تحریک دعوتِ فقر نیوز |Tehreek Dawat e Faqr News


Rate this post

تحریک دعوتِ فقر نیوز۔ نومبر 2019

محفل میلادِ مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبیؐ

محبوبِ خدا، باعثِ تخلیقِ کائنات، فخرِ موجودات حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی ولادت کی نہ صرف اللہ پاک نے خوشی منائی بلکہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ولادت کی خوشی میں تمام کائنات میں چراغاں کیا گیا۔ فرشتوں نے خوشیاں منائیں اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام پر درود و سلام بھیجا۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے میلاد کی خوشی منانا انبیا، اولیا اور علمائے حق کا طریق رہا ہے۔ ہر کسی نے اپنے اپنے انداز میں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے میلاد کی خوشی منائی۔ اس بابرکت مہینے میں عاشقین حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام پر کثرت سے درود بھیجتے ہیں۔ اپنے گھروں کو جھنڈیوں اور قمقموں سے سجاتے ہیں۔ نورانی محافل منعقد کروائی جاتی ہیں۔ ضیافتوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ نذر و نیاز بانٹی جاتی ہے۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہِ عالی میں نعتیہ کلام پیش کیے جاتے ہیں۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی سیرتِ مطہرہ کے مختلف پہلوؤ ں کا تذکرہ کیا جاتا ہے۔ درود و سلام کی مجالس ہوتی ہیں۔اہلِ عقیدت و محبت حضرات اپنے قلوب کو عشقِ مصطفیؐ سے سرشار کرنے کا کوئی بھی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ محبوبِ خدا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سے محبت اور عقیدت کا تقاضا بھی یہی ہے کہ ہر لمحہ ٔ زندگی حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی یاد میں بسر ہو اور زندگی کا ہر عمل حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی سیرت کے مطابق ہو تب ہی انسان صادق طالبِ مولیٰ کہلانے کا حقدار ہو گا اور یہی حقیقی مومنین کا شعار ہے۔ 

سلسلہ سروری قادری حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے نقش ِ قدم پر ہے۔ مشائخ سروری قادری کا ہر ہر عمل حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی حیات و سیرت کی اتباع میں ہوتا ہے۔ اگر یہ کہا جائے کہ سلسلہ سروری قادری کو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی خصوصی توجہ اور شفقت حاصل ہے تو بے جا نہ ہوگا۔ چونکہ مشائخ سروری قادری فنا فی الرسول اور فنا فی اللہ بقا باللہ کے مرتبہ پر فائز ہوتے ہیں اور ان کی ہستی حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ذاتِ اقدس میں اس قدر فنا ہو چکی ہوتی ہے کہ فقرِ محمدیؐ کا رنگ ان کے ہر ہر عمل اور ہر ہر حرکت سے عیاں ہوتا ہے۔ پھر وہ زینتِ کائنات حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ولادت کی خوشی کیونکر نہ منائیں۔ بلکہ وہ جہاں کہیں بھی قدم رنجہ فرماتے ہیں میلاد کی محفل شروع ہو جاتی ہے اور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے یومِ ولادت کی خوشی میں عظیم الشان محافل منعقد کروانا تو مشائخ سروری قادری کی اوّلین ترجیح ہے۔
سلسلہ سروری قادری کے موجودہ شیخِ کامل، مجددِ دین، شبیہ غوث الاعظم، سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس ہیں۔ آپ کا لقب سلطان العاشقین اس بنا پر ہے کہ آپ عاشقوں کے سلطان ہیں اور عاشق ہوتا ہی وہ ہے جو محبوب پر اپنی ہر چیز حتیٰ کہ اپنی جان بھی قربان کر دے۔ اگر عاشقوں کا یہ حال ہے تو عاشقوں کے سلطان کا کیا عالم ہوگا۔۔۔سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے اپنی جان، مال، اولاد توکیا اپنی زندگی کا لمحہ لمحہ فقرِ محمدی ؐکے لیے وقف کر دیا ہے۔ آپ مدظلہ الاقدس کی زندگی کا مقصد حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے ورثہ فقر‘ جو کہ حقیقی اسلام ہے‘ سے دنیا بھر کو متعارف کروانا ہے۔ اس لیے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے میلاد کی خوشی میں عظیم الشان محافل منعقد کروانا تو آپ کی روایت ہے کیونکہ ان محافل میں فقر کی دولت تقسیم کی جاتی ہے۔
12 ربیع الاوّل1441 ھ اتوار کے روز بھی حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ولادت کی خوشی میں خانقاہ سروری قادری لاہور میں ایک عظیم الشان روحانی و نورانی محفل کا اہتمام کیا گیا۔
محفل کی تیاریاں ایک مہینہ قبل ہی شروع کر دی گئی تھیں۔ ملک بھر میں مریدین اور عقیدتمندوں کو محفل میلادِ مصطفیؐ میں شرکت کے لیے دعوت نامے بھیجے گئے اور بذریعہ ٹیلی فون بھی دعوت دی گئی جس کے نتیجے میں ملک بھر سے مریدین اور عقیدتمندوں کی کثیر تعداد نے محفل میں شرکت کی۔
سلطان العاشقین ہاؤس اور خانقاہ سروری قادری دونوں کو خوبصورت برقی قمقموں سے نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا۔ رات کے وقت رنگ برنگ قمقموں سے روشن سلطان العاشقین ہاؤس اور خانقاہ سروری قادری کی خوبصورت عمارتیں ماحول کو مزید خوبصورت بنا دیتیں۔ دور سے ہی اس خوبصورتی کو دیکھنے والے متحیر رہ جاتے۔
مریدین اور عقیدتمندوں کی خانقاہ سروری قادری لاہور میں آمد کا سلسلہ محفل ِ میلاد سے چند روز قبل ہی شروع ہو گیا۔ تمام مریدین اور عقیدتمند اس بابرکت اور عظیم الشان محفل کے انتظامات میں حصہ لینے کے لیے ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی فکر میں تھے۔ ہر کوئی انتظامات اور تیاروں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے لیے بے چین تھا۔ اور ہوتا بھی کیوں نہ۔۔۔۔۔یہ عظیم الشان محفل بھی تو اس عظیم الشان ہستی کی ولادت کی خوشی میں تھی جس کے لیے اللہ پاک نے تمام کائنات تخلیق فرمائی۔ اس عظیم الشان ہستی کی رضا و خوشی کی خاطر تو تن من نچھاور کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھنی چاہیے۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی رضا کے حصول سے جو خوشی اور نورانیت حاصل ہوتی ہے ہر طالب ِ مولیٰ اپنے قلب کو اس نورانیت سے منور کرنے کے لیے بیتاب تھا۔
تحریک دعوتِ فقر کی مجلس ِ شوریٰ کے تمام ممبران نے میلادِ مصطفیؐ کی خوشی میں سفید سوٹ اور سبز ویسٹ کوٹ زیب ِ تن کی ہوئی تھیں جو بہت ہی خوبصورت منظر پیش کر رہی تھیں۔
مریدین اور عقیدتمند مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے رُخِ انور کے دیدار کے لیے بیتاب تھے۔ اس روز موسم بھی نہایت خوشگوار تھا۔ ٹھنڈی ٹھنڈی دلفریب ہوا چل رہی تھی۔ سورج کی سنہری کرنیں ماحول کو مزید منور کر رہی تھیں۔ محبوبِ خدا کے یومِ ولادت کی خوشی میں فضا معطر تھی۔ خانقاہ سروری قادری کے باہر عشاق مرشد کریم کے استقبال کی خاطر پلکیں بچھائے پھولوں کی پتیاں اور ہاتھوں میں تحریک دعوتِ فقر کے جھنڈے لیے منتظر کھڑے تھے۔ ان کی بے چینی لمحہ بہ لمحہ بڑھ رہی تھی۔ دل تھا کہ مرشد کے رُوئے زیبا کے دیدار کے لیے مضطرب تھا۔ سانسیں ذکرِ یاھُو میں مشغول تھیں۔ نظریں اس راستے پر مرکوز تھیں جہاں سے مرشد کریم کی سواری نے جلوہ افروز ہونا تھا۔ نعت خوان میلادِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی خوشی میں آمدِ مصطفی مرحبا مرحبا پڑھ کر حاضرین کو محظوظ کر رہے تھے۔ ایک ایسا روحانی سماں بندھ چکا تھا کہ عشقِ حقیقی کی تڑپ دلوں میں پیدا ہو چکی تھی۔ ایسے میں اچانک فضا تکبیر و رسالت کے نعروں سے گونج اٹھی۔ مرشد کریم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی سواری نمودار ہوئی۔ گلاب کے پھولوں کی پتیوں نے فضا کو رنگین و معطر کر دیا۔ عشاق دیوانہ وار مرشد کریم کی گاڑی پر پھول نچھاور کر رہے تھے۔ تحریک دعوتِ فقر کے جھنڈے لہرائے جا رہے تھے۔ تکبیر و رسالت اور نعرئہ حیدری کی آواز سے فضا گونج رہی تھی۔ آمد مصطفیؐ مر حبا مرحبا۔ ۔۔ سرکار کی آمد مرحبا، دلدار کی آمد مرحبا ۔ ۔ ۔
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اپنی گاڑی سے نیچے اترے جہاںآپ مدظلہ الاقدس کے خلفا صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب، محمد عبداللہ اقبال سروری قادری صاحب، ڈاکٹر حسنین محبوب سروری قادری صاحب اور منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری صاحب نے آپ مدظلہ الاقدس کو گلدستے پیش کیے۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے اپنے تینوں خلفاء اور منتظمِ  اعلیٰ کو گلے لگایا اور اپنی مسند پر براجمان ہوئے۔
سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے زیبِ مسند ہوتے ہی عشاق کے قلوب گویا سکون میں آ گئے ۔۔۔ دلدار کے دیدار سے بڑھ کر سکون و قرار کی چیز اور کیا ہو سکتی ہے۔۔۔ایک حسین اور نورانی چہرے سے انوار و تجلیات نکل رہی ہیں۔۔۔عشاق کے دل مچل رہے ہیں۔ ۔۔ایک وجد سا طاری ہے۔۔۔بنا پلکیں جھپکائے عشاق دیدار میں محو اپنی دید کی پیاس بجھا رہے ہیں۔۔ لیکن پیاس ہے کہ بجھنے کا نام نہیں لے رہی۔۔۔ دل ہے کہ ھل من مزید کی صدا بلند کیے جا رہا ہے۔۔۔ محبوب کی ہستی میں فنا ہونے کو عشاق بےقرار ہیں۔ ۔۔۔کیف و مستی کا عالم تھا۔ ایسے میں محفل کے باقاعدہ آغاز کے لیے نقیب ِ محفل ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے اجازت طلب کی۔ سب سے پہلے ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی شانِ اقدس اور تعریف میں چند عقیدت بھرے جملے پیش کیے۔ جس کے بعد مولانا محمد اسلم سروری قادری نے تلاوتِ قرآن سے محفل کا آغاز کیا۔
نقیبِ محفل ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے بارگاہِ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کرنے کے لیے محسن رضا سلطانی کو دعوت دی جنہوں نے اپنی خوبصورت اور پُرسوز آواز میں آقا پاک علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی جسے حاضرین نے خوب سراہا۔

سارے نبیاں دا نبیؐ تو امام سوہنیا
لکھاں تیرے تے درود تے سلام سوہنیا

اس کے بعد محمد رمضان باھُو نے اپنے مخصوص دلفریب انداز میں حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی شانِ اقدس میں نعتیہ کلام پیش کیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔

حبیبا اوچی شان والیا جے توں آئیوں تے بہاراں آئیاں
اللہ نوں توں پیارا لگنا ایں تائیوں ربّ نے وی خوشیاں منائیاں

اس کے بعد پروفیسر حافظ حماد الرحمن سروری قادری نے ’’وسعتِ علم ِ نبویؐ‘‘ کے موضوع پر بیان کیا اور اس ضمن میں مختلف احادیث اور روایات کو بھی حاضرین کے گوش گزار کیا۔
عطا الوھاب سروری قادری نے بھی حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی شانِ مطہرہ میں تحریر کردہ خوبصورت نعت کا نذرانہ پیش کیا۔

لکھ میم دے پردے پا سانول تینوں عاشق لوک سیان گئے
بھانویں کہندا رہ تو اَنا بشری تینوں جانن والے جان گئے

سلسلہ سروری قادری میں عطائے خلافت
جشنِ عید میلاد النبیؐ کے خوبصورت موقع پر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے منتظمِ  اعلیٰ ملک محمدنعیم عباس کھوکھر سروری قادری اور محمد   ناصر حمید سروری قادری کو ان کی راہِ فقر میں دی گئی قربانیوں اور پُرخلوص ڈیوٹیوں کی بنا پر سلسلہ سروری قادری کی خلافت عطا فرمائی۔ آپ مدظلہ الاقدس نے ان دو ساتھیوں کے خلوص، وفا اور محبت کی تعریف فرمائی اور ان کے لیے دعا فرمائی کہ اللہ انہیں استقامت عطا فرمائے۔
گزشتہ برس 12 ربیع الاوّل 1440ھ بمطابق 21 نومبر 2018ء سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کو خلافت عطا فرمائی تھی اور اپنے وصال کے بعد اپنے دربار کا سجادہ نشین مقرر فرمایا تھا۔ رواں سال 12 ربیع الاوّل کے پُرنورو پُرمسرت موقع پر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے اپنے خلفاء محمد عبداللہ اقبال سروری قادری کو نائب سجادہ نشین اوّل اور ڈاکٹر حسنین محبوب سروری قادری کو نائب سجادہ نشین دوم مقرر فرمایا اور ان کے لیے دعا فرمائی کہ اللہ پاک انہیں کامیاب کرے اور اپنا سایہ ان پر قائم رکھے۔
اس موقع پر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے ایک اور اہم اعلان فرمایا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے اپنے نو منتخب خلیفہ اور منتظمِ  اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر ملک محمد نعیم عباس کھوکھر کو ’’خانقاہ سلطان العاشقین‘‘ اور ’’مسجد ِ زہرا‘‘ کے پراجیکٹ کا تاحیات نگرانِ اعلیٰ مقرر فرمایا اور ان کے لیے دعا فرمائی کہ اللہ اس ڈیوٹی کو بحسن و خوبی سرانجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔
آخر میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے دوبارہ دونوں نو منتخب خلفا ملک محمد نعیم عباس کھوکھر صاحب اور محمد ناصر حمید صاحب کے لیے خصوصی دعا فرمائی کہ اللہ پاک ان کا نور مکمل فرمائے اور اپنی معرفت عطا فرماتے ہوئے ان کی تربیت فرمائے۔
عطائے اسمِ محمدؐ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے حسب ِ روایت جشنِ عید میلاد النبیؐ کے بابرکت موقع پر نہ صرف ملک بھر سے منتخب خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو اسمِ محمدؐ عطا فرمایا بلکہ بیرون ملک مقیم طالبانِ مولیٰ کو بھی اس نعمت ِ عظیم سے سرفراز فرمایا۔۔سبحان اللہ

قوتِ عشق سے ہر پست کو بالا کر دے
دہر میں اسمِ محمدؐ سے اجالا کر دے

بیعت اور عطائے ذکر و تصور اسم اللہ ذات اسمِ محمدؐ عطا فرمانے کے بعد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے ملک بھر سے محفل میلادِ مصطفیؐ میں شرکت کے لیے آئے سینکڑوں عقیدتمندوں کو بیعت فرما کر سلسلہ سروری قادری میں داخل فرمایا اور اسمِ اللہ ذات کا تصور، ذکر ِ یاھُواور مشقِ مرقومِ وجودیہ عطا فرمائی۔
آخر میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تمام مریدین سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی اور نمازِ ظہر باجماعت ادا کرنے کے بعد محفل سے رخصت ہوئے۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے محفل سے رخصت ہوتے ہوئے گویا محفل سے رونق ختم ہو گئی ہو۔
پُرتکلف لنگر سے ضیافت جشنِ عید میلا النبیؐ کے خوبصورت موقع پر شعبہ لنگر کی طرف سے محفل کے شرکاء کے لیے پُرتکلف لنگر پاک کا اہتمام کیا گیا تھا جو کہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی روایت ہے۔

جشنِ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر سلطان الفقر پبلیکیشنز کا سٹال

محفل میلاد مصطفیؐ میں سلطان الفقر پبلیکیشنز کی خوبصورت اور معیاری کتب کا سٹال بھی لگایا گیا جسے شائقین نے بہت پسند کیا۔ کثیر تعداد میں کتب فروخت ہوئیں۔ جشنِ عید میلاد النبیؐ کی خوشی میں تمام کتب 50 فیصد کی رعایتی قیمت پر فروخت کی گئیں۔ بلکہ اس موقع پر ’’سلطان العاشقین‘‘ کتاب جس کی اصل قیمت 700/- روپے ہے ‘ 100 روپے کی خصوصی رعایتی قیمت پر فروخت کی گئی۔
جشن ِ عید میلاد النبیؐ کے بابرکت موقع پر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تصنیفِ  مبارکہ ’’حقیقت اسمِ اللہ ذات‘‘ کا بارِ دوم شائع کیا گیا۔
٭ خواتین طالبانِ مولیٰ نے سلطان العاشقین ہاؤس میں عظیم الشان محفل میلادِ مصطفیؐ اسی طرز پر جوش و خروش سے منعقد کی۔

شعبہ دعوت و تبلیغ کی جہد ِ مسلسل

20 اکتوبر 2019ء بروز اتوار شعبہ دعوت و تبلیغ کے نگرانِ اعلیٰ محمد ارشد رمضان سروری قادری کی نگرانی میں محمد ظہیر، محمد ذوالفقار، محمد عظیم اور حیدر علی نے حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمتہ اللہ علیہ کے دربار پر ان کے عرس مبارک کے موقع پر ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے تقسیم کیے۔ اس دوران لوگوں کی کثیر تعداد کو میلادِ مصطفی صلی اللہ علیہ واآلہٖ وسلم بسلسلہ جشن ِ عید میلاد النبیؐ کی دعوت بھی پرُ جوش طریقے سے دی تاکہ خانقاہ سروری قادری لاہور میں منعقد ہونے والی خوبصورت محفلِ میلادِ مصطفیؐ میں شرکت کر کے فیضِ  فقر ِ محمدیؐ سے مستفید ہو سکیں۔ 

احمد پور لمہ تحصیل صادق آباد میں تحریک دعوتِ فقر کے دفتر کا شاندار افتتاح

تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ دعوت و تبلیغ کا وفد 21 اکتوبر 2019ء بروز سوموار نمازِ عصر کی ادائیگی کے بعد احمد پور لمہ تحصیل صادق آباد ضلع رحیم یار خان کے لیے روانہ ہوا۔ اس وفد کی قیادت شعبہ دعوت و تبلیغ کے نگرانِ اعلیٰ محمد ارشد رمضان سروری قادری کر رہے تھے۔ محمد فاروق ضیا سروری قادری اور مولانا محمد اسلم سروری قادری بھی وفد میں ان کے ہمراہ تھے۔ وفد 22 اکتوبر صبح 10 بجے احمد پور لمہ میں ڈاکٹر شکیل احمد کے ڈیرہ پر پہنچا جہاں پر شعبہ دعوت و تبلیغ کے وفد کا گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔
احمد پور لمہ میں آمد کے بعد گرد و نواح میں مقیم پیر بھائیوں اور عقیدتمندوں سے رابطہ کر کے دعوتی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ ڈاکٹر شکیل احمد کے ڈیرہ پر نمازِ مغرب سے قبل ہی پیر بھائیوں اور عقیدتمندوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ نمازِ مغرب کی ادائیگی کے بعد سے نمازِ عشا تک محمد فاروق ضیا سروری قادری نے حاضرین کے ساتھ فقر و تصوف کے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ اس دوران عشا کی نماز بھی ادا کی گئی۔ اپنے بیان میں محمد فاروق ضیا سروری قادری نے حاضرین کو ترغیب دلائی کہ وہ تحریک دعوتِ فقر اور مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے فیض ِ اسمِ اللہ ذات کے پیغام کو گھر گھر تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کریں۔
23 اکتوبر 2019ء بروز بدھ حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی نگاہِ کرم کی بدولت احمد پور لمہ تحصیل صادق آباد ضلع رحیم یار خان میں تحریک دعوتِ فقر کے علاقائی دفتر کا افتتاح کیا گیا۔ محمد فاروق ضیا اور مولانا محمد اسلم نے مل کر تحریک دعوتِ فقر کے اس نئے دفتر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سینکڑوں کی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ افتتاح کے بعد ایک پُرنور محفل کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ محمد فاروق ضیا نے تحریک دعوتِ فقر کے بانی و سرپرست ِ اعلیٰ کا تعارف کرواتے ہوئے حاضرین کو بتایا کہ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سلسلہ سروری قادری کے اکتیسویں شیخِ کامل ہیں جنہوں نے اسمِ اللہ ذات کے پیغام اور تعلیماتِ فقر کو دنیا بھر میں عام کرنے کے لیے تحریک دعوتِ فقر کی بنیاد رکھی۔ محمد فاروق ضیا سروری قادری نے تمام حاضرین کو تحریک دعوتِ فقر کے اس مشن کو آگے بڑھانے کی ترغیب دلاتے ہوئے تحریک دعوتِ فقر کے مختلف شعبہ جات میں جانی و مالی ڈیوٹی کرنے کی ترغیب بھی دلائی اور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی صحبت سے مستفید ہونے کی تاکید کرتے ہوئے بتایا کہ تحریک دعوتِ فقر 12 ربیع الاوّل کو خانقاہ سروری قادری لاہور میں ایک عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔ تمام حاضرین اس میں محبت و عقیدت سے شرکت کریں اور زیبِ محفل اور روحِ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی نورانی شخصیت سے ملاقات اور دیدار کا شرف حاصل کریں۔
ڈاکٹر شکیل احمد سروری قادری کو تحریک دعوتِ فقر احمد پور لمہ تحصیل صادق آباد کا سرپرست مقرر کیا گیا۔ اس پُرمسرت موقع پر سلطان الفقر پبلیکیشنز کی مطبوعہ خوبصورت اور مستند کتب کا سٹال بھی لگایا گیا جن کو حاضرین نے بے حد سراہا۔اس موقع پر حاضرین میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے بھی فی سبیل للہ تقسیم کیے گئے۔
محفل کے اختتام پر محمد فاروق ضیا سروری قادری نے تحریک دعوتِ فقر کی سربلندی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کروائی۔ محفل کے بعد خصوصی طور پر مٹھائی تقسیم کی گئی جس کے بعد مغرب کی نماز باجماعت ادا کی گئی۔
نمازِ مغرب کی ادائیگی کے بعد حاضرین میں سے کچھ افراد نے تحریک دعوتِ فقر اور اس کی کاوشوں پر بہت محبت کا اظہار کیا جس پر محمد فاروق ضیا سروری قادری نے فقر کی حقیقت پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے ان کی رہنمائی فرمائی اور محفل میلادِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم بسلسلہ جشن ِ عید میلاد النبیؐ میں شرکت کی خصوصی دعوت دی۔
نمازِ عشا کے بعد شعبہ دعوت و تبلیغ کا وفد معین افضل سروری قادری کے ڈیرہ پر پہنچا جہاں حاضر تمام پیر بھائیوں اور عقیدتمندوں سے تفصیلاً گفتگو ہوئی۔ محمد فاروق ضیا سروری قادری نے حاضرین کی راہِ فقر پر رہنمائی اور اللہ کے قرب و وِصال کے لیے فقر، اسمِ اللہ ذات، تجدید ِبیعت،فقرا کاملین کی شان اور ان کی مجلس و صحبت جیسے اہم موضوعات پر تفصیلاً روشنی ڈالی۔ اس موقع پر سرپرست تحریک دعوتِ فقر صادق آباد ڈاکٹر شکیل احمد سروری قادری بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔ ساتھیوں کے لیے لنگر کا بھی وسیع اہتمام تھا۔ جس کے بعد محمد فاروق ضیا سروری قادری نے خصوصی دعا کروائی اور ڈاکٹر شکیل احمد کے ڈیرہ پر تشریف لے گئے۔ اگلے روز وفد لاہور واپسی کے لیے روانہ ہوا اور 25 اکتوبر 2019ء کو خانقاہ سروری قادری لاہور بخیر و عافیت پہنچا۔

دعوتِ فقر کے لیے سلطان الفقر پبلیکیشنز کا سٹال ۔۔تحریک دعوتِ فقر اٹک کی اہم کاوش

اٹک (علاقائی رپورٹر) تحریک دعوتِ فقر احمدال تحصیل پنڈی گھیب ضلع اٹک نے 25 اکتوبر 2019ء بروز جمعتہ المبارک احمدال میں قائم کردہ تحریک دعوتِ فقر کے دفتر کے سامنے سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب کا سٹال لگایا۔ اہلِ علاقہ میں سے مرد و خواتین کی کثیر تعداد نے سٹال پر حاضر ہو کر کتب ملاحظہ کیں اور بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ تحریک دعوتِ فقر احمدال نے حاضرین میں سلطان الفقر لاہور کے شمارے بھی فی سبیل اللہ تقسیم کیے۔ ماہنامہ سلطان الفقر لاہور تعلیماتِ فقر کا دنیا بھر میں واحد ترجمان ہے اس لیے تمام حاضرین کو ماہنامہ سلطان الفقر کی سالانہ ممبرشپ لینے کی ترغیب بھی دلائی گئی اور اس کے ساتھ ساتھ سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب کا تعارف بھی کروایا گیا۔
سٹال پر ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینے والوں نے مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی پاکیزہ صحبت کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے تمام حاضرین کو خانقاہ سروری قادری لاہور میں حاضری کی دعوت دی اور اس کے ساتھ ساتھ جشن ِ عید میلاد النبیؐ کے سلسلہ میں خانقاہ سروری قادری میں منعقد ہونے والی عظیم الشان محفل میلادِ مصطفیؐ میں بھی شرکت کی خصوصی دعوت دی۔ سٹال پر ڈیوٹی کے فرائض محمد سعید سروری قادری، ذیشان سروری قادری اور کامران مقصود سروری قادری نے سرانجام دیئے۔ 

خانقاہ سروری قادری میں درس کا اہتمام۔ شعبہ دعوت و تبلیغ کا ایک اہم قدم

لاہور (نیوز رپورٹر) 28 اکتوبر 2019ء بروز سوموار خانقاہ سروری قادری لاہور میں نمازِ عشا کے بعد محمد فاروق ضیا سروری قادری نے سلسلہ سروری قادری کے مرشد کامل اکمل حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی حیاتِ مطہرہ پر تحریر کردہ کتاب’’سلطان العاشقین‘‘ سے درس دیا۔ اس موقع پر تمام خانقاہ نشین اور انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر کے ممبران بھی موجود تھے۔ حاضرین نے محمد فاروق ضیا سروری قادری کے بیان کو خوب سراہا اور بیان سے لطف اندوز ہوئے۔
لاہور (نیوز رپورٹر) 8 نومبر 2019ء بروز جمعتہ المبارک خانقاہ سروری قادری لاہور میں نمازِ عشا کے بعد محمد فاروق ضیا سروری قادری نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تصنیف ِ مبارکہ ’’حقیقتِ محمدیہ‘‘ سے درس دیا۔اس دوران تمام خانقاہ نشین اور انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر کے ممبران بھی موجود تھے۔ بیان کو بہت پذیرائی حاصل ہوئی اور محمد فاروق ضیا سروری قادری نے خوب داد وصول کی۔

مرکزی دفتر تحریک دعوتِ فقر و علاقائی جماعتوں میں جشنِ عید میلاد النبیؐ کی تیاریاں مجلسِ  شوریٰ اور جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس

27 اکتوبر 2019 بروز اتوار تحریک دعوتِ فقر کی مجلس ِ شوریٰ اور جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس خانقاہ سروری قادری لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت منتظم ِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے کی۔
اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن سے کیا گیا جس کی سعادت مولانا محمد اسلم سروری قادری نے حاصل کی۔ تلاوت کے بعد جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری نے تمام ممبران کو اجلاس کا ایجنڈا پڑھ کر سنایا جو کہ محفل میلادِ مصطفیؐ کے تمام انتظامات اور ڈیوٹیوں کے متعلق تھا۔ ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز نے تمام ممبران کو احساس دلایا کہ ڈیوٹی اللہ پاک کی عطا کردہ سعادت ہے لہٰذا اس کو خلوصِ نیت سے سرانجام دینا چاہیے۔ یہ ہمارے لیے بہت ہی سعادت کی بات ہے کہ اللہ پاک نے ہمیں اپنے دین کی خدمت کے لیے منتخب فرمایا۔ اس لیے ہمیں اللہ پاک کے دین کی سربلندی کے لیے سر دھڑ کی بازی لگا دینی چاہیے کیونکہ راہِ فقر میں اللہ پاک کا قرب ڈیوٹی سے ہی حاصل ہوتا ہے۔
اس کے بعد ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری نے محفل میلادِ مصطفیؐ پر سیکورٹی کے انتظامات کے متعلق ممبران مجلس ِ شوریٰ و جنرل کونسل کو تفصیلاً آگاہ کیا اور تمام ممبران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ محفل جشن ِ میلادِ مصطفیؐ کے انتظامات کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے ہر ممبر کو بھرپور کوشش کرنی چاہیے۔ جس کے لیے ضروری ہے کہ بطور میزبان اس محفل میں شرکت کریں نہ کہ بطور مہمان۔ اور محفل کی تیاری و انتظامات میں بڑھ چڑھ کر جانی و مالی طور پر حصہ لیں۔ اس کے لیے اپنے عزیز و اقارب کو بھی محفل میں شرکت کی دعوت دیں اور اپنے دوست احباب کو بھی۔ ہماری دعا ہے کہ محفل میلادِ مصطفیؐ کے شاندار انعقاد کی بدولت ہم مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی خوشی کا باعث بنیں۔ اجلاس کے آخر میں محمد فاروق ضیا سروری قادری نے تحریک دعوتِ فقر کی ترقی کے لیے دعا کروائی۔

صحبتِ  مرشد کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے تحریک دعوتِ فقر اٹک پیش پیش

اٹک (علاقائی رپورٹر کامران مقصود سروری قادری) تحریک دعوتِ فقر اٹک میں محمد سعید سروری قادری کی صدارت میں 4 نومبر 2019ء بروز سوموار بعد نمازِ مغرب اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس علاقے میں موجود سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے مریدین کو خانقاہ سروری قادری لاہور میں محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشن ِ عید میلاد النبیؐ کی دعوت دینے کے حوالے سے طلب کیا گیا تھا۔ شرکائے اجلاس میں سرپرست تحریک دعوتِ فقر اٹک محمد سعید کے ساتھ مبشر الحسن، کامران مقصود، فیصل شراف اور محمد ابوبکربھی شامل تھے۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے کیا گیا جس کی سعادت کامران مقصود سروری قادری نے حاصل کی۔ محمد سعید نے حاضرین کو اجلاس کے ایجنڈا کے مختلف پہلوئوں سے تفصیلاًآگاہ کیا جس پر ممبران نے اپنی آرا پیش کیں۔ اجلاس میں یہ طے پایا کہ تمام ساتھی مریدین کے علاوہ اپنے دوست احباب اور رشتہ داروں کو فون کالز اور بالمشافہ ملاقات کے ذریعے بھی خانقاہ سروری قادری لاہور میں محفل میلاد مصطفیؐ کی دعوت دیں اور مرشد کامل اکمل کی صحبت کے فوائد سے آگاہ کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی نگاہِ کرم سے فیض حاصل کر سکیں۔

محفل بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبیؐ کے لیے شعبہ دعوت و تبلیغ کا اہم اجلاس

لاہور (نیوز رپورٹر) مرکزی دفتر تحریک دعوتِ فقر لاہور میں 6 نومبر 2019ء بروز بدھ بعد نمازِ مغرب منتظم ِ اعلیٰ ملک محمد نعیم عباس کھوکھر سروری قادری کی صدارت میں انتظامیہ کمیٹی اور شعبہ دعوت و تبلیغ کا اجلاس ہوا جس میں شعبہ کے تمام ممبران نے بھرپور شرکت کی۔ شعبہ دعوت و تبلیغ نے ملک بھر میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے تمام مریدین کو بذریعہ فون کالز 12 ربیع الاوّل کے  پروگرام کی دعوت دی۔ نگرانِ اعلیٰ شعبہ دعوت و تبلیغ محمد ارشد رمضان نے منتظم ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر کو شعبہ کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ اس کے  علاوہ شعبہ کے تمام ممبران کو مختلف ڈیوٹیاں تفویض کی گئیں اور محفل مبارک کو منظم رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔

علامہ اقبال عوامی میلہ و بک فیئر میں سلطان الفقر پبلیکیشنز کی شمولیت

لاہور (نیوز رپورٹر) گریٹر اقبال پارک (Greater Iqbal Park) میں علامہ اقبال عوامی میلہ و بک فیئر کا آغاز 9 نومبر2019 بروز ہفتہ کو ہوا۔ اس عوامی میلہ و بک فیئر میں سلطان الفقر پبلیکیشنز نے بھی جوش و خروش سے شمولیت کی اور کتب کا سٹال لگایا گیا جس میں ڈیوٹی کے فرائض شیر علی سروری قادری، کامران مقصود سروری قادری اور محمد شجاعت سروری قادری نے انجام دیئے۔ سلطان الفقر پبلیکیشنز کا سٹال زائرین کی نگاہوں کا مرکز رہا۔ مختلف علاقوں اور طبقات سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے سٹال پر آکر کتب ملاحظہ کیں۔ سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب فقر و معرفتِ الٰہی کی تعلیمات کا نچوڑ ہیں جو راہِ فقر و تصوف کے ہر مقام پر طالبانِ مولیٰ کی رہنمائی کرتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان منفرد اور معیاری کتب کی مقبولیت عوام میں روز بروزبڑھتی جا رہی ہے۔
عوامی میلہ و بک فیئر میں آئی بہت سی سیاسی و سماجی شخصیات اور سرکاری افسران نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کے سٹال پر بھی حاضری دی اور سلطان الفقر پبلیکیشنز کے سٹال کی جانب سے دو کتب ’’سلطان العاشقین‘‘ اور ’’حقیقت اسم اللہ ذات‘‘ ان تمام معروف شخصیات اور عقیدتمندوں کو اعزازی طور پر پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ سلطان الفقر پبلیکیشنز کے سٹال پر حاضر ہونے والے تمام افراد کو ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے اور دعوت نامے بھی مفت تقسیم کیے گئے۔ کتاب میلہ 9 روز یعنی 17 نومبر 2019ء بروز اتوار تک جاری رہا۔


تحریک دعوتِ فقر نیوز |Tehreek Dawat e Faqr News” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں