تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr News

Spread the love

Rate this post

تحریک دعوتِ فقر نیوز .  Tehreek Dawat-e-Faqr News

رپورٹ: عثمان صادق سروری قادری

خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف میں سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کا قیام

بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین میں خصوصی قیام فرمایا اور طالبانِ مولیٰ کو اپنی پرنور صحبت سے مستفید فرمایا۔ آپ مد ظلہ الاقدس کا یہ قیام 16 جون 2024 ء بروز اتوار تا 25 جون 2024 ء بروز منگل 10 دنوں پر محیط تھا۔ اِس دوران مریدین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد فیضِ فقر حاصل کرنے کے لیے جوق در جوق خانقاہ حاضر ہوتی رہی۔ آپ مد ظلہ الاقدس نے اپنے اسی قیام کے دوران 17 جون بروز سوموار مسجدِزہراؓ میں نمازِ عید ادا فرمائی جبکہ اس دوران معزز مجلسِ خلفا، انتظامیہ کمیٹی تحریک دعوتِ فقر، ممبران مجلسِ شوریٰ و جنرل کونسل تحریک دعوتِ کے علاوہ دیگر مریدین اور اہلِ علاقہ کی کثیر تعداد بھی آپ مد ظلہ الاقدس کے ہمراہ موجود تھی۔ 

تیری دید جسے نصیب ہے، وہ نصیب قابلِ دید ہے
تجھے سوچنا میری چاند رات، تجھے دیکھنا میری عید ہے

رُخِ یار کے دیدار سے نمازِ عید کو رونق افروز کرنے کے بعد سنتِ ابراہیمی ؑکی ادائیگی کا فریضہ بھی سر انجام دیا گیا۔ عید کے دوسرے روز حسبِ روایت عید ملن تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ملک بھر سے مرد و خواتین مریدین اور عقیدت مندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ آپ مد ظلہ الاقدس نے اپنے اسی قیام کے دوران 21 جون کو مسجدِزہراؓ میں نمازِ جمعہ ادا فرمائی اور 23 جون بروز اتوار آپ کے زیرِصدارت بزمِ سلطان العاشقین کا انعقاد بھی عمل میں لایا گیا جہاں ملک کے طول وعرض سے طالبانِ مولیٰ اپنے مرشد کریم کے دیدار اور ملاقات کا شرف حاصل کرنے کے لیے دیوانہ وار چلے آئے اور اپنے دامن میں ہزار ہا رحمتیں اور برکتیں سمیٹے گھروں کو لوٹے۔ 25 جون 2024ء بروز منگل سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس لاہور میں موجود  اپنی رہائش گاہ ’’سلطان العاشقین ہاؤس‘‘ واپس تشریف لے آئے۔ 

بعد ازاں 28 جون بروز جمعہ آپ مد ظلہ الاقدس دوبارہ خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لائے۔ مسجدِزہراؓ میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد اور خانقاہ سلطان العاشقین کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور سلطان العاشقین اصطبل کا دورہ کرنے کے بعد خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لے گئے۔

بزمِ سلطان العاشقین

 30 جون بروز اتوار سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی زیرِصدارت بزمِ سلطان العاشقین منعقد ہوئی جس میں تلاوت کا شرف مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے حاصل کیا اور رمضان باھو سروری قادری نے بارگاہِ نبوی میں نعت کا نذرانہ پیش کیا۔ محفل کے اختتام پر آپ مد ظلہ الاقدس نے تمام مریدین و عقیدتمندوں سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی ۔حاضرینِ محفل کی شاندار لنگرپاک سے تواضع کی گئی۔خوش نصیب طالبانِ مولیٰ نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت ہو کر وصالِ الٰہی کے حصول کے لئے ذکر و تصور اسمِ اعظم (اسمِ اللہ ذات) کی لازوال نعمت حاصل کی۔ 

5 جولائی 2024 بروز جمعہ مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لائے اور 7 جولائی 2024 ء بروز اتوار آپ مد ظلہ الاقدس کے زیرِصدارت بزمِ سلطان العاشقین منعقد ہوئی جس میں کثیر مرد و خواتین نے شرکت کی۔ ایک ہفتہ قیام کے بعد11 جولائی 2024 ء بروز جمعرات آپ مد ظلہ الاقدس واپس اپنی رہائش گاہ سلطان العاشقین ہاؤس تشریف لے گئے۔

 محفل ذکرِحسینؓ  (منعقدہ 10محرم الحرام 1446ھ)

17 جولائی 2024ء بروز منگل بمطابق 10 محرم الحرام 1446ھ حسبِ روایت سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کے زیرِصدارت خانقاہ سلطان العاشقین میں سالانہ محفل ذکرِحسینؓ کا انعقاد ہوا جس میں نقابت کے فرائض سلطان محمد نعیم عباس ملک صاحب نے انجام دئیے، تلاوتِ قرآنِ مجید کا شرف مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے حاصل کیا۔ محمد رمضان باھو سروری قادری نے اہلِ بیت ؓاطہار کے حضور منقبت کے پھول پیش کیے۔ شانِ اہلِ بیت ؓخصوصاً فضائل و مناقب امامِ عالی مقام حضرت امام حسین رضی اللہ عنہٗ پر خطاب کا فریضہ پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمٰن سروری قادری صاحب نے انجام دیا۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ راہِ فقر دراصل خلوص اور عشق کی راہ ہے اور عشق کا تقاضا ہے قربانی چاہے جان و مال کی ہو، گھر بار کی یا پھر آل اولاد کی۔ عشق کے کسی بھی پیرائے اور زاویے کو دیکھ لیا جائے آل رسولِ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہر حال میں ثابت قدم رہی اور کبھی کسی قربانی سے روگردانی نہ کی۔ میدانِ کربلا میں امام عالی مقام اور آپؓ کے جانثاروں نے جس طرح وفا نبھائی اسے عشقِ حقیقی کی معراج کہا جائے تو بے جا نہ ہو گا۔ باوجود صاحبِ اختیار ہونے کے امام حسین رضی اللہ عنہٗ نے رضائے الٰہی کے سامنے سرِ تسلیم خم کر دیا اور اپنی جان، جانِ آفریں کے سپرد کر کے رہتی دنیا تک آنے والے صادق طالبانِ مولیٰ کے لئے وفا و قربانی کی عظیم الشان مثال قائم فرما دی۔ آپؓ کی مبارک زندگی اور شہادت سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ راہِ حق میں کامیابی انہی لوگوں کا مقدر بنتی ہے جو معبودِ حقیقی کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں اور کبھی پیچھے نہیں ہٹتے۔ عطا الوہاب سروری قادری نے بھی حضرت امام حسین ؓ کی شان میں منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔ سلطان محمد نعیم عباس صاحب نے نئی شائع ہونے والی کتب کا تعارف کراویا۔

سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری صاحب نے ختم شریف پڑھا اور اختتامی دعا کروائی۔ محفل کے آخر میں سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس اور تمام حاضرینِ محفل نے کھڑے ہو کر دست بستہ اہلِ بیتِ اطہار کی بارگاہ میں ہدیۂ درود و سلام پیش کیا۔ 

قارئین کو بتاتے چلیں کہ شرعی احکام کو مد نظر رکھتے ہوئے خانقاہ سلطان العاشقین میں منعقد ہونے والی تمام محافل اور تقاریب میں نہ صرف مرد و خواتین کے لئے الگ الگ انتظامات کیے جاتے ہیں بلکہ اُن کے لیے شاندار لنگر پاک کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ اِس کے علاوہ مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو بیعت اور بغیر بیعت کے فی سبیل اللہ اسمِ اللہ ذات بھی عطا فرماتے ہیں تاکہ وہ بنا کسی رنج و ریاضت اور چلہ کشی کے معرفتِ حق تعالیٰ کا سفر طے کر سکیں اور نگاہِ مرشد کریم کی بدولت بارگاہِ ربّ العالمین میں کامیابی و کامرانی سے ہمکنار ہو سکیں۔ بے شک آپ مد ظلہ الاقدس کا پاک در صادق طالبانِ مولیٰ کے لئے ہمہ وقت کھلا رہتا ہے۔

اہم تقرری

7جون 2024ء حکمنامہ سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر کے تحت ــ’’سلطان محمد عبد الرحمٰن محبوب سروری قادری‘‘ کو اگلے چھ مہینے کے لیے امین مجلسِ خلفا مقرر کیا گیا ہے۔ 

شعبہ دعوت و تبلیغ کی تبلیغی سر گرمیاں

3 جولائی 2024ء بروز بدھ شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے خانقاہ سلطان العاشقین میں درس کا اہتمام ہوا۔ مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے شمس الفقرا سے ’’اخلاصِ نیت ‘‘کے موضوع پر درس دیا۔ جبکہ 4 جولائی 2024ء بروز جمعرات مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے اخلاقیات اور عاجزی کے موضوع پر درس دیا۔ 

 تحریک دعوتِ فقرکے شعبہ جات کی سر گرمیاں

یکم جولائی 2024 ء بروز سوموار، انتظامیہ انچارج خانقاہ سلطان العاشقین محمد فیضان یاسین سروری قادری کی زیرِصدارت خانقاہ نشینوں کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا ایجنڈا خانقاہ سلطان العاشقین میں مختلف نوعیت کی ذمہ داریوں کے لئے شیڈول مرتب کرنا تھا۔ اجلاس میں خانقاہ سلطان العاشقین کے روزمرہ امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ خانقاہ، لنگر خانہ، ہالز اور دفاتر کے مختلف امور کے حوالے سے خانقاہ نشینوں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔

7جولائی 2024ء بروز اتوار خانقاہ سلطان العاشقین لاہور میں شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنز کے خلیفہ نگران سلطان محمد احسن علی سروری قادری کے زیرِ اہتمام اہم نوعیت کا اجلاس طلب کیا گیا۔ اجلاس میں انچارج سلطان الفقرپبلیکیشنز، انتظامی انچارج برائے ماہنامہ سلطان الفقر ، انچارج ماہنامہ سلطان الفقر سمیت دیگر ممبران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے فروغ اورسوشل میڈیا پر زیادہ سے زیادہ عوام تک رسائی کو ممکن بنانے کے لیے لائحہ عمل پر نظرِ ثانی کی گئی اور مزید فعال انداز میں سرگرمیوں کو تیز کرنے پر غور کیا گیا۔ 

 

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں