائع کیا جاتا ہے،اپنے معیار اور کم قیمت کی بنا پر بے حد مقبول ہوا۔

محفل میلادِ مصطفی بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ منعقدہ: 21 مارچ 2023 ء

21مارچ 2023ء بروز منگل بمطابق 28 شعبان 1444ھ صبح 11 بجے تحریک دعوتِ فقر کے زیرِانتظام محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ کا شاندار انعقاد کیا گیا جس میں شرکت کر کے دنیا بھر سے ہزاروں مریدین و عقیدت مندوں نے اپنی قسمت چمکائی۔ یہ محفل اس لحاظ سے خاص اہمیت کی حامل ہے کہ21 مارچ 2001 ء کو حج کے موقع پر مسجدنبوی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے احاطہ میں روضہ اطہر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے روبرو سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ نے اپنے مرید ِخاص سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس کو امانتِ فقر سونپ کر اپنے بعد سلسلہ سروری قادری کا امام مقرر فرمایا۔

آپ مد ظلہ الاقدس کے مرشد پاک نے آپ کو بے شمار ظاہری و باطنی آزمائشوں اور امتحانات سے گزارا اور صدق و وفا کی راہ میں ہر آن ثابت قدم پایا تو اپنی نگاہِ کرم اِس عاشقِ صادق کو ورثۂ محمدی کی منتقلی کے لیے منتخب فرما لیا۔ اسی نعمتِ عظمیٰ کے شکرانے کے طور پر ہر سال تحریک دعوتِ فقر اپنے مرشد کریم سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کی شان میں محفل پاک کا خاص اہتمام کرتی ہے۔

ہر سال ماہِ مارچ کی 21 تاریخ کو یہ عظیم الشان اور فقید المثال محفل پاک منعقد ہوتی ہے۔ اِس محفل کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس میں شریک ہونے والا شخص جس جائز نیت اور ارادے کے ساتھ شرکت کرتاہے، اللہ تعالیٰ ضرور بالضرور اُسے پورا فرما دیتا ہے۔ اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے رواں سال 2023 ء میں بھی عظیم الشان محفل پاک منعقد کی گئی۔ جس کے لیے کئی ہفتے قبل ہی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا تھا۔ اِس موقع پر خواتین کی سہولت کے لیے با پردہ انتظامات کیے گئے تھے۔ علاوہ ازیں محفل کے اختتام پر نمازِ ظہر کی ادائیگی کے بعد بہترین لنگر پاک سے حاضرینِ محفل کی تواضع بھی کی گئی۔ 

محفل کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حمزہ ادریس سروری قادری نے حاصل کی اُس کے بعد عطا الوھاب سروری قادری نے بارگاہِ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کرنے کا شرف حاصل کیا۔ جبکہ مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس کی شان میں کلام پڑھنے کی سعادت محمد رمضان باھو کے حصے آئی۔سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ کی مناسبت سے خوبصورت بیان حاضرین کے گوش گزار کیا۔ سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ کے بابرکت موقع پر شائع ہونے والی کتب کا تعارف کروایا۔

آخر میں سب نے صف آرا ہو کر رحمتِ عالم، نورِ مجسم، حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی شانِ اقدس میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے دعائے خیر کروائی۔ یوں یہ پرنور اور روحانی محفل اپنے ساتھ بے بہا برکتیں اور رحمتیں سمیٹے اختتام پذیر ہوئی۔

سلطان الفقر پبلیکیشنز کی ایک اور کامیابی چار کتب کی اشاعت اور رُونمائی

سلطان الفقر پبلیکیشنز نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے 21مارچ2023ء کے بابرکت موقع پر چار نئی کتب کی اشاعت اور تقریب رونمائی کرکے بڑی کامیابی اپنے نام کر لی۔سلطان الفقر پبلیکیشنز نے بانی و سرپرست ِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی مشہورِ زمانہ کتب ’’حقیقتِ روزہ،’’ فضائل اہلِ بیتؓ اور صحابہ کرامؓ ‘‘اور’’فقرِ اقبال‘‘ کے انگریزی تراجم کے ساتھ ساتھ سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ کی پہلی مستند اور جامع سوانح حیات پر مبنی تصنیفِ لطیف ’’سلطان باھوؒ‘‘ کا دوسرا ایڈیشن شائع کیا ہے۔ 21مارچ2023ء کے بابرکت موقع پر شائع ہونے والی کتب کی تفصیل درج ذیل ہے:

۱۔  (حقیقتِ روزہ کا انگلش ترجمہ)  Fasting – Sharia and Spirituality
۲۔  (فقرِ اقبال کا انگلش ترجمہ)  Iqbal and Faqr
۳۔  (فضائل اہلِ بیتؓ اور صحابہ کرامؓ کا انگلش ترجمہ)  Prophet’s People of the Cloak and Companions
۴۔  سلطان باھوؒ کا دوسرا ایڈیشن

سلطان الفقر پبلیکیشنز کے خلیفہ نگران سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے ان تمام کتب کی رونمائی کی سعادت حاصل کی۔ انہوں نے جامع مگر مختصر انداز میں ان کتب کی اہمیت و افادیت کے متعلق حاضرین کو آگاہ کیا۔نئی شائع ہونے والی کتب تعارفی قیمت پر خصوصی رعایت کے ساتھ سلطان الفقر پبلیکیشنز کے سٹال پر دستیاب تھیں۔

قرآن اور رمضان نشریات۔2023ء  (1444ہجری)

بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوت ِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیرِ نگرانی و سرپرستی ہر سال کی طرح رواں سال 2023ء میں بھی رمضان المبارک 1444ھ میں تحریک دعوتِ فقر کے زیرِ اہتمام شاندار قرآن اور رمضان نشریات کا سلسلہ کامیابی و کامرانی سے جاری ہے۔ آپ مدظلہ الاقدس کے خلیفہ سلطان محمد احسن علی سروری قادری روزانہ قرآنِ مجید کے اس حصے کو آسان فہم انداز میں بیان کرتے ہیں جو نماز ِ تراویح میں پڑھا جانے والاہوتا ہے تاکہ نمازِ تراویح میں تلاوت ہونے والا قرآنِ مجید کا حصہ مقتدی حضرات کو سمجھ آ سکے اور وہ یہ جان سکیں کہ اللہ تعالیٰ ہمیں کن امور کی طرف دعوت دے رہا ہے اور کن امور سے منع فرمارہا ہے۔ سلطان محمد احسن علی سروری قادری فقرائے کاملین کی تعلیمات کی روشنی میں اہم نکات بیان کرتے ہیں۔ سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کے تعاون سے یہ نشریات روزانہ سہ پہر 4بجے سے 5بجے تک فیس بک، یوٹیوب اور انسٹاگرام پر براہِ راست نشر کی جاتی ہے۔ دنیا بھر سے ’’قرآن اور رمضان‘‘ نشریات کو بے پناہ پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

تحریک دعوتِ فقر کے زیرِاہتمام۔۔۔۔  ہو رہا ہے سحر و افطار کا بہترین انتظام 

 تحریک دعوتِ فقر کے زیرِ اہتمام ہر سال رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ انتہائی جوش و خروش سے منایا جاتا ہے جس میں سینکڑوں خانقاہ نشینوں، مریدوں اور دیگر مہمانوں کے لیے سحر و افطار کے شاندار انتظامات کیے جاتے ہیں۔ علاوہ ازیں وسیع پیمانے پر درس و تدریس کا آغاز بھی کیا جاتا ہے اور ساتھ ہی ساتھ انہیں روزے کی فضیلت و اہمیت سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔ بلا شبہ روزے میں بے شمار دینی و جسمانی ثمرات پوشیدہ ہیں لیکن اس کا اصل فائدہ تب ہی ممکن ہے جب انسان اس کی روح کو سمجھنے کی کوشش کرے۔ روزہ محض صبح سے شام تک بھوکے پیاسے رہنے کا ہی نام نہیں بلکہ اپنے آپ کو تمام تر فضولیات اور بے ہودہ باتوں سے دور رکھنا بھی اتنا ہی ضروری ہے تاکہ انسان اِس کے اجر کو پا سکے۔ عصرِ حاضر کے مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس بھی اپنے مریدوں اور عقیدتمندوں کو حقیقتِ روزہ سمجھنے کی تلقین فرماتے ہیں تاکہ وہ اِس کی روح اور فرضیت کے اصل مقصد سے واقف ہوں اور اِس عطائے ربی سے صحیح معنوں میں بہرہ ور ہو سکیں۔

 شعبہ دعوت و تبلیغ کی تبلیغی سرگرمیاں

تحریک دعوتِ فقر کا شعبہ دعوت و تبلیغ فقرِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کو ہر خاص و عام تک پہنچانے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ داعی حضرات گلی گلی، گھر گھر جا کر معرفتِ الٰہی کا پیغام پھیلا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ خانقاہ سروری قادری اور خانقاہ سلطان العاشقین میں باقاعدگی سے درس و تدریس کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت خانقاہ نشینوں کی ظاہری و باطنی تربیت کی جاتی ہے۔محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ میں شرکت کے لیے شعبہ دعوت و تبلیغ نے بھرپور انداز میں سرگرمیاں جاری رکھیں جن کی تفصیل درج ذیل ہے:

لاہور کے بڑے کاروباری مراکزقرطبہ چوک، جنازگاہ اور انارکلی بازار میں داعی حضرات نے لوگوں کو دعوتِ حق کے ساتھ ساتھ محفلِ میلاد میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
انارکلی بازار کے بعد ساندہ جیسے گنجان آباد علاقہ میں تبلیغی سرگرمیاں ادا کی گئیں۔
G.P.Oلاہور، لکشمی چوک، نیلا گنبد اور گرد و نواح میں موجود دکانوں اور مارکیٹوں میں عوام الناس کو محفلِ میلاد میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
اس کے علاوہ لاہور ریلوے اسٹیشن، سلطان پورہ اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ UETلاہور کے گرد و نواح میں دعوت و تبلیغ کی سرگرمیاں جاری رہیں۔

تحریک دعوتِ فقر اسلام آباد کی تبلیغی سرگرمیاں

محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ میں شرکت اور دعوتِ حق کے حوالے سے پیغام کو عام کرنے میں تحریک دعوتِ فقر اسلام آباد کی سرگرمیاں قابلِ ستائش اور دیگر علاقائی جماعتوں کے لیے نمونہ ہیں۔ تحریک دعوتِ فقر اسلام آباد کے ممبران نے ایک منظم طریقے سے سماجی، علمی ، مذہبی اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور بہت احسن انداز سے دعوتِ حق اور محفلِ میلاد میں شرکت کے دعوت نامے تقسیم کیے۔ 


Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں