تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr News

Rate this post

تحریک دعوتِ فقر نیوز 
 Tehreek Dawat-e-Faqr News

نیوز رپورٹر: محمد عثمان صادق سروری قادری

19 اگست ۔یومِ ولادت باسعادت سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس 

19 اگست کا مبارک دن بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے یومِ ولادت کی نسبت سے اہلِ حق اور طالبانِ مولیٰ کے لیے باعثِ صد مسرت و برکت ہے۔ آپ مدظلہ الاقدس کی مبارک ہستی ہی وہ ذاتِ پاک ہے جنہوں نے دورِ حاضر میں معرفتِ الٰہی، فقرِمحمدیؐ اور عشقِ حقیقی کا پیغام ہر خاص و عام تک پہنچایا۔

آپ 19 اگست 1959ء بمطابق 14 صفر 1379 ہجری بروز بدھ صبح چار بج کر تیس منٹ پر بخشن خان تحصیل چشتیاں ضلع بہاولنگر میں اس عالم ِناسوت میں جلوہ افروز ہوئے۔ آپ مدظلہ الاقدس کا ظہور محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ مجددِ دین کا تاج سجائے، ازل سے فقرِ محمدیؐ کے فروغ اور مخلوق کو معرفتِ حق تعالیٰ کے جام سے سیراب کرنے کے لیے منتخب شدہ ایک نورانی مشن کا آغاز تھا۔

ہر سال آپ کے مریدین و عقیدتمند اس مبارک گھڑی کو اظہارِ تشکر اور محبت کے طور پر نہایت عقیدت و احترام سے مناتے ہیں۔ اگرچہ یہ تقریب آپ مدظلہ الاقدس کی شان کے مطابق نہیں ہو سکتی لیکن عشاق اپنی استطاعت سے بڑھ کر توفیقِ الٰہی سے بہترین انتظامات کرتے ہیں۔ تحریک دعوتِ فقر کے زیر انتظام روایت کو برقرار رکھتے ہوئے رواں سال 2025ء میں یہ سہانی گھڑی پہلے سے کہیں زیادہ جوش و ولولے، روحانی کیف اور والہانہ محبت کے ساتھ منائی گئی۔ خانقاہ سلطان العاشقین میں ہونے والی اس روح پرور تقریب میں ملک بھر اور بیرونِ ملک سے مریدین و عقیدت مندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور اپنی نگاہوں کو دیدارِ مرشد سے سیراب کیا۔

تقریب کی تیاریوں کا سلسلہ کئی ہفتے قبل شروع ہو گیا۔ مجلسِ خلفا اور انتظامیہ نے حضور مرشد کریم کے یومِ ولادت کو نہایت جوش و جذبے اور شاندار انداز میں منانے کے لیے باہمی مشاورت سے تیاریوں کا آغاز کیا۔ مجلسِ شوریٰ اور جنرل کونسل کا اجلاس بھی اس سلسلے کی ایک اہم کڑی تھا۔
خانقاہ کو کئی روز قبل لائٹوں سے منور کر دیا گیا، رات کے اندھیرے میں دور سے ہی مسجدِ زہراؓ اور خانقاہ سلطان العاشقین کے درو دیوار جگمگاتے نظر آتے۔

18 اگست 2025ء بروز سوموار خانقاہ سلطان العاشقین میں گھوڑا ڈانس کا خاص اہتمام کیا 

گیا تھا۔ بعد نمازِ مغرب سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس گھوڑا ڈانس دیکھنے کے لیے تشریف لائے، آپ مدظلہ الاقدس کے خلفا بھی آپ کے ہمراہ تھے۔ اس کے علاوہ مریدین کی کثیر تعداد بھی اس تقریب میں موجود تھی۔ تمام حاضرین گھوڑا ڈانس سے بہت محظوظ ہوئے۔

رات 12 بجے کیک کاٹا گیا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی دوبارہ آمد پر  آپ کا شاندار استقبال کیا گیا، آتش بازی کے خوبصورت  مناظر ملاحظہ کرنے کے بعد آپ مد ظلہ الاقدس نے کیک کاٹا۔ 

اگلے روز 19 اگست 2025 ء بروز منگل بعد نمازِ ظہر یومِ ولادت باسعادت کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ملک کے طول و عرض سے مریدین و عقیدتمند مرد و خواتین نے بھرپور جوش و جذبے سے شرکت کی۔ 

حسبِ روایت اس با برکت تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے حاصل کی۔ اس کے بعد بارگاہِ مرشد میں گلہائے عقیدت نچھاور کرنے کے لئے عطا الوہاب سروری قادری اور رمضان باھو سروری  قادری اسٹیج کی زینت بنے جبکہ نقابت کے فرائض منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے ادا فرمائے۔

خطاب کے لئے سلطان محمد ناصر حمیدسروری قادری صاحب تشریف لائے جنہوں نے فقرا کی شان کو بیان کرتے ہوئے آپ مد ظلہ الاقدس کی فیضِ اسمِ اللہ ذات اور اسمِ محمدؐ کی ترویج کے لیے کی گئی انتھک کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور حاضرینِ محفل کو بتایا کہ قدمِ محمدؐ پر ہونے کے باعث آپ مد ظلہ الاقدس کی زندگی کا اوّلین و آخرین مقصد اس جہالت اور نفسا نفسی کے دور میں قرب و معرفتِ الٰہی کی شمع روشن کر کے خلقِ خدا کو اپنے مقصد ِحیات سے آشنا کروانا ہے۔ 

اس بابرکت موقع پر سلطان الفقر پبلیکیشنز کی جانب سے تین کتب بھی شائع کی گئیں جن میں حضور مرشد کریم کی کتاب ’’ابیاتِ باھُوؒ کامل‘‘ کا بارِ چہارم سرِفہرست ہے جسے ترمیم و اضافہ کے ساتھ 2 خوبصورت رنگوں میں شائع کیا گیا۔ اس کے علاوہ سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ کی دو تصانیف ’’توفیق الہدایت‘‘ اور ’’مفتاح العارفین‘‘ بھی شائع کی گئیں۔ سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری صاحب نے ان تینوں کتب کا تعارف کروایا۔ اس کے علاوہ اس تقریب سعید کے لیے خصوصی طور پر حضور مرشد کریم کے خوبصورت اور دیدہ زیب پوسٹرز اور بیجز بھی تیار کیے گئے۔

آخر میں سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس نے اپنے مبارک ہاتھوں سے کیک کاٹا اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا فرمایا۔ محفل کے اختتام پر سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے دعا کروائی۔ تمام حاضرین نے فرداً فرداً سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے ملاقات کا شرف حاصل کیا۔ آخر میں حاضرینِ محفل کی شاندار لنگر پاک سے تواضع کی گئی۔

ماہِ اگست ۔۔۔ فقرکی تاریخ میں اہم مہینہ

5 اگست 2025ء بروز منگل نائب سرپرست تحریک دعوت ِفقر صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مد ظلہ الاقدس کا 28 واں یوم ولادت باسعادت سلطان العاشقین ہاؤس لاہور پر منایا گیا۔14 اگست 2025 ء بروز جمعرات سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علیؒ کا 78واں یوم ِولادت ہے۔ آپؒ کی ولادت با سعادت 14 اگست 1947ء کو ہوئی۔ آپؒ نے موجودہ زمانہ کے تقاضوں کے مطابق راہِ فقر میں انقلابی اقدامات کیے اور طالبانِ مولیٰ کے لیے اس راہ کو آسان ترین بنا دیا تاکہ زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو حق کی اس راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ آپؒ سے پہلے فقر کی نعمت صرف خاص الخاص منتخب شدہ لوگوں کو عطا کی جاتی تھی اور اسمِ اعظم یعنی اسمِ اللہ ذات کو ظاہر کرنا شریعت کے خلاف سمجھا جاتا تھا۔ آپؒ نے اپنے خاص روحانی مقام کی بدولت اس رِیت کو اُلٹ دیا اور اسم ِاعظم کو چھپانا حرام اور ظاہر کرنا لازم قرار دے دیا کیونکہ آپؒ اپنی اعلیٰ روحانی قوتوں کے باعث ہر خاص و عام کو بلند ترین روحانی مقام پر پہنچا کر اسم ِاعظم کی تجلیات برداشت کرنے کے لائق بنانے کی اہلیت رکھتے تھے۔

اللہ تعالیٰ نے ماہِ اگست کو ایک اورانفرادیت عطا فرمائی اور سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ کے حقیقی و روحانی وارث، سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علیؒ کے مرید ِ خاص اور خلیفۂ اکبر سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی ولادت باسعادت بھی اِسی ماہ میں ہوئی۔ آپ مدظلہ الاقدس 19اگست 1959ء کو عالم ِ ناسوت میں جلوہ افروز ہوئے اور چھیاسٹھ سالہ حیاتِ مبارکہ میں فقرِ محمدیؐ کے فروغ کے لیے ایسے ناقابلِ فراموش اقدامات کیے کہ اگلی کئی صدیاں آپ مدظلہ الاقدس کی علمی و ادبی خدمات سے مستفید ہوتی رہیں گی۔ 

اجلاس مجلس ِخلفا

یکم اگست 2025 ء بروز جمعہ منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری کی زیر ِصدارت انتظامیہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سلطان محمد ناصر حمید سروری قادری، سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری اور سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں 19 اگست تقریب ِسعید بسلسلہ یومِ ولادت باسعادت سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے انتظامات کے ہر پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے مشاورت کی گئی اور اعادہ کیا گیا کہ جشن ِعید میلاد النبیؐ اور جشن ِ ولادت سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کو انتہائی جوش و خروش اور وسیع پیمانے پر منعقد کیا جائے گا۔

مجلسِ شوریٰ و جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس

مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے یومِ ولادت با سعادت کی پر وقار تقریب کے کامیاب انعقاد اور انتظامی امور کی احسن انداز میں انجام دہی کے حوالے سے 3 اگست بروز اتوار تحریک دعوتِ فقر کی مجلسِ شوریٰ اور جنرل کونسل کا مشترکہ اجلاس طلب کیا گیا جس کی صدارت  منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے فرمائی۔ اِس موقع پر انتظامیہ کمیٹی کے ممبران بھی موجود تھے۔ اجلاس کا آغاز حسبِ دستور تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت عطا الوہاب سروری قادری نے حاصل کی۔ اس کے بعد جوائنٹ سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر نعمان ثاقب سروری قادری نے حاضرینِ اجلاس کو ایجنڈا سے آگاہ کیا۔ سب ممبران نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور پورے جوش و خروش کے ساتھ محفل کے انعقاد کے حوالے سے اپنی آراء و تجاویز دیں جنہیں صدر تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبد الحسیب سرفراز سروری قادری نے قلمبند کر کے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

شعبہ جاتی تقرریاں 

 حکمنامہ سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوت ِفقر سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے مطابق سلطان محمد عبد اللہ اقبال سروری قادری کو اگلے چھ مہینے کے لیے امین مجلسِ خلفا مقرر کیا گیا۔

 دستور تحریک دعوت ِفقر کے آرٹیکل(11)10 کے تحت ملک سجاول کھوکھر کو تحریک دعوتِ فقر کا جنرل سیکرٹری جبکہ نعمان ثاقب کو جوائنٹ سیکرٹری مقرر کیا گیا۔ اس سے قبل مولانا یاسر یاسین سروری قادری کو مسجد ِزہراؓ میں جاری دعوت و تبلیغ کلاسز کا انچارج مقرر کیا گیا تھا۔ روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی ان کلاسز کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔

 شعبہ لنگر میں خدمات سر انجام دینے کے لیے نئے ممبران کے ناموں کا اعلان کیا گیا جن میں اسد اللہ، عثمان طارق، فیضان عارف اور محمد رضوان شامل ہیں۔علاوہ ازیں 19 اگست کی محفل کے انعقاد کو کامیاب بنانے کے لئے انتظامیہ ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔

 دستور تحریک دعوت فقر کے آرٹیکل(11)10 کے تحت ہی ملک عبد الرافع سروری قادری کو سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشنز کا انچارج مقرر کیا گیا جبکہ مولانا یاسر یاسین سروری قادری کو مسجد ِزہراؓ کا موذن مقرر کیا گیا۔ اس سے پیشتر وہ مسجد ِزہراؓ میں امامت کے فرائض بھی سر انجام دے رہے ہیں۔

سلطان الفقر پبلیکیشنز۔۔۔کامیاب اشاعت کے 19 سال

فقر و تصوف کی خوشبو بکھیرتے ہوئے سلطان الفقر پبلیکیشنز نے اپنی مسلسل اور کامیاب علمی جدوجہد کے شاندار اُنیس برس مکمل کر لیے۔ اس عرصہ میں یہ عظیم ادارہ نہ صرف قیمتی روحانی کتب کی اشاعت میں پیش پیش رہا بلکہ ماہنامہ سلطان الفقرلاہور کے ذریعے لاکھوں قارئین کے دلوں تک فقر محمدیؐ کا نور پہنچایا۔ اس موقع پر ادارے کی محنت، اخلاص اور خدمتِ دین کے سفر کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی ڈاکیومنٹری ریلیز کی گئی جس میں اُنیس سالہ تاریخ، محنت کے لمحات اور فقر کے پیغام کو عام کرنے کی جدوجہد کو دل نشین انداز میں پیش کیا گیا۔یہ ڈاکیومنٹری صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ محبتِ رسولؐ اور معرفتِ الٰہی کے سفر کی جھلک ہے۔ قارئین اور روحانی ذوق رکھنے والے ہر فرد کے لیے یہ ایک لازوال تحفہ ہے، جو اس ادارے کی لگن اور خدمت ِخلق کی روشن مثال ہے۔

دعا ہے کہ سلطان الفقر پبلیکیشنز کا یہ سفرفیض تا قیامت جاری و ساری رہے اور آنے والی نسلیں بھی اس نورانی پیغام سے مستفید ہوں۔آپ یہ ڈاکیومنٹری سلطان الفقر پبلیکیشنز کے یوٹیوب چینل اور فیس بک پر ملاحظہ کر سکتے ہیں۔

تبلیغی دورہ جات

طالبانِ مولیٰ کی زندگی میں کچھ دن ایسے ہوتے ہیں جو محض تقویم کے صفحات پر تاریخیں نہیں بلکہ اُن کے دل کی دھڑکن اور روح کی تڑپ ہوتے ہیں۔ یومِ ولادت سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مد ظلہ الاقدس ایسا ہی مبارک دن ہے جس دن وہ کامل مرشد  اس دنیا میں جلوہ افروز ہوئے۔ 19 اگست کا مبارک دن طالبانِ مولیٰ کے لیے روحانی عید کا دن ہے کیونکہ یہ وہ لمحہ ہے جب اُن کے قلوب میں ذکرِ الٰہی کی شمع روشن کرنے والا وجود عالم ِ ناسوت میں جلوہ افروزہوا۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ عشقِ الٰہی، اتباعِ مصطفیؐ اور فقرِمحمدی ؐکی حقیقی دولت مرشدکامل کی سنگت میں ہی نصیب ہوتی ہے۔

اِس محفل کے کامیاب انعقاد کی تیاری اور طالبانِ مولیٰ کو محفل میں شرکت کی دعوت دینے کے لیے مجلس ِخلفا، انتظامیہ کمیٹی اور شعبہ دعوت و تبلیغ کے زیر اہتمام درج ذیل تبلیغی دورہ جات ترتیب دیے گئے:
ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب اور سلطان محمد احسن علی کی سربراہی میں 2 اگست 2025 بروز ہفتہ الٰہ آباد تحصیل چونیاں ضلع قصور اور 11-12 اگست 2025 بروز سوموار اور منگل بچیانہ منڈی تحصیل جڑانوالہ ضلع فیصل آبادکا دورہ کیا گیا۔ جبکہ دوسری جانب سلطان محمد عبد اللہ اقبال اور سلطان حافظ محمد ناصر مجید صاحب کی سرپرستی میں 7 اگست 2025 بروز جمعرات بھروٹ، جہلم، 8 اور 9 اگست 2025 بروز جمعہ اور ہفتہ پنڈی گھیب جبکہ 9 تا 10 اگست بروز ہفتہ و اتوار تلہ گنگ کا دورہ کیا گیا اور عوام الناس کو 19 اگست کی محفل پاک میں بھرپور شرکت کی دعوت دی گئی۔

 صحبتِ سلطان العاشقین 

 ماہ ِجولائی و اگست 2025ء طالبانِ مولیٰ کے لیے خوشبوؤں بھرا مہینہ ثابت ہوا جب مرشد کامل اکمل، فقیر مالک الملکی، سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مد ظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین  براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں خصوصی قیام فرمایا۔ مرد و خواتین طالبانِ مولیٰ قریب و دُور دراز علاقوں سے حاضر ہو کر آپ کی بابرکت صحبت میں حاضر ہوئے۔ آپ مد ظلہ الاقدس نے اپنے بے مثال انداز میں طالبانِ مولیٰ کی رہنمائی فرمائی، ان کے دلوں سے دنیا کی غفلت کا زنگ اتارا اور ذکر اسمِ اللہ ذات کی حلاوت ان کے قلوب میں اتاری۔

روزانہ کی بنیاد پر ملاقاتوں کے علاوہ آپ مد ظلہ الاقدس نے 27 جولائی، 3 اگست اور 10 اگست 2025 ء بروز اتوار محفل صحبت ِسلطان العاشقین کی صدارت بھی فرمائی ۔دوران ِقیام مسجد ِزہرا ؓکے تعمیراتی کاموں کا بھی جائزہ لیا اور کنسٹرکشن کمیٹی کو مفید آرا سے بھی نوازا۔

 بلاشبہ آپ مد ظلہ الاقدس کی ہر نشست میں نورانی سکون اور باطنی سرور کی فضا ہوتی ہے۔ آپ کی پاک صحبت میں بیٹھنے والے طالبانِ مولیٰ  محسوس کرتے ہیں کہ جیسے دل کا بوجھ اُتر گیا ہو اور روح کو ایک نیا حوصلہ مل گیا ہو۔ آپ کے فیضانِ صحبت سے نہ صرف ان کے اذہان نور ِمعرفت سے منور ہوتے ہیں بلکہ اُنہیں عملی زندگی میں صبر، شکر اور اخلاص کی روشنی بھی عطا ہوتے ہیں۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں