تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr News

Rate this post

تحریک دعوتِ فقر نیوز  Tehreek Dawat-e-Faqr News

نیوز رپورٹر: محمد عثمان صادق سروری قادری

محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبیؐ

میلاد النبیؐ دراصل اُس دن کی یاد ہے جس دن کائنات کی حقیقی روشنی اور انسانیت کی نجات کا ذریعہ، سیدّ المرسلین، خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اس عالم ِناسوت میں جلوہ افروز ہوئے۔ یہ وہ دن ہے جب ظلمت کے اندھیرے چھٹ گئے، باطل کے بت ٹوٹ گئے اور دنیا کو عدل، محبت اور معرفت کی لازوال نعمت نصیب ہوئی۔ اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی ذاتِ مبارکہ کو ’’رحمتہ للعالمین‘‘ قرار دیا۔ یعنی آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم صرف اہلِ عرب یا کسی خاص قوم کے لیے نہیںبلکہ تمام جہانوں کے لیے باعثِ رحمت ہیں۔ اسی لیے میلاد النبیؐ کا تذکرہ اور جشن محض خوشی کا دن نہیں بلکہ ایمان کی تجدید اور عشقِ رسول کا اظہار ہے۔ اگر میلاد النبیؐ کی محافل میں محبت اور ادب کے ساتھ ذکرِ رسولؐ کیا جائے تو یہ عین عبادت ہے کیونکہ ذکرِحبیبؐ دراصل ذکرِمحبوبِ حقیقی جل جلالہٗ ہے۔بقول شاعر: 

نبیؐ کا ذکر ہی خدا کا ذکر ہے
نبیؐ کی بات ہی خدا کی بات ہے
ید اللہ کہہ دیا تو ثابت ہو گیا
نبیؐ کا ہاتھ ہی خدا کا ہاتھ ہے

میلاد النبیؐ کی عظمت اس لیے بھی ہے کہ یہ دن ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ رسولؐ اللہ کی سیرت و سنت ہی حقیقی راہِ نجات ہے۔ خدائے لاشریک کے اسی احسانِ عظیم کے اظہار ِتشکر کے طور پر بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوت ِفقر اور سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام سلطان الفقر ہفتم، سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیر ِصدارت ہر سال عظیم الشان محفل میلادِ مصطفی ؐبسلسلہ جشن ِعید میلاد النبیؐ کا انعقاد ہوتا ہے۔ تحریک دعوتِ فقر کے زیر ِ انتظام منعقد ہونے والی محفل میلادِ مصطفی ؐکے لیے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے جاتے ہیں۔ 

رواں سال بھی خانقاہ سلطان العاشقین میں محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشن ِعید میلاد النبیؐ کی تیاریوں کا سلسلہ کئی ہفتے پہلے شروع کر دیا گیا۔ روزانہ کی بنیادوں پر انتظامیہ کے اجلاس منعقد ہوئے جس میں محفل کے شاندار انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ہر پہلو کو زیرِغور لایا گیا۔یکم ربیع الاوّل سے ہی خانقاہ کو خوبصورت لائٹوں سے مزین کر دیا گیا جس کا منظر رات کو بہت دیدہ زیب دکھائی دیتا۔

11 ربیع الاوّل بروز جمعہ پنڈال کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ محفل میلادِ مصطفیؐ کااسٹیج اور تمام پنڈال پھولوں اور برقی قمقموں سے انتہائی دیدہ زیب انداز میں سجایا گیا۔ پنڈال میں خواتین کے لیے مکمل پردے کا انتظام یقینی بنایا گیا۔ 

تحریک دعوتِ فقر کا ہر شعبہ دورانِ محفل اپنی نمائندگی کرنے کے لیے بھرپور محنت اور لگن سے کام کرتا ہے۔ شعبہ ڈیجیٹل پروڈکشن کے تعاون سے محفل کے خوبصورت مناظر دنیا بھر میں براہِ راست دکھائے جاتے ہیں اس لیے ڈیجیٹل پروڈکشن کی ٹیم نے لائیوکوریج کی مناسبت سے ہفتہ کے روز ہی اپنی تیاری مکمل کرلی تھی۔ اسی طرح سلطان الفقر پبلیکیشنزکی ٹیم نے بھی اپنے بک سٹال کی تیاری ہفتہ کے روز ہی شروع کر دی۔ 

 لنگر کسی بھی محفل کی جان ہوتا ہے اس لیے لنگر کی تیاری پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وسیع پیمانے پر لنگر تیار کرنے کے لیے بلاشبہ بے انتہا مہارت کے ساتھ ساتھ وقت بھی درکار ہوتا ہے لہٰذا جمعہ کی شب کو ہی انتظامیہ کی نگرانی میں لنگر کی پکوائی کے لیے ضروری اقدامات کر لیے گئے۔ اگلے روز صبح صادق سے ہی شعبہ لنگرکے ماہر خانساماں حضرات نے حفظانِ صحت کے اصولوں کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے لنگر پکوائی کا کام شروع کر دیا۔ اس دوران ملک بھر سے مریدین و عقیدتمندوں کی قافلوں کی صورت میں آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ خانقاہ سلطان العاشقین میں پنڈال کے مغربی جانب سلطان العاشقین اصطبل کے گھوڑوں کو آراستہ کیا گیا تاکہ ہر آنے والا مہمان ان کی زیارت کر سکے۔ اصطبل کے ساتھ ہی موٹر سائیکل اور چھوٹی گاڑیوں کے لیے وسیع و عریض پارکنگ بنائی گئی تھی۔ 

محفل کا آغاز بعد نمازِ ظہر کیا گیا۔ وقت ِ مقرر ہ سے قبل شرکائے محفل اپنے ہادی و مرشد سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے پرجوش اور فقید المثال استقبال کے لیے پنڈال کے راستے کے دونوں جانب قطار در قطار کھڑے تھے۔ جونہی سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس پنڈال کے قریب پہنچے گھوڑوں کے خوبصورت رقص، گل پاشی اور فلک شگاف نعروں سے آپ مدظلہ الاقدس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

آپ مدظلہ الاقدس کے خلفا نے گلدستے پیش کیے اور خوش آمدید کہا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اپنے خلفا کے ہمراہ اسٹیج کی جانب بڑھے۔ مریدین و عقیدتمندوں نے پرزور نعروں سے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے ملک کے طول و عرض سے آئے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور جشن ِ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی مبارکباد پیش کی۔ آپ مدظلہ الاقدس مسند ِ صدارت پر جلوہ افروز ہوئے۔ آپ مدظلہ الاقدس کے ساتھ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس اپنی نشست پر جلوہ افروز تھے۔ 

نقابت کے لئے منتظم ِاعلیٰ تحریک دعوت ِفقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری سٹیج کی زینت بنے۔ محفل کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا جس کی سعادت مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے حاصل کی اور بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں نعت کا ہدیہ پیش کرنے کے لئے محمد رمضان باھُو سروری قادری تشریف لائے۔ بعد ازاں خطاب کے لئے سلطان محمد عبد اللہ اقبال سروری قادری تشریف لائے جنہوں نے الفاظ کی چاشنی اور انداز ِبیان کی سحر انگیزی سے ماحول کو گرما دیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے سورۃ النساء کی آیت 64 پر روشنی ڈالی جس میں اللہ پاک فرماتاہے:

’’اور ہم نے کوئی پیغمبر نہیں بھیجا مگر اس لئے کہ اللہ کے حکم سے اس کی اطاعت کی جائے، اور (اے حبیب!) اگر وہ لوگ جب اپنی جانوں پر ظلم کر بیٹھے تھے آپ کی خدمت میں حاضر ہو جاتے اور اللہ سے معافی مانگتے اور رسول(صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم) بھی ان کے لئے مغفرت طلب کرتے تو وہ (اس وسیلہ اور شفاعت کی بنا پر) ضرور اللہ کو توبہ قبول فرمانے والا نہایت مہربان پاتے۔‘‘

اِس آیت کے تناظر میں کچھ کہتے ہیں کہ یہ بات صرف حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ظاہری یعنی 63 سالہ حیات مبارکہ تک محدود ہے جبکہ اللہ تعالیٰ نے تو کہیں بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی حیاتِ ظاہری کی قید نہیں لگائی اور ہمارا تو ایمان ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم زندہ و پائندہ ہیں اور آپؐ کی مجلس اور کرم کے خزانے آج بھی اسی طرح موجود ہیں جس طرح صحابہ کرامؓ کے دور میں تھے اور آپؐ کے فیض و فضل کا چشمہ تاقیامت جاری و ساری رہے گا بلکہ بعد از قیامت بھی آپؐ ہی کا جلوہ ہر شے پر غالب رہے گا۔ جس طرح اللہ پاک ربّ العالمین ہے اسی طرح آپؐ رحمتہ للعالمین ہیں۔ ہر زمانہ آپؐ کا زمانہ ہے۔ ہر فنا کو بقا آپؐ ہی کے دم سے ہے۔ بقول امام احمد رضا خان بریلویؒ :

وہ جو نہ تھے تو کچھ نہ تھا، وہ جو نہ ہوں تو کچھ نہ ہو
جان ہیں وہ جہان کی، جان ہے تو جہان ہے

لہٰذا ثابت ہوا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم ہر دور میں موجود ہیں فرق صرف اتنا سا ہے کہ پہلے ہر کوئی آپ ؐکو ظاہری آنکھ سے دیکھ سکتا تھا مگر اب  صرف خواص ہی آپؐ کو دیکھ سکتے ہیں جس کے لیے مجلس ِمحمدیؐ کی حضوری شرط ہے۔ اور مجلس ِمحمدیؐ تک رسائی فقط سروری قادری مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ کے وسیلہ سے ہی ممکن ہے اور مرشد بھی وہ جو نہ صرف خود اس راہ کے اسرار و رموز سے واقف ہو بلکہ اپنے مریدین کی بھی رہنمائی اور مشکل کشائی کر سکتا ہوں۔ ہر دور میں فقط ایک ہی ایسی ہستی موجود ہوتی ہے جو قدم ِمحمد صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم پر ہونے کی بنا پر نائبِ رسول اور امام ِزمانہ کے منصب پر فائز اور اخلاق ِمحمدیؐ سے متخلق ہوتی ہے۔ دور ِحاضر میں وہ ہستی میرے مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ، فقیر مالک الملکی، سلطان الفقر ہفتم، سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی ہے۔ آپ مد ظلہ الاقدس اپنی مبارک صحبت اور نگاہ ِکامل سے عوام الناس کا تزکیہ نفس فرما کر انہیں معرفت و قربِ الٰہی اور مجلس ِمحمدیؐ کی حضوری سے نوازتے ہیں۔ آپ مد ظلہ الاقدس نے مسند ِتلقین و ارشاد سنبھالتے ہی اپنے مرشد کریم سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے اسم ِاعظم یعنی اسم ِاللہ ذات اور اسم ِمحمد کے فیض کو عوام الناس تک پہنچا کر لاکھوں دنیا داروں کو طالب ِمولیٰ بنا کر مجلس ِمحمدیؐ کی حضوری سے مشرف  فرمایا۔ بلا شبہ آج کے اس پر فتن دور میں آپ مد ظلہ الاقدس کا مبارک وجود روشنی کا وہ مینار ہے جس کا محرم کبھی نا اُمید و نا مراد نہیں ہوتا۔

سلطان محمد عبد اللہ اقبال سروری قادری کے خطاب کے بعد عطا الوھاب سروری قادری نے بارگاہِ رسالت میں نعت کا نذرانہ پیش کیا۔ بعد ازاں سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے عید میلاد النبیؐ کے بابرکت موقع پر شائع ہونے والی نئی کتب کا تعارف کروایا۔

آخر میں سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے ختم شریف پڑھا اور دعا کروائی۔ جس کے بعد تمام حاضرین ِمحفل نے دست بستہ کھڑے ہو کر بارگاہ ِنبوی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ اس کے بعد پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمن سروری قادری نے اختتامی دعا کروائی۔ 
تمام شرکائے محفل کی بہترین لنگر پاک سے تواضع کی گئی۔ لنگر کے بعد سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس نے بیعت کے متمنی مرد و خواتین کو باری باری بیعت فرما کر اسم ِاللہ ذات عطا فرمایا۔ علاوہ ازیں حسب ِروایت خوش نصیب مریدین کو اسم ِمحمدؐ بھی عطا فرمایا۔ یاد رہے آپ مد ظلہ الاقدس کے زیر ِنگرانی منعقد ہونے والی تمام تر محافل میں مرد و خواتین کے لئے الگ الگ انتظامات کیے جاتے ہیں اور وہ لوگ جو بیعت کے بغیر اسم ِاللہ ذات کی نعمت حاصل کرنا چاہیں وہ بھی آپ مد ظلہ الاقدس کے در ِاقدس سے خالی نہیں لوٹائے جاتے۔

معزز قارئین! جہاں عقلیں حیران، زبانیں خاموش اور دل سراپا محبت و عقیدت میں ڈوبے ہوں، وہاں ایک ہی ہستی کا تذکرہ ہوتا ہے — محمد مصطفیؐ۔ آپؐ کی ذات ِگرامی وہ آئینہ ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنی کامل صفات کی جھلک دکھائی۔ سیرتِ نبویؐ ایک ایسا بحر ِبیکراں ہے، جس کا ہر قطرہ معانی و معرفت کا سمندر ہے۔ اس بحر ِسیرت سے ہر دور کا انسان ہدایت، اخلاق، حکمت، عشق، عدل اور روحانیت کا نور حاصل کرتا رہا ہے اور قیامت تک کرتا رہے گا۔

 الغرض ولادتِ مصطفیؐ صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ انسانیت کے لیے سب سے بڑی نعمت اور کائنات کے وجود کا مقصد ہے۔ اسی لیے میلاد النبیؐ کی عظمت کا بیان دراصل حضور اکرمؐ کی شانِ اقدس کا بیان ہے اور یہ ذکر قیامت تک جاری و ساری رہے گا۔ ان شا اللہ عز و جل!

تبلیغی دورہ 

محفل میلادِ مصطفی ؐبسلسلہ جشن ِعید میلاد النبیؐ کی دعوت دینے کے لیے ملک بھر میں تبلیغی دورہ جات کا سلسلہ جاری رہا۔1500 سالہ جشن ولادت سرکارِؐ دو عالم بھرپور انداز میں منانے کے لئے تحریک دعوتِ فقر کے زیر ِانتظام مختلف دورہ جات کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئیں جنہوں نے’’ تحریک دعوت فقر۔۔۔گلی گلی شہر شہر‘‘ کے نعرے کو مد ِنظر رکھتے ہوئے گھر گھر جا کر لوگوں کو عظیم الشان محفل میلادِ مصطفی ؐ بسلسلہ عید میلادِ النبیؐ میں شرکت اور مرشد کامل اکمل سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی صحبت سے مستفید ہونے کی دعوت دی۔ 

23 اگست 2025ء بروز ہفتہ تبلیغی قافلہ چک نمبر 44SP تحصیل کوٹ مومن ضلع سرگودھا میں محمد طلحہ سروری قادری کی رہائش گاہ پر پہنچا۔ قافلہ میں سلطان محمد عبداللہ اقبال، سلطان عبدالرحمن محبوب، سلطان حافظ محمد ناصر مجید، سلطان محمد احسن علی کے علاوہ تحریک دعوتِ فقر کی انتظامیہ اور مجلس ِشوریٰ کے اہم ارکان بھی شامل تھے۔ محمد طلحہ سروری قادری کی رہائش پر سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے عوام الناس کو نہ صرف مقصد ِحیات سمجھایا بلکہ محفل میلادِ مصطفی ؐ میں شرکت کی خصوصی دعوت بھی دی۔ بہت سے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ نے بغیر بیعت اسم ِاللہ ذات کا ذکر و تصور بھی حاصل کیا۔

بعد ازیں قافلہ جوہر آباد ضلع خوشاب ڈاکٹر محمد ممتاز سروری قادری کی رہائش گاہ پر پہنچا جہاں انہوں نے محفل ِذکر و نعت کا اہتمام کیا گیا تھا۔ سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے خصوصی بیان دیا جس میں انسان کے مقصد ِحیات، عرفانِ نفس، مرشد کامل کی صحبت میں تزکیہ نفس اور اسم اللہ ذات کے فیوض و برکات پر روشنی ڈالی۔ آخر میں تمام حاضرین کو محفل میلادِ مصطفیؐ میں شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی۔ علاوہ ازیں خوش نصیب طالبانِ مولیٰ نے بغیر بیعت اسم ِاللہ ذات کا ذکر و تصور بھی حاصل کیا۔

سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو رحمتہ اللہ علیہ کی تصانیف کی اشاعت

سلطان الفقر پبلیکشنز نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی قیادت میں آپ کی نظر کرم سے فقر و تصوف کی تاریخ میں نمایاں کارنامے سرانجام دئیے ہیں اور تحریک دعوتِ فقر کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی تمام روحانی محافل میں خصوصی طور پر کتب شائع کی جاتی ہیں۔ عید میلاد النبیؐ کے بابرکت موقع پر بھی سلطان الفقر پبلیکیشنز نے سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھو رحمتہ اللہ علیہ کی 2 تصانیف دیدار بخش (کلاں) اور دیدار بخش (خورد) شائع کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ ترجمہ کی سعادت سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے حاصل کی۔ دونوں کتب دیدار الٰہی کے احوال و کیفیات اور انوار و تجلیات کو بیان کرتی ہیں۔ دیدار ہی معرفت کا ذریعہ ہے اور اللہ کی پہچان و معرفت ہی انسان کی تخلیق کا مقصد ہے۔ محفل کے اختتام پر کثیر مرد و خواتین نے یہ کتب خرید فرمائیں۔

سلطان العاشقین کاخانقاہ میں قیام  اور صحبتِ سلطان العاشقین 

 ماہِ اگست اور ستمبر 2025ء کے دوران مرشد کامل اکمل، فقیر مالک الملکی، سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں خصوصی قیام فرمایا۔ اِس دوران مرد و خواتین طالبانِ مولیٰ قریبی و دُور دراز علاقوں سے حاضر ہو کر آپ کی بابرکت صحبت میں حاضر ہوئے۔ آپ مد ظلہ الاقدس نے اپنی نگاہ ِکامل سے طالبانِ مولیٰ کے دنیا کی محبت سے زنگ آلود قلوب کو منور فرما کر ذکر ِاسم ِاللہ ذات کی حلاوت ان کے قلوب میں اتاری۔

روزانہ کی بنیاد پر ملاقاتوں کے علاوہ آپ مد ظلہ الاقدس نے 15 اور 29 اگست 2025 ء بروز جمعہ مسجد ِزہراؓ میں مریدین و اہل ِعلاقہ کے ہمراہ نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد تمام نمازیوں سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی۔ 14 ستمبر 2025ء بروز اتوار محفل صحبت ِسلطان العاشقین کی صدارت بھی فرمائی جس میں مریدین کے ساتھ ساتھ اہلِ علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور آپ کی رفاقت کا شرف پایا۔

 بلاشبہ آپ مد ظلہ الاقدس کی ہر نشست میں نورانی سکون اور باطنی سرور کی فضا ہوتی ہے۔ آپ کی پاک صحبت میں بیٹھنے والے طالبانِ مولیٰ نہ صرف اپنی ظاہری زندگی اور رویوں میں بدلاؤ محسوس کرتے ہیں بلکہ من کا میل دور ہونے کی وجہ سے قرب ِالٰہی کا دریائے شوق بھی اپنے قلوب میں موجزن پاتے ہیں۔ آپ کے فیضانِ صحبت سے قسمت کی کایا پلٹ جاتی ہے، طالبِ دنیا، طالبِ مولیٰ بن جاتا ہے اور سیاہ بخت سعادت مند ہو جاتا ہے۔

شعبہ جاتی تقرری

دستور تحریک دعوت فقر کے آرٹیکل(11)10 کے تحت عابد غلام عباس سروری قادری کو معاون امام مسجد زہرؓا مقرر کیا گیا۔ موصوف درس و تدریس اور حفظ و ناظرہ کلاسز میں مولانا یاسر یاسین سروری قادری کی معاونت بھی کریں گے۔ علاوہ ازیں موذن اور بوقت ِضرورت امامت کے فرائض بھی سر انجام دیں گے۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں