تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr News


Rate this post

تحریک دعوتِ فقر نیوز  Tehreek Dawat-e-Faqr News

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کا خانقاہ سلطان العاشقین میں تین یوم کا قیام

بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس15دسمبر 2023ء بروز جمعہ خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہورمیں تین یوم کے لیے تشریف فرما ہوئے۔ مسجدِ زہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین میں معزز خلفا، انتظامیہ ممبران اور دیگر ساتھی اپنے مرشد کامل اکمل کی آمد کے منتظر تھے۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی آمد پر پرُزور نعروں سے استقبال کیا گیا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تمام خلفا اورخانقاہ نشینوں سے ملاقات فرمائی اور یہیں قیام فرمایا۔

16دسمبر 2023ء ہفتہ کے روز سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے خانقاہ نشینوں کے ساتھ وقت گزارا، خانقاہ نشینوں سے ملاقات فرمائی اور خانقاہی امور کا جائزہ لیا۔ اس کے بعد آپ مدظلہ الاقدس خانقاہ سلطان العاشقین کے توسیعی پروگرام کے تحت زیرِتعمیر کمروں کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے کنسٹرکشن سائٹ پر تشریف لے گئے۔ پراجیکٹ انچارج سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری نے تعمیراتی کاموں کی تفصیل سے مطلع فرمایا۔ اس موقع پر دیگر خلفا اور مریدین بھی موجود تھے۔

17دسمبر 2023ء بروز اتوارخانقاہ سلطان العاشقین میں شاندار بزمِ سلطان العاشقین کا انعقاد ہوا جس کی صدارت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔ اس موقع پر نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب سروری قادری سمیت دیگرمعزز خلفا بھی موجود تھے۔ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقرسلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے نقابت کے فرائض سرانجام دیے۔ مولانا یاسر یٰسین سروری قادری نے تلاوتِ قرآنِ مجید کا شرف حاصل کیا جس کے بعد رمضان باھوسروری قادری نے منقبت کا نذرانہ پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ ملک بھر سے تشریف لائے ہوئے مریدین نے اپنے مرشد کامل کی زیارت اور روحانی صحبت سے اپنی ارواح کو تسکین بخشی۔سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے اختتامی دعا کرائی۔ اختتامی دعا کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تمام حاضرین سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔ محفل کے اختتام پر حاضرین کی شاندار لنگر سے تواضع کی گئی۔ سلطان الفقر پبلیکیشنز کی جانب سے کتب اور ماہنامہ سلطان الفقر کا سٹال بھی لگایا گیا تھا۔ اس محفل میں مرد حضرات کے علاوہ خواتین کی بھی کثیر تعداد شامل تھی۔ تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ کی جانب سے خواتین کے لیے باپردہ انتظامات کیے گئے تھے۔

اسی طرح سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے 22دسمبر 2023ء تا 24دسمبر2023ء خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف میں قیام فرمایا اور مریدین و عقیدتمندوں کو اپنی روحانی و نورانی صحبت سے مستفید فرمایا۔لاہور، (نیوز رپورٹر ، وقار احمد)

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے اہم حکمنامے

بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے اہم حکمنامے جاری فرمائے ہیں:
 سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے حکمنامہ جاری فرمایا ہے جس کے مطابق نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس، منتظمِ اعلیٰ سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری اور نگران بیت المال سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری کو تحریک دعوتِ فقر کے تمام انتظامی اور خانقاہی امور کا نگران مقرر کیا گیا ہے۔ تحریک دعوتِ فقر کے تمام انتظامی اور خانقاہی امور دیکھنا ان کی ذمہ داری ہے۔
تحریک دعوتِ فقر کے تمام انتظامی اور خانقاہی امور کے بارے میں کسی ممبر کو مشورہ درکار ہو تو ان سے مشاورت کر سکتا ہے اور تحریک کی بہتری کے لئے اپنی رائے دے سکتا ہے۔

قارئین کرام! سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے یہ حکم نامہ دستور تحریک دعوتِ فقر کے آرٹیکل(2) 8 کے تحت جاری فرمایا ہے جس کے مطابق تحریک دعوتِ فقر کے معاملات میں سرپرستِ اعلیٰ کا فیصلہ حتمی ہوگا۔ اسی آرٹیکل کے تحت آپ مدظلہ الاقدس نے ایک اور حکمنامہ جاری فرمایا ہے جس کے مطابق تمام خلفا تحریک دعوتِ فقر کے تمام شعبہ جات کو احسن طریقے سے چلائیں گے۔ تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ جات کے بارے میں کسی ممبر کو مشورہ درکار ہو تو وہ خلفا سے مشاورت کر سکتا ہے اور تحریک کے شعبہ جات کی بہتری کے لئے رائے دے سکتا ہے۔لاہور، (نیوز رپورٹر ، وسیم اکرم )

عرس سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ

حق باھوُ سچ باھوؒ
اِک نظر کرم دی تک باھوؒ 

تحریک دعوتِ فقر کے زیرِ اہتمام مسجدِزہراؓ اور خانقاہ سلطان العاشقین میں سالانہ عرس مبارک سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ کا انعقاد کیا گیا۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ کے حقیقی وروحانی وارث اور سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے عرس مبارک کی صدارت فرمائی۔ عرس پاک میں ملک کے طول و عرض سے کثیر تعداد میں مرد و خواتین عقیدت مندوں نے خصوصی شرکت کی۔ شرعی تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے خواتین کے لیے با پردہ انتظامات کیے گئے تھے۔ 

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت مولانا یاسر یٰسین سروری قادری نے حاصل کی اور بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیۂ نعت پیش کرنے کے لئے محمد رمضان باھوسروری قادری کو دعوت دی گئی جبکہ منصبِ نقابت حسبِ روایت منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے سنبھالا۔منقبت در شان سلطان باھوؒ کا نذرانہ عطا الوہاب سروری قادری نے پیش کرکے خوب داد وصول کی۔

محفل میں آنے والے معزز مہمانان گرامی کو سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ کی فقرِمحمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو دنیا بھر میں عام کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں اور ان کی تعلیمات کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔ اس ضمن میں بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی بے پایاں جد و جہد کا تذکرہ بھی کیا گیا کہ آپ نے بطور امام سلسلہ سروری قادری کس طرح دِن رات ایک کر کے آپ رحمتہ اللہ علیہ کی تعلیمات کو ہر خاص و عام کے لیے قابل رسائی بنایا۔ یہ آپ مد ظلہ الاقدس کی کاوشوں کا ثمر ہے کہ آج دنیا کے مختلف کونوں میں بیٹھے لاکھوں لوگ معرفتِ الٰہی کے نور سے اپنے قلوب کو منور کر چکے ہیں۔ اس حوالے سے ترجمان امورِ خارجہ تحریک دعوتِ فقرپروفیسرسلطان حافظ حمادالرحمن سروری قادری نے اپنے مخصوص انداز میں بیان دیا۔

محمدرمضان باھو سروری قادری نے اپنی منفرد آواز میں سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ کے مشہورِ زمانہ ابیاتِ باھوکا نذرانہ پیش کرکے سماں باندھ دیااور حاضرینِ محفل سے خوب داد وصول کی۔

سلطان الفقر پبلیکیشنز نے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے اس محفل پر بھی تین نئی کتب کی اشاعت کا اہتمام کیا۔ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے نئی شائع ہونے والی کتب کی رونمائی کی۔ ان کتب میں سلطان العارفین رحمتہ اللہ کی تصانیف ِمبارکہ’’امیرالکونین‘‘ اردو ترجمہ مع فارسی متن (بارِ دوم) اور ’’شمس العارفین‘‘ اردو ترجمہ مع فارسی متن (بارِ سوم) کے علاوہ سیدّنا امام حسین رضی اللہ عنہٗ کی تصنیفِ مبارکہ ’’مرآۃ العارفین‘‘ اردو ترجمہ و شرح مع عربی متن (بارِ چہارم) شامل ہیں۔ 

عرس پاک کے اختتام پرسلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے ختم شریف پڑھا اوردعائے خیر کروائی۔بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں ہدیۂ درود و سلام پیش کیا گیا۔درود و سلام کے بعد پروفیسرسلطان حافظ حمادالرحمن سروری قادری نے دعا کروائی۔محفل کے اختتام پر حاضرین نے فرداً فرداً اپنے مرشد کامل اکمل سے ملاقات کا شرف بھی حاصل کیا۔ بعد ازاں محفل میں شرکت کے لیے آنے والے معزز مہمانوں کی بہترین لنگر پاک سے تواضع کی گئی۔ خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے اپنے دستِ اقدس پر بیعت فرما کر پہلے ہی روز ذکر و تصور اسمِ اللہ ذات اور مشق مرقومِ وجودیہ کی لازوال دولت سے نوازا۔لاہور، (نیوز رپورٹر ، وقار احمد)

 تقریب حلف برداری برائے سال 2024ء تحریک دعوتِ فقر کے عہدیداران،ممبران مجلس شوریٰ اور جنرل کونسل 

بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی زیرِ صدارت تحریک دعوتِ فقر کے مرکزی عہدیداران، ممبران مجلسِ شوریٰ و جنرل کونسل برائے سال 2024 ء کی حلف برداری تقریب 30 دسمبر 2023 بروز ہفتہ خانقاہ سلطان العاشقین میں منعقد ہوئی۔ حلف برداری کی تقریب تحریک دعوتِ فقر کے انتظامی اور روحانی مرکز مسجدِزہراؓ اور خانقاہ سلطان العاشقین گاؤں رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا ملتان روڈلاہور میں منعقد ہوئی۔ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس کے علاوہ دیگر ممبران مجلسِ خلفا بھی تقریب میں موجود تھے۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے نو منتخب عہدیداران سے حلف لیا جس کے بعد نو منتخب منتظمِ اعلیٰ سلطان محمد نعیم عباس صاحب نے بالترتیب نو منتخب ممبران مجلسِ شوریٰ اور جنرل کونسل سے حلف لیا۔ تقریب کے اختتام پر دعائے خیر ہوئی جس میں تحریک دعوتِ فقر کی ترقی و کامیابی کے لیے خصوصی طور پر دعا کی گئی۔لاہور، (نیوز رپورٹر ، وقار احمد)

 تحریک دعوتِ فقر کے انتظامی دفاتر کا شاندار افتتاح

6 جنوری 2024ء بروز ہفتہ خانقاہ سلطان العاشقین گاؤں رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں تحریک دعوتِ فقر کے نئے انتظامی دفاتر کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے اپنے دستِ مبارک سے دفاتر کا افتتاح فرمایا۔ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس بھی آپ مدظلہ الاقدس کے ہمراہ تھے۔ مجلسِ خلفا کے دیگر ممبران کے علاوہ مریدین اور عقیدت مندوں نے بھی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے اس موقع پر تحریک دعوتِ فقر کی ترقی و کامیابی کے لئے خصوصی دعا فرمائی۔لاہور، (نیوز رپورٹر ، وسیم اکرم )

 تحریک دعوتِ فقر میں اہم تقرریاں

تحریک دعوتِ فقرکے آرٹیکل(11) 10کے تحت’’محمد رمضان باھو سروری قادری‘‘ کواصطبل اور ڈیری فارم کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔
تحریک دعوتِ فقرکے آرٹیکل(11) 10کے تحت’’مولانا یاسر یٰسین سروری قادری‘‘ کوشعبہ دعوت و تبلیغ کا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔
مولانا یاسر یٰسین سروری قادری مسجد ِ زہراؓ میں امامت کے فرائض بھی سر انجام دیں گے۔

تحریک دعوتِ فقرکے آرٹیکل(11) 10کے تحت انتظامیہ کمیٹی تحریک دعوتِ فقر کے معاونین مقرر کیے گئے ہیں جن کی تفصیل درج ذیل ہے:

فیضان یٰسین سروری قادری
محمد وسیم اکرم سروری قادری
علی شیر سروری قادری
محمد رمضان باھو سروری قادری

سالِ نو اور تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ جات میں نگران حضرات کی اہم تقرریاں

ہر سال کی طرح رواں سال کی ابتدا پر بھی تحریک دعوتِ فقرکے شعبہ جات کو بہتر اور منظم انداز میں چلانے کے لیے انتظامی نگران اور شعبہ نگران کی تقرریاں عمل میں لائی گئیں۔ اس ضمن میں 6جنوری2024ء کو نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ۔ اس نوٹیفیکیشن کے تحت مختلف شعبہ جات میں مقرر ہونے والے انتظامی و شعبہ انچارجز کی تفصیل درج ذیل ہے:

شعبہ

انتظامیہ انچارج

شعبہ انچارج

سیکورٹی

 حسن رضا

محمد مقبول 

سائبر سیکورٹی

فہد شہزاد خاں

علی رضا

ڈیری فارم اینڈ ہارسز

 حسن رضا

 رمضان باھو

خانقاہ سلطان العاشقین

 ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز

فیضان یاسین 

ویب سائٹ ڈویلپمنٹ

 فہد شہزاد خاں

 زین سعید

ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ

 علی رضا

 فیضان یاسین

سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن

سعید جعفر 

محمد احسان

ڈیجیٹل ایڈز

فہد شہزاد خاں

احسن رضا

دعوت و تبلیغ

 ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز

مولانا یاسر یاسین

مرکزی رابطہ کمیٹی

سعید جعفر

ڈاکٹر وسیم اکرم

ایپ ڈویلپمنٹ

سعید جعفر

زین سعید

آرٹ اینڈ گرافکس ڈیزائننگ

سعید جعفر

راشد گلزار

انٹرنیشنل مریدین

 علی رضا

 مغیث افضل

اطلاعات و نشریات

 فہد شہزاد خاں

 ڈاکٹر وسیم اکرم

ماہنامہ سلطان الفقر

ڈاکٹر محمد وسیم اکرم

وقار احمد

سلطان الفقر پبلیکیشنز

فیضان یاسین

راشد گلزار

شعبہ لنگر

سعید جعفر
انتظامیہ انچارج

امیر حمزہ 
شعبہ انچارج

مغیث افضل
 تقسیم انچارج

بزمِ سلطان العاشقین (منعقدہ: 31دسمبر 2023ء بروز اتوار) 

31دسمبر2023ء بروز اتوارخا نقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں بزمِ سلطان العاشقین کا انعقاد ہوا جس کی صدارت امام سلسلہ سروری قادری،بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔محفل کے انعقاد سے قبل سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے مسجدِ زہرؓ کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب سروری قادری سمیت دیگرمعزز خلفا بھی موجود تھے۔ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقرسلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے نقابت کے فرائض سرانجام دیے۔ تلاوتِ کلام پاک سے محفل کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔محمد رمضان باھو سروری قادری نے اپنے منفرد انداز میں منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔ منقبت کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تمام حاضرین سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔

محفل کے اختتام پر حاضرین کی شاندار لنگر سے تواضع کی گئی۔ اس روحانی محفل میں ملک بھر سے مرد و خواتین نے شرکت کی۔ خواتین کے لیے انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے باپردہ انتظامات کیے گئے تھے۔سلطان الفقر پبلیکیشنز کی جانب سے کتب اور ماہنامہ سلطان الفقر کا سٹال بھی لگایا گیا تھا ۔ اس خوبصورت اور بابرکت محفل کو دنیا بھر میں موجود مریدین و عقیدتمندوں کے لیے سلطان العاشقین ڈیجیٹل پروڈکشن کے تعاون سے براہِ راست نشر کیاگیا۔لاہور، (نیوز رپورٹر ، وقار احمد)

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی خدمات بطور امام سلسلہ سروری قادری(سرسری جائزہ)

سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُرحمتہ اللہ علیہ سلطان الفقر پنجم ہیں۔ آپ رحمتہ اللہ علیہ نے جہالت کے گھپ اندھیروں میں ڈوبی خلقت کو نورِ معرفت سے مالا مال فرمایا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ کی تعلیمات کو عام فرمانے کے لئے انتھک محنت اور جدوجہد فرمائی ہے۔ آپ مدظلہ الاقدس کی انہی کاوشوں کے بارے میں جانتے ہیں اس رپورٹ میں:

اسلام کی اصل روح یعنی’’ فقرِ محمدیؐ ‘‘کو عام کرنے کے لیے سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ نے جو کوششیں کیں انہیں آپؒ کے بعد آپؒ کے سلسلہ سروری قادری کے دیگر امامین نے بہ طریقِ احسن جاری و ساری تو رکھا لیکن بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے اس پر جس قدر کام کر دیا ہے وہ آنے والے زمانوں کے لیے کافی ہے۔ تاہم اگر یوں کہا جائے کہ آپ مدظلہ الاقدس نے اپنی امامت کا حق ادا کر دیا تو بے جا نہ ہو گا۔ 

سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ کی حیاتِ طیبہ اپنی کتب کی مانند بہت سے باطنی پہلو رکھتی ہیں جن کے متعلق عوام الناس میں آگہی تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے۔ اس کے علاوہ آپؒ کی ظاہری حیات و تعلیمات کو بھی مؤرخین نے مختلف ادوار میں مختلف انداز میں بیان کیا ہے۔ یوں تو یونیورسٹیوں میں سلطان باھوؒ کی حیات و تعلیمات پر باقاعدہ ریسرچ سینٹر بھی قائم ہیں تاہم جتنے بھی ریسرچ پیپر یا کتب حیات و تعلیمات پر شائع ہوچکی ہیں ان میں ایک پہلو یکساں طور پرنہیں ملتا اور وہ ہے سلطان باھوؒ کی حیاتِ مبارکہ کاباطنی پہلو۔قارئین کرام!سلطان باھوؒ کے باطنی تصرفات، کشف و کمالات اور تعلیمات کو پہلی مرتبہ باقاعدہ ریسرچ کے بعد منظرِ عام پر لانے کا سہرا آپؒ کے سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے سر ہے جنہوں نے دن رات کی انتھک کاوش سے اپنی مایہ ناز تصنیف مبارکہ ’’سلطان باھوؒ‘‘ میں نہ صرف آپؒ کی حیاتِ مبارکہ کے ظاہری پہلوؤں کے ساتھ ساتھ باطنی پہلوؤں کو بھی اجاگر کیابلکہ آپؒ کی تعلیمات کی حقیقی روح یعنی ’’فقرِ محمدیؐ‘‘ سے بھی پردہ اُٹھایا ہے۔ سلطان باھوؒ کے حقیقی و روحانی وارث سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے سلطان باھوؒ کے بعد تشریف لانے والے مشائخ سروری قادری کی درست ترتیب، ان کی شان، صوفیانہ کلام اور ان کی مکمل سوانح حیات پر بھی ایک جامع کتاب ’’مجتبیٰ آخر زمانی‘‘ کے نام سے تصنیف فرمائی اور یوں نہ صرف سلطان باھوؒ بلکہ آپؒ کے سلسلہ سروری قادری کے تمام مشائخ کی حیات و تعلیمات کو تحقیق کے بعد عوام الناس کے سامنے پیش کرنے کا سہرا بھی سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے سر ہے۔

صرف اتنا ہی نہیں، سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی زیر نگرانی تا حال سلطان باھوؒ کی21 کتب کے فارسی سے اردو تراجم شائع ہو چکے ہیں جن میں سے 19کتب کے انگریزی تراجم بھی شائع ہوچکے ہیں تاکہ تعلیماتِ باھوؒ زبان اور علاقہ کی قید سے بالا تر ہو کر دنیا بھر میں ہر خاص و عام تک پہنچ سکیں۔سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے سلطان باھوؒ کی مشہورِ زمانہ تصنیف ’’رسالہ روحی شریف‘‘پر پہلی مرتبہ فارسی متن پر اعراب لگاکر اس الہامی کتاب کو عوام الناس کے لیے انتہائی آسان فہم بنا دیا ہے۔سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی زیر نگرانی ابھی مزید کتب کے تراجم پر کام جاری ہے۔

حضرت سلطان باھوؒ کے حقیقی و روحانی وارث سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی ایک اور ناقابلِ فراموش کاوش آپؒ کے پنجابی ابیات پر سترہ سالہ تحقیق کے بعد ایک ایسی شاہکار تصنیف قارئین کے لیے پیش کرنا ہے جس کا کوئی ثانی نہیں۔ ’’ابیاتِ باھوؒ کامل‘‘ سلطان العاشقین کی وہ شاہکارکتاب ہے جس میں سلطان باھوؒ کے مکمل 201 ابیات کے معانی و شرح کو تحقیق کے بعد شائع کیا گیا ہے۔ آپ نے نہ صرف تحریری طور پر ابیاتِ باھو کو منظم کر کے اُن کی شرح ترتیب دی بلکہ ویڈیو سیریز کی شکل میں بھی اِسے ریکارڈ فرمایا۔ شرح ابیاتِ باھو کے نام سے ریکارڈ کی جانے والی نشستوں کی تعداد 40 تک جا پہنچی۔ جس میں آپ مد ظلہ الاقدس نے فقر کی مشکل اصطلاحات اور معرفت و عشقِ حقیقی کے رموز کو خلق ِخدا پر اس انداز میں آشکار فرمایا کہ ایک عام فہم اور کم پڑھا لکھا شخص بھی بخوبی اُنہیں سمجھ سکتا ہے۔ یہ تمام ویڈیوز سلطان باھو ٹی وی یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام، ویب ٹی وی، ڈیلی موشن اور ٹوئٹر(ایکس) پر با آسانی دستیاب ہیں۔ علاوہ ازیں آپ مد ظلہ الاقدس نے سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ کی تعلیمات کو دورِحاضر کے تقاضوں کے مطابق عام فرمانے کے لیے آپ رحمتہ اللہ علیہ کے نام پر مختلف ویب سائٹس بھی بنوائیں جہاں آپ رحمتہ اللہ علیہ کی تعلیمات تک رسائی اب ہر خاص و عام کے لیے ممکن ہے۔ مختصر یہ کہ سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ کی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس نے جس قدر عرق ریزی اور جاں فشانی سے کام کیا ہے وہ اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ آپ مد ظلہ الاقدس ہی سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھورحمتہ اللہ علیہ کے اُس بیت کی شرح ہیں جس میں وہ فرماتے ہیں :

؎  چڑھ چناں تے کر روشنائی، تیرا ذکر کریندے تارے ھوُ

آپ مدظلہ الاقدس کا کام بذاتِ خود اس بات کی شہادت ہے کہ وہ فقر کا چاند بالیقین آپ مد ظلہ الاقدس ہی کی ذاتِ اقدس ہے جن کے توکل، نگاہِ شوق اور بلند مقاصد کی بدولت آج ہر خاص و عام فقر کی روح تک رسائی کا ہنر پا چکا ہے۔لاہور، (نیوز رپورٹر ، عثمان صادق /وقار احمد)

 سلطان الفقر پبلیکیشنز کی ایک اور کامیابی۔ چوتھے ایجوکیشن ایکسپو اور کتاب میلہ 2024ء میں بھرپور شرکت

سلطان الفقر پبلیکیشنز تحریک دعوتِ فقر کا سب سے اہم شعبہ ہے جو تا حال تعلیماتِ باھوؒ اور فقرِ محمدیؐ پر ایک سو (100)سے زائد کتب شائع کر چکا ہے۔ یہ کتب سلطان باھوؒ کے سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور اکتیسویں شیخِ کامل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے زیر ِنگرانی شائع کی گئی ہیں جن میں سے بیشتر کتب کے انگریزی تراجم بھی شائع ہو چکے ہیں۔انگریزی تراجم کے باعث تعلیماتِ باھوؒ کو بین الاقوامی سطح پر بے پناہ پذیرائی حاصل ہوئی ہے اور پہلی مرتبہ اردو اور فارسی زبان سے ناواقف افراد بھی بالکل اسی طرح فیضِ باھوؒ سے مستفید ہو رہے ہیں جیسا کہ اردو کتب کا مطالعہ کرنے والے فیض پا رہے ہیں۔ ان کتب کے مطالعہ کی بدولت دنیا بھر سے بے شمار غیر مسلم مرد و خواتین سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت ہو کر دائرہ اسلام میں داخل ہوچکے ہیں۔ 

سلطان الفقر پبلیکیشنز کی ملکی و غیر ملکی سطح پر پذیرائی کی بنا پر چوتھے ایجوکیشن ایکسپو اور کتاب میلہ 2024ء میں شرکت بہت کارآمد ثابت ہوئی۔ یہ کتاب میلہ نظریہ پاکستان ٹرسٹ کی جانب سے منعقد کردہ ہے جس میں ملک بھر سے مایہ ناز پبلیشرز شریک ہوتے ہیں اورہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شائقینِ کتب اس کتاب میلہ میں تشریف لاتے ہیں اس لیے یہ کاوش سلطان الفقر پبلیکیشنز کے بک سٹال کی بدولت پیغامِ فقر کو عام کرنے میں بے حدمفید رہی۔ تمام کتب پر50فیصد کے خصوصی ڈسکاؤنٹ اور دلچسپ آفرز نے شائقین کو سلطان الفقر پبلیکیشنز کے بک سٹال کی جانب متوجہ کیا ۔ زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب اور ماہنامہ سلطان الفقر میں غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیااور سلطان الفقر پبلیکیشنز کی خدمات کو سراہا۔بہت سے افراد نے امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس سے ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا اور جلد خانقاہ سلطان العاشقین حاضر ہو کر بیعت کا ارادہ بھی ظاہر کیا۔ یہ کتاب میلہ 5جنوری 2024ء کو ایوانِ قائداعظم جوہر ٹاؤن لاہور میں شروع ہوا اور بے پناہ کامیابیا ں سمیٹتے ہوئے 7جنوری 2024ء کو اختتام پذیر ہوا۔لاہور، (نیوز رپورٹر ، وقار احمد)

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا خانقاہ سلطان العاشقین میں دس یوم کا قیام

بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ کے سلسلہ سروری قادری کے اکتیسویں شیخ کامل، مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ، سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین میں 10 روزہ قیام فرمایا۔ آپ مدظلہ الاقدس کا یہ قیام 29 دسمبر 2023 بروز جمعتہ المبارک سے 7 جنوری 2024 بروز اتوار تک محیط تھا۔ اپنے اس قیام کے دوران آپ مدظلہ الاقدس نے مسجد ِزہراؓ کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے علاوہ اصطبل کا دورہ بھی فرمایااور سلطان العاشقین ہارسز کے ساتھ ساتھ دیگر جانوروں اور پرندوں کی دیکھ بھال کے لیے ہدایات جاری فرمائیں۔ آپ مدظلہ الاقدس کی شانِ کریمی یہ ہے کہ آپ نہ صرف انسانوں بلکہ جانوروں حتیٰ کہ پرندوں کے ساتھ بھی خدا ترسی اور رحم دلی کا درس دیتے ہیں۔ 

علاوہ ازیں آپ نے خانقاہ سلطان العاشقین کے توسیعی پروگرامز کا جائزہ لیا اور کنسٹرکشن کمیٹی کو مفید آرا اور مشوروں سے نوازا۔ اپنے اسی قیام کے دوران 6 جنوری 2024 بروز ہفتہ آپ مدظلہ الاقدس نے نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس، دیگر ممبران مجلس خلفا اور مریدین کی ہمراہی میں انتظامی دفاتر تحریک دعوتِ فقر کا افتتاح بھی فرمایا۔ اِس موقع پر آپ مدظلہ الاقدس نے کیک کاٹا اور دعائے خیر فرمائی۔ 

علاوہ ازیں 31 دسمبر 2023 اور 7 جنوری 2024 بروز اتوار ہفتہ وار محافل بعنوان بزمِ سلطان العاشقین کا انعقاد بھی ہوا جن کی صدارت مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ، سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے اِس قیام اور خصوصاً ہفتہ وار محافل کے دوران انتظامیہ کمیٹی تحریک دعوتِ فقر، مجلسِ شوریٰ و جنرل کونسل کے علاوہ دیگر مریدین و عقیدت مند مرد و خواتین کی کثیر تعداد آپ کی نورانی صحبت سے مستفید ہونے کے لیے وقتاً فوقتاً خانقاہ سلطان العاشقین حاضر ہوتی رہی۔ یقینا آپ مدظلہ الاقدس کا بابرکت وجود طالبانِ حق کے لیے معرفتِ الٰہی کا منبع و محور ہے جہاں عشقِ حقیقی اور عشقِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی تڑپ رکھنے والے دیوانہ وار کھچے چلے آتے ہیں اور اپنی جھولیاں مرادوں سے بھر بھر لے جاتے ہیں۔ مسجد اللہ کا گھر ہے اور خانقاہ اللہ والوں کا۔۔۔ جو آنا چاہے درکھلا ہے۔

 

تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr News” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں