تحریک دعوتِ فقر نیوز |Tehreek Dawat e Faqr News

Spread the love

Rate this post

تحریک دعوتِ فقر نیوز۔ دسمبر 2019

صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کی رسمِ نکاح

لاہور (پریس ریلیز) 6 دسمبر 2019 بروز جمعتہ المبارک نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کے نکاح کی رسم جوہر ٹاؤن میں منعقد ہوئی۔ سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس بعد نماز عشاء صاحبزادہ صاحب، اہل خانہ، اپنے خلفاء محمد عبداللہ اقبال سروری قادری اور ناصر حمید سروری قادری ، ارکان انتظامیہ کمیٹی تحریک دعوتِ فقر اور مجلس ِشوریٰ کے دیگر اہم ممبران کے ہمراہ رسم ِنکاح کے لئے سلطان العاشقین ہاؤس مصطفی ٹاؤن وحدت روڈ لاہور سے جوہر ٹاؤن لاہور کی جانب روانہ ہوئے۔
جوہر ٹاؤن پہنچنے پر آپ مدظلہ الاقدس کے خلیفہ اور منتظم ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر محمد نعیم عباس سروری قادری نے آپ مدظلہ الاقدس اور ساتھیوں کا پُرتپاک استقبال کیا۔ آپ مدظلہ الاقدس کے خلیفہ ڈاکٹر حسنین محبوب سروری قادری نے صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کو ہار پہنا کر خوش آمدید کہا۔ استقبال کرنے والوں میں ملک ظہیر عباس کھوکھر ، ملک کرامت علی، عامر یحییٰ سروری قادری اور دیگر میزبان بھی ہمراہ تھے۔ رسمی فوٹوگرافی کے بعد آپ مدظلہ الاقدس کے حکم کے مطابق نکاح کی رسم کا آغاز ہوا جس کی سعادت مولانا محمد اسلم سروری قادری نے حاصل کی، نکاح کا خطبہ پڑھا اور دعائے خیر کروائی۔ اس کے بعد تمام ساتھیوں نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس اور صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب کو مبارکباد پیش کی۔ آپ مدظلہ الاقدس نے اپنے دست ِاقدس سے محمد نعیم عباس سروری قادری اور ملک ظہیر عباس صاحب کو مٹھائی بھی کھلائی۔ مہمانوں میں بھی مٹھائی تقسیم کی گئی۔ خوشی کا سماں سا بندھ گیا۔ نئے جوڑے کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ مہمانانِ گرامی کے لئے پُرتکلف ضیافت کا بھی اہتمام تھا۔ اس کے بعد میزبانوں سے الوداعی ملاقات کر کے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس صاحبزادہ صاحب اور اپنے قریبی ساتھیوں کے ہمراہ سلطان العاشقین ہاؤس کی طرف روانہ ہو گئے۔

محفل میلادِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  بسلسلہ عرس مبارک سیدنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ

لاہور (پریس ریلیز) سیّدنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ اس قدر بلند و بالا مرتبہ اور شان کے حامل ہیں کہ جس شے کی بھی آپؓ سے نسبت قائم ہو جاتی ہے اس شے کا مرتبہ بھی بلند ہو جاتا ہے۔ انہی نسبتوں میں سے ایک نسبت گیارھویں تاریخ کو بھی ہے۔
گیارھویں شریف کے ختم کا اہتمام ایک محبوب ترین عمل ہے کیونکہ اس میں وہ تمام اعمال سرانجام دیئے جاتے ہیں جو اللہ کے قرب و رضا، حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی خوشنودی، حصولِ خیروبرکت اور سیّدنا غوث الاعظمؓ کے خصوصی فیض کا ذریعہ ہیں۔
سلسلہ سروری قادری کے موجودہ شیخ ِکامل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس بھی گیارھویں شریف کی محفل کا خوب اہتمام فرماتے ہیں۔ 
8 دسمبر 2019 بروز اتوار خانقاہ سروری قادری لاہور میں بعد نمازِ ظہر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی صدارت میں محفل میلادِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بسلسلہ عرس مبارک سیدنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رضی اللہ عنہٗ منعقد ہوئی۔ اس موقع پر آپ مدظلہ الاقدس کے خلفاء صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب صاحب، محمد عبداللہ اقبال صاحب، محمد حسنین محبوب صاحب، محمد نعیم عباس صاحب اور ناصر حمید صاحب بھی موجود تھے۔ محفل میں کثیر تعداد میں مریدین نے
شرکت فرما کر آپ مدظلہ الاقدس کی  پاک صحبت سے فیض حاصل کیا۔ منتظم ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر محمد نعیم عباس سروری قادری نے نقابت کے فرائض سرانجام دئیے۔ مولانا محمد اسلم سروری  قادری نے تلاوت قرآن ِمجید کی سعادت حاصل کی۔ عطاء الوہاب سروری قادری نے بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نعت شریف کا ہدیہ پیش کیا۔ جس کے بعد محسن رضا سلطانی نے شہبازِ عارفاں حضرت سخی سلطان پیر سیّد محمد بہادر علی شاہ کاظمی المشہدی رحمتہ اللہ علیہ کی سیدنا غوث الاعظمؓ کی شان میں لکھی خوبصورت منقبت ’’بنام اللہ سنو فریاد یا محبوبِ سبحانی‘‘ کو اپنے منفرد انداز میں پیش کیا جسے حاضرین ِمحفل نے خوب سراہا۔ مولانا محمد اسلم سروری قادری نے ختم شریف پڑھا اور اختتامی دعا کروائی۔ انتظامیہ کمیٹی تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے حاضرین کے لیے وسیع لنگر کا بھی اہتمام کیا تھا۔

فقر کے پیغام کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کے تمام ذرائع کو بروئے کار لائیں گے، شعبہ اطلاعات و نشریات کا عزم

لاہور (نیوز رپورٹر) 14 نومبر 2019ء بروز جمعرات شعبہ اطلاعات و نشریات کے نگران ڈاکٹر وسیم اکرم نے نیوز رائٹرز کا اجلاس طلب کیا۔ اجلاس میں نومبر 2019 کی خبروں اور ان کی ترتیب کے متعلق گفتگو ہوئی۔ نیوز رائٹرز نے خبروں کا معیار بہتر بنانے کے لئے مشاورت کی اور مختلف آئیڈیاز پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے دوسرے ذرائع مثلاً ٹاک شوز، آڈیو لیکچرز وغیرہ کے ذریعے بھی تحریک دعوتِ فقر کے مقاصد اور پیغام کو عوام الناس تک پہنچایا جائے۔

محفل بسلسلہ جشنِ عید میلادالنبیؐ کے انعقاد کے بعد انتظامات کا تنقیدی جائزہ مجلسِ شوریٰ اور جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس طلب

لاہور (پریس ریلیز) 24 نومبر 2019ء بروز اتوار خانقاہ سروری قادری لاہور میں تحریک ِ دعوتِ فقر کی مجلس ِ شوریٰ اور جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت محمد نعیم عباس سروری قادری نے کی۔ اجلاس کا ایجنڈا جشن ِ عید میلاد النبیؐ کی محفل مبارک کے انعقاد کے بعد اس کے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔
اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن سے ہوا جس کی سعادت ناصر مجید سروری قادری نے حاصل کی۔ جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز نے شرکا اجلاس کو ایجنڈا پڑھ کر سنایا اور تمام شرکا سے تجاویز اور آرا کے لیے کہا تاکہ آئندہ محافل کے انعقاد کو مزید بہترین بنایا جا سکے۔
اس کے علاوہ محمد ارشد رمضان سروری قادری نے شعبہ دعوت و تبلیغ کی سرگرمیوں کے حوالے سے تمام شرکاء سے تعاون کی اپیل کی کہ اسم ِ اللہ ذات کے پیغام کو عام کرنے میں سب ان کے شانہ بشانہ کام کریں۔
اس کے بعد محمد نعیم عباس سروری قادری نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشترکہ اجلاس میں اپنی حاضری کو یقینی بنایا۔ اس کے ساتھ ہی محفل بسلسلہ جشن ِ عید میلاد النبیؐ کے شاندار انعقاد پر تمام ساتھیوں کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور تمام حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ بلاشبہ یہ حضور مرشد کریم کی نظر ِ کرم ہے کہ ان کی مہربانی سے محفل مبارک کے تمام انتظامات بحسن و خوبی انجام پا گئے۔
اس کے علاوہ مسجد ِ زہرا اور خانقاہ سلطان العاشقین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ تعمیراتی کام کا آغاز ہونے والا ہے اس لیے تمام ممبران مجلس ِ شوریٰ اور جنرل کونسل سے درخواست ہے کہ جانی و مالی طور پر اس کارِ خیر میں حصہ لیں۔
آخر میں مولانا محمد اسلم سروری قادری نے دعائے خیر کروائی کہ اللہ پاک ہم سب کو راہِ فقر  پر استقامت عطا فرمائے۔ آمین۔

ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کا ترقی کی طرف ایک اہم قدم نئے ڈیزائنرز کے ٹریننگ پر اتفاقِ رائے

لاہور (نیوز رپورٹر) 4 دسمبر 2019ء بروز بدھ خانقاہ سروری قادری لاہور میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے منیجنگ ایڈیٹر احسن علی سروری قادری کی صدارت میں میگزین کے ایڈیٹرز کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر بھی موجود تھی۔ اجلاس میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کی ڈیزائننگ اور بروقت پرنٹنگ کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے چیف ایگزیکٹو اور منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر محمد نعیم عباس سروری قادری نے اس سلسلے میں نئے ڈیزائنرز کو تیار کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں جن پر تمام ایڈیٹرز اور انتظامیہ کے ممبران نے اتفاق کیا۔

شعبہ دعوت و تبلیغ کی سرگرمیاں عروج پر شہر لاہور میں فیض اسمِ اللہ ذات کی دعوتِ عام

لاہور (نیوز رپورٹر) 13نومبر 2019 بروزبدھ خانقاہ سروری قادری لاہور میں انچارج شعبہ دعوت وتبلیغ محمد ارشد رمضان سروری قادری کی صدارت میں ایک اہم اجلاس ہوا جس میں جنرل سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے کیا گیا جس کا شرف محمد اسلم خان نے حاصل کیا۔ اجلاس میں شعبہ دعوت و تبلیغ کی مختلف سرگرمیوں کا نہ صرف جائزہ لیا گیا بلکہ انچارج شعبہ دعوت وتبلیغ محمد ارشد رمضان نے شرکا اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ دعوت وتبلیغ تحریک دعوتِ فقر کا انتہائی اہم شعبہ ہے اور ہم سب انتہائی خوش نصیب ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں اپنے دین کے کام کو پھیلانے کے لیے منتخب کیا ہے اور یہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ ہمیں فقیر ِ کامل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس جیسے عظیم لیڈر کی صحبت اور رہنمائی میسر ہے۔ لہٰذا ہم سب کو چاہیے کہ محبت اور عشق سے شعبہ دعوت و تبلیغ کے لیے ڈیوٹی سر انجام دیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے شعبہ کے تمام ممبران کے ساتھ آئندہ کی سرگرمیوں اور جدوجہد کا لائحہ عمل ترتیب دیا جس کے مطابق تمام ممبران کو ان کی نئی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔نگران شعبہ دعوت و تبلیغ نے تمام ممبران کو اپنی سرگرمیوں کا ریکارڈ اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
اجلاس میں ملک بھر میں خاص کر لاہور شہر میں تبلیغی سرگرمیوں کو تیز کرنے پر اتفاقِ رائے ہوا۔ آخر میں جنرل سیکرٹری ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز نے ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ دعوت و تبلیغ لاہور میں تحریک دعوتِ فقر کے پیغام کو عام کرنے کے لیے اپنی سرگرمیاں تیز کرے۔ اجلاس کے آخر میں محمد فاروق ضیاء نے اللہ تعالیٰ کے حضور شعبہ دعوت و تبلیغ کی ترقی اور اس میں خیر و برکت کے لیے دعا کروائی۔
لاہور (نیوز رپورٹر) 15 نومبر 2019 بروز جمعہ گریٹر اقبال پارک میں شعبہ دعوت و تبلیغ کے نگرانِ اعلیٰ محمد ارشد رمضان اور شعبہ کے دیگر ممبران محمد ذوالفقار علی، محمد ظہیر اور محمد رضوان نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کے سٹال کا خصوصی دورہ کیا۔ جنرل سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز بھی شعبہ دعوت و تبلیغ کے ممبران کے ہمراہ تھے۔
شعبہ دعوت و تبلیغ کے تمام ممبران نے علامہ اقبال عوامی کتاب میلہ میں آنے والے لوگوں کو سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی جانب سے اسم اللہ ذات کے ذکر و تصورکے حصول کی دعوت دی اور اس کے بعد ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے بھی تقسیم کئے۔ اس کے بعد تمام ممبران نے بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کیا اور وہاں زیارت کے لیے آئے مرد و خواتین اور نمازیوں کو بھی اسم اللہ ذات کے ذکر و تصور کی دعوت دی۔
لاہور (نیوز رپورٹر) 20 نومبر 2019ء بروز بدھ خانقاہ سروری قادری لاہور میں شعبہ دعوت و تبلیغ کے نگران محمد ارشد رمضان سروری قادری کی نگرانی میں شعبہ کے ممبران کا اجلاس ہوا۔ اس موقع پر منتظم ِ اعلیٰ محمد نعیم عباس صاحب بھی موجود تھے۔ اجلاس کاباقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے کیا گیا جس کا شرف محمد اسلم خان نے حاصل کیا۔ اجلاس میں ممبران کو تفویض کردہ ذمہ داریوں اور ڈیوٹیوں پر نظر ثانی کی گئی اور لاہور میں زیادہ سے زیادہ دعوت وتبلیغ کا کام بڑھانے کے لئے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ منتظم ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر محمد نعیم عباس سروری قادری نے شعبہ کی حوصلہ افزائی کی اور مزید لگن اور جوش و جذبے سے کام کرنے کی نصیحت کی۔
لاہور (نیوز رپورٹر) 3 دسمبر 2019ء بروز منگل انچارج شعبہ دعوت تبلیغ محمدارشد رمضان سروری قادری کی نگرانی میں شعبہ دعوت وتبلیغ کا اجلاس خانقاہ سروری قادری لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا جس کا شرف محمد ذوالفقار سروری قادری نے حاصل کیا۔ جس میں درج ذیل ایجنڈا پر گفتگو ہوئی۔ انچارج شعبہ دعوت وتبلیغ محمد ارشد رمضان نے لاہور میں جاری دعوت و تبلیغ کے کاموں کی رپورٹ پر ممبران سے گفتگو کی اور تحریک دعوتِ فقر کے پیغام کو لاہور کے کونے کونے میں پھیلانے پر غور کیا۔آخر میں مولانا محمد اسلم نے شعبہ کی ترقی کے لیے دعائے خیر کرائی۔
شعبہ دعوت و تبلیغ نے نئی منصوبہ بندی کے تحت لاہور میں دعوت و تبلیغ کا کام تیز کردیا یہ سرگرمیاں تقریباً روزانہ کی بنیاد پر نگران شعبہ محمد ارشد رمضان سروری قادری کی نگرانی میں جاری رہیں جس میں شعبہ کے دوسرے ممبران نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ منتظم اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر محمد نعیم عباس سروری قادری نے شعبہ کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کو سراہا اور تربیت کا انتظام بھی وسیع کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
نگران شعبہ دعوت و تبلیغ محمد ارشد رمضان سروری قادری نے شعبہ کے ممبران کی مختلف ٹیمیں تشکیل دیں جنہوں نے 18 نومبر تا 6 دسمبر لاہور کے مختلف مقامات جیسا کہ بس اسٹیشنز، داتا دربار، مین بازار فتح گڑھ، کینال روڈ، وحدت روڈ، اچھرہ، لاری اڈہ وغیرہ میں عوام الناس کو مقصد ِ حیات اور اسم ِ اللہ ذات کے ذکر و تصور کی دعوت دی۔ عوام الناس کو سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا تعارف کروایا گیا اور تحریک دعوتِ فقر کی فروغِ فقر و اسم ِ اعظم کے لیے کی گئی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ عوام الناس میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے اور دعوت نامے فی سبیل اللہ تقسیم کیے گئے۔ ان ممبران میں مولانا محمد اسلم، ذوالفقار علی، محمد ظہیر، محمد رضوان، محمد شاہد، محمد وسیم، محمد عظیم اور محمد فرحان شامل ہیں۔
دعوت و تبلیغ کی سرگرمیوں کے علاوہ خانقاہ سروری قادری لاہور میں ماہِ نومبر میں تربیتی کلاسز جاری رہیں۔ ملک بھر سے تربیت کے لیے طالبانِ مولیٰ کے لئے تعلیماتِ فقر کے مختلف موضوعات مثلاً فقر، اسم اللہ ذات، مرشد کامل اکمل، سلطان الاذکار ھُو، سلسلہ سروری قادری اور عرفانِ نفس پر نشستوں کا اہتمام کیا جاتا رہا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی نگاہِ کرم اور شفقت کی بدولت کثیر تعداد میں طالبانِ مولیٰ خانقاہ سروری قادری سے ظاہری و باطنی تربیت حاصل کر کے اپنے اپنے علاقوں میں اسم ِ اللہ ذات کا پیغام عام کر رہے ہیں۔ اللہ پاک انہیں کامیاب و کامران فرمائے اور ہر مشکل میں ان کی مدد فرمائے۔

جنوبی پنجاب اور سندھ میں دعوتِ اسم اللہ ذات کا پیغام  شعبہ دعوت و تبلیغ معرفتِ الٰہی اور مقصدِ حیات کی تبلیغ کے لیے پُرجوش

لاہور (نیوز رپورٹر) شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر کے اہم کارکن محمد فاروق ضیاء سروری قادری اور ان کے ساتھ حیدر علی سروری قادری 19 نومبر 2019 نمازِ مغرب کی ادائیگی کے بعد خانقاہ سروری قادری لاہور سے گھوٹکی صوبہ سندھ کی جانب روانہ ہوئے۔ وفد کا پہلا پڑائو گھوٹکی میں عابد حسین سروری قادری کے گھر میں تھا۔ محمد فاروق ضیا نے دورانِ سفر ہی دعوت و تبلیغ کے کام کا آغاز کر دیا۔ چونکہ وہ بذریعہ ٹرین گھوٹکی جا رہے تھے اس لیے اس طویل سفر کے دوران ہی انہوں نے مسافروں کو انسان کے مقصد ِ حیات یعنی معرفت ِ الٰہی کی دعوت دی اور سلسلہ سروری قادری کے امام مجددِ دین سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اور ان کی قائم کردہ جماعت تحریک دعوتِ فقر کا تعارف کروایا۔ اس کے ساتھ ہی محمد فاروق ضیا اور حیدر علی نے نہ صرف ٹرین بلکہ اسٹیشن پر اسم ِ اللہ ذات کی دعوت کے پمفلٹ اور ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے تقسیم کیے۔
20 نومبر 2019 بروز بدھ دعوت و تبلیغ کا یہ وفد مہر عابد حسین سروری قادری کے ڈیرہ پر ضلع گھوٹکی پہنچا۔ سب سے پہلے رکفارم اڈہ پر عوام الناس میں اسم اللہ ذات کے ذکر و تصور کی دعوت دی گئی۔ اسی روز جامع مسجد رکفارم میں اسمِ اعظم اور مرشد کامل اکمل پر درس دیا۔ اس کے بعد بھائی عابد حسین کے ڈیرہ پر رات گئے تک حقیقت محمدیہ اور اسم محمد کے موضوع پر گفتگو کی۔
20 نومبر تا 26نومبر 2019 محمد فاروق ضیاء سروری قادری اور حیدر علی سروری قادری بھائی نے گھوٹکی شہر میں عوام الناس کے ساتھ ساتھ عابد حسین، محمد شفیق اور محمد عامر کے دوست احباب اور عزیز و اقارب میں دعوتِ حق کا پیغام عام کیا۔ نہ صرف مساجد میں نماز کے بعد بیانات دیئے بلکہ رات دیر تک مختلف موضوعات پر نشستیں بھی جاری رہیں۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے فیض ِ فقر اور آپ کی بلند اور عظیم شان کے متعلق عوام الناس کو آگاہ کیا اور سب کو دعوت دی کہ وہ خانقاہ سروری قادری لاہور میں صحبت ِ مرشد کامل اکمل سے فیض یاب ہونے اور اسم ِ اللہ ذات کا ذکر و تصور حاصل کرنے کے لیے ضرور تشریف لائیں اور اپنے قلب و باطن کو منور کر کے مقصد ِ حیات یعنی معرفت ِ الٰہی حاصل کریں۔ لوگوں کی کثیر تعداد نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے نہ صرف ملاقات کا اظہار کیا بلکہ بیعت ہونے کے لیے بھی رضامندی ظاہر کی۔ مزید رہنمائی کے لیے اسرار سے بھرپور دنیا بھر میں فقر کے واحد ترجمہ ’’ماہنامہ سلطان الفقر لاہور‘‘ کے شمارے بھی مفت تقسیم کیے گئے۔
اس دوران پنوعاقل سے یار محمد کھوسہ بھی شعبہ دعوت و تبلیغ کے اس وفد سے ملاقات کے لیے گھوٹکی حاضر ہوئے۔
ایک ہفتہ گھوٹکی میں اسمِ اللہ ذات اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا پیغام عام کرنے کے بعد محمد فاروق ضیا سروری قادری حیدر علی سروری قادری کے ہمراہ 27 نومبر 2019 بروز بدھ سندھ سے رحیم یار خان میں علی مراد سروری قادری کے گھر تشریف لے گئے۔ دو دن یعنی 27 اور 28 نومبر رحیم یار خان میں علی مراد اور محمد آصف کے گھر میں ان کے اہل ِ خانہ اور عزیز و اقارب کو پیغامِ حق اور دعوتِ فقر دی۔
29 نومبر 2019 بروز جمعتہ المبارک وفد خانپور چک 14 میں محمد ارشاد سروری قادری کے گھر پہنچا اور دو دن خانپور شہر اور اس کے نواحی دیہاتوں میں مختلف مساجد میں محمد فاروق ضیا نے فقر کے مختلف موضوعات پر بیان کیے۔ اسم اللہ ذات کی دعوت سے لوگوں کی کثیر تعداد متاثر ہوئی۔ سینکڑوں لوگوں نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس سے حصولِ فیض کے لیے بیتابی کا اظہار کیا جس پر محمد فاروق ضیا نے خانقاہ سروری قادری لاہور میں آنے کی دعوت دی۔
یکم دسمبر 2019 بروز اتوار شعبہ دعوت و تبلیغ کا وفد تحریک دعوتِ فقر ہارون آباد کے سرپرست مظہر حسین سروری قادری کے گھر ہارون آباد پہنچا۔ یکم تا 4 دسمبر ہارون آباد میں ہی دعوت و تبلیغ کی سرگرمیاں جاری رہیں۔
ان چار دنوں میں وفد نے نہ صرف ہارون آباد شہر میں مظہر حسین کے عزیز و اقارب سے بلکہ اس کے نواحی علاقے چک 54/4R میں محمد انیب سروری قادری کے دوست احباب سے ملاقات کی۔ اس دوران عقیدتمندوں کی کثیر تعداد سے ملاقات ہوئی۔ ان سب میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے تقسیم بھی کیے۔
4 دسمبر 2019 بروزبدھ شعبہ دعوت و تبلیغ نے نمازِ عشاء کے بعد دفتر تحریک دعوت فقر ہارون آباد میں مریدین کا اجلاس طلب کیا۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز قرآنِ مجید کی تلاوت سے ہوا جس کی سعادت حیدر علی سروری قادری نے حاصل کی اور نعت شریف کا نذرانہ عقیدت شہر یار سروری قادری نے بارگاہِ رسالت میں پیش کیا۔ محمد فاروق ضیاء سروری قادری نے حاضرین کے سامنے عشق ِمرشد اور شانِ مرشد کامل اکمل پر جامع بیان کیا۔ اجلاس طلب کرنے کا مقصد سب مریدین میں اس احساس کو اجاگر کرنا تھا کہ راہِ فقر میں تب تک کامیابی حاصل نہیں ہو سکتی جب تک مرکز سے رابطہ مضبوط نہ کیا جائے اور مرکز مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی ذاتِ اقدس ہے۔ جتنا مرشد کے ساتھ ظاہری اور باطنی تعلق مضبوط ہوگا اتنا زیادہ ہی انسان اللہ پاک کی معرفت حاصل کرے گا اور دین و دنیا میں کامیابی حاصل کریگا۔

ملک بھر سے تحریک دعوتِ فقر کی سرگرمیاں

بچیانہ منڈی(نیوز رپورٹر) 17نومبر 2019 بروز اتوار دفتر تحریک دعوتِ فقر بچیانہ منڈی میں سرپرست محمد قدیر اقبال سروری قادری کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوا جس میں علاقے بھر میں موجود سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے مریدین نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد فیاض نے حاصل کی۔ محمد قدیر اقبال نے تلاوت کے بعد حاضرین اجلاس کو ایجنڈا کے بارے میں تفصیلاً آگاہ کیا جو کہ بچیانہ اور اس کے گرد و نواح میں تبلیغی سرگرمیاں بڑھانے کے حوالے سے تھا۔ انہوں نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ تمام ممبران باہم متحد ہو کر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس اور تحریک دعوتِ فقر کے پیغام کو گھر گھر میں پہنچائیں۔ اس کے علاوہ گلیوں اور بازاروں میں ہر جگہ عوام کو مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دست ِ بیعت ہونے اور اسم ِاعظم کی نعمت حاصل کرنے کی دعوت دیں تا کہ وہ اپنا مقصد ِ حیات حاصل کر سکیں۔ بطور حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے امتی یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم فقر کے پیغام کو عام کریں۔
تمام ممبران نے اپنی اپنی آرا پیش کیں اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے پیغامِ فقر اور اسم اللہ ذات کو عام کرنے کے لیے جوش و جذبے کا اظہار کیا۔
جہلم (نیوز رپورٹر) 15 نومبر 2019 بروز جمعہ سرپرست تحریک دعوتِ فقر جہلم محمد ظفر اقبال سروری قادری کی صدارت میں علاقائی دفتر میں نمازِ جمعہ کے بعد درس کا اہتمام کیا گیا۔ درس میں تمام مریدین اور عقیدتمندوں نے پُرجوش شرکت کی۔ درس کا  آغاز تلاوت سے کیا گیا جس کی سعادت محمد بلال ظفر نے حاصل کی جبکہ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں محمد مبین نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ نعت کے بعد محمد ظفر اقبال نے تمام عقیدتمندوں کو فقر کی دعوت دی اور تحریک دعوتِ فقر کی سرگرمیوں اور جدوجہد سے آگاہ کیا۔ محمد ظفر اقبال نے مریدین اور عقیدتمندوں کو راہِ فقر پر چلنے کی ترغیب دلائی تاکہ وہ دینِ الٰہی کی خدمت کر سکیں اور دنیا و آخرت میں فلاح و کامیابی حاصل کر سکیں۔
جہلم (نیوز رپورٹر) 22 نومبر 2019 بروز جمعتہ المبارک بعد از نمازِ جمعہ تحریک دعوتِ فقر جہلم نے جامع مسجد عید گاہ کے باہر سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب کا سٹال لگایا۔ سلطان الفقر پبلیکیشنز کی منفرد اور تحقیق پر مبنی کتب میں نمازی حضرات، راہگیروں اور علاقہ مکینوں نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ سٹال پر آنے والے لوگوں میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے فی سبیل اللہ تقسیم کئے گئے۔ اس تبلیغی سرگرمی کا مقصد علاقہ بھر میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اور سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کی تصانیف کو متعارف کروانا تھا اور اس کے علاوہ سلطان الفقر پبلیکیشنز کا سٹال لگانے کا مقصد عوام الناس میں مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے فیض ِفقر کے حصول کی دعوت دینا تھا۔ سٹال پر ڈیوٹی کے فرائض محمد ظفر اقبال، محمد بلال ظفر اور احمد علی نے انجام دیئے۔
جہلم(نیوز رپورٹر) 29 نومبر 2019 بروز جمعہ دفتر تحریک دعوتِ فقر جہلم میں ماہانہ گیارھویں شریف کا اہتمام کیا گیا جس میں علاقہ بھر میں مقیم مریدین نے خصوصی شرکت کی۔ محفل مبارک کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن سے کیا کیا گیا جس کی سعادت محمد بلال ظفر نے حاصل کی۔ محمد حمزہ ادریس نے بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں نعت کا گلدستہ پیش کیا۔ سرپرست تحریک دعوتِ فقر محمد ظفر اقبال سروری قادری نے تعلیمات سیدنا غوث الاعظمؓ پر حاضرین ِمحفل کو درس دیا جس میں انہوں نے خصوصی طور پر اسم اللہ ذات، مرشد کامل اکمل اور عرفانِ نفس کے موضوعات بیان کیے۔ آخر میں ختم شریف اور دعا کروائی گئی۔ محفل کے اختتام پر حاضرین کے لیے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ تمام ماہ دفتر تحریک دعوتِ فقر جہلم میں مریدین اور عقیدتمندوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا جن کے ساتھ محمد ظفر اقبال گفتگو کرتے اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس اور تحریک دعوتِ فقر کی جدوجہد اور تمام تحریکی و تبلیغی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے۔
اٹک (نیوز رپورٹر) 22نومبر 2019 بروز جمعتہ المبارک کامران مقصود سروری قادری نے نمازِ جمعہ کے بعد جامع مسجد احمدال کے باہر نمازیوں اور راہگیروں میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے اور تحریک دعوتِ فقر کے دعوت نامے تقسیم کئے۔ دلچسپی کا اظہار کرنے والے افرادسے تفصیلاً گفتگو بھی ہوئی اور انہیں معرفت ِ الٰہی اور مقصد ِ حیات کے متعلق آگاہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ تزکیہ نفس اور تصفیہ قلب کے لیے مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے اسم ِ اعظم حاصل کرنے اور اپنے قلب و باطن کو منور کرنے کی دعوت بھی دی گئی۔
اٹک (نیوز رپورٹر) 29 نومبر 2019 بروز جمعتہ المبارک تحریک دعوتِ فقر احمدال تحصیل پنڈی گھیب ضلع اٹک کے کارکنان نے نوارنی مسجد احمدال کے باہر بعد نمازِ جمعہ سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب کا سٹال لگایا۔
مادہ پرستی کے اس دور میں لوگ اسلام کی اصل روح یعنی فقر سے ناآشنا ہیں۔ سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب فقر و تصوف کی تعلیمات اور اسرار سے بھرپور ہیں۔ ان سٹالز کو لگانے کا مقصد بھی عوام الناس کو فقر سے آگاہی دینا اور مقصدِ حیات کی دعوت دینا ہے۔ اس کے علاوہ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی فروغِ اسم ِ اعظم کے لیے کی گئی کاوشوں اور جدوجہد سے عوام الناس کو آگاہ کرنا بھی ان تمام سرگرمیوں کا بنیادی مقصد ہے۔ اہل ِعلاقہ نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی نگاہِ کرم اور حکم کی بدولت عوام الناس میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے فی سبیل اللہ تقسیم کیے جاتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ روحانیت اور فقر کی جانب مائل ہو سکیں۔ اس دعوتی سرگرمی میں محمد سعید، محمد سفیر عمران، محمد ذیشان شراف اور محمد کامران نے بھرپور حصہ لیا۔
(نیوز رپورٹر۔ ہارون آباد) 6 دسمبر 2019ء بروز جمعتہ المبارک تحریک دعوتِ فقر ہارون آباد کے کارکنان نے چک نمبر 54/4R کی جامع مسجد میں سلطان الفقر پبلیکیشنز کی منفرد اورمعرفتِ حق تعالیٰ کے اسرار سے لبریز کتب کا سٹال لگایا۔ اہل ِ علاقہ نے تحریک دعوتِ فقر اور سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی جدوجہد اور کاوشوں کو خوب سراہا جن کی بدولت فقر اور اسم اللہ ذات کا پیغام دنیا بھر میں بغیر کسی لالچ کے عام کیا جا رہا ہے۔ یہ اعزاز صرف سلطان الفقر پبلیکیشنز کو ہی حاصل ہے جو 4 کلر (رنگین) میگزین فی سبیل اللہ تقسیم کرتے ہیں۔ انہی سرگرمیوں کی بدولت لوگ فقر سے آشنا ہو رہے ہیں۔ اس سٹال کی بدولت کافی لوگوں نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دست ِ اقدس پر بیعت ہونے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ سٹال پر ڈیوٹی کے فرائض مظہر حسین، انیب یونس، محمد مشتاق اور حارث جاوید نے انجام دیے۔
(نمائندہ خصوصی۔ابوظہبی) 30 نومبر 2019 بروز ہفتہ تحریک دعوت فقر ابوظہبی کا ماہانہ اجلاس تحریک کے دفتر میں منعقد ہواجس میں متحدہ عرب امارات میں مقیم مریدین اور عقیدت مندوں نے محبت اور جوش و جذبے سے شرکت کی۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت وحید حسن سروری قادری نے حاصل کی۔ تلاوت کے بعد وحید حسن نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی تصنیف مبارکہ ـ’نفس کے ناسور‘ سے درس دیا اور حاضرین کو آگاہ کیا کہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے اپنی اس تصنیف مبارکہ میں یہ بات واضح کی ہے کہ نفس اللہ اور بندے کے درمیان سب سے بڑا حجاب ہے۔ تزکیہ نفس کے بغیر اللہ تعالیٰ کی معرفت اور پہچان نا ممکن ہے۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس اپنے مریدوں کا تزکیہ نفس عین اسی طریقے کے مطابق کرتے ہیں جیسے نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے صحابہ کرام کا تزکیہ نفس فرمایا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور اس دور کے انسانِ کامل ہیں۔ آپ ہی وہ واحد ہستی ہیں جنہوں نے دنیا بھر میں نہ صرف تعلیماتِ فقر کو عام فرمایا بلکہ اسم اللہ ذات کے فیض کو بھی عوام الناس کے لیے کھول دیا۔ اس لیے تمام مریدین کا یہ فرضِ اوّلین ہے کہ وہ اپنے حلقہ احباب میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا تعارف کروائیں اور حصولِ فیض اور اسم ِ اللہ ذات کا ذکر و تصور حاصل کرنے کی دعوت دیں۔
آخر میں تمام حاضرین نے تحریک دعوتِ فقر کی ترقی کے لیے دعاکی اور دین ِ الٰہی کے لیے کام کرنے کا عزم کیا۔


Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں