تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr News
نیوز رپورٹر: محمد عثمان صادق سروری قادری
قرآن اور رمضان نشریات
خلقِ خدا کو قرآن کی حقیقی روح سے آگاہ کرنے کے لیے تحریک دعوتِ فقر کے زیرِ اہتمام سال 2021 ء میں قرآن اور رمضان نشریات کا آغاز کیا گیا تھا۔یہ سلسلہ تب سے اب تک بفضلِ خدا کامیابی سے جاری ہے۔ رواں سال مسجدِ زہراؓ سے براہِ راست نشر ہونے والے پروگرام کی میزبانی اور خطاب کا شرف مسجدِ زہراؓ کے خطیب و امام مولانا یاسر یاسین سروری قادری نے حاصل کیا۔ یہ نشریات یکم رمضان المبارک سے روزانہ رات 08:30 بجے سلطان العاشقین ٹی وی پر براہِ راست آن ایئر کی جا رہی ہیں ۔ پروگرام کا مقصد عوام الناس کو قرآن و حدیث کے ظاہری و باطنی پہلوؤں اور فقرِ محمدیؐ کی حقیقت سے روشناس کروانا ہے۔ اب تک دنیا بھر میں لاکھوں لوگ اس سے استفادہ حاصل کر چکے ہیں۔
مسجد ِزہراؓ میں نمازِتراویح کا اہتمام
گزشتہ سال کی طرح رواں سال بھی تحریک دعوتِ فقر کے زیرِ انتظام مسجدِ زہراؓ میں نمازِ تراویح کا اہتمام کیا گیاہے۔ ہر سال رمضان المبارک میں طالبانِ مولیٰ کی کثیر تعداد خانقاہ سلطان العاشقین کا رُخ کرتی ہے جہاں وہ صحبتِ مُرشد سے فیضیاب ہونے کے ساتھ ساتھ دین کی حقیقی روح یعنی فقر کی نعمت سے بھی بہرہ ور ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں مسجد ِزہراؓ میں اعتکاف کا انتظام بھی کیا گیاہے۔
بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی خاص مہربانی اور کرم سے بہترین انتظامات کیے گئے۔ جن میں مسجد انتظامیہ کی طرف سے صفائی، روشنی اور سیکیورٹی کے اقدامات بھی شامل ہیں۔
خانقاہ سلطان العاشقین میں سحر و افطار کے انتظامات
بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر، امام سلسلہ سروری قادری سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی خصوصی ہدایت پر ہر سال خانقاہ سلطان العاشقین میں سحر و افطار کے بہترین انتظامات کیے جاتے ہیں۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں جہاں روزوں کے ذریعے تقویٰ کا حصول ممکن ہوتا ہے وہیں نیکیوں کا اجر بھی 70 گنا تک بڑھا دیا جاتا ہے۔ ایسے میں ہر صاحبِ ایمان کی کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ نیکیاں سمیٹ لی جائیں۔ علاوہ ازیں بہت سے لوگ خانقاہ میں قیام کی غرض سے بھی تشریف لاتے ہیں تو ان کے لئے سحر و افطار کے بہترین انتظامات کئے جاتے ہیں تاکہ اللہ کے مہمانوں کی مہمان نوازی میں کوئی کسر باقی نہ رہنے پائے۔
سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتاب میلہ میں شرکت
4 تا 8 فروری 2026 ء بروز بدھ تا اتوار ایکسپو سینٹر جوہر ٹاؤن لاہور کے زیر ِاہتمام منعقد ہونے والے 39 ویں انٹرنیشنل کتاب میلہ میں سلطان الفقر پبلیکیشنز نے تحریک دعوتِ فقر کی نمائندگی کی۔ادارہ نے اپنی اعلیٰ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے شائقین ِکتب کے لئے بہترین اور معیاری پرنٹنگ سے آراستہ کتب و رسائل انتہائی مناسب قیمت پر پیش کیے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ دین ِحق سے مستفید ہو سکیں۔
بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور امام سلسلہ سروری قادری سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی فقر و تصوف پر مبنی تصانیف، سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُوؒ اور سیدنا غوث الاعظم حضرت شَیخ عبدالقادر جیلانیؓ کی کتب 50% تک کی خصوصی رعایت پر موجود تھیں۔ جہاں عوام الناس کی کثیر تعداد نے سٹال وزٹ کیا اور سلطان الفقر پبلیکشنز کے عمدہ اور معیاری کام کو سراہا۔
سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کی شادی کی تقاریب میں پُروقار شرکت
بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر، مرشدکامل اکمل جامع نور الہدیٰ، سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے مرید اور تحریک دعوتِ فقر کے نائب صدرعبدالرافع سروری قادری کے نکاحِ مسنون کی بابرکت تقریب 28جنوری 2026ء بروز اتوار لاہور کے ایک مقامی شادی ہال میں منعقد ہوئی۔
8فروری 2026ء بروز اتوار سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے اپنے دیرینہ رفیق عبدالواسع سروری قادری کے دعوتِ ولیمہ میں شرکت فرمائی۔ یہ تقریب بھی لاہور کے مقامی شادی ہال میں منعقد ہوئی۔ ان تقاریب میں سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس، صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مد ظلہ الاقدس، معزز مجلس ِخلفا، انتظامیہ کمیٹی تحریک دعوتِ فقر اور معزز مہمانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ آپ مد ظلہ الاقدس کی تشریف آوری نے محافل کو نورانیت اور وقار بخشا۔
شعبہ جاتی تقرریاں
حکمنامہ بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوت فقر سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کے مطابق سال 2026ء کے آغاز میں تحریک دعوت فقر کے شعبہ جات میں اہم تقرریاں دیکھنے میں آئیں۔
صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مد ظلہ الاقدس : نائب سرپرست تحریک دعوت فقر اور نگران خانقاہ سلطان العاشقین کا فریضہ نبھائیں گے۔
سلطان محمد عبد اللہ اقبال صاحب: شعبہ سوشل میڈیا، شعبہ ویب سائٹ ڈیویلپمنٹ اور شعبہ سائبر سیکیورٹی کے نگران ہوں گے۔
ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب صاحب:مرکزی رابطہ کمیٹی اور ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے انتظامات سنبھالیں گے۔
سلطان محمد عبد الرحمن محبوب صاحب: سلطان الفقر ڈیجیٹل پروڈکشنز اور شعبہ ڈیجیٹل ایڈز کے نگران کے طور پر کام کریں گے۔
منتظم ِاعلی تحریک دعوت فقر سلطان محمد نعیم عباس صاحب : خانقاہ سلطان العاشقین، شعبہ سیکورٹی اور سلطان العاشقین ہارسز، لائیو سٹاک اینڈ پولٹری کو دیکھیں گے۔
سلطان محمد ناصر حمید صاحب :شعبہ بیت المال، شعبہ ایپ ڈویلپمنٹ، شعبہ آرٹ اینڈ گرافک ڈیزائن، شعبہ لنگر، خانقاہ سلطان العاشقین اور مسجد زہراؓ کے امور کے نگران ہوں گے۔ علاوہ ازیں 25 جنوری 2026ء کے حکمنامہ سرپرست ِاعلیٰ کے مطابق آپ کو امین مجلس خلفابھی مقرر کیا گیا جس کی میعاد آئندہ 6 ماہ ہے۔
سلطان حافظ محمد ناصر مجید صاحب:انٹرنیشنل مریدین، شعبہ ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے نگران اور سلطان الفقر پبلیکشنز اور شعبہ دعوت و تبلیغ میں بطور معاون فرائض سرانجام دیں گے۔
پروفیسر سلطان حافظ حماد الرحمن صاحب:شعبہ اطلاعات و نشریات کے نگران ہوں گے۔
سلطان محمد احسن علی صاحب: سلطان الفقر پبلیکشنز اور شعبہ دعوت و تبلیغ کے نگران کے طور پر کام کریں گے۔
علاوہ ازیں دستور تحریک دعوتِ فقر کے آرٹیکل (11) 10 کے تحت تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ جات میں انتظامیہ انچارجز، شعبہ انچارجز اور نائب انچارجز کی تقرریاں عمل میں لائی گئیں جن کا مقصد تحریک کے نظام کو احسن انداز میں چلتے ہوئے فقرِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانا ہے۔
سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کا خانقاہ سلطان العاشقین لاہور میں خصوصی قیام
مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ، فقیر مالک الملکی، سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں 25 نومبر 2025ء تا 5 فروری 2026ء طویل قیام فرمایا۔ اس بابرکت قیام کے دوران کثیر تعداد میں مرد و خواتین طالبان مولیٰ، مریدین اور عقیدت مندوں نے آپ مدظلہ الاقدس کی صحبت اور دیدار سے فیض حاصل کیا۔ روزمرہ نشستوں کے ساتھ آپ مدظلہ الاقدس نے ہفتہ وار بزمِ سلطان العاشقین، عرس سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُ، حلف برادری تقاریب برائے عہدیداران و مجلسِ شوریٰ اور جنرل کونسل و علاقائی سربراہان برائے سال 2026ء کی بھی صدارت فرمائی۔
آپ مدظلہ الاقدس کی زیر سرپرستی مسجد ِزہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین کے تعمیراتی امور، پرندوں کے لئے پنجرے اور شجرکاری مہم بھی زور و شور سے جاری رہی۔ اس کے ساتھ آپ مدظلہ الاقدس کی زیرِنگرانی شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر نے جنوبی پنجاب اور سندھ کا بھی کامیاب تبلیغی دورہ کیا۔
مسجد زہرؓا و خانقاہ سلطان العاشقین میں تعمیر و ترقی کے منصوبوں کی تازہ صورتحال
بانی و سرپرست ِاعلیٰ تحریک دعوتِ فقر، سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی رہنمائی اور ہدایات کے مطابق مسجد زہرا و خانقاہ سلطان العاشقین میں جاری تعمیراتی سرگرمیاں تیزی سے اپنی تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔ الحمدللہ چار دیواری کی تعمیر کا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے جبکہ اب اس کی تزئین و آرائش پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔
اسی سلسلے میں مسجدِ زہراؓ کے وسیع احاطے کو اعلیٰ معیار کے سفید سنگِ مرمر کے فرش سے مزین کیا جا رہا ہے، جو ماہر انجینئرز کی زیرِ نگرانی انجام پا رہا ہے۔ مزید برآں مسجد کے برآمدے کی چھت پر نفیس اور معیاری امپورٹڈ ٹائلیں نصب کی جا رہی ہیں، جو اس عظیم الشان منصوبے کے حسن میں مزید اضافہ کریں گی۔ جبکہ دوسری جانب خانقاہ سلطان العاشقین میں پنجروں کی تعمیر اور سلطان العاشقین اصطبل سمیت دیگر منصوبہ جات بھی تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔
اس جدید اور منفرد منصوبے کی تکمیل میں ہر پہلو کو باریک بینی سے مدنظر رکھا جا رہا ہے تاکہ فقر کے اس مرکز کو نہ صرف پائیدار بلکہ دیدہ زیب اور مثالی بنایا جا سکے، اور کسی بھی سطح پر کوئی کمی باقی نہ رہ جائے۔
حلف برداری تقریب برائے جنرل کونسل و علاقائی سربراہان (منعقدہ: 25 جنوری 2026ء بروز اتوار)
25 جنوری 2026ء بروز اتوار دو پہر 2 بجے خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور سندر اڈہ ملتان روڈ لاہور میں نو منتخب جنرل کونسل تحریک دعوت فقر برائے سال 2026 ء اور علاقائی سربراہان کی تقریب ِحلف برداری منعقد ہوئی جس کی صدارت سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔ حسب دستور اس با برکت تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت مولانا یاسر یٰسین سروری قادری نے حاصل کی۔ جس کے بعد منتظم ِاعلیٰ سلطان محمد نعیم عباس صاحب نے سب ممبران سے حلف لیا۔ یاد رہے حتمی فہرست کے مطابق سال 2026ء کے لئے حلف اٹھانے والے جنرل کونسل ممبران کی تعداد 82 ہے۔ دستور تحریک دعوتِ فقر کے آرٹیکل (11)10 کے تحت ملک سجاول کھوکھر صدر جنرل کونسل جبکہ غلام حیدر بھٹی جنرل سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیں گے۔
جنرل کونسل کے حلف کے بعد منتظم ِاعلیٰ سلطان محمد نعیم عباس صاحب نے تحریک دعوتِ فقر کی علاقائی جماعتوں کے سربراہان سے بھی حلف لیا۔
تحریک دعوتِ فقر گلی گلی شہر شہر
29 جنوری 2026ء بروز جمعرات، خلیفہ نگران شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد احسن علی سروری قادری کے زیر ِقیادت جنوبی پنجاب اور سندھ کے تبلیغی دورہ کے لئے قافلہ خانقاہ سلطان العاشقین لاہورسے روانہ ہوا۔ وفد میں معاون خلیفہ نگران شعبہ دعوت و تبلیغ سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری، انتظامیہ انچارج ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری اور جنرل کونسل کے جنرل سیکرٹری غلام حیدر سروری قادری بھی شامل تھے۔
خانیوال اور لودھراں میں لوگوں کو سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کا پیغامِ فقر پہنچایا گیا اور مقصد ِحیات کے متعلق آگاہی دی گئی۔ عوام الناس کو سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے دست ِاقدس پر بیعت ہوکر تصور اسمِ اعظم، مشق مرقوم وجودیہ اور سلطان الاذکار ’’ھوُ‘‘ حاصل کرنے کی ترغیب بھی دی گئی۔ بحکم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس، خواہشمندوں کو خلفا سلطان العاشقین نے بغیر بیعت اسم ِاعظم کے پہلے ذکر کی اجازت عطا فرمائی۔ اہل ِعلاقہ میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے بھی فی سبیل اللہ تقسیم کئے گئے۔
بہاولپور شہر میں ضیا غنی سروری قادری کی رہائش گاہ پر مقامی افراد تک فقر کا پیغام پہنچایا۔
علاوہ ازیں احمد پور شرقیہ ضلع بہاولپور، مدثر حسین سروری قادری کی رہائش گاہ پر بھی دعوتی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔تحریک دعوتِ فقر میاں چنوں کی جانب سے درج ذیل اراکین نے معاونت کی: میاں بابر نذیر سروری قادری، زاہد سلیم سروری قادری، محمد عرفان سروری قادری اور محمد کامران سروری قادری۔ تبلیغی قافلہ خانپور میں ارشادسروری قادری کی رہائش گاہ پر پہنچا جہاں رات کے قیام کا انتظام تھا۔
30 جنوری 2026ء بروز جمعتہ المبارک خانپور شہر میں تبلیغی سرگرمیاں انجام دی گئیں اور قافلہ شام کے وقت گاؤں پیر بخش گبول تحصیل میرپور ماتھیلو ضلع گھوٹکی میں ذوالفقار علی سروری قادری کے گھر پہنچا جہاں ان کے عزیز و اقارب سے ملاقات کی گئی۔
اگلے روز 31 جنوری 2026ء بروز ہفتہ ذوالفقار علی سروری قادری کے گھر گردواح کے گائوں سے تشریف لائے عقیدتمندوں سے ملاقات کی گئی اور انہیں سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی بلند پایہ شخصیت کے متعلق آگاہ کیا گیا اور ان سے اسم ِاللہ ذات کے فیض کے حصول کی دعوت دی گئی۔ کثیر افراد نے بغیر بیعت کے اسم ِاللہ ذات کا پہلا ذکر حاصل کیا۔ میرپور ماتھیلو سے روانہ ہو کر یہ قافلہ صادق آباد پہنچا جہاں تبلیغی سرگرمیاں انجام دینے کے بعد وفد بستی نور محمد احمد پور لمہ تحصیل صادق آباد میں ڈاکٹر شکیل احمد سروری قادری کی رہائش گاہ پر پہنچا جہاں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے مریدین کی کثیر تعداد کو خانقاہ سلطان العاشقین میں حاضر ہو کر مرشد کامل کی صحبت سے فیض یاب ہونے کی دعوت دی گئی۔ علاوہ ازیں 21 مارچ کی محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ کی خصوصی دعوت دی گئی۔ رات گئے قافلہ لاہور کے لیے روانہ ہوا اور یکم فروری بروز اتوار صبح بوقتِ فجر خیر و عافیت سے خانقاہ سلطان العاشقین پہنچا۔
14 فروری 2026ء بروز ہفتہ شعبہ دعوت و تبلیغ کے نگران سلطان محمد احسن علی سرور ی قادری اور سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری کی قیادت میں تبلیغی قافلہ خانقاہ سلطان العاشقین سے روانہ ہوا۔ قافلہ میں تحریک دعوتِ فقر کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز سروری قادری اور جنرل کونسل کے جنرل سیکریٹری غلام حیدر بھٹی سروری قادری بھی شامل تھے۔ وفد نے دن بھر ننکانہ، جڑانوالہ اور فیصل آباد کے مختلف مقامات پر تبلیغی سرگرمیاں سرانجام دیں اور شام کے وقت تحریک دعوتِ فقر بچیانہ منڈی کے دفتر میں بچیانہ منڈی اور تمام نواحی و اطرافی گائوں میں موجود سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے مریدین سے ملاقات کی۔
15 فروری 2026 بروز اتوار، چک نمبر 628 گ ب پٹھان کوٹ تحصیل جڑانوالہ ضلع فیصل آباد میں تبلیغی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ بعد ازاں یہ قافلہ چک نمبر 657/7 گ بے میں توقیر احمد سروری قادری کی دعوتِ ولیمہ میں شرکت کی۔