تحریک دعوتِ فقر نیوز
Tehreek Dawat-e-Faqr News
نیوز رپورٹر: محمد عثمان صادق سروری قادری
مسجدِ زہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین میں جاری تعمیراتی و ترقیاتی امور کی اَپ ڈیٹس
بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی ہدایات کے عین مطابق مسجدِزہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین کی چار دیواری کا کام پایہ تکمیل کو پہنچ چکا ہے جبکہ اگلے مرحلے میں اس کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔ ساتھ ہی ساتھ مسجدِزہراؓ کے احاطے کو سفید سنگِ مرمر کے فرش سے آراستہ کرنے کا کام بھی ماہر انجینئرز کی نگرانی میں جاری و ساری ہے۔ علاوہ ازیں مسجد کے بر آمدے کی چھت کو بھی بہترین امپورٹڈ گولڈن ٹائلوں سے مزین کیا جا رہا ہے۔ اس عظیم الشان منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے ہر ہر پہلو کو مدِنظر رکھا جا رہا ہے تاکہ فقر کے اس مرکز کی تعمیر و خوبصورتی میں کسی طرح کی کمی نہ رہنے پائے۔
انتخابات برائے سال 2026 کے نتائج کا اعلان
(تقریب حلف برداری۔منعقدہ:یکم جنوری 2026ئ)
حکمنامہ سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے مطابق تحریک دعوتِ فقر کے انتخابات برائے سال 2026 کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
قارئین ماہنامہ سلطان الفقر کو بتاتے چلیں کہ تحریک دعوتِ فقر میں ہر سال انتخابات کے ذریعے عہدیداران اور ممبران مجلسِ شوریٰ منتخب کیے جاتے ہیں۔ جس کے لیے ووٹنگ کا عمل یکم تا 15 دسمبر تک جاری رہتا ہے۔انتخابات کے نتائج کا اعلان 31 دسمبر2025ء کو کردیا گیااور منتخب شدہ عہدیداران اور ممبران مجلسِ شوریٰ کی فہرست تحریک دعوتِ فقر کے آفیشل گروپس میں شیئر کی گئی۔ اس کے علاوہ خانقاہ سلطان العاشقین کے نوٹس بورڈ پر بھی لسٹیں آویزاں کی گئیں۔
٭ حلف برداری کی تقریب یکم جنوری 2026 بروزجمعرات دوپہر 2بجے خانقاہ سلطان العاشقین براستہ سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں منعقد ہوئی۔ تقریب کی صدارت بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے فرمائی جبکہ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس نے نقابت کے فرائض سر انجام دیے۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا جس کی سعادت مولانا یاسر یٰسین سروری قادری نے حاصل کی۔ تقریب کے پہلے مرحلے میں سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا۔
تقریب کے دوسرے مرحلے میں منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوت فقر سلطان محمد نعیم عباس صاحب نے نو منتخب ممبران مجلسِ شوریٰ سے حلف لیااور خوش نصیب ممبران کو مبارکبادپیش کی۔
مجلسِ شوریٰ تحریک دعوت فقر برائے سال 2026 کا افتتاحی اجلاس
(منعقدہ: 11جنوری 2026ئ)
11 جنوری 2026ء بروز اتوار سہ پہر 3 بجے خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں مجلسِ شوریٰ تحریک دعوتِ فقر برائے سال 2026ء کا افتتاحی اجلاس طلب کیا گیا۔اجلاس کی صدارت منتظمِ اعلی تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے فرمائی جبکہ نو منتخب عہدیداران اور ممبران مجلسِ شوریٰ بھی موجود تھے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں تحریک دعوتِ فقر کی جنرل کونسل برائے سال 2026ء کے ممبران کے انتخاب سمیت دیگر داخلی و خارجی امور شامل تھے۔ اجلاس کا آغاز حسبِ دستور تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت ممبر مجلس شوریٰ قدیر اقبال سروری قادری نے حاصل کی۔ تمام ممبران نے مشاورت کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور اپنی آراء تحریری صورت میں انتظامیہ کمیٹی کے حوالے کیں۔ سب ممبران نے ماضی کی طرح خلوصِ نیت اور نئے عزم کے ساتھ اللہ کی جماعت، تحریک دعوتِ فقر کے لئے مزید بہتر انداز میں کام کرنے اور اس کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کرنے کا وعدہ کیا۔ منتظم ِاعلی سلطان محمد نعیم عباس صاحب نے حاضرین کے جوش و جذبے کو سراہا اور فرمایا کہ:
’’ہمیں کام کے ساتھ ساتھ اپنی اخلاقیات کو بھی بہتر بنانا ہے۔ جب بڑے عہدوں پر موجود لوگوں کا اخلاق اچھا ہو گا تو ہی اس کا اثر نیچے تک جائے گا۔ اور مومن تو ہے ہی وہ جس کا اخلاق اچھا ہو۔ دعا ہے اللہ پاک ہم سب کا حامی و ناصر ہو اور ہمیں یک جان ہو کر تحریک کے لئے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین‘‘
اجلاس کا اختتام تحریک دعوتِ فقرکی ترقی و کامیابی کے ساتھ ساتھ مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی صحت میں برکت کی دعائے خیر سے ہوا۔
سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کی شادی میں شرکت
بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر، مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ، سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دیرینہ ساتھی اور مرید محمد مغیث افضل سروری قادری کی صاحبزادی کی شادی خانہ آبادی زین سعید سروری قادری سے ہونا قرار پائی۔ شادی کی یہ تقریبِ سعید لاہور کے مقامی شادی ہال میں 4 جنوری 2026 ء بروز اتوار منعقد ہوئی جہاں سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس، صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مد ظلہ الاقدس، معزز مجلس خلفا اور ممبران مجلسِ شوریٰ و جنرل کونسل برائے تحریک دعوتِ فقر سمیت مہمانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ آپ مد ظلہ الاقدس کی موجودگی نے تقریب کی رونق کو چار چاند لگا دئیے۔ آپ نے نو بیاہتا جوڑے کو سلامی کے ساتھ ساتھ ڈھیروں دعاؤں کا تحفہ پیش کیا اور زندگی کے نئے سفر کے آغاز پر مبارکباد دی۔
سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کا خانقاہ میں قیام
ماہ ِدسمبر 2025ء اور جنوری 2026ء کے دوران مرشد کامل اکمل، فقیر مالک الملکی، سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مد ظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈہ، ملتان روڈ لاہور میں خصوصی قیام فرمایا۔
دورانِ قیام آپ مد ظلہ الاقدس نے بالترتیب 21 دسمبر اور 28 دسمبر 2025ئ، 4 جنوری، 11 جنوری اور 18 جنوری 2026 ء بروز اتوار خانقاہ سلطان العاشقین میں انعقاد پذیر ہونے والی بزمِ سلطان العاشقین کی صدارت بھی فرمائی۔ مریدین و اہلِ علاقہ کے ہمراہ مسجدِزہراؓ میں نمازِ جمعہ ادا فرمائی۔ اس ملاقات کے علاوہ ہفتے کے بقیہ ایام میں بھی مرد و خواتین کی کثیر تعداد آپ مدظلہ الاقدس کی بارگاہ میں حاضر ہو کر آپ کی پاک صحبت سے فیضیاب ہوتی ہے۔ یاد رہے خانقاہ سلطان العاشقین میں محافل اور ملاقات کے دوران خواتین کے لئے با پردہ انتظامات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں مہمانوں کی بہترین لنگر پاک سے تواضع بھی کی جاتی ہے۔
تنظیم سازی برائے تحریک دعوتِ فقر سندر، لاہور
27 دسمبر 2025ء بروز ہفتہ تحریک دعوتِ فقر سندر اڈا لاہور کی تنظیم سازی کی گئی۔ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری کے زیرِقیادت دفتر تحریک دعوتِ فقر سندر کا افتتاح ہوا۔ اس موقع پر امین مجلسِ خلفا سلطان محمد عبداللہ اقبال صاحب کے ہمراہ سلطان محمد ناصر حمید صاحب، سلطان حافظ محمد ناصر مجید صاحب اور پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمٰن صاحب بھی موجود تھے۔ ان کے علاوہ ملک سجاول کھوکھر اور احمد رضا مقبول بھی وفد کے ہمراہ تھے۔ سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے مقامی افراد کو سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی بارگاہ سے ذکر و تصور اسمِ اللہ ذات (اسمِ اعظم) حاصل کرنے کی دعوت دی اور اسمِ اعظم کے فیوض و برکات کے موضوع پر گفتگو بھی فرمائی۔ پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمن نے دعائے خیر کروائی۔ اس موقع پر محمد بشارت اور محمد وکیل نے خصوصی معاونت کی۔