تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr News

Rate this post

تحریک دعوتِ فقر نیوز 
Tehreek Dawat-e-Faqr News

نیوز رپورٹر: محمد عثمان صادق سروری قادری

محفل ذکرِحسینؓ

تمام مشائخ سروری قادری اور بزرگانِ دین کی طرح وارثِ امانتِ الٰہیہ و فقرِمحمدیؐ، سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس بھی اہلِ بیتؓ سے بے پناہ عشق فرماتے ہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس ہر سال 10 محرم الحرام کو شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں محفل ذکرِحسینؓ منعقد فرماتے ہیں۔

اپنی اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے رواں سال بھی تحریک دعوت فقر کے زیرِ انتظام مسجدِ زہرؓا و خانقاہ سلطان العاشقین میں عظیم الشان محفل ذکرِحسینؓ کا انعقاد ہوا۔ 10 محرم الحرام 1447 ھ بمطابق 6 جولائی 2025 بروز اتوار بعد نمازِ ظہر منعقد ہونے والی اس پاک محفل کی صدارت خود بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس نے فرمائی۔ مریدین و عقیدت مندوں کی کثیر تعداد اندرون و بیرونِ ملک سے سفر کرتے ہوئے اس بابرکت محفل میں شریک ہوئی۔ 

مولانا یاسر یاسین سروری قادری کی پر سوز آواز میں تلاوتِ قرآنِ مجید سے محفل کا آغاز ہوا جبکہ نقابت کے فرائض حسبِ روایت منتظمِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان محمد نعیم عباس سروری قادری نے ادا فرمائے۔ تلاوت کے بعد شانِ اہلِ بیتؓ اطہار میں گلہائے عقیدت پیش کرنے کے لیے عطا الوہاب سروری قادری سٹیج کی زینت بنے۔ کلام کے بعد ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب سروری قادری تشریف لائے جنہوں نے آلِ رسولؐ کی عظمت اور بلند شان کے حوالے سے خطاب فرمایا۔ امامِ عالی مقام حضرت امام حسینؓ اور آپ کے باوفا ساتھیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے فرمایا کہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت دراصل خلیل اللہ کی قربانی کا ہی تسلسل ہے۔ بقول اقبالؒ :

غریب و سادہ و رنگیں ہے داستانِ حرم
نہایت اس کی حسینؓ، ابتدا ہے اسماعیلؑ

عشق کا مطلب ہے اپنا وقت، سکون، آرام ، مال، آل اولاد حتیٰ کہ اپنی جان تک جان آفرین کے سپرد کر دینا۔ کتابِ عشق کا کوئی باب، راہِ عشق کا کوئی اصول دیکھ لیں وہ امامِ عالی مقامؓ کے مبارک قدموں کی دھول ہے۔ عشق تمام محبتوں کی معراج ہے جبکہ شہادتِ امام حسینؓ خود عشق کی معراج ہے۔ اپنے نانا سرورِ کائنات حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دین کی سربلندی کے لئے حضرت امام حسینؓ اور آپ کے جانثاروں نے جس قدر جرأت و جانفشانی سے باطل کا مقابلہ کیا تاقیامت کوئی اور نہ کر سکے گا۔ بقول شاعر: 

مٹی میں مل گئے ارادے یزید کے
لہرا رہا ہے آج بھی پرچم حسینؓ کا

آپؓ کی شہادت ہر دور میں راہِ حق کے مسافروں کو باطل کے مقابلے میں ڈٹ جانے کی ہمت و حوصلہ عطا کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی جبکہ آپؓ کا دشمن بظاہر جیت کر بھی ہار گیا اور ازلی و ابدی لعنتوں کا مستحق ٹھہرا۔ 

سلطان محمد حسنین محبوب صاحب کے خطاب کے بعد بارگاہِ حسینؓ میں منقبت کا نذرانہ پیش کرنے کی سعادت رمضان باھو سروری قادری نے پائی۔ اس کے بعد دعا و ختم قرآن کے لئے سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری تشریف لائے۔ ختم شریف کے بعد تمام حاضرینِ محفل نے دست بستہ کھڑے ہو کر بارگاہ رسالت مآب میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا جبکہ اختتامی دعا پروفیسر سلطان حافظ حمادالرحمٰن سروری قادری نے کروائی۔ 

محفل کے بعد حسبِ روایت تمام مہمانوں کی بہترین لنگر پاک سے تواضع کی گئی۔ لنگر پاک کے بعد بیعت کے متمنی مرد و خواتین کو آپ مد ظلہ الاقدس نے بیعت فرما کر اسمِ اعظم اسمِ اللہ ذات کا ذکر و تصور عطا فرمایا۔

سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا قیام و بزمِ سلطان العاشقین

بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر اور سلسلہ سروری قادری کے اکتیسویں شیخِ کامل، فقیر مالک الملکی، سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس نے ماہِ جون اور جولائی 2025 کے دوران خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف میں خصوصی قیام فرمایا۔ آپ مدظلہ الاقدس روزانہ کی بنیادی پر اپنی مبارک اور بابرکت صحبت سے طالبانِ مولیٰ اور عقیدت مندوں کے قلوب کو نورِ عشقِ حقیقی سے سرشار فرماتے رہے۔ اس دوران 22 جون اور 13 جولائی 2025 بروز اتوار عام ملاقات فرمائی اور فرداً فرداً سب کی خیریت دریافت کی۔ اپنے قیام کے دوران دیگر دنوں میں بھی دور دراز سے آئے لوگ آپ مد ظلہ الاقدس کی نگاہِ کامل سے فیضیاب ہوتے ہیں۔ جہاں آپ انہیں بیعت و بغیر بیعت اسمِ اعظم ، اسمِ اللہ ذات کا ذکر و تصور عطا فرماتے ہیں تاکہ بندے کا اپنے ربّ سے خصوصی تعلق قائم ہو جائے اور وہ اس جہان میں رہتے ہوئے ہی اگلے جہان کی تیاری کر سکے۔ آپ مد ظلہ الاقدس کی دیگر مصروفیات میں مسجدِ زہرؓا اور سلطان العاشقین اصطبل کا جائزہ بھی شامل ہے۔

محک الفقر کلاں کی اشاعت 

وارثِ امانتِ الٰہیہ و فقرِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم، فقیر مالک الملکی سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی زیرِ نگرانی اور سلطان الفقر پبلیکیشنز کے زیرِ اہتمام سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ کی بے مثال اور گراں قدر تصنیف ’’محک الفقر کلاں‘‘ (اُردو ترجمہ مع فارسی متن) شائع ہو چکی ہے۔ اس عظیم علمی خزانے کا اُردو ترجمہ سلطان محمد احسن علی سروری قادری نے نہایت خلوص، اور محبت کے ساتھ کرنے کی سعادت حاصل کی ہے۔ یہ کتاب طالبانِ مولیٰ کے لیے ایک انمول رہنمائی ہے۔ ایک ایسا آئینہ جو راہِ فقر کے اسرار کو روشن کرتا ہے۔

مسجدِ زہراؓ و خانقاہ سلطان العاشقین میں تربیتی کورس

کارکنان تحریک دعوتِ فقر کے اصرار پر مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی ہدایات پر شعبہ دعوت و تبلیغ کے زیرِ اہتمام مسجدِ زہرؓا میں حفظ و ناظرہ قرآن کے ساتھ ساتھ درس و تدریس کی کلاسز کا اجرا کیا گیا۔ جہاں ناظرہ کی کلاس روزانہ دوپہر 2 تا 3 بجے جبکہ دعوت و تبلیغ کے حوالے سے تربیتی کورس کی کلاس شام 7.30 سے 8.30 تک ہوتی ہے۔ عوام الناس کے لئے دعوتِ عام ہے کہ اپنے بچوں کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ فقر و تصوف کی تعلیم بھی دلوائیں۔ مسجد اللہ کا گھر ہے اور خانقاہ اللہ والوں کا جہاں مرشد کے زیرِ نظر رہتے ہوئے انسان کا تزکیۂ نفس ہو کر بندہ مسلمان سے مومن کے سفر پر گامزن ہو جاتا ہے۔

 
 

اپنا تبصرہ بھیجیں