تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr New

Rate this post

تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr New

نیوز رپورٹر: عثمان صادق سروری قادری

عرس مبارک سیدنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ

عرس مبارک پیرانِ پیر، امام الاولیا، محبوبِ سبحانی، قطب ربانی، محی الدین سیّدنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ جسے بڑی گیارھویں شریف بھی کہا جاتا ہے، اسلامی کیلنڈر کے مطابق ربیع الثانی کی 11 تاریخ کو منایا جاتا ہے۔ ہر سال کی طرح رواں سال بھی تحریک دعوتِ فقر کے زیر ِاہتمام عرس سیّدنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ کے موقع پر شاندار محفل پاک کا اہتمام کیا گیا۔ محفل میں اندرون و بیرون ملک سے کثیر تعداد میں طالبانِ مولیٰ اور عوام الناس نے شرکت کر کے برکتیں سمیٹیں۔ 

٭ 27 ستمبر 2026ء بروز اتوار دوپہر 2 بج کر 30 منٹ پر بعد نمازِ ظہر خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں عرس پاک سیّدنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ کی شاندار تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت فقیر مالک الملکی مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے فرمائی جبکہ آپ کے ہمراہ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس، صاحبزادہ سلطان محمد حسن مرتضیٰ، صاحبزادہ سلطان محمد حسین مرتضیٰ، معزز مجلس ِخلفااور دور دراز سے تشریف لانے والے دیگر مہمانانِ گرامی بھی موجود تھے۔

٭ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا جس کی سعادت مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے حاصل کی جبکہ بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں ہدیۂ نعت پیش کرنے کی سعادت رمضان باھو سروری قادری نے پائی اور نقابت کے فرائض حسبِ سابق منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے ادا کیے۔ محمد عثمان صادق سروری قادری کی جانب سے شانِ غوث الاعظم رضی اللہ عنہٗ میں لکھی گئی منقبت کا نذرانہ پیش کرنے کے لئے عطا الوہاب سروری قادری تشریف لائے اور اپنی پرسوز آواز سے سماں باندھ دیا۔

٭ شانِ غوث الاعظم رضی اللہ عنہٗ کے موضوع پر ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب صاحب نے پرجوش خطاب فرمایا۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے سیّدنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ کی عظمت اور فضائل و مناقب بیان کیے اور بتایا کہ کس طرح آپؓ نے دین ِاسلام سے بدعات اور فرسودہ روایات کا خاتمہ کر کے دین ِحنیف کو دوبارہ زندہ فرمایا، جہالت اور لا دینیت کے دور میں آپؓ نے اسلام کا علم بلند فرمایا اور عوام الناس پر فقرِمحمدیؐ کے فیض کے خزانے کھول دیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آج کے دور میں اصلاحِ امت کا یہ فریضہ ہمارے مرشد کریم شبیہ ِغوث الاعظم، سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس ادا فرما رہے ہیں۔جس طرح سے آپ مد ظلہ الاقدس نے دینِ اسلام کو حیاتِ نو بخشی، فقرِمحمدیؐ کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچایا اور اسمِ اللہ ذات یعنی اسمِ اعظم اور اسمِ محمدؐ کے فیض کے چشمے جاری فرمائے اس کی پوری تاریخِ انسانی میں کہیں کوئی مثال نہیں ملتی۔ عوام الناس کے لئے دعوتِ عام ہے کہ وہ آپ مد ظلہ الاقدس کی بارگاہ میں حاضر ہو کر اسمِ اعظم کا فیض حاصل کریں اور آپ کی نورانی صحبت کی بدولت معرفت ِحق تعالیٰ کے نور سے اپنے قلوب کو منور کریں کیونکہ آخرت میں وہی کامیاب ہو گا جسے اِس دنیا میں اللہ تعالیٰ کی معرفت و پہچان نصیب ہوئی ہو گی۔

٭ محفل کے آخر میں سلطان حافظ محمد ناصر مجید صاحب نے ختم شریف پڑھا اور دعائے خیر کی۔ بعد ازاں سب حاضرینِ محفل نے بارگاہِ رسالت میں دست بستہ کھڑے ہو کر درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا اور سلطان حافظ محمد حماد الرحمن صاحب نے اختتامی دعا کروائی۔ 

محفل کے اختتام پر حسبِ معمول آپ مد ظلہ الاقدس نے تمام مہمانانِ گرامی سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی اور خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو بیعت فرما کر اسمِ اللہ ذات کی لازوال نعمت سے بہرہ مند فرمایا۔ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی بڑی تعداد محفل میں موجود تھی جن کے لیے ہمیشہ کی طرح باپردہ انتظامات کیے گئے تھے۔ محفل کے بعد حسبِ روایت تمام مہمانوں کی بہترین لنگر پاک سے تواضع کی گئی۔

یاد رہے ! عرس پاک سیدنا غوث الاعظم کے مبارک موقع پر سلطان الفقر پبلیکیشنز کی جانب سے سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ کی دو نئی کتب فضل اللقا خورد اور فضل اللقا کلاں بھی شائع کی گئیں۔ ان دونوں کتب کا فارسی سے اردو ترجمہ سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے زیر نگرانی کیا ہے۔ یہ کتب سلطان الفقر پبلیکیشنز کے سٹال پر دستیاب ہیں۔ قارئین اپنی پسندیدہ کتب سلطان الفقر پبلیکیشنز کی ویب سائٹ سے آن لائن بھی آرڈر کر سکتے ہیں۔ 

خصوصی نوٹ:

 محفل پاک کی مکمل ویڈیو دیکھنے کے لئے آپ ہمارے درج ذیل چینلز وزٹ کر سکتے ہیں:
سلطان العاشقین TV یوٹیوب ، فیس بک ، انسٹا گرام ، ریڈاِٹ ، ڈیلی موشن، لنکڈ اِن اور ایکس (سابقہ ٹویٹر)۔

سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کا  خانقاہ سلطان العاشقین میں قیام اور بزم سلطان العاشقین 

 ماہِ ستمبر اور اکتوبر 2026ء کے دوران مرشد کامل اکمل جامع نورالہدیٰ، سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈہ، ملتان روڈ لاہور میں خصوصی قیام فرمایا۔ دورانِ قیام آپ مد ظلہ الاقدس نے بروز اتوار منعقد ہونے والی تمام ہفتہ وار بزمِ سلطان العاشقین کی صدارت بھی فرمائی۔ جبکہ آپ کے ہمراہ نائب سرپرست تحریک دعوت ِفقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مد ظلہ الاقدس، صاحبزادہ سلطان محمد حسن مرتضیٰ اور صاحبزادہ سلطان محمد حسین مرتضیٰ بھی موجود تھے۔ اس عام ملاقات کے علاوہ جمعہ کے روز آپ مد ظلہ الاقدس مریدین و اہلِ علاقہ سمیت مسجدِ زہراؓ میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد سب سے فرداً فرداً ملاقات بھی فرماتے رہے۔

بطور امامِ زمانہ و انسانِ کامل آپ مد ظلہ الاقدس اپنی پاک صحبت، بلند نگاہِ کامل اور اسمِ اللہ ذات کی تاثیر سے طالبانِ مولیٰ کا تزکیۂ نفس فرما کر اُنہیں معرفتِ الٰہی کے خزانوں سے مالا مال فرماتے اور مجلسِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی دائمی حضوری میں پہنچاتے ہیں۔ آپ مد ظلہ الاقدس کی زیر صدارت منعقد ہونے والی ان محافل میں مرد و خواتین کی کثیر تعداد شرکت کر کے کسبِ فیض کرتی ہے۔ شرعی تقاضوں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے خواتین کے لیے مردوں سے الگ با پردہ انتظامات کیے جاتے ہیں۔ 

عوام الناس کے لیے دعوتِ عام ہے کہ خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لا کر آپ مد ظلہ الاقدس کی مبارک و بابرکت صحبت سے فیضیاب ہوں۔ یقینا اللہ والوں کی نگاہ ِکیمیا دنیا کی محبت سے آلودہ قلوب کو معرفت حق سے آباد کرتی ہے۔

تعمیراتی امور برائے مسجد ِزہراؓ 

بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک دعوت فقر، سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس، سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ کے سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور اکتیسویں شیخِ کامل ہیں۔ تمام مشائخ سروری قادری کا یہ خاصا رہا ہے کہ وہ جہاں جہاں بھی گئے وہاں وہاں مساجد کی تعمیر کو بنیادی اہمیت دی کیونکہ مساجد ہی وہ اوّلین مرکز ہوا کرتی ہیں جہاں سے خلقِ خدا کو دینِ حنیف کی اصل یعنی فقر کی روح سمجھائی جاتی ہے۔ دیگر مشائخ سروری قادری کی سنت کو زندہ رکھتے ہوئے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے بھی سال 2020 ء میں لاہور کے نواح میں واقع گاؤں رنگیل پور شریف کے مضافات میں یکم اگست کو عید الاضحی کے بابرکت موقع پر مسجدِزہراؓ کا سنگِ بنیاد رکھا۔ آپ مد ظلہ الاقدس کی ذاتی دلچسپی، نگرانی، رہنمائی اور تعمیراتی ٹیم کی شبانہ روز محنت کی بدولت آج بفضلِ باری تعالیٰ مسجد کی تزئین و آرائش کا کام حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ تقریباً نوے فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ کام اِن شا اللہ العزیز دسمبر 2026ء تک مکمل کر لیا جائے گا۔

تحریک دعوتِ فقر مسجدِ زہراؓ کی تعمیر میں جانی و مالی اعانت کرنے والے تمام کارکنان اور کرم فرماؤں کی شکرگزار ہے جن کے خلوص اور مفید آرا نے فقر کے اس مرکز کو خواب سے حقیقت میں بدلنے میں مدد کی۔ اللہ پاک سے دعا ہے کہ وہ فقر کے اس مرکز کو رہتی دنیا تک قائم و دائم رکھے اور اس سے جڑے لوگوں کو سدا شاد و آباد رکھے۔ آمین

پنجاب یونیورسٹی کتاب میلہ 2026 ء میں بھرپور شرکت 

سلطان الفقر پبلیکیشنز ملک بھر میں منعقد ہونے والے کتاب میلوں میں شرکت کر کے سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے پیغامِ فقر کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اپنی سابقہ روایت کو برقرار رکھے ہوئے سال2026ء میں بھی سلطان الفقر پبلیکشنز نے پنجاب یونیورسٹی لاہور میں منعقد ہونے والے کتاب میلہ میں بھرپور شرکت کی۔

15 اکتوبر 2026ء بروز جمعرات سے 17 اکتوبر2026 ء بروز ہفتہ تک جاری رہنے والے 3روزہ کتاب میلہ میں سلطان الفقر پبلیکشنز نے سٹال لگایا۔ کتب بینی کا شوق رکھنے والوں اور متلاشیانِ حق کے لیے فقر و تصوف کے موضوع پر مشتمل کتب خصوصی ڈسکاؤنٹ پر دستیاب تھیں۔ عوام الناس کی کثیر تعداد نے سٹال کا وزٹ کیا اور سلطان الفقر پبلیکیشنز کے عمدہ کام اور خدمات کو نہ صرف سراہا بلکہ بڑی تعداد میں کتب بھی خرید فرمائیں۔ نعمان ثاقب سروری قادری اور محمد زمان سروری قادری نے سٹال پر ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دئیے۔

اہم تقرریاں

ماہ ِ ستمبر2026ء میں تحریک دعوتِ فقر کی انتظامی کمیٹی میں اہم تقرریاں دیکھنے میں آئیں جن کی تفصیل درج ذیل ہے:
٭ دستور تحریک دعوتِ فقر کے آرٹیکل 10(11) کے تحت علی رضا مسعود کو جوائنٹ سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر مقرر کیا گیاہے۔
٭ دستور تحریک دعوتِ فقر کے آرٹیکل 10(11)کے تحت نائب صدر ملک عبد الرافع کھوکھر کو خانقاہ سلطان العاشقین کا انتظامیہ انچارج مقرر کیا گیا ہے۔ 

ممبران پر تحریک دعوتِ فقر کے دستور، منشوراور قواعد و ضوابط کی پابندی لازم ہو گی۔ 

 

اپنا تبصرہ بھیجیں