سلطان العاشقین اور جہد ِ مسلسل Sultan-ul-Ashiqeen Aur Jehd-e-Musalsal

4.6/5 - (22 votes)

سلطان العاشقین  اور جہدِ مسلسل
Sultan-ul-Ashiqeen Aur Jehd-e-Musalsal

تحریر: سلطان محمد احسن علی سروری قادری

کائنات میں واحد چیز جو ایک تسلسل سے جاری و ساری ہے وہ تغیر ہے جس میں کائنات لمحہ بہ لمحہ تبدیل ہو رہی ہے۔ اس کائنات میں ہر جاندار کسی نہ کسی فکر، کام اور مقصد کے حصول کے لیے مصروفِ عمل ہے اور یہی قانونِ فطرت اور اللہ تبارک و تعالیٰ کا نظام ہے کہ ہر کام ایک تسلسل سے انجام پا رہا ہے اور تغیر پذیر ہے۔ انسان ترقی کی منازل طے کرتا ہوا نئے سے نئے جہان دریافت کر رہا ہے۔ ازل سے اللہ اس نظامِ کائنات کو ایسے ہی چلا رہا ہے اور یہ نظام یونہی آگے بھی چلتا رہے گا جس میں انسان نئے نئے جہان دریافت کرے گا اور فطرت کے مخفی اسرار و رموز سے واقفیت حاصل کرے گا۔ 

فطرت کا یہی خاصہ انسان میں بھی موجود ہے۔ وہ بھی ہر لمحہ کسی نہ کسی امر کی انجام دہی اور اسرارِ کائنات سے پردہ اٹھانے میں مصروف ہے کہ زندگی نام ہے جہدوجہد کا۔۔۔۔ جہدِمسلسل کا۔۔۔۔۔ جس کے متعلق مختلف لوگوں کے مختلف معیار ہوتے ہیں۔ کسی کی جدوجہد زیادہ سے زیادہ پیسہ کمانے کے لیے ہے، کسی کی بڑے سے بڑا رتبہ پانے کے لیے، کوئی اولاد کی خاطر جدوجہد کر رہا ہے کوئی حصولِ علم کی خاطر، کوئی جنت کے حصول کے لیے محنت کر رہا ہے کوئی جہنم سے نجات کے لیے۔ کسی کے لیے زندگی نام ہے سیر و تفریح اور لطف اندوزی کا اور کسی کے لیے زندگی مسلسل پریشانیوں، تکلیفوں اور مشکلوں سے عبارت ہے۔ کوئی ہنستے ہنستے زندگی گزارنے میں مگن ہے اور کوئی دکھوں کے پہاڑوں سے نبردآزما ہے۔ ہر جہدِمسلسل کسی خاص مقصد کے حصول اور منزل تک رسائی کے لیے ہوتی ہے کیونکہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے قرآنِ پاک میں ارشاد فرمایا ہے:
وَ اَنْ لَّیْسَ لِلْاِنْسَانِ اِلَّا مَا سَعٰی  (سورۃ النجم۔39)
ترجمہ: اور انسا ن کے لیے وہی ہے جس کے لیے وہ کوشش کرتا ہے۔

سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور سلطان الفقر ہفتم ہیں۔ آپ کی تمام حیاتِ مبارکہ بھی جہدِمسلسل سے عبارت ہے۔ آپ نے اپنے مرشد سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ کے وصال کے بعد اپنے مرشد کے مشن کو آگے بڑھانے اور ان کی تفویض کردہ ڈیوٹی کو احسن طور پر سرانجام دینے کے لیے ایک فردِ واحد کے طور پر کام کا آغاز کیا۔

سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے متعلق فرمایا تھا ’’ہم فقر کا عنوان ہیں اور آپ اس کی تفصیل ہوں گے۔‘‘

سلطان الفقر ششم نے اسمِ اللہ ذات کے فیض کو کھولا تھا لیکن اسے دنیا بھر میں ہر خاص و عام تک پہنچانا سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کا مشن تھا۔ چونکہ عوام الناس اسمِ اللہ ذات کے فیوض و برکات سے ناواقف تھے اور مرشد کامل اکمل کی بلند شان اور عظیم مراتب سے بھی ناآشنا تھے اس لیے ابتدا میں آپ مدظلہ الاقدس نے دو کتب ’’حقیقت اسمِ اللہ ذات‘‘ اور ’’مرشد کامل اکمل‘‘ ہزاروں کی تعداد میں چھپوا کر تقسیم کیں۔ یہ کتب نہ صرف بازاروں میں تقسیم کی گئیں بلکہ اس کے لیے مختلف اخبارات میں اشتہارات بھی دئیے گئے کہ یہ دو کتب فی سبیل اللہ حاصل کریں۔ مختلف قسم کے پمفلٹ چھپواکر گھروں میں اور بازاروں میں تقسیم کیے گئے، مختلف موضوعات پر مختصر مگر جامع اسباق ترتیب دے کر فی سبیل اللہ تقسیم کیے گئے۔ اس طرح سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے اپنے مشن کا آغاز فرمایا۔

ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کا اجرا

مختلف پمفلٹس کی تقسیم کے دوران ہی سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے ایک ماہنامہ کے اجرا کے لیے کوششیں شروع کر دیں تاکہ’’ دعوتِ فقر‘‘ مستقل بنیادوں پر عوام الناس تک پہنچائی جا سکے۔ انتھک محنت اور مسلسل کوششوں کے بعد ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کا ڈیکلیریشن حاصل ہوا اور اگست 2006ء میں اس کا پہلا شمارہ منظرِعام پر آیا۔ آغاز میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے بذاتِ خود مختلف موضوعات پر مضامین تحریر فرمایا کرتے کیونکہ اور کوئی مضمون نگار موجود نہ تھا۔ ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کی اشاعت کے ساتھ ہی طالبانِ مولیٰ نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی طرف جوق در جوق رجوع کرنا شروع کر دیا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے انہی بیعت ہونے والوں میں سے بہت سے مرد و خواتین کو مضمون نگاری کی تربیت بھی دی اور جلد ہی انہوں نے بھی سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی زیر نگرانی میگزین میں مضامین لکھنے کا کام شروع کر دیا۔

سلطان الفقر پبلیکیشنز کا آغاز

سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس بہت زیادہ دور اندیش ہیں۔ آپ نے محض ماہنامہ کے اجرا کو کافی نہیں سمجھا کیونکہ تعلیماتِ فقر کا احیا اور ان کا فروغ بھی بے حد ضروری تھا جس کے لیے ایک اہم ادارہ کی ضرورت تھی۔ اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے اگست 2006ء میں ’’سلطان الفقر پبلیکیشنز‘‘کی بنیاد رکھی اور اسے باقاعدہ طور پر رجسٹر کروایا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے طالبانِ مولیٰ کی رہنمائی کے پیشِ نظر مختلف تصانیف پر کام شروع فرمایا جس کے تحت پہلی مرتبہ عرس سلطان التارکین حضرت سخی سلطان سیدّ محمد عبداللہ شاہ مدنی جیلانی رحمتہ اللہ علیہ کے موقع پر اگست 2012ء میں چار کتب منظرِعام پر آئیں جن میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی تصنیفِ مبارکہ ’’سوانح حیات سلطان التارکین حضرت سخی سلطان سیدّ محمد عبداللہ شاہ مدنی جیلانی رحمتہ اللہ علیہ‘‘ سرِفہرست ہے۔ اس طرح آپ مدظلہ الاقدس نے چوبیس کتب تصنیف فرمائیں جن کا تعارف اسی میگزین میں شائع کیا گیا ہے۔ (ملاحظہ فرمائیں مضمون ’سلطان العاشقین کی قلمی خدمات کا تعارف‘)

سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ کی کتب تعلیماتِ فقر کا ایک قدیم خزانہ ہیں جنہیں محفوظ کرنا نہایت ضروری تھا۔ حضرت سخی سلطان باھوؒ کے دور میں پرنٹنگ کا جدید نظام موجود نہ تھا اور نسخہ جات ہاتھ سے تحریر کیے جاتے اور پھر انہی نسخہ جات سے مزید نسخہ جات نقل کر لیے جاتے۔ چونکہ حضرت سخی سلطان باھوؒ کا زمانہ آج سے ساڑھے تین سو سال پہلے کا ہے اس لیے بہت سے نسخہ جات مختلف صاحبزادوں اور عقیدتمندوں کے پاس نہایت ہی خستہ حالت میں موجود تھے۔ پہلے مرحلہ میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے ان نسخہ جات کو جمع کرنے کا عمل شروع فرمایا جس کے تحت آپ نے اپنے مریدین کو مختلف اطراف میں روانہ کیا، جہاں کہیں سے بھی نسخہ جات ملنے کے امکانات تھے۔ مختلف لائبریریوں کا جائزہ لیا گیا، کثیر عقیدتمندوں اور خانوادہ حضرت سلطان باھوؒ کے صاحبزادگان سے رابطے کیے گئے اور طویل جدوجہد کے بعد تمام کتب کے نسخہ جات کو جمع کر کے ان کو محفوظ کیا گیا۔ دوسرے مرحلہ میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے ان فارسی کتب کے تراجم پر کام کا آغاز فرمایا اور حضرت سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ کی نہایت ہی مشہور و معروف تصنیف مبارکہ ’’رسالہ روحی شریف‘‘ کا فارسی سے اُردو ترجمہ بذاتِ خود فرمایا اور ترجمہ کے ساتھ ساتھ شرح طلب عبارات کے حواشی بھی کتاب کے آخر میں تحریر فرمائے۔ چونکہ فارسی ہماری مادری زبان نہیں ہے اس لیے طالبانِ مولیٰ کی آسانی کے لیے فارسی متن پر اعراب بھی لگائے تاکہ رسالہ روحی شریف کو بطور وظیفہ پڑھنے والوں کے لیے آسانی ہو۔ مزید کتب کے تراجم کے لیے اپنے مریدین کی تربیت فرمائی اور انگلش و اُردو تراجم پر کام کا آغاز فرمایا۔ اس طرح سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ کی کتب، جو کہ مارکیٹ میں ناپید ہوتی جا رہی تھیں، کے فیض کا سلسلہ جاری فرمایا۔

تبلیغی دورہ جات کا آغاز

2005ء میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے طالبانِ مولیٰ اور عقیدتمندوں کی پرُزور فرمائش پر ملک بھر میں تبلیغی دورہ جات کا آغاز فرمایا۔ وہ عقیدتمند جو بذریعہ ڈاک ’’حقیقت اسمِ اللہ ذات‘‘ اور ’’مرشد کامل اکمل‘‘ کتب منگوا چکے تھے یا ان کے علاوہ مختلف پمفلٹ ان تک پہنچ چکے تھے ان لوگوں کے بے حد اصرار پر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے مریدین کے ہمراہ مختلف شہروں اور دیہاتوں میں تبلیغی دورہ جات فرمائے۔ اس دوران جس گھر میں بھی آپ مدظلہ الاقدس نے قیام فرمایا وہاں برکات کا ظہور ہونا شروع ہو گیا اور ان کے تمام تر مسائل اور مشکلات سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے قدموں کی برکت سے دور ہو گئیں۔ دورانِ دورہ کثیر مرد و خواتین اپنے ظاہری و باطنی مسائل کے حل اور طلبِ مولیٰ کے لیے آپ مدظلہ الاقدس کے پاس حاضر ہوتے۔ جنہیں اللہ کی معرفت اور قرب کی طلب تھی ان کے نفوس کا تزکیہ فرما کر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے معرفتِ الٰہی سے روشناس کروایا اور جن کی طلب دنیاوی مسائل کا حل تھا ان کے مسائل حل کر دئیے جیسا کہ بے اولادی، رشتوں کی بندش، جادو کے اثرات، سفلی و روحانی عملیات کے مضمرات، بے روزگاری سے نجات، کاروبار کی ترقی وغیرہ ۔غرض یہ کہ جو بھی آپ مدظلہ الاقدس کے پاس جس بھی طلب سے حاضر ہوا وہ اپنی مراد پا کر لوٹا۔ اس کے علاوہ جو لوگ ان تبلیغی دوروں میں آپ کے ہمراہ ہوتے ان پر بھی اللہ تعالیٰ نے بے حد فیوض و برکات نازل کیں۔

2005ء سے 2009ء تک تبلیغی دورہ جات کا یہ سلسلہ جاری رہا۔ چند سال کتب کی اشاعت میں مشغولیت کی بنا پر تبلیغی دورہ جات کے تسلسل میں کمی واقع ہوئی لیکن 2012ء میں کتب کی اشاعت کے بعد 2013ء سے باقاعدہ طور پرسلسلہ دوبارہ سے شروع ہو گیا۔ اس دوران سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے فیض یافتگان کی تعداد میں بھی بے حد اضافہ ہو چکا تھا اس لیے ملک بھر سے مریدین نے آپ کو اپنے اپنے علاقوں میں مدعو کرنا شروع کر دیا۔ شعبہ دعوت و تبلیغ کے ممبران سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی آمد سے قبل ہی اس علاقہ میں پہنچ کر بازاروں اور گھروں میں اسمِ اللہ ذات کے فیوض و برکات کی دعوت دیتے جس کے نتیجہ میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی آمد پر عقیدتمندوں کا جمِ غفیر آپ کا منتظر ہوتا اور ہزاروں لوگ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس سے اسمِ اللہ ذات کا ذکر و تصور حاصل کر کے فیض یاب ہوتے۔ لاہور سے قریبی علاقوں میں ایک یا دو روزہ قیام ہوتا جبکہ دور دراز علاقوں میں یہ قیام چار سے چھ روز پر محیط ہوتا۔ 2013ء سے 2018ء تک سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے باقاعدگی سے تبلیغی دورہ جات فرمائے۔

تحریک دعوتِ فقر کا قیام

پیغامِ فقر اور فیضِ اسم اللہ ذات کو باقاعدہ اور منظم طور پر آگے بڑھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم کی اشد ضرورت تھی جس کے لیے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے 23 اکتوبر 2009ء کو’’ تحریک دعوتِ فقر‘‘کی بنیاد رکھی اس سے قبل تمام روحانی محافل آپ کی رہائش گاہ ’’سلطان العاشقین ہاؤس‘‘ میں ہی منعقد ہوا کرتی تھیں۔ 

سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے تحریک دعوتِ فقر کا باقاعدہ دستور اور منشور ترتیب دیا اور قواعد و ضوابط بھی تحریر کیے۔ اس کے ساتھ ہی تحریک دعوتِ فقر کے زیرِاہتمام مختلف شعبہ جات کا قیام عمل میں لایا گیا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے زیرِقیادت اور آپ کی جہدِمسلسل نے تحریک دعوتِ فقر کو عروج عطا کیا ۔ تحریک دعوتِ فقر کے تحت کام کرنے والے شعبہ جات کے ذریعے پیغامِ فقر کو دنیا بھر میں عام کیا جا چکا ہے اور مزید کیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا ڈیپارٹمنٹ کا قیام

عصر ِحاضر کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کی بنیاد رکھی اور 2011ء سے مختلف سوشل میڈیا فورمز پر اکائونٹ بنا کر تعلیماتِ فقر کے فروغ کا آغاز فرمایا گیا۔ فیس بک چونکہ سب سے زیادہ مشہور تھا اس لیے اسی سے آغاز کیا گیا۔ فیس بک پر مختلف شخصیات جیسا کہ سلطان الفقر اوّل حضرت بی بی فاطمہ رضی اللہ عنہا، سلطان الفقر دوم خواجہ حسن بصریؓ، سلطان الفقر سوم سیدّنا غوث الاعظم حضرت شیخ عبدالقادرجیلانیؓ، سلطان الفقر چہارم حضرت شیخ تاج الدین ابوبکر سیدّ عبد الرزاق جیلانیؒ، سلطان الفقر پنجم سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھوؒ، سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علیؒ کے نام سے اکاونٹس بنائے گئے جن کے ذریعے نہ صرف ان ہستیوں کی بلند شخصیت سے عوام الناس کو متعارف کروایا گیا بلکہ ان کی تعلیمات سے بھی روشناس کروایا گیا۔ بعد ازاں سلطان الفقر پبلیکیشنز، ماہنامہ سلطان الفقر لاہور، تحریک دعوتِ فقر، سلطان العاشقین کے نام سے بھی اکاونٹس/پیجز بنا ئے گئے۔علاوہ ازین سلطان الفقر پبلیکشنز کی شائع کردہ تمام کتب کے نام سے بھی فیس بک پر پیجز بنائے گئے۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس مسلسل طالبانِ مولیٰ کی تربیت فرماتے رہے تاکہ وہ سوشل میڈیا فورمز پر بہترین طور پر کام کر سکیں۔ فیس بک کے علاوہ انسٹاگرام، ایکس (ٹوئٹر)، گوگل پلس،پِن ٹرسٹ، بلیو سکائی، تھریڈز،ریڈ اِٹ، لنکڈاِن، ڈیلی موشن، ٹک ٹاک، لائیکی، سنیک ویڈیوز، رمبل،کورااور ٹمبلرپر بھی وقتاً فوقتاً اکاونٹس بنائے گئے۔ان تمام فورمز پر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی تصانیف سے مواد لے کر تعلیمات کو پروموٹ کیا جاتا ہے۔ جوں جوں نئے فورمز متعارف ہوتے گئے تمام فورمز پر اکاؤنٹ بنا لیے گئے۔

اس کے ساتھ ساتھ مختلف شہروں اور دیہاتوں میں سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے تبلیغی دورہ جات کی تصاویر اور ویڈیوز بنائی جاتیں اور ڈیجیٹل میڈیا کے تحت مختلف روحانی محافل اور عارفانہ کلاموں کی ایڈیٹنگ کے بعد ان کی باقاعدہ ویڈیوز تیار کر کے سوشل فورمز پر لگائی جاتیں۔ اسی مقصد کے لیے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی خصوصی ہدایت پر مختلف اوقات میں درج ذیل ویب ٹی وی بھی بنائے گئے:

https://sultan-ul-ashiqeen.tv
https://sultan-bahoo.tv
https://tehreekdawatefaqr.tv
https://sultanulfaqr.tv 

اسی طرح یوٹیوب پر 24 اپریل 2013ء کو تحریک دعوتِ فقر ٹی وی،30 اکتوبر 2017ء کو سلطان العاشقین ٹی وی اور 26 اپریل 2018ء کو سلطان باھوُ ٹی وی کے نام سے چینلز بنائے گئے جن پر محفل میلادِ مصطفیؐ بسلسلہ جشنِ عید میلاد النبیؐ، محفلِ میلاد بسلسلہ یومِ منتقلی امانتِ الٰہیہ، عید ملن تقریبات، عرس کی تقریبات اور دیگر روحانی محافل کی ویڈیوز بنا کر اَپ لوڈ کی جاتی ہیں جو کہ دنیا بھر سے پذیرائی حاصل کرتی ہیں۔سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نہ صرف خصوصی طور پر ان ویڈیوز کو دیکھتے ہیں بلکہ ان میں جدّت اور بہتری کے لیے رہنمائی بھی فرماتے ہیں۔

یہ شعبہ جات تمام روحانی محافل کو مختلف فورمز پر لائیو بھی کرتے ہیں جس کی بدولت دیگر ممالک میں مقیم مریدین اور عقیدتمند بھی ایک طرح سے ان روحانی محافل کے فیوض و برکات سے مستفید ہوتے ہیں۔

ویب سائٹس ڈویلپمنٹ

ماہنامہ سلطان الفقر لاہور اور سلطان الفقر پبلیکیشنز کے تحت شائع ہونے والی کتب کا سلسلہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے زیرِ نگرانی جاری تھا اور سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس چاہتے تھے کہ ان کتب و رسائل کو دنیا بھر میں عام کیا جائے تاکہ ہر خاص و عام تک پیغامِ حق پہنچ سکے۔ اس مقصد کے لیے ضرورت تھی ویب سائٹس کی۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی زیرِ نگرانی آپ ہی کے تربیت یافتہ مریدین نے ویب سائٹس بنانے کا سلسلہ شروع کیا۔ ابتدائی طور پر HTML، C++ اور Java میں ویب سائٹس بنانے کا عمل شروع کیا گیا جو کہ کافی طویل اور صبر آزما مرحلہ تھا۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس بذاتِ خود تمام پراجیکٹس کی نگرانی فرماتے اور اپنی دور اندیشی اور کامل بصیرت کی بنا پر ویب سائٹ ڈویلپمنٹ ٹیم کی خصوصی رہنمائی بھی فرماتے۔

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اور ویب ڈویلپمنٹ کی فیلڈ میں جدّت اور ترقی کے بعد ویب سائٹس بنانا کافی آسان ہو گیا تو سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی ہدایت پر ماہنامہ اور پبلیکیشنز کی ویب سائٹس بنائی گئیں۔

www.mahnama-sultan-ul-faqr-lahore.com
www.sultan-ul-faqr-publications.com

ان کے علاوہ حضرت سخی سلطان باھوُ رحمتہ اللہ علیہ کی حیات و تعلیمات پر نہایت ہی جامع اور بہترین ویب سائٹس بنائی گئیں جن میں نہ صرف حضرت سخی سلطان باھوؒ کی حیاتِ مبارکہ کے تمام پہلوؤں کو بیان کیا گیا بلکہ آپ کی تعلیمات کو بھی درج کیا گیا۔ یہ ویب سائٹس انگلش اور اُردو دونوں زبانوں میں علیحدہ علیحدہ ڈویلیپ کی گئیں۔

https://www.sultan-bahoo.pk/
https://www.sultan-bahoo.com/

طالبانِ مولیٰ کی خواہش تھی کہ وہ اپنے مرشد کریم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی حیاتِ مبارکہ، آپ کی جدوجہد اور تعلیمات سے عوام الناس کو روشناس کروائیں اسی مقصد کے لیے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس پر بھی انگلش اور اردو میں دو ویب سائٹس بنائی گئیں جو اپنی نوعیت کی نہایت ہی بہترین ویب سائٹس ہیں۔ 

https://www.sultan-ul-ashiqeen.pk/
https://www.sultan-ul-ashiqeen.com/

اسی طرح یکے بعد دیگرے بہت سی ویب سائٹس تیار کر کے لائیو کی گئیں جن کی تفصیل درج ذیل ہے:

https://www.tehreekdawatefaqr.org/
https://www.tehreekdawatefaqr.com/
https://www.sultanulfaqr.pk/
https://www.sultanulfaqr.com/
https://www.sultan-ul-faqr-library.com/
https://www.masjid-e-zahra-khanqah-sultan-ul-ashiqeen.com 

ان ویب سائٹس کی ڈویلپمنٹ آسان کام نہیں تھا۔ لیکن سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی جہدِمسلسل نے ویب سائٹس ڈویلپمنٹ ونگ کے جوش و جذبے کو ہوا دی اور انہوں نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی نگرانی اور رہنمائی میں ان دیدہ زیب ویب سائٹس کو نہ صرف مکمل طور پر تیار کیا بلکہ مستقل بنیادوں پر ان میں بہتری اور تبدیلی کا کام بھی جاری ہے۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے ان ویب سائٹس کی تیاری کے دوران نہ صرف ظاہری طور پر خود تحقیق کی بلکہ شعبہ کے ممبران کو بھی اس حوالے سے مکمل راہنمائی فراہم کی۔ ویب سائٹس ڈویلپمنٹ ونگ نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی اقتدا میں جدّت کو اپناتے ہوئے موبائل اپلیکیشنز بھی بنائی ہیں جو گوگل پلے سٹور اور اپیل پلے سٹور سے مفت ڈائون لوڈ کی جا سکتی ہیں۔

مسجدِزہرؓا اور خانقاہ سلطان العاشقین کا قیام

خانقاہ سلسلہ سروری قادری میں تمام ہفتہ وار اور سالانہ روحانی محافل کے انعقاد کا سلسلہ اس کے قیام سے ہی جاری تھا۔ مریدین اور عقیدتمندوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیشِ نظر ایک وسیع و عریض خانقاہ کی ضرورت شدت سے محسوس ہونے لگی۔ مجلسِ محمدی صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی حضوری سے بھی مرکزِفقر کی تعمیر کا عندیہ مل گیا جس کے بعد 2017ء سے مسجدِ زہراؓ اور خانقاہ سلطان العاشقین کی تعمیر کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ پہلا مرحلہ مسجد و خانقاہ کے لیے جگہ کی تلاش تھی۔ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی رہنمائی میں ایک مناسب جگہ کا انتخاب کیا گیا اور دوسرے مرحلہ کا آغاز ہوا جو کہ تعمیر سے متعلق تھا۔ سب سے پہلے خانقاہ سلطان العاشقین کا قیام عمل میں لایا گیا اور روحانی محافل خانقاہ سروری قادری سے خانقاہ سلطان العاشقین میں منتقل ہو گئیں۔ کچھ عرصہ بعد تحریک دعوتِ فقر کے ماتحت تمام دفاتر بھی خانقاہ سلطان العاشقین منتقل کر دیے گئے۔ یکم اگست 2020ء کو سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس نے اپنے دستِ اقدس سے مسجدِزہراؓ کا سنگِ بنیاد رکھا۔ مسجد کے نقشہ سے لے کر مسجد کی تعمیر اور پھر تزئین و آرائش کے دوران ہر لمحہ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی رہنمائی شاملِ حال رہی۔ آپ مستقل بنیادوں پر مسجدِزہراؓ تشریف لاتے اور تعمیراتی امور کا جائزہ لیتے۔ اس کے علاوہ روزانہ کی بنیادوں پر آپ کو مسجدِزہراؓ کے تعمیراتی امور کی اَپ ڈیٹ بھی دی جاتی۔ 5 سال کے مختصر عرصہ میں مسجدِزہراؓ مکمل شان و شوکت کے ساتھ تیار ہو چکی ہے جس کی تزئین و آرائش کا مختصر کام ابھی جاری ہے۔

 حاصلِ تحریر:

سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی جہدِمسلسل کو احاطہ تحریر میں لانا ممکن نہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس کی شبانہ روز محنت نے تحریک دعوتِ فقر اور اس کے شعبہ جات کو بامِ عروج پر پہنچایا۔ کمرۂ واحد سے شروع کیے جانے والا مشن وسیع و عریض خانقاہ و مسجد ِزہراؓ سے دنیا بھر میں پیغامِ حق کو عام کر رہا ہے۔ 

علامہ اقبالؒ جہدِمسلسل کے متعلق فرماتے ہیں:

یقیں محکم، عمل پیہمِ محبت فاتح عالم
 جہادِ زندگانی میں ہیں یہ مردوں کی شمشیریں

یعنی زندگی کی جدوجہد میں انسان کے لیے پختہ یقین، مسلسل عمل اور محبت شمشیر کا کام دیتے ہیں جس کے باعث وہ دنیا بھی فتح کر سکتا ہے۔

طوالت کے پیشِ نظر سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی جہدِمسلسل کے چند گوشوں پر ہی قلم ریزی کی جسارت کی ہے۔ اللہ ربّ العزت سے دعا ہے کہ اہلِ بیتؓ کے تصدق سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کو صحت و تندرستی والی زندگی عطا فرمائے اور آپ کی عمر اور صحت میں برکت عطا فرمائے۔ آمین

سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی فروغِ فقر و اسمِ اللہ ذات کے لیے کی جانے والی جدوجہد تفصیلاًپڑھنے کے لیے سلطان الفقر پبلیکیشنز کی مطبوعہ کتاب ’’سلطان العاشقین‘‘ کا مطالعہ فرمائیں۔

 

15 تبصرے “سلطان العاشقین اور جہد ِ مسلسل Sultan-ul-Ashiqeen Aur Jehd-e-Musalsal

  1. سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی جہدِمسلسل کو احاطہ تحریر میں لانا ممکن نہیں۔ آپ مدظلہ الاقدس کی شبانہ روز محنت نے تحریک دعوتِ فقر اور اس کے شعبہ جات کو بامِ عروج پر پہنچایا۔

  2. Beshak Sultan ul Ashiqeen Madzila al Aqda ne Har lamha Allah pak k kam m jado jehad ki

  3. سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی فروغِ فقر و اسمِ اللہ ذات کے لیے کی جانے والی جدوجہد تفصیلاًپڑھنے کے لیے سلطان الفقر پبلیکیشنز کی مطبوعہ کتاب ’’سلطان العاشقین‘‘ کا مطالعہ فرمائیں۔

  4. دین کی سلامتی کے لیے بہت اچھی کوشش کی جا رہی ہے اللہ تعالی اپ کو اور زیادہ ترقی عطا فرمائے طالب مولا کے لیے بہت اچھا پروگرام ہے اور طالب مولا کے لیے کی ہدایت کے لیے اسان موقع ہے

  5. سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور سلطان الفقر ہفتم ہیں۔ آپ کی تمام حیاتِ مبارکہ بھی جہدِمسلسل سے عبارت ہے۔

  6. Sultan-ul-Faqr VII ko Salam.. ap ne sadiyon ka kaam salon mein kr dikhaya hai 💜💜💜

  7. سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی فروغِ فقر و اسمِ اللہ ذات کے لیے کی جانے والی جدوجہد تفصیلاًپڑھنے کے لیے سلطان الفقر پبلیکیشنز کی مطبوعہ کتاب ’’سلطان العاشقین‘‘ کا مطالعہ فرمائیں۔

  8. علامہ اقبالؒ جہدِمسلسل کے متعلق فرماتے ہیں:

    یقیں محکم، عمل پیہمِ محبت فاتح عالم
    جہادِ زندگانی میں ہیں یہ مردوں کی شمشیریں

  9. سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور سلطان الفقر ہفتم ہیں۔

  10. سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور سلطان الفقر ہفتم ہیں۔ آپ کی تمام حیاتِ مبارکہ بھی جہدِمسلسل سے عبارت ہے۔ آپ نے اپنے مرشد سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ کے وصال کے بعد اپنے مرشد کے مشن کو آگے بڑھانے اور ان کی تفویض کردہ ڈیوٹی کو احسن طور پر سرانجام دینے کے لیے ایک فردِ واحد کے طور پر کام کا آغاز کیا۔

  11. سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے متعلق فرمایا تھا ’’ہم فقر کا عنوان ہیں اور آپ اس کی تفصیل ہوں گے۔‘‘

  12. سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین لجپال مرشد کامل اکمل زندہ باد

  13. سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس سلسلہ سروری قادری کے موجودہ امام اور سلطان الفقر ہفتم ہیں۔ آپ کی تمام حیاتِ مبارکہ بھی جہدِمسلسل سے عبارت ہے۔ آپ نے اپنے مرشد سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ کے وصال کے بعد اپنے مرشد کے مشن کو آگے بڑھانے اور ان کی تفویض کردہ ڈیوٹی کو احسن طور پر سرانجام دینے کے لیے ایک فردِ واحد کے طور پر کام کا آغاز کیا۔

    سلطان الفقر ششم حضرت سخی سلطان محمد اصغر علی رحمتہ اللہ علیہ نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کے متعلق فرمایا تھا ’’ہم فقر کا عنوان ہیں اور آپ اس کی تفصیل ہوں گے۔‘‘

  14. اللہ ربّ العزت سے دعا ہے کہ اہلِ بیتؓ کے تصدق سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کو صحت و تندرستی والی زندگی عطا فرمائے اور آپ کی عمر اور صحت میں برکت عطا فرمائے۔ آمین

اپنا تبصرہ بھیجیں