تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr New
نیوز رپورٹر: وقار احمد ارشاد، عثمان صادق
عید ملن تقریب اور اظہار ِ تشکر بسلسلہ تکمیل تعمیر مسجد ِ زہراؓ (مرحلہ ششم)
11 ذوالحج 1447 ھ بمطابق28مئی 2026ء بروزجمعرات، عید الا ضحی کے دوسرے روز خانقاہ سلطان العاشقین میں شاندارعید ملن تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوت ِفقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔ اس بابرکت تقریب میں صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب، مجلس ِخلفا، مریدین اور اہل ِعلاقہ سمیت لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اپنے محبوب مُرشد سے مل کر عید کی خوشیوں کو دوبالا کیا۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے حاصل کی اور نعت شریف کا نذرانہ پیش کرنے کی سعادت محمد رمضان باھُو کے حصے آئی جنہوں نے اپنی پر سوز آواز سے حاضرین کے جوش و ولولے کو ہوا دی۔ جبکہ منصب نقابت حسب معمول منتظم ِاعلیٰ تحریک دعوت فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے سنبھالے رکھا۔
عید قرباں کی مناسبت سے انعقاد پذیر ہونے والی اس تقریب کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس میں ہر سال مسجد زہرا ؓکے تعمیراتی مراحل کے حوالے سے دستاویزی فلم (ڈاکیومنٹری) بھی دکھائی جاتی ہے۔ سال 2020ء عید الاضحی کے موقع پر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین سے ملحقہ رقبے پر مسجد زہراؓ کی بنیاد رکھی تھی۔ مسجد کی تعمیر کو رواں سال 2026ء میں 6 سال مکمل ہونے پر ڈاکیومنٹری کا مرحلہ ششم عوام کو دکھایا گیا جسے بعد ازاں یوٹیوب اور فیس بک سمیت تحریک دعوت ِفقر کے زیر انتظام دیگر سوشل میڈیا فورمز پر بھی اپ لوڈ کیا جا چکا ہے۔ الحمدللہ! آپ مد ظلہ الاقدس کی سرپرستی، کنسٹرکشن کمیٹی کی خصوصی دلچسپی اور کاریگروں کی شبانہ روز محنت کی بدولت مسجد کی تزئین و آرائش کا کام تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔
مسجد زہراؓ کی شان کے لئے یہی کافی ہے کہ اس کا نام سیدہ کائنات، جگر گوشہ رسول، ام الحسنین کریمین، طیبہ، طاہرہ، سیدہ فاطمۃ الزہرا رضی اللہ عنہا کے اسم ِگرامی پر رکھا گیا ہے۔ اس حوالے سے آپ مد ظلہ الاقدس 27 اپریل 2025ء بروز اتوار بزم سلطان العاشقین کے موقع پر فرما چکے ہیں ’’ہمارے دور کی سب سے اہم ڈیوٹی مسجد زہرا ؓکی ڈیوٹی ہے۔ جن لوگوں نے بھی مسجد کی تعمیر کے لئے (جانی و مالی) ڈیوٹی کی اور جو کر رہے ہیں، اللہ پاک نے انہیں بہت نوازا اور آئندہ بھی نوازے گا۔‘‘
اس ڈاکیومنٹری فلم کے ساتھ ہی تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ جس کے بعد سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس نے تمام شرکائے تقریب سے فرداً فرداً مل کر انہیں عید کی مبارکباد پیش فرمائی۔ تقریب کے بعد حسب ِروایت تمام مہمانوں کی شاندار لنگر پاک سے تواضع کی گئی۔
نمازِ عید اور سنت ِابراہیمی کی ادائیگی
سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب، مجلس ِخلفا اور دیگر مریدین و عقیدتمندوں کے ساتھ مسجد ِزہرا میں عید الاضحی ادا فرمائی۔ نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد طالبانِ مولیٰ اور عشاق نے اپنے مرشد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے گلے مل کر عید کی خوشیوں کو دوبالا کیا اور بعد ازاں ایک دوسرے کو گلے مل کر عید کی مبارکباد پیش کی۔
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس کی ہدایات کے عین مطابق ہر سال تحریک دعوت ِفقر کے زیرِ اہتمام خانقاہ سلطان العاشقین میں سنت ابراہیمیؑ کی یاد میں قربانی کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ سنتِ ابراہیمی ؑدرحقیقت عشق ِالٰہی، اطاعت، اور تسلیم و رضا کی وہ لازوال داستان ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کو قربانی، صبر، اور ایمان کی تعلیم دیتی رہے گی۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا خواب میں اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللہ کی راہ میں قربان کرنے کا حکم پانا، اور بغیر کسی تردد کے اس پر عمل کرنے کی تیاری کرنا، اس بات کا ثبوت ہے کہ قربانی کا تعلق محض ظاہر سے نہیں بلکہ باطن کی کامل تسلیم و رضا سے ہے۔ بقول شاعر
سر تسلیم خم ہے جو مزاج یار میں آئے
اسی سنت کو زندہ رکھتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمان ہر سال عید الاضحٰی کے موقع پر انتہائی جوش و خروش سے قربانی کا اہتمام کرتے ہیں۔ ایسے میں تحریک دعوتِ فقر نے اپنی سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے 10 ذو الحج 1447 ھ بمطابق27 مئی 2026ء خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں وسیع پیمانے پر اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا۔ جس میں علاقائی لوگوں کے ساتھ ساتھ ملکی و بین الاقوامی سطح پر مریدین اور عقیدت مندوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ گوشت کی تقسیم کے لئے خصوصی ٹیمز تشکیل دی گئی تھیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک قربانی کا گوشت پہنچایا جا سکے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ جس جس نے جانی و مالی لحاظ سے اس کارِ خیر میں حصہ لیا اور معاونت کی اُنہیں اجر عظیم عطا فرمائے۔ آمین
سلطان الفقر پبلیکیشنز کے تحت تقریب رونمائی کتب
تحریک دعوتِ فقر کے سب سے اہم شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنز کا ایک اور سنگِ میل!11ذوالحجہ 1447ھ بمطابق 28مئی 2026ء بروز جمعرات عید ملن تقریب اور اظہارِ تشکر بسلسلہ تکمیلِ تعمیر مرحلہ ششم مسجدِ زہراؓ کے پر مسرت موقع پر دو نئی کتب کی رونمائی کی گئی۔ سلطان الفقر پبلیکیشنز کی روایت ہے کہ تحریک دعوتِ فقر کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی تمام بڑی محافل پر نئی کتب شائع کی جاتی ہیں۔ اِسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے عید الاضحی 2026ء کی عید ملن تقریب کے موقع پر سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھورحمتہ اللہ علیہ کی دو نایاب تصانیف ’’کلید ِ جنت ‘‘ اور ’’جامع الاسرار‘‘ کے اردو تراجم مع فارسی متن شائع کئے گئے ۔ ان دونوں کتب کے مترجم سلطان محمد احسن علی سروری قادری ہیں جو اس سے قبل بھی حضرت سخی سلطان باھوؒ کی متعدد فارسی کتب کے اردو ترجمے کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔ یہ کتب طالبانِ مولیٰ کے لیے اسرارِ باطنی اور معرفتِ الٰہی کا عظیم خزانہ ہیں۔
منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے حاضرین کو دونوں کتب کا مختصر تعارف کروایا۔ نئی شائع ہونے والی کتب سلطان الفقر پبلیکیشنز کے سٹال پر خصوصی رعائتی قیمت پر دستیاب تھیں۔ قارئین نے اس دلچسپ آفر سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سلطان الفقر پبلیکیشنز کے سٹال سے نہ صرف مذکورہ بالا نئی کتب بلکہ سلطان الفقر پبلیکیشنز کے تحت شائع ہونے والی دیگر من پسند کتب کی بھی بھرپور خریداری کی۔ یہ دونوں کتب سلطان الفقر پلیکیشنز کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہیں۔
سلطان الفقر پبلیکیشنز کی موبائل ایپلی کیشن
سلطان الفقر پبلیکیشنز تحریک دعوتِ فقر کا اہم ترین شعبہ ہے جس کے تحت فقر و تصوف پر مبنی مستند کتب کی اشاعت کا سلسلہ گزشتہ بیس سال سے بلا تعطل جاری و ساری ہے جس کی بنیاد بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے اگست 2006ء میں رکھی۔ اس عرصہ میں یہ ادارہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی زیرِ نگرانی ایک سو (100)سے زائد کتب شائع کر چکا ہے جن میں سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ کی فارسی کتب کے انگلش و اردو تراجم، سیّدنا غوث الاعظم حضر ت شیخ عبدالقادر جیلانیؓ کی عربی کتب کے اردو تراجم، سیّد الشہدا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہٗ کی نایاب تصنیف ِ لطیف ’’مرآۃ العارفین‘‘ کا آسان اردو ترجمہ سر فہرست ہیں۔ اس کے علاوہ سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور اکتیسویں شیخِ کامل سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تصانیف اور ان کے انگلش تراجم کرنے کی سعادت بھی ادارہ ہٰذا کو حاصل ہے۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی سب سے اہم تصنیفِ لطیف ’’شمس الفقرا‘‘ جو دنیائے فقر و تصوف میں انسائیکلوپیڈیا کی حیثیت رکھتی ہے،اور اس کا انگریزی ترجمہ Sufism – The Soul of Islam بھی سلطان الفقر پبلیکیشنز کے تحت شائع کی گئیں ہیں۔ کتب کے علاوہ ’’ماہنامہ سلطان الفقر ‘‘ میگزین بھی سلطان الفقر پبلیکیشنز کے زیر ِ اہتمام شائع کیا جاتاہے جو اپنی کامیاب اور مسلسل اشاعت کے بیس سال مکمل کرنے کو ہے۔
دورِ حاضر کے تقاضوں کو مد ِنظر رکھتے ہوئے قارئین کی سہولت کے لیے سلطان الفقر پبلیکیشنز نے حال ہی میں ایک موبائل ایپلیکیشنز متعارف کروائی ہے جہاں مذکورہ بالاکتب اب صرف ایک کلک پر دستیاب ہوں گی۔ بلاشبہ اس اہم پیش رفت کی بدولت فقر و تصوف کی تعلیمات اور اسرار و معرفتِ الٰہی ایک موبائل ایپلیکیشنز کی صورت میں ہر خاص و عام کو میسر ہوں گے۔یہ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی دور اندیشی ، دور ِحاضر کی ضروریات کے ساتھ ہم آہنگی اور نئی نسل کو حقیقت کی طرف راغب کرنے کی جانب ایک اہم قدم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ ایپلیکیشن گوگل پلے سٹور پر بلا معاوضہ ہر خاص و عام کے لیے دستیاب ہے۔دنیا بھر کے تمام اینڈرائڈ موبائل صارفین اس ایپلیکیشن سے مستفید ہو سکتے ہیں اور یوں اللہ پاک نے اپنا پیغام جدید عصری تقاضوں کے عین مطابق عوام الناس تک پہنچانے کی حجت تمام کر دی ہے۔ جلد ہی یہ ایپلیکیشن ایپل سٹور پر بھی مفت ڈائونلوڈ کے لیے دستیاب ہوگی۔