تحریک دعوتِ فقر نیوز (Tehreek Dawat-e-Faqr News)
محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ
خا نقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے21مارچ 2024ء یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ کے اظہارِ تشکر کے طور پر شاندار محفل میلادِ مصطفیؐ کا انعقاد ہو ا جس کی صدارت سلسلہ سروری قادری کے اکتیسویں شیخِ کامل،بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔
محفل کا آغاز بعد نمازِ عصر تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت امام مسجدِزہراؓ مولانا یاسر یٰسین نے حاصل کی۔ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے نقابت کے فرائض ادا کرتے ہوئے بالترتیب محمد رمضان باھو کونعت شریف اور عطا الوہاب کو منقبت کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے اسٹیج پر مدعو کیا۔ ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب سروری قادری نے اس محفل کے انعقاد کی وجہ، منتقلی امانتِ الٰہیہ، سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کو عطائے فقرِ امام حسینؓ اور فروغِ فقر کے لیے آپ مدظلہ الاقدس کی انتھک جدوجہد پر بیان کیا۔ یہ وہ مبارک دن ہے جب سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علیؒ نے سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کو کڑی آزمائشوں اور امتحانات کے بعد اپنے محرمِ راز کے طور پر چنا اور بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم سے اس فیصلے پر منظوری کی مہر ثبت ہوئی جس کی بدولت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کو بارِ امانت یعنی امانتِ فقر، امانتِ الٰہیہ جیسی عظیم ذمہ داری سونپی گئی۔آج اگر ہم مرشد کامل اکمل کی صحبت اور نگاہِ کاملہ سے اپنے نفوس کاتزکیہ کروارہے ہیں تو اسی بابرکت روز کی بدولت ہے۔ ہمیں اسمِ اعظم اسمِ اللہ ذات کافیض اگر نصیب ہوا تو محض اس تاریخ ساز دن کے صدقے ۔۔۔
اس جامع بیان کے بعدسلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو اسمِ محمدؐ کی نعمت سے نوازا۔ سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے اختتامی دعا کروائی جس کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے فرداً فرداً حاضرینِ محفل سے ملاقات فرمائی۔انتظامیہ تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے حاضرین کے لیے شاندار افطار کا اہتمام کیا گیا تھا۔ افطارکے بعد مسجدِ زہراؓ میں نمازِ مغرب باجماعت ادا کی گئی۔ مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے بیعت کے خواہشمند طالبانِ مولیٰ کو سلسلہ سروری قادری میں بیعت فرما کر ذکر و تصوراسمِ اللہ ذات اور مشق مرقومِ وجودیہ کی نعمت عطا فرمائی۔
اس محفل میں خواتین کی بھی کثیر تعداد موجود تھی جن کے لیے باپردہ انتظامات کیے گئے تھے۔ سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کی جانب سے محفل کے مناظر فیس بک اور انسٹاگرام پر براہِ راست نشر کیے گئے۔ (لاہور۔نیوز رپورٹر وقار احمد)
بزمِ سلطان العاشقین
خا نقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں اتوار کے روز امام سلسلہ سروری قادری،بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی زیرِ صدارت بزمِ سلطان العاشقین کا انعقاد ہوتا ہے۔ اس پر نور محفل کے اہتمام کا بنیادی مقصد تعلیماتِ فقر بالخصوص اسمِ اعظم اسمِ اللہ ذات اورفیضِ مرشد کو ہر خاص و عام تک پہنچانا ہے ۔ اس محفل میں ملک کے طول و عرض سے مرد و خواتین شرکت کرتے ہیں تاکہ مرشد کامل اکمل کی صحبت اور نگاہِ کاملہ سے اپنے نفوس کاتزکیہ کر سکیں۔
مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس طالبانِ مولیٰ کی تربیت کے لیے عین وہی طریقہ کار اختیار فرماتے ہیں جو نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم اپنے اصحابؓ کی تربیت کے لیے اپناتے تھے۔ آپ مدظلہ الاقدس بھی طالبانِ مولیٰ کو قرآن کی آیات پڑھ کر اس کی حقیقی روح سے روشناس کراتے ہیں، اپنی پاکیزہ صحبت اور نگاہِ کامل سے ان کا تزکیۂ نفس فرماتے ہیں اور علم و حکمت کے موتی نچھاور کرتے ہیں۔ خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو بیعت اور بغیر بیعت کے سنہری حروف سے لکھاہوا اسمِ اعظم (اسم اللہ ذات) فی سبیل اللہ عطا فرماتے ہیں۔ تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے ہر خاص و عام کو دعوت دی جاتی ہے کہ دین و دنیا میں فلاح کے لیے مرشدکامل اکمل کی بارگاہ میں حاضر ہو کر اپنے نفوس کا تزکیہ کروائیں اوراپنے خالقِ حقیقی کے قرب و وصال کی راہ پرگامزن ہو جائیں۔ (لاہور۔نیوز رپورٹر وقار احمد)
سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتاب میلوں میں بھرپور شرکت
سلطان الفقر پبلیکیشنزنے اپنی روایت برقرار رکھتے ہوئے حالیہ کتاب میلوں میں بھرپور شرکت کا مظاہرہ کیا۔ ماہِ فروری میں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقد ہونے والا تین روزہ کتاب میلہ 19فروری 2024ء کو شروع ہوا اور 21فروری2024ء کی شب کو اختتام پذیر ہو گیا۔ کتاب میلہ لاہور ہائی کورٹ میں سجایا گیا تھا جہاں سلطان الفقر پبلیکیشنز نے تمام کتب پر% 50کی خصوصی رعائیت جیسی پرکشش آفر کی بدولت شرکا سے خوب پذیرائی حاصل کی۔ اس کے ساتھ ساتھ ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے بھی عوام الناس میں فی سبیل اللہ تقسیم کئے گئے تاکہ فقرِ محمدیؐ کا پیغام زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکے۔
7مارچ2024 تا 9مارچ2024 پنجاب یونیورسٹی لاہور کی جانب سے شاندار کتاب میلہ کا اہتمام کیا گیا۔ یہ کتاب میلہ پنجاب یونیورسٹی قائداعظم کیمپس میں سجایا گیا تھا جس میں ملک بھر سے مایہ ناز پبلیشرز شریک ہوئے۔سلطان الفقر پبلیکیشنز نے فقرِ محمدیؐ کے پیغام کو ہر خاص و عام تک پہنچانے کے لیے اس کتاب میلہ میں بھی بھرپور شرکت کی۔ تمام کتب پر50%کے خصوصی ڈسکاؤنٹ اور دلچسپ آفرز نے شائقین کو سلطان الفقر پبلیکیشنز کے بک سٹال کی جانب متوجہ کیا ۔زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب اور ماہنامہ سلطان الفقر میں غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیااور سلطان الفقر پبلیکیشنز کی خدمات کو سراہا۔ (لاہور۔ نیوز رپورٹر وقار احمد)
تحریک دعوتِ فقر کی مجلسِ شوریٰ اور جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس
یکم مارچ 2024 بروز جمعہ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری کی زیرِصدارت خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں مجلسِ شوریٰ اور جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا جس کی سعادت عطاء الوہاب سروری قادری نے حاصل کی۔ اجلاس کے ایجنڈا کے مطابق سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے جنرل کونسل کے بقیہ ممبران سے حلف لیا جن میں محمد شعیب ارشاد سروری قادری، محمد امجد سروری قادری، حافظ محمدیوسف سروری قادری، حامد حمید سروری قادری، محمد سعید سروری قادری، مبشر الحسن سروری قادری اور محمد نوید سروری قادری شامل تھے۔
جائنٹ سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر علی رضا سروری قادری نے حاضرین کو اجلاس کے دوسرے ایجنڈا سے آگاہ کیا جو کہ محفل میلادِمصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ کے انتظامات کے متعلق تھا۔ حاضرینِ اجلاس نے اپنی تجاویز پیش کیں جنہیں قلمبند کیا گیا۔
اسی اجلاس میں دستور تحریک دعوتِ فقر 2020 کے آرٹیکل نمبر 4، 18، 20 اور (1)21 میں ترامیم کی گئیں۔ یہ ترامیم خانقاہ سروری قادری بمقام 4-5/Aایکسٹینشن ایجوکیشن ٹاؤن لاہور کو 6جنوری 2024ء خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں ضم کرنے اور تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ جات کے دفاتر کو خانقاہ سلطان العاشقین میں منتقل کرنے کے حوالے سے تھیں۔
ترمیم شدہ آرٹیکلز:
آرٹیکل 4: تحریک کا مرکزی دفتر خانقاہ سلطان العاشقین رنگیل پور براستہ سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور ہوگا۔
آرٹیکل 18: لفظ خانقاہوں نکال دیا گیا ہے اس کی جگہ ’’خانقاہ سلطان العاشقین‘‘شامل کیا گیا ہے۔
آرٹیکل 20: لفظ ’’خانقاہ سروری قادری‘‘کو آرٹیکل سے نکال دیا گیا ہے۔
آرٹیکل 21 (1): ’’اور مرکزی دفتر و خانقاہ سروری قادری‘‘ کو نکال دیا گیا ہے۔
ممبران مجلسِ شوریٰ نے اجلاس میں ترامیم کی منظوری دے دی۔
خلیفہ نگران شعبہ بیت المال سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری نے بھی حاضرینِ اجلاس سے خصوصی خطاب فرمایا اور 21 مارچ کی محفل میں بڑھ چڑھ کر جانی و مالی تعاون کی اپیل کی۔ اجلاس کے اختتام پر حافظ محمدعمیر زاہد سروری قادری نے دعا کروائی۔
سلطان العاشقین یوٹیوب ٹی وی ۔سلور پلے بٹن کی تقریب رُونمائی
سلطان العاشقین ٹی وی یو ٹیوب نے ایک اہم ترین سنگِ میل عبور کر لیاہے۔ سلطان العاشقین ٹی وی کو 100K Subscribers مکمل ہونے پر یوٹیوب کی جانب سے سلور پلے بٹن موصول ہوا ہے۔ سلور پلے بٹن کی تقریب رونمائی کے سلسلہ میں خانقاہ سلطان العاشقین میں خوبصورت تقریب کا انعقاد ہوا۔
بانی و سرپرست اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس سلسلہ سروری قادری کے اکتیسویں شیخِ کامل ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس ہر روایتی اور جدید ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے خلقِ خدا کو قرب و معرفتِ الٰہی حاصل کرنے کی دعوت دے رہے ہیں۔ خود شناسی سے خدا شناسی اور پھر وصالِ الٰہی تک پہنچانا صرف مرشد کامل اکمل کا ہی خاصہ ہے۔ سلطان العاشقین ٹی وی بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے جس کے تحت عوام الناس تک موجودہ دور کے انسانِ کامل اور فقیر مالک الملکی سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تعلیماتِ حقانیہ پہنچائی جارہی ہیں۔سلطان العاشقین ٹی وی پر آپ مدظلہ الاقدس کے فرمودات، فقر محمدیؐ کی ترویج و اشاعت کے لئے آپ مدظلہ الاقدس کی انتھک جدوجہد اور محنت، تبلیغی دورہ جات، ہفتہ وار منعقدہ بزمِ سلطان العاشقین کی ویڈیوز، آپ مدظلہ الاقدس کی زیرِصدارت منعقد ہونے والی تمام سالانہ محافل کی ویڈیوز، آپ مدظلہ الاقدس کی شانِ اقدس میں طالبانِ مولیٰ کی جانب سے لکھا گیا عارفانہ کلام بھی اس چینل پر موجود ہے۔ سلطان العاشقین ٹی وی کے100K سبسکرائبرز مکمل ہونا ہی اس کی مقبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یوٹیوب کی جانب سے ملنے والے سلور پلے بٹن(Silver Play Button) کی تقریب رونمائی خانقاہ سلطان العاشقین میں منعقد ہوئی۔ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے سلطان العاشقین ٹی وی کے ناظرین اور فالورز (followers)کا تہہ ِدل سے شکریہ ادا کیا۔
سلطان العاشقین ٹی وی نہ صرف YouTube بلکہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسا کہ انسٹا گرام، ویب ٹی وی، X، ڈیلی موشن اور فیس بک پر بھی موجود ہے۔ اِن فورمز پر سلطان العاشقین ٹی وی کو ضرورفالو کریں اور فقر و تصوف کی مزید ویڈیوز دیکھتے رہیں۔
تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ دعوت و تبلیغ کے تبلیغی دورہ جات
انتظامیہ نگران شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری اور شعبہ نگران مولانا یاسر یاسین سروری قادری کے تبلیغی دورہ جات کا سلسلہ جاری و ساری ہے جس کے تحت پنجاب بھر کے مختلف اضلاع میں تبلیغی سرگرمیاں سر انجام دی گئیں۔اسمِ اعظم کے پیغام کو عام کرنے کے لیے شعبہ کی کاوشوں کی تفصیل کچھ یوں ہے:
(8 تا 11 فروری 2024ء بروز جمعرات تا اتوار): شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر کی ہارون آباد ضلع بہاولنگر اور نواحی علاقوں میں تبلیغی سرگرمیاں جاری رہیں جہاں کثیر تعداد میں مقامی مریدین اور عقیدتمندوں سے ملاقات ہوئی۔ علاوہ ازیں مقامی افراد کو بھی فقیر مالک الملکی سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی نورانی صحبت سے فیضیاب ہونے اور ذکر و تصور اسمِ اعظم حاصل کرنے کی دعوت دی گئی۔ سرپرست تحریک دعوتِ ہارون آباد محمد مظہر حسین سروری قادری اور مقامی عہدیداران نے بھی دعوتی سرگرمیوں میں خصوصی تعاون کیا۔
(15 فروری 2024 ء بروز جمعرات): انتظامیہ نگران ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری اور شعبہ انچارج مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے ٹھینگ موڑ الہ آباد تحصیل چونیاں ضلع قصور کا دورہ کیا۔ چونیاں سے محمد وقار احمد سروری قادری اور محمد حیدر اقبال سروری قادری نے تبلیغی سرگرمیوں میں معاونت کی۔شعبہ دعوت و تبلیغ نے محمد حیدر اقبال سروری قادری کی رہائش گاہ پر کثیر تعداد میں اہلیانِ علاقہ کو مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی بارگاہِ اقدس میں حاضری اور اسمِ اعظم حاصل کرنے کی دعوت دی۔
(16 تا 18 فروری 2024 ء بروز جمعہ تا اتوار): شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر نے تحصیل میاں چنوں ضلع خانیوال میں تبلیغی دورہ کیا گیا اور خلقِ خدا کو اسمِ اعظم کے حصول کی دعوت دی گئی۔ انتظامیہ نگران ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری اور شعبہ انچارج مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے مریدین اور عقیدت مندوں کو بزمِ سلطان العاشقین میں شرکت کی دعوت دی۔ سرپرست تحریک دعوتِ فقر میاں چنوں محمد بابر نذیر سروری قادری اور مقامی ممبر محمد زاہد سلیم سروری قادری نے تبلیغی سرگرمیوں میں معاونت کی۔
چک نمبر 115/15L تحصیل میاں چنوں ضلع خانیوال میں محمد عرفان سروری قادری کی مرحومہ والدہ کے ایصالِ ثواب کی نیت سے فاتحہ خوانی کی۔ اسی گاؤں میں محمد سلیم ڈوگر سروری قادری، محمد ساجد سروری قادری، محمد علی سروری قادری، محمد اکرام سروری قادری اور محمد زاہد سلیم سروری قادری کی رہائش گاہوں پر بھی دعوتِ حق کا فریضہ سر انجام دیا۔ مقامی افراد کو بزمِ سلطان العاشقین میں شریک ہو کر فقیر مالک الملکی سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی نورانی صحبت سے فیضیاب ہونے اور ذکر و تصور اسمِ اعظم حاصل کرنے کی دعوت دی گئی۔
شعبہ دعوت کی ٹیم نے تحصیل میاں چنوں ضلع خانیوال میں محمد شہباز سروری قادری کو بزمِ سلطان العاشقین میں شرکت کی دعوت دی۔ ان کی والدہ کے ایصالِ ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور علاقہ مکینوں میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے تقسیم کئے۔ اس کے علاوہ میاں چنوں کچہری میں محمد اسرار احمد سروری قادری اور محمد فواد احمد سروری قادری سے بھی ملاقات ہوئی۔ اس کے علاوہ محلہ غریب آباد تحصیل میاں چنوں ضلع خانیوال کی نجی اکیڈمی میں نوجوان طلبا کو علامہ محمد اقبال ؒکے فلسفہ خودی کے بارے میں آگاہ کیا۔ طلبا میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے اقبال اسپیشل ایڈیشن کی کاپیاں تقسیم کی گئیں۔
(20 فروری 2024ء بروز منگل): شعبہ دعوت و تبلیغ کی ٹیم نے چک نمبر 23NP بستی حاجی نور محمد، احمد پور لمہ تحصیل صادق آباد ضلع رحیم یار خان میں واقع دفتر تحریک دعوتِ فقر صادق آباد میں مقامی مریدین اور عقیدتمندوں سے ملاقات کی اور انہیں حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا سلام پہنچایا۔ ساتھیوں کو محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ میں شرکت کی خصوصی دعوت دی اور خانقاہ سلطان العاشقین میں قیام کرنے کی ترغیب دلائی۔سرپرست تحریک دعوتِ فقر صادق آباد ڈاکٹر شکیل احمد سروری قادری نے معاونت کی۔شعبہ دعوت و تبلیغ کی ٹیم نے میڈیکل کالج کے بوائز ہاسٹل میں طلبا سے مقصدِحیات اور طائر ِلاھوتی کے موضوع پر گفتگو کی اور ماہنامہ سلطان الفقر کے شمارے تقسیم کیے۔ سرپرست تحریک دعوتِ فقر صادق آباد ڈاکٹر شکیل سروری قادری اور جنرل سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبدالحسیب سروری قادری نے اظہر شاہ سروری قادری اور علی مراد سروری قادری کی خصوصی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کو حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی جانب سے خانقاہ سلطان العاشقین آنے کی دعوت دی۔
(29 فروری 2024ء بروز جمعرات ): گاؤں بھروٹ تحصیل سرائے عالمگیر ضلع گجرات، دفتر تحریک دعوتِ فقر سرائے عالمگیر میں تمام ساتھیوں کو حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا خصوصی سلام پہنچایا۔ ممبران کو محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ میں بھرپور شرکت کی دعوت دی اور مقامی افراد کو ذکر و تصور اسمِ اللہ ذات حاصل کرنے کی دعوت دینے پر منصوبہ بندی کی گئی۔ تحریک دعوتِ فقر سرائے عالمگیر کے کارکنان یاسر عمران سروری قادری، محمد عاطف سروری قادری اور محمد اخلاق سروری قادری نے دعوتی سرگرمیوں میں معاونت کی۔
اسی روز دفتر تحریک دعوتِ فقر جہلم میں بعد نمازِ مغرب محفل ِمیلاد کا اہتمام ہوا۔ محفل کا انعقاد سرپرست تحریک دعوتِ فقر جہلم محمد ظفر اقبال سروری قادری کی رہائش گاہ پر ہوا جس میں مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے مرشد کامل اکمل کی اہمیت و ضرورت کے موضوع پر بیان کیا اور سب کو محفل میلادِ مصطفی ؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانت ِالٰہیہ (21 مارچ 2024) میں بھرپور شرکت کے متعلق حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ محفل کے اختتام پرحمزہ ادریس سروری قادری نے ختم شریف پڑھا اور مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے دعائے خیر کروائی۔
(یکم مارچ 2024 ء بروز جمعہ ): انتظامیہ نگران شعبہ دعوت و تبلیغ ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری اور شعبہ انچارج مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں محمد رفاقت حسین سروری قادری کی رہائش گاہ پر پیر بھائیوں اور ساتھیوں سے ملاقات کی اور انہیں محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ میں شرکت کی دعوت دی۔ سرپرست تحریک دعوتِ فقر اسلام آباد و راولپنڈی سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے شعبہ دعوت کو خوش آمدید کہا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
(2 مارچ 2024 ء بروز ہفتہ): احمدال تحصیل پنڈی گھیب ضلع اٹک میں تبلیغی سرگرمیاں انجام دیں۔ شعبہ دعوت کی ٹیم نے دفتر تحریک دعوتِ فقر پنڈی گھیب کا دورہ کیا۔ تمام ساتھیوں کو حضور مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کا خصوصی سلام پہنچایا۔ ممبران کو گھر گھر جا کر محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ میں بھرپور شرکت کی دعوت دی۔ سرپرست تحریک دعوتِ فقر پنڈی گھیب محمد سعید سروری قادری، جنرل سیکرٹری مبشر الحسن سروری قادری کے علاوہ محمد کامران مقصود سروری قادری نے بھی دعوتی سرگرمیوں میں معاونت کی۔
تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ جات میں اہم سرگرمیاں
شعبہ دعوت و تبلیغ :
26 فروری 2024ء شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر کی جانب سے خانقاہ سلطان العاشقین گاؤں رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں درس و تدریس کا اہتمام کیا گیاجس میں خانقاہ نشینوں کو مرشد کامل اکمل سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تصانیف مبارکہ سے فقر و تصوف کے مختلف موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔(لاہور۔ نیوز رپورٹر ڈاکٹر وسیم اکرم)
ماہنامہ سلطان الفقر لاہور:
25 فروری 2024ء بروز اتوار خانقاہ سلطان العاشقین گاؤں رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں شعبہ ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت خلیفہ نگران سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے فرمائی۔ انتظامیہ نگران کے علاوہ دیگر ممبران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کی سرکولیشن اور مارکیٹنگ کے لئے نئی منصوبہ بندی پر گفتگو ہوئی۔ ممبران نے ماہنامہ کے نئے ڈیزائن کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔(لاہور۔ نیوز رپورٹر ڈاکٹر وسیم اکرم)
شعبہ سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن:
10 مارچ 2024ء بروز اتوار انتظامی دفاتر تحریک دعوتِ فقر گاؤں رنگیل پور شریف براستہ سندر اڈا لاہور ملتان روڈ میں شعبہ سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشن کے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس کی صدارت خلیفہ نگران سلطان محمد عبد الرحمن سروری قادری نے فرمائی۔اجلاس میں قرآن اور رمضان نشریات برائے سال 2024 ء کی منصوبہ بندی کی گئی۔ تحریک دعوتِ فقر کے زیرِ اہتمام ہر سال قرآن اور رمضان نشریات کا خصوصی اہتمام ہوتا ہے۔ یہ نشریات پورا ماہ مسجدِزہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین سے براہِ راست سلطان العاشقین ٹی وی یوٹیوب، فیس بک، انسٹاگرام اور لائکی پر نشر کی جاتی ہیں۔ (لاہور۔ نیوز رپورٹر ڈاکٹر وسیم اکرم)
قرآن اور رمضان نشریات
2021 ء سے تحریک دعوتِ فقر کے زیر ِانتظام شروع ہونے والا’’قرآن اور رمضان نشریات ‘‘کا سلسلہ رواں سال 2024ء میں بھی پورے جوش و خروش سے جاری و ساری ہے۔ ہر سال ماہِ رمضان میں ’’قرآن اور رمضان‘‘ کے عنوان سے ہونے والی اِن براہِ راست نشریات کے ذریعے عوام الناس کو قرآن و حدیث، آئمہ دین اور فقہائے کرام کے اقوال و فرمودات کی روشنی میں روزے کی باطنی حقیقت سے روشناس کروایا جاتا ہے۔ رواں سال سلطان حافظ محمدناصر مجید صاحب اِس پروگرام کی میزبانی کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔اِن نشریات میں ہر روز نمازِ تراویح میں پڑھی جانے والی سورتوں کا ترجمہ و تشریح آسان اور عام فہم انداز میں بیان کیا جاتاہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سے مستفید ہو کر اپنی زندگیاں حقیقی اسلامی روح کے مطابق اُستوار کر سکیں۔ یہ پروگرام روزانہ سہ پہر 3 بجے سلطان العاشقین ٹی وی YouTube، Facebook، Instagram، Likee اور Snack Videos پر براہِ راست نشر کیا جاتا ہے جسے دنیا بھر سے ہزاروں لاکھوں لوگ دیکھتے اور مستفید ہوتے ہیں۔
سحرو افطار کے رنگ۔۔۔ تحریک دعوتِ فقر کے سنگ
اللہ تعالیٰ نے جس طرح خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کو رحمتہ للعالمین بنا کر نہ صرف تمام جہانوں کی عزت و سرداری بخشی بالکل اسی طرح امتِ محمدیہ کو بھی تمام سابقہ امتوں پر فضیلت و برتری عطا فرمائی اور انہیں اپنی معرفت و قرب کے حصول کے لیے شبِ برأت، شبِ معراج اور شبِ قدر جیسی عظیم راتوں سے بھی نوازا۔ علاوہ ازیں رمضان المبارک کی صورت میں ایک عظیم الشان ماہِ صیام عطا کیا جس میں اہلِ ایمان کے لیے بے شمار رحمتوں اور برکتوں کے علاوہ لاتعداد جسمانی بیماریوں کی شفا بھی رکھ دی گئی ہے۔ روزہ واحد ایسی عبادت ہے جس کا اجر روزِ قیامت تک کے لیے پوشیدہ رکھا گیا ہے اور اس راز سے پردہ محشر کے دن خود خدائے بزرگ و برتر اٹھائے گا جسے دیکھ کر دنیا میں روزہ رکھنے والے سجدۂ شکر بجا لائیں گے جبکہ اس سے اعراض کرنے والوں کا مقدر محض ندامت و حسرت ہوگی۔اسلام میں خود روزہ رکھنے کے ساتھ ساتھ کسی روزہ دار کا روزہ افطار کروانے کا بھی بڑا ہی اجر ہے خواہ ایک گلاس پانی یا ایک عدد کھجور ہی کیوں نہ ہو۔ابو مسعود بدری رضی اللہ عنہٗ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا ’’جس شخص نے نیکی کی طرف رہنمائی کی تو اس کو اس نیکی کا کام کرنے والے کے مثل اجر ملے گا۔‘‘ (صحیح مسلم4899)
ایک اور حدیث میں درج ہے کہ:
ماہِ رمضان میں جو کسی روزہ دار کو روزہ افطار کرائے گا تو وہ اس کے گناہوں کی مغفرت کا باعث ہو گا اور اس کی گردن (جہنم کی) آگ سے آزاد کر دی جائے گی، نیز اسے اس روزہ دار کے برابر ثواب ملے گا اور روزہ دار کے ثواب میں بھی کوئی کمی نہ ہو گی۔(مشکوٰۃ المصابیح 1965)
یہی سبب ہے کہ اہل ِایمان کو روزہ افطار کروانا سنتِ نبوی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم بھی ہے اور سنتِ فقرائے کاملین بھی۔اسی سنت کو زندہ اور روایت کو برقرار رکھتے ہوئے امام سلسلہ سروری قادری سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی زیرِنگرانی تحریک دعوتِ فقر ہر سال وسیع پیمانے پر سحر و افطار کا اہتمام کرتی ہے جس سے خانقاہ سلطان العاشقین میں موجود خانقاہ نشینوں سمیت دور دراز سے آنے والے طالبانِ مولیٰ بھی مستفید ہوتے ہیں۔ اس سلسلے میں تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ لنگر کی خدمات خاص طور پر قابلِ ذکر ہیں جو خانقاہ نشینوں اور معزز مہمانوں کے لیے سحر و افطار کے بہترین انتظامات کرتا ہے۔ رواں سال 2024ء میں بھی الحمدللہ یہ سلسلہ کامیابی سے جاری و ساری ہے جہاں بیک وقت سینکڑوں لوگ نہ صرف دسترخوان کی زینت بنتے ہیں بلکہ مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی بابرکت صحبت سے مستفید ہوتے ہیں اور آپ کی نگاہِ کامل کے تصرف کی بدولت روزوں کے ظاہری و باطنی پہلوؤں سے آگاہی بھی حاصل کرتے ہیں۔ اگر آپ بھی اس سلسلے میں کسی بھی قسم کے جانی و مالی تعاون کے خواہاں ہیں تو میگزین کے شروع میں دیے گئے تحریک دعوتِ فقر کے آفیشل نمبرز پر رابطہ کر کے اپنی خدمات پیش کر سکتے ہیں۔علاوہ ازیں اگر آپ خانقاہ شریف میں قیام کے طلبگار ہیں تو جان لیں کہ اللہ والوں کا در اہلِ طلب کے لیے ہمہ وقت کھلا رہتا ہے۔۔۔ جو آنا چاہے آ سکتا ہے۔