تحریک دعوتِ فقر نیوز
Tehreek Dawat-e-Faqr New
نیوز رپورٹر: عثمان صادق سروری قادری
19 اگست یومِ ولادت باسعادت سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس
19 اگست کا مبارک دن بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے یومِ ولادت کی نسبت سے اہل ِحق اور طالبانِ مولیٰ کے لیے باعثِ صد مسرت و برکت ہے۔ آپ مدظلہ الاقدس ہی وہ مبارک ہستی ہیں جنہوں نے دورِ حاضر میں معرفتِ الٰہی، فقرِمحمدیؐ، اور عشقِ حقیقی کا پیغام ہر خاص و عام تک پہنچایا۔
آپ مد ظلہ الاقدس 19 اگست 1959ء بمطابق 14 صفر 1379ھ بروز بدھ صبح چار بج کر تیس منٹ پربخشن خان، تحصیل چشتیاں، ضلع بہاولنگر میں پیدا ہوئے۔ آپ مدظلہ الاقدس کا ظہور محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ دورِ حاضر کے طالبانِ مولیٰ پر اللہ تعالیٰ کا احسانِ عظیم ہے کہ جن کے ذریعے اللہ پاک نے فقرمحمدیؐ کے حصول کو نہ صرف آسان بنا دیا بلکہ عوام الناس پر اسمِ اللہ ذات و اسمِ محمدؐ کے فیضِ بیکراں کے دروازے کھول دئیے۔
لہٰذا ہر سال آپ کے مریدین و عقیدتمند اس مبارک گھڑی کو اظہارِ تشکر اور محبت کے طور پر نہایت عقیدت و احترام سے مناتے ہیں۔ 19 اگست 2026ء بروز بدھ خانقاہ سلطان العاشقین میں گھوڑا ڈانس اور آتش بازی کے خوبصورت مناظر میں آپ مد ظلہ الاقدس نے کیک کاٹا اور فضا سلطان العاشقین زندہ باد، تحریک دعوتِ فقر پائندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے ہمراہ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مد ظلہ الاقدس، صاحبزادہ سلطان محمد حسن مرتضیٰ، صاحبزادہ سلطان محمد حسین مرتضیٰ، معزز مجلس خلفا کے علاوہ مریدین و عقیدت مندوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ حسبِ روایت اس با برکت تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے حاصل کی۔ بعد ازاں صدر تحریک دعوت فقر ملک حسن رضا کھوکھر کی سربراہی میں سلطان العاشقین اصطبل ٹیم اور گھوڑا ڈانس ماہرین کی موجودگی میں بہترین گھوڑا ڈانس پیش کیا گیا جسے آپ مد ظلہ الاقدس اور وہاں موجود دیگر مہمانانِ گرامی کی جانب سے خوب سراہا گیا۔
تقریب کے اختتام پر سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس نے اپنے مبارک ہاتھوں سے کیک کاٹا اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا فرمایا۔ اس تقریب سعید کے بعد تمام حاضرین ِمحفل کی شاندار لنگر پاک سے تواضع کی گئی۔
محفل میلادِمصطفی بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبیؐ
(منعقدہ: 12ربیع الاوّل 1448ھ بمطابق 26اگست 2026)
ہر سال کی طرح رواں سال بھی تحریک دعوتِ فقر کے زیرِانتظام 12 ربیع الاول 1448ھ بمطابق 26 اگست 2026ء بروز بدھ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر خانقاہ سلطان العاشقین میں شاندار محفل پاک کا اہتمام کیا گیا جس میں اندرون و بیرون ملک سے کثیر تعداد میں طالبانِ مولیٰ اور عوام الناس نے شرکت کر کے برکتیں سمیٹیں۔
اِس محفل کی خاص بات جو اِسے دیگر تمام محافل سے منفرد اور باوقار بناتی ہے وہ یہ ہے کہ اس میں شرکت کرنے والوں کے تمام ظاہری و باطنی مسائل بفضل ِباری تعالیٰ پورے ہوتے ہیں۔ لاعلاج امراض دور ہوتے اور نفس و شیطان کی شر انگیزیوں سے نجات ملتی ہے۔ لہٰذا اِس بابرکت اور متبرک محفل کو اور بھی شاندار بنانے کے لئے کئی ہفتے قبل ہی انتظامات کا آغاز کر دیا گیا تھا۔ محفل پر آنے والے مہمانان گرامی کی بہترین مہمان نوازی کے لئے 25 اگست کی رات سے ہی لنگر پاک کی پکوائی کا سلسلہ جاری رہا۔
مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے زیرِصدارت منعقد ہونے والی اس محفل پاک میں صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مدظلہ الاقدس، معزز مجلسِ خلفا، انتظامیہ کمیٹی تحریک دعوتِ فقر اور مجلسِ شوریٰ و جنرل کونسل تحریک دعوتِ فقر کے علاوہ کثیر تعداد میں مہمانوں نے شرکت کی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا جس کی سعادت مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے حاصل کی جبکہ بارگاہِ رسالت میں ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت رمضان باھو سروری قادری نے پائی اور نقابت کے فرائض منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے ادا کیے۔
رحمتِ مصطفیؐ کے موضوع پر فصیح و بلیغ خطاب کے لئے سلطان محمد احسن علی سروری قادری تشریف لائے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بے مثل و بے مثال شان بیان کرنے کی جسارت کی اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی شانِ رحمت سے حاضرینِ محفل کو آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کس طرح دورِحاضر میں سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس نے دینِ اسلام کو حیاتِ نو بخشی اور فقرِ محمدیؐ کے پیغام کو اَز سر نو زندہ کیا۔ اسمِ اللہ ذات یعنی اسمِ اعظم اور اسمِ محمدؐ کے فیض کا در جس طرح سے سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس نے عام لوگوں پر وَا کیا اس کی تاریخِ عالم میں کہیں کوئی مثال نہیں ملتی۔ عوام الناس کے لئے دعوتِ عام ہے کہ وہ آپ مد ظلہ الاقدس کی بارگاہ میں حاضر ہو کر اسمِ اعظم کا فیض حاصل کریں اور آپ کی نورانی صحبت کی بدولت معرفتِ حق تعالیٰ کے نور سے اپنے قلوب کو سیراب کر کے ابدی کامیابی حاصل کریں۔
بیان کے بعد عطاء الوھاب سروری قادری نے بارگاہِ رسالت میں نعت کا نذرانہ پیش کیا جس کے بعد سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ دعوت و تبلیغ کے زیرِ اہتمام تربیت پانے والے طالبانِ مولیٰ کو سرٹیفکیٹس اور ٹوپیاں عطا فرمائیں۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس ہر سال محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبیؐ کے بابرکت موقع پر اسمِ محمد عطا فرماتے ہیں، سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری صاحب نے دنیا بھر سے منتخب طالبانِ مولیٰ کے نام بیان کیے جنہیں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی اجازت سے اسمِ محمد عطا کیے گئے۔
بعد ازاں سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری صاحب نے ختم شریف پڑھا۔ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے تمام شرکائے محفل کے ہمراہ کھڑے ہو کر دست بستہ بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا۔ اختتامی دعا کے بعد آپ مد ظلہ الاقدس نے تمام مہمانانِ گرامی سے فرداً فرداً ملاقات فرمائی اور خوش نصیب طالبانِ مولیٰ کو بیعت فرما کر اسمِ اللہ ذات کی لازوال نعمت سے بہرہ وَر فرمایا۔ بلا شبہ اس افرا تفری اور نفسا نفسی کے دور میں اسمِ اللہ ذات کے فیض کو عام کرنا آپ مد ظلہ الاقدس کی عظیم شخصیت کا ہی کرشمہ ہے۔ محفل کے اختتام پر مہمانان گرامی کی عالیشان لنگر پاک سے تواضع کی گئی۔
خصوصی نوٹ:
12ربیع الاوّل کی محفل پاک کی مکمل ویڈیو دیکھنے کے لئے آپ ہمارے درج ذیل چینلز وزٹ کر یں:
سلطان العاشقین TV یوٹیوب ، فیس بک ، انسٹا گرام ، ریڈاٹ ، ڈیلی موشن، لنکڈ اِن اور ایکس (سابقہ ٹویٹر)۔
سلطان الفقر پبلیکیشنز کی ایک اور کامیابی
قارئین کرام آپ کو بتاتے چلیں کہ تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنز نے اپنی سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار بھی محفل میلادِ مصطفی بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبی ؐکے پر مسرّت موقع پر دونئی کتب شائع کیں جن کی تفصیل درج ذیل ہے:
۱) سرّ الاسرار ۔اردو ترجمہ مع عربی متن (بارِ چہارم) تصنیفِ لطیف سیدنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبد القادر جیلانیؓ
۲) نور الہدیٰ خورد۔ اردو ترجمہ مع فارسی متن (بارِ دوم) ، تصنیفِ لطیف سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ
مندرجہ بالا دونوں کتب کے مترجم سلطان محمد احسن علی سروری قادری ہیں جو ان کے علاوہ بھی حضرت سخی سلطان باھوؒ کی کئی فارسی کتب کے اردو تراجم کرنے کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے نئی شائع ہونے والی کتب کی رُونمائی کروائی۔ یہ دونوں کتب سلطان الفقر پبلیکیشنز کے بک سٹال پر خصوصی تعارفی قیمت پر دسیتاب تھیں۔ معزز قارئین سلطان الفقر پبلیکیشنز کی آفیشل ویب سائٹwww.sultan-ul-faqr-publications.com سے یہ کتب آن لائن بھی خرید سکتے ہیں۔
سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کا خانقاہ سلطان العاشقین میں قیام
ماہ ِاگست اور ستمبر 2026ء کے دوران مرشد کامل اکمل جامع نورالہدیٰ فقیر مالک الملکی سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف، سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں خصوصی قیام فرمایا۔ دورانِ قیام آپ مد ظلہ الاقدس نے بروز اتوار خانقاہ سلطان العاشقین میں انعقاد پذیر ہونے والی تمام ہفتہ وار بزمِ سلطان العاشقین کی صدارت بھی فرمائی۔ جبکہ آپ کے ہمراہ نائب سرپرست تحریک دعوتِ فقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مد ظلہ الاقدس، صاحبزادہ سلطان محمد حسن مرتضیٰ اور صاحبزادہ سلطان محمد حسین مرتضیٰ بھی موجود تھے۔
اس عام ملاقات کے علاوہ جمعہ کے زور آپ مد ظلہ الاقدس مریدین و اہلِ علاقہ سمیت مسجد زہراؓ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد سب سے فرداً فرداً ملاقات فرما کر اُن کے مسائل سنتے اور ان کے حق میں دعا فرماتے ہیں۔ بطور فقیرِ کامل اور امام سلسلہ سروری قادری آپ مد ظلہ الاقدس سلطان الاذکار ھو یعنی اسمِ اللہ ذات کی ترویج و اشاعت اور خلق خدا تک اس کا فیض پہنچانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔ آپ اپنی پاک صحبت، بلند نگاہ ِکامل اور اسمِ اللہ ذات کی تاثیر سے طالبانِ مولیٰ کا تزکیہ نفس فرما کر اُنہیں معرفت الٰہی کے خزانوں سے مالا مال فرماتے ہیں۔ عوام الناس کے لیے دعوت عام ہے کہ خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لا کر آپ مد ظلہ الاقدس کی مبارک و بابرکت صحبت سے فیضیاب ہوں یقینا اللہ والوں کی صحبت صراطِ مستقیم اور عشقِ حقیقی کے حصول کا سب سے بڑا اور واحد ذریعہ ہے۔
اَپڈیٹ برائے تعمیراتی امور
خانقاہ سلطان العاشقین میں دورانِ محفل دھوپ، بارش اور آندھی سے بچاؤ کے سلسلے میں تعمیراتی امور تیزی سے جاری ہیں۔ اس منصوبے کے تحت مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے کمرہ مبارک کے احاطہ اور اطراف کے برآمدوں کو پختہ کیا جا چکا ہے جبکہ اگلے مرحلے میں ان کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔ علاوہ ازیں مسجدِزہراؓ میں تزئین و آرائش کا کام بھی ماہر انجینئرز کے زیرِ نگرانی خوب زور و شور سے جاری ہے۔