تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr News
نیوز رپورٹر: محمد عثمان صادق سروری قادری
معاون: ڈاکٹر وسیم اکرم سروری قادری
خانقاہ سلطان العاشقین میں ہفتہ وار بزمِ سلطان العاشقین کا انعقاد
10 جنوری 2025ء بروز جمعتہ المبارک بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈا ملتان روڈ لاہور تشریف لائے جہاں مجلسِ خلفا، انتظامی عہدیداران، خانقاہ نشینوں اور دیگر مریدین و عقیدتمندوں کی جانب سے آپ مدظلہ الاقدس کو خوش آمدید کہا گیا۔ اپنے مرشد کریم کو یوں سامنے موجود پا کر سب کی مسرت و شادمانی کا کوئی ٹھکانہ نہ رہا۔ بقول شاعر:
دیکھی جو میری نبض تو ایک لمحہ سوچ کر
کاغذ لیا اور عشق کا بیمار لکھ دیا
قربان کیوں نہ جاؤں میں ایسے حکیم پر
نسخے میں جس نے شربتِ دیدار لکھ دیا
اور جب مریضِ عشق شربتِ دیدار پی لے تو پھر یہی کہنا پڑتا ہے، بقول اشک رامپوری:
جسے دید تیری نصیب ہو، وہ نصیب قابلِ دید ہے
کہ شبِ برات ہے رات اسے، دن اس کے واسطے عید ہے
اپنے اس قیام کے دوران آپ مد ظلہ الاقدس نے 12 جنوری 2025 ء بروز اتوار منعقد ہونے والی بزمِ سلطان العاشقین کی صدارت فرمائی اور مریدین و عقیدتمندوں سے ملاقات فرمائی۔ آپ مدظلہ الاقدس نے لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حق میں دعائے خیر فرمائی۔ جبکہ بیعت اور بغیر بیعت کے اسمِ اللہ ذات(اسمِ اعظم) بھی عطا فرمایا۔ حسبِ روایت شعبہ لنگر کی جانب سے اِس موقع پر زائرین کے لئے وسیع لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا۔
دورانِ قیام آپ مد ظلہ الاقدس نے مسجدِزہراؓ، خانقاہ سلطان العاشقین اور سلطان العاشقین اصطبل میں ہونے والے ترقیاتی امور کا از خود جائزہ لیا اور ضروری ہدایات بھی جاری فرمائیں۔
یاد رہے! تحریک دعوتِ فقر کے زیرِاہتمام منعقد ہونے والی تمام محافل اور تقاریب تحریک دعوتِ فقر کے تمام آفیشل سوشل میڈیا فورمز پر بھی اَپ لوڈ کی جاتی ہیں جن میں سلطان العاشقین TV یوٹیوب، فیس بک، انسٹا گرام، ریڈٹ، ڈیلی موشن، ویب ٹی وی، لنکڈ اِن اور ایکس (سابقہ ٹویٹر) شامل ہیں۔
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی تقاریب میں خصوصی شرکت
سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے 3 جنوری 2025ء بروز جمعتہ المبارک ترجمان تحریک دعوتِ فقر (برائے امور ِداخلہ) ڈاکٹر وسیم اکرم سروری قادری کی تقریبِ نکاح میں خصوصی شرکت فرمائی۔ جبکہ آپ کے ہمراہ مجلس خلفا، انتظامیہ کمیٹی اور دیگر مریدین بھی بطور مہمان شریک ہوئے۔ علاوہ ازیں آپ مدظلہ الاقدس نے 5 جنوری 2025 ء بروز اتوارموصوف کی دعوتِ ولیمہ میں بھی شرکت فرمائی۔
4 جنوری 2025 ء بروز ہفتہ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے محمد اسد خان سروری قادری کی بیٹی اور بیٹے کی شادی کی تقریب کو بھی رونق بخشی۔اس موقع پر بھی معزز مجلسِ خلفا، انتظامیہ کمیٹی اور دیگر ممبران بھی آپ مدظلہ الاقدس کے ہمراہ تھے۔
نو منتخب انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر کا سال 2025ء کاپہلا اجلاس
2 جنوری 2025ء بروز جمعرات نو منتخب انتظامیہ تحریک دعوت فقر کا خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈا ملتان روڈ لاہورمیں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں جنرل کونسل کے ممبران کے انتخاب اور شعبہ جات کے انچارجز کے حوالے سے اہم امور کو زیرِبحث لایا گیا۔ اجلاس میں شامل صدرڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری ، نائب صدرعلی رضا مسعود سروری قادری، جنرل سیکرٹری محمد فیضان یٰسین سروری قادری اور جائنٹ سیکرٹری محمد سجاول ملک سروری قادری نے گزشتہ سالوں میں کارکردگی کی بنا پر جنرل کونسل برائے سال 2025ء کے لیے ممبران کی لسٹ مرتب کی۔ اس کے علاوہ سال 2025ء کے لئے پلاننگ اور آئندہ کا لائحہ عمل بھی ایجنڈے کا حصہ تھا۔
تقریب حلف برداری عہدیداران و مجلسِ شوریٰ برائے سال 2025ء
بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر، امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے زیرسرپرستی خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں سالانہ انتخابات تحریک دعوتِ فقر برائے سال 2025ء منعقد ہوئے۔ جن کے لئے تحریک کے دستور اور منشور کے مطابق یکم تا 15 دسمبر 2024ء انتخابات منعقد ہوئے جبکہ 28 دسمبر 2024ء بروز ہفتہ نتائج کا اعلان کیا گیا۔
31 دسمبر 2024ء بروز منگل خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں نومنتخب عہدیداران اور ممبران مجلس شوریٰ کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی۔اس موقع پر بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے ہمراہ نائب سرپرست صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب سروری قادری بھی موجود تھے۔ تقریب میں آمد پر حاضرینِ محفل نے اپنے مرشد کریم کا انتہائی گرم جوشی سے استقبال کیا۔ صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب سروری قادری نے تقریب میں نقابت کے فرائض سرانجام دیے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جس کی سعادت مولانا یاسر یٰسین سروری قادری نے حاصل کی۔ نائب سرپرست صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب سروری قادری نے سال 2024ء کی مجلسِ شوریٰ اور عہدیداران کی خدمات کو سراہااور نو منتخب عہدیداران سے حلف برداری کے لیے بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کو اسٹیج پر مدعو کیا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے نو منتخب عہدیداران(منتظمِ اعلیٰ، صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری، جائنٹ سیکرٹری، ترجمان امورِ خارجہ اور ترجمان امور ِ داخلہ)سے حلف لیا۔اس کے بعد منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے نو منتخب ممبران مجلس شوریٰ برائے سال 2025ء سے حلف لیا۔اس پر مسرت موقع پر تمام ممبران و عہدیداران نے اللہ تعالیٰ کو حاضر و ناظر جانتے ہوئے عہد کیا کہ دینِ اسلام کی حقیقی روح یعنی فقرِ محمدیؐ کے فروغ کے لیے تحریک دعوتِ فقر کے مشن میں دل و جان سے بھرپور معاونت کریں گے تاکہ فقرِ محمدیؐ کا پیغام دنیا بھر میں ہر خاص و عام تک پہنچ سکے۔
مجلسِ شوریٰ تحریک دعوت ِ فقر سال 2025ء کا افتتاحی اجلاس
11 جنوری 2025 ء بروز ہفتہ دوپہر دو بجے خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں مجلسِ شوریٰ برائے سال 2025ء کا افتتاحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے فرمائی۔ان کے ہمراہ پروفیسر سلطان حافظ حمادالرحمن سروری قادری بھی اجلاس میں شریک تھے۔
جنرل سیکرٹری محمد فیضان یٰسین سروری قادری نے نقابت کے فرائض سر انجام دیے اور اجلاس کے باقاعدہ آغاز کے لیے مولانا یاسر یٰسین سروری قادری کو اسٹیج پر دعوت دی۔ تلاوتِ کلامِ پاک کے بعد اجلاس کی کاروائی کو آگے بڑھاتے ہوئے اجلاس کے ایجنڈا پر روشنی ڈالی۔ ایجنڈا کے مطابق سب سے پہلے تحریک دعوتِ فقر کی جنرل کونسل برائے سال 2025ء کے لیے ممبران کے انتخاب پر رائے شماری عمل میں لائی گئی۔ ایک ایک ممبر پر تفصیلی بحث کے بعدسال 2025 ء میں تحریک دعوتِ فقر کے اہداف اور منصوبہ بندی کے متعلق مختلف امور زیرِبحث لائے گئے۔ حاضرینِ اجلاس سے مشاورت اور سیر حاصل گفتگو کے بعد تمام آراء قلم بند کی گئیں۔
مریدین و عقیدتمندانِ سلطان العاشقین کے لیے خوشخبری
خانقاہ سلطان العاشقین کے اطراف میں پختہ سڑک کی تعمیر کا کام پایۂ تکمیل کوجاپہنچا ہے۔ یہ سڑک خانقاہ سلطان العاشقین کے مرکزی دروازے سے شروع ہوکر مسجدِ زہراؓ تک جاتی ہے جس کی بدولت اب زائرین بآسانی خانقاہ سلطان العاشقین سے اصطبل اور مسجدِ زہراؓ تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔ اس اہم پیش رفت سے نہ صرف حانقاہ سلطان العاشقین، اصطبل اور مسجدِ زہراؓ تک آمد و رفت کا سلسلہ بہتر ہو گیا ہے بلکہ گاڑیوں اور موٹر سائیکل سوار زائرین کے لیے پارکنگ کی سہولت بھی بہتر ہو گئی ہے۔
سلطان الفقر پبلیکیشنز کی پانچویں ایجوکیشن ایکسپو اور کتاب میلہ میں شرکت
نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیرِاہتمام ایوانِ قائد اعظم جوہر ٹاؤن لاہور میں منعقد ہونے والے پانچویں ایجوکیشن ایکسپو اور بک فیئر میں تحریک دعوتِ فقر پاکستان کے شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنزنے بھر پور شرکت کی۔ سلطان الفقر پبلیکیشنز اپنی اعلیٰ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مسلسل پانچویں بار اس کتاب میلہ کا حصہ بنا۔ بانی و سرپرستِ اعلی تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی فقر و تصوف پر تصنیف کردہ مطبوعات، سلطان باھوؒ اور سیدّنا غوث الاعظمؓ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؓ کی کتب سلطان الفقر پبلیکیشنز کے سٹال نمبر 34 پر 50% ڈسکاؤنٹ پر موجود رہیں۔
یہ کتاب میلہ 10 تا 12 جنوری 2025ء بروز جمعہ تا اتوار صبح دس بجے سے لے کر رات 8 بجے تک جاری رہا۔ اس دوران شائقینِ کتب کی کثیر تعداد نے بک سٹال وزٹ کیا اور کتب و رسائل خرید کر سلطان الفقر پبلیکشنز کی انتھک کاوشوں کی حوصلہ افزائی کی اور ادارہ کے معیاری کام کوخوب سراہا۔
خوشخبری ! !! تحریک دعوت ِ فقر کی آفیشل موبائل ایپلیکیشنز
تحریک دعوتِ فقر نے دین حق یعنی فقرِمحمدیؐ کے فروغ کے لیے ہمیشہ جدّت پسندی اختیار کی اور عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر تمام معروف میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بروئے کار لا کر تبلیغ دین کا فریضہ سر انجام دیا۔ اپنی اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے تحریک دعوتِ فقر نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے زیرِسرپرستی ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر کے درج ذیل موبائل ایپلیکیشنز تیار کیں :
Sultan ul Ashiqeen Books App
Sultan ul Ashiqeen App
AI-Sufism App
TDF News App
صارفین ان ایپلیکیشنز کو گوگل پلے سٹور سے با آسانی انسٹال کر کے فقر و تصوف کی دنیا سے با خبر رہ سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں آپ ہمارے واٹس اَیپ چینلز بھی follow کر سکتے ہیں جن میں درج ذیل چینل شامل ہیں۔
Sultan ul Ashiqeen Tv
Tehreek Dawat e Faqr News
Sultan ul Faqr Publications