تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr News
نیوز رپورٹر: محمد عثمان صادق سروری قادری
خانقاہ سلطان العاشقین میں سحر و افطار کا خصوصی اہتمام
بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر، امام سلسلہ سروری قادری سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس کی خصوصی ہدایت پر ہر سال خانقاہ سلطان العاشقین میں سحر و افطار کے بہترین انتظامات کیے جاتے ہیں۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں جہاں روزوں کے ذریعے تقویٰ کا حصول ممکن ہوتا ہے وہیں نیکیوں کا اجر بھی 70 گنا تک بڑھا دیا جاتا ہے۔ ایسے میں بہت سے لوگ مسجد زہرا ؓو خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں قیام کی غرض سے بھی تشریف لاتے ہیں تو ان کے لئے سحر و افطار کے بہترین انتظامات کئے جاتے ہیں تاکہ وہ صحبت ِمرشد کی بدولت تزکیۂ نفس اور تصفیۂ قلب کی منازل طے کرتے ہوئے معرفت و لقائے الٰہی اور مجلس ِمحمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دائمی حضوری پا سکیں۔
علاوہ ازیں طالبانِ مولیٰ پر خصوصی کرم اور مہربانی فرماتے ہوئے سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے ماہ ِصیام کے دوران خانقاہ سلطان العاشقین میں قیام پذیر رہتے ہوئے ہفتہ وار محافل، مسجد زہرا ؓمیں ہونے والے جمعہ کے اجتماعات اور عام دنوں میں بھی مریدین اور عقیدت مندوں سے ملاقاتوں اور ان کے لئے خصوصی دعاؤں کا سلسلہ جاری رکھا۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ آپ مد ظلہ الاقدس کی عمر، صحت اور آل اولاد میں برکت عطا فرمائے اور ہمیں دنیا و آخرت میں آپ کی سچی غلامی سے مشرف فرمائے رکھے۔ آمین ثم آمین
نمازِ تراویح اور اعتکاف
گزشتہ سالوں کی طرح رواں سال 2026ء میں بھی ماہ ِرمضان المبارک کے دوران تحریک دعوتِ فقر کے زیر انتظام مسجد زہراؓ میں نماز تراویح کا خاص اہتمام کیا گیا۔ علاوہ ازیں مسجد زہراؓ میں اعتکاف کا بندوبست بھی کیا گیا۔ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی نمازِ تروایح پڑھانے کی سعادت سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے خلیفہ پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمن سروری قادری نے حاصل کی۔
بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی خاص مہربانی اور کرم سے طالبانِ مولیٰ کی سہولت کے پیش ِنظر بہترین انتظامات کیے گئے۔
نماز عید الفطر
یکم شوال المکرم 1447 ھ بمطابق 21 مارچ 2026 بروز ہفتہ عید الفطر کے روز مسجد ِزہراؓ میں نمازِ عید کا اہتمام کیا گیا۔ عید الفطر کی پرمسرت گھڑیاں جہاں پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے خوشی اور برکت کا پیغام لے کر آتی ہیں وہیں عاشقانِ صادق کے لئے مرشد کامل اکمل کا دیدار ہی حقیقی عید ہے۔ بقول شاعر:
تیری دید جسے نصیب ہے، وہ نصیب قابلِ دید ہے
تجھے سوچنا میری چاند رات، تجھے دیکھنا عید ہے
موجودہ دور کے انسانِ کامل، فقیر مالک الملکی، بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوت فقر، امام سلسلہ سروری قادری، سلطان الفقر ہفتم، سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس، مجلس ِخلفا، مریدین اور اہل ِعلاقہ کے ہمراہ نمازِ عید الفطر مسجد ِزہراؓ میں ادا فرمائی۔ نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے فرداً فرداً تمام نمازیوں سے گلے مل کر عید کی مبارکباد پیش کی۔
دیگر عبادات کی طرح عید کا بھی ایک ظاہری پہلو ہے اور ایک باطنی۔ ظاہری پہلو سے تو سب واقف ہیں لیکن باطنی پہلو سے بہت کم لوگ شناسائی رکھتے ہیں جبکہ وہی اس کی اصل ہے۔ عوام کے نزدیک چاند دیکھ کر خوشی منانا عید ہے لیکن خواص یعنی عشاق کے ہاں عید سے مراد دیدارِ یار ہے۔بعد ازاں خانقاہ سلطان العاشقین میں مہمانانِ گرامی کی شیرینی اور پر تکلف لنگر سے تواضع کی گئی۔
عید ملن تقریب
عید الفطر ( 1447 ھ بمطابق 22 مارچ 2026ء بروزاتوار)
تحریک دعوت فقر کے زیر اہتمام ہونے والی سالانہ دو بڑی محافل میں سے ایک محفل میلاد مصطفیؐ بسلسلہ یوم منتقلی امانت الٰہیہ بھی ہے جو ہر سال مارچ کی 21 تاریخ کو منعقد ہوتی ہے۔ جتنی بڑی محفل ہے اس کے لئے انتظامات بھی اسی قدر وسیع پیمانے پر کرنا ہوتے ہیں۔ اس سلسلے میں کئی ہفتے پیشتر ہی تیاریوں کا آغاز کر دیا جاتا ہے۔ اس سال بھی مجلس خلفا، انتظامیہ کمیٹی تحریک دعوت فقر، مجلس شوریٰ اور جنرل کونسل میں باہمی مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے پایا اور تیاریوں کے ساتھ ساتھ تبلیغی دورہ جات کا ایک ملک گیر سلسلہ شروع کیا گیا جس میں تحریک دعوت فقر کی علاقائی تنظیموں اور شعبہ دعوت و تبلیغ کی مدد سے شہر شہر اور گھر گھر جا کر عوام الناس کو اس عظیم الشان محفل پاک میں شرکت اور اسم اعظم کے فی سبیل اللہ حصول کے لئے مدعو کیا گیا۔ ساتھ ہی ساتھ تحریک دعوت فقر کے مرکز یعنی خانقاہ سلطان العاشقین میں محفل کے لیے پنڈال، مہمانوں کے ٹھہرنے کا بندوبست، سیکیورٹی، لنگر کی پکوائی، سندر اڈا سے خانقاہ شریف تک کنوینس، خواتین کے لئے باپردہ انتظامات سمیت تمام چھوٹی بڑی باتوں کو ملحوظ خاطر رکھا گیا تاکہ اس بابرکت اور روحانی محفل کو ہر ہر پہلو سے مکمل اور خوبصورت بنایا جا سکے۔
تاہم اس سال 21 مارچ کے روز عید الفطر ہونے کی بنا پر محفل میلادِ مصطفیؐ کو منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور متفقہ طور پر یہی طے ہوا کہ حسب ِ روایت عید الفطر کے دوسرے روز ہی عید ملن تقریب کا اہتمام کیا جائے۔
بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوت ِفقر، امام سلسلہ سروری قادری، سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیر صدارت 22 مارچ ء بروز اتوار عید الفطر کے دوسرے روز خانقاہ سلطان العاشقین میں عید ملن تقریب منعقد کی گئی۔طالبانِ مولیٰ مرشد کے دیدار سے اپنی عید کی خوشیوں کی تکمیل کے لیے خانقاہ تشریف لا چکے تھے۔سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی پنڈال میں آمد پر ’’عاشقوں کی عید۔۔۔سلطان العاشقین کی دید‘‘ کے فلک شگاف نعروں میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا استقبال کیا گیا۔ مرشد کریم کی آمد پر گلدستے پیش کیے گئے جس کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے سب کو عید کی مبارکباد پیش کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت مسجد زہراؓ کے امام و نقیب مولانا یاسر یٰسین سروری قادری نے حاصل کی۔ محفل میں نقابت کے فرائض منتظم ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے ادا کیے جبکہ آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کرنے کی سعادت رمضان باھو سروری قادری کے حصے آئی۔ اپنی پرسوز آواز کے ساتھ بارگاہ مُرشد میں عطا الوہاب سروری قادری منقبت کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے سٹیج کی زینت بنے۔
سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے اختتامی دعا کی۔ بعد ازاں مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ، فقیر مالک الملکی سلطان الفقر ہفتم، سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو سلسلہ سروری قادری میں بیعت فرما کر ذکر و تصور اسم ِاللہ ذات اور مشق مرقوم وجودیہ کی نعمت سے بھی بہرہ مند فرمایا۔
بیعت کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے فرداً فرداً تقریب کے حاضرین محفل سے ملاقات فرمائی۔ تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے حاضرین کے لیے لنگر پاک کا انتہائی شاندار اور وسیع اہتمام کیا گیا تھا۔
یاد رہے اس محفل میں خواتین کی بھی کثیر تعداد موجود تھی جن کے لیے باپردہ انتظامات کیے گئے تھے۔ سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کی جانب سے محفل کے مناظر فیس بک اور انسٹاگرام پر براہ راست نشر کیے گئے۔
سلطان الفقر پبلیکیشنز کا اہم سنگ ِمیل
سلطان الفقر پبلیکیشنز نے دن رات کی انتھک محنت سے ایک اور سنگ ِمیل عبور کر لیا۔عید الفطر کے پرمسرت موقع پر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی مایہ ناز تصنیف ِلطیف شمس الفقرا، جسے تعلیماتِ فقر و تصوف کا انسائیکلوپیڈیا بھی کہا جاتا ہے، کا بار، چہارم شائع کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ اس کا انگلش ترجمہ جو کہ Sufism-The Soul of Islam کے نام سے شائع ہو چکا ہے، اس کا بارِ دوم بھی شائع کیا گیا۔ علاوہ ازیں مشائخ سروری قادری کی سوانح حیات پر مبنی سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی تصنیف ِلطیف مجتبیٰ آخر زمانی کا انگلش ترجمہ جو کہ The Spiritual Guides of Sarwari Qadri Order کے نام سے شائع ہو چکا ہے، اس کا بارِ دوم بھی شائع کیا گیا۔
سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے سلطان الفقر پبلیکشنز کی نمائندگی کرتے ہوئے ان کتب کا تعارف کروایا کہ کس قدر شب و روز کی محنت سے ان کتب کو تیار کیا گیا اور محنت ِشاقہ سے ترامیم و اضافہ کے ساتھ ان کتب کو نئے انداز میں شائع کیا گیا ہے۔ بالخصوص شمس الفقرا کو دو رنگوں میں شائع کیا گیا ہے جو اس کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔
خصوصی نشست
27 فروری 2026ء بروز جمعہ مسجد زہراؓ میں سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے ’’دین ِاسلام میں مکمل داخل ہونے سے کیا مراد ہے؟‘‘ جبکہ امین مجلس ِخلفا سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری نے ’’ظاہری اسباب اور باطنی رزق‘‘ کے موضوع پر درس دیا۔ اس موقع پر امام مسجد زہراؓ مولانا یاسر یاسین سروری قادری اور نمازی حضرات بھی موجود تھے۔
سلسلہ گفتگو
سال 2026ء میں انتظامیہ کمیٹی تحریک دعوتِ فقر اور مجلس ِشوریٰ کی جانب سے انتہائی احسن سلسلے کا آغاز کیا گیا ہے جس کے تحت ہفتہ وار منعقد ہونے والی محفل بنام ’’بزم سلطان العاشقین‘‘ میں آنے والے مریدین اور عقیدت مندوں سے گفتگو اور سوال و جواب کے لئے وقت مختص کیا گیا تاکہ دور دراز سے محفل میں شرکت کے لیے آنے والے خواتین و حضرات صحبت ِمرشد سے مستفید ہونے کے ساتھ ساتھ فقر کا علم حاصل کر سکیں اور اپنے ذہن میں آنے والے سوالات و آراء کا تسلی بخش جواب پا سکیں۔ جیسا کہ سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کا فرمان مبارک ہے:
’’جو فقر کو ظاہری طور پر سمجھ جاتا ہے وہ باطنی طور پر جلد فقر پا لیتا ہے‘‘ ۔لہٰذا ضروری ہے کہ فقر کا ظاہری علم بھی حاصل کیا جائے۔
چن گھوڑے کی آمد
صدر تحریک دعوتِ فقر و انتظامیہ نگران سلطان العاشقین ہارسز اصطبل اینڈ لائیو سٹاک ملک حسن رضا کھوکھر سروری قادری نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی بارگاہِ عالیہ میں خوبصورت گھوڑے ’’چن‘‘ کا بیش قیمت ہدیہ پیش کیا۔ آپ مدظلہ الاقدس نے اس موقع پر دلی مسرت کا اظہار فرمایا اور ملک حسن کھوکھر کو اپنی خصوصی دعاؤں سے نوازتے ہوئے فرمایا کہ ’’اللہ پاک آپ کو بھاگ (رنگ) لگائے، آپ نے ہمارا دل خوش کر دیا ہے۔‘‘