تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr News

5/5 - (2 votes)

تحریک دعوتِ فقر نیوز  Tehreek Dawat-e-Faqr News

نیوز رپورٹر: محمد عثمان صادق سروری قادری

تحریک دعوتِ فقر کا سولہواں یومِ تاسیس 

تحریک دعوتِ فقر کے سولہویں یومِ تاسیس کے موقع پر مسجدِزہراؓو خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں 23 اکتوبر 2025ء بروز جمعرات سہ پہر 4 بجے پرچم کشائی اور کیک کٹنگ کی پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ حاضرین کی جانب سے تکبیر و رسالت کے فلک شگاف نعروں کی گونج میں بانی و سرپرستِ اعلیٰ تحریک دعوتِ فقر سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس اور نائب سرپرست صاحبزادہ سلطان محمد مرتضیٰ نجیب مد ظلہ الاقدس کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

مولانا یاسر یاسین سروری قادری کی پر سوز آواز میں تلاوتِ کلام مجید کے بعد مرشد کامل اکمل جامع نور الہدیٰ سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس نے پرچم کشائی فرمائی اور کیک کاٹا۔ اس موقع پر آپ مد ظلہ الاقدس نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا :

ہماری زندگی کا مشن اور واحد نصب العین نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے دین کی حقیقی روح یعنی’’ فقر‘‘ کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانا ہے۔ ہم نے جب سے تلقین و ارشاد کی ذمہ داری سنبھالی ہے تب سے ہم نے فقر کی ترویج و اشاعت کے لئے دن رات کام کیا اور اپنی آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

معزز قارئین! اس پر وقار تقریب میں مہمانوں اور علاقائی جماعتوں کے ارکان کی کثیر تعداد شامل تھی جو ملک کے طول و عرض سے دیوانہ وار خانقاہ سلطان العاشقین تشریف لائے تھے تاکہ اس مبارک اور تاریخی خوشی کو مزید یادگار بنایا جا سکے۔ بعد ازاں سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے دعائے خیر کروائی۔علاوہ ازیں تحریک دعوتِ فقر یونائیٹڈ کنگڈم (UK) کی جانب سے بھی اظہارِ یکجہتی کے طور پر تحریک دعوتِ فقر کے سولہویں یومِ تاسیس کے موقع پر کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر صدر تحریک دعوتِ فقر یو ۔کے محمد وحید حسن سروری قادری موجود تھے جنہوں نے تحریک دعوتِ فقر کی ترقی و کامیابی کے لئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔

آن لائن سیشنز (Online Sessions)

مجلس ِخلفا سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی جانب سے مریدین کی روحانی تربیت کے لیے آن لائن سیشنز(Online sessions) کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔ اِن سیشنز کے تحت، مختلف اہم امور اور تعلیماتِ سلطان العاشقین کی ترویج کے لیے وقتاً فوقتاً اجلاس منعقد کیے جاتے ہیں۔

23 اکتوبر 2025ء بروز جمعرات: خلیفہ نگران شعبہ بین الاقوامی امور سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری کی زیر ِصدارت شعبے کا ایک اہم آن لائن اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سالانہ محافل کے دوران دنیا بھر سے مریدین کی آن لائن شرکت کے انتظامات، تعلیماتِ سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس پر آن لائن سیشنز اور بین الاقوامی مریدین کو مزید متحرک کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی۔

24 اکتوبر 2025ء بروز جمعہ: امین مجلسِ خلفا سلطان محمد عبداللہ اقبال سروری قادری کی زیرِصدارت بین الاقوامی مریدین کے لیے ڈیڑھ گھنٹے کا ایک خصوصی آن لائن سیشن منعقد ہوا۔ اس سیشن میں خلیفہ نگران شعبہ بین الاقوامی امور سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری، شعبہ انچارج محمد وحید حسن سروری قادری اور مختلف ممالک سے مریدین نے بھرپور شرکت کی۔ سیشن میں فقر کے مختلف موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ان موضوعات میں ــاسمِ اللہ ذات روح کا رزق ہے، توحیدِباری تعالیٰ، مالی و جانی قربانی، تصور اسمِ اللہ ذات اور مرشد اور مرید کا تعلق قابلِ ذکر ہیں۔ 

31 اکتوبر 2025ء بروز جمعہ: مجلسِ خلفا نے علاقائی دفاتر کے ساتھ WhatsApp Voice Chat اور  X Space کے ذریعے ایک خصوصی آن لائن سیشن کا انعقاد کیا جس میں علاقائی عہدیداران نے شرکت کی۔

سیشن کے مقاصد میں علاقائی دفاتر کو متحرک کرنا، تعلیماتِ سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی ترویج و اشاعت، دستور تحریک دعوتِ فقر کے مطابق دعوتی سرگرمیوں اور تبلیغی دوروں کا اہتمام، تحریکی امور میں مرکز کی معاونت، اور مسجدِ  زہرا ؓو خانقاہ سلطان العاشقین کی تعمیر و ترقی میں حصہ لینے کی دعوت شامل تھے۔مجلسِ خلفا کی جانب سے امین مجلسِ خلفا سلطان محمد عبداللہ اقبال صاحب، سلطان محمد ناصر حمید صاحب، سلطان حافظ محمد ناصر مجید صاحب اور سلطان محمد احسن علی صاحب نے شرکت کی اور گفتگو فرمائی۔ آخر میں علاقائی سربراہان کے لیے سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا۔

6 نومبر 2025ء بروز جمعرات:سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری کی قیادت میں ایک آن لائن سیشن منعقد ہوا جس میں مریدین نے شرکت کی۔ سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے ’’فقرِمحمدیؐ‘‘ کے موضوع پر جامع بیان کیا جس میں انہوں نے سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس اور دیگر فقرائے کاملین کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے دعوتِ فقر کو اپنے حلقۂ احباب تک پھیلانے کی ترغیب دلائی۔

ترقیاتی امور

رواں سال آنے والے سیلاب کے بعد خانقاہ سلطان العاشقین کی چار دیواری کی ازسرِ نو تعمیر و مرمت کا کام نہایت سرعت اور جانفشانی سے جاری ہے۔ اس منصوبے کے تحت دیوار کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ اس پر پلستر، مٹی کی حفاظتی تہہ اور نمی سے بچاؤ کے لیے چپس کا کام بھی انتہائی پائیداری اور نفاست سے کیا جا رہا ہے۔ چار دیواری کے علاوہ خانقاہ کے احاطے اور سلطان العاشقین اصطبل میں بھی کنسٹرکشن کمیٹی کی زیرِنگرانی مختلف تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ماہر انجینئرز کی سرپرستی میں سیوریج سسٹم کو آئندہ برسوں میں ممکنہ سیلابی حالات کے پیشِ نظر جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ خانقاہ کا انفراسٹرکچر زیادہ پائیدار اور محفوظ ہو۔ 

اِسی دوران سلطان العاشقین اصطبل میں ایک نئے گھوڑے کا اضافہ بھی ہوا ہے جس کے لیے الگ کمرہ تعمیر کیا گیا۔ سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس نے اس گھوڑے کا نام اپنی روحانی فراست سے ’’محبوب‘‘ تجویز فرمایا جو نہ صرف اس کی ظاہری خوبصورتی بلکہ اس کے باطنی وقار کی طرف بھی اشارہ کرتا ہے۔

جس طرح خاتم النبییٖن حضرت محمد مصطفی احمد مجتبیٰ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے رحمت للعالمین بنا کر مبعوث فرمایا یعنی تمام جہانوں اور ان میں بسنے والی مخلوقات کے لیے سراپا رحمت و شفقت، اسی طرح آپؐ کی امت کے اولیا کرام اور فقرائے کاملین بھی انسانوں کے ساتھ ساتھ دیگر مخلوقات کے لیے سراپا محبت، شفقت اور مہربانی کا پیکر ہوتے ہیں۔ یہی وصف مرشد کامل اکمل سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس کی ذاتِ مبارکہ میں بھی نمایاں طور پر جلوہ گر ہے۔ آپ نہ صرف انسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں رہتے ہیں بلکہ خانقاہ میں موجود گھوڑوں، پرندوں اور دیگر جانوروں کی خوراک، صحت اور رہائش پر بھی خصوصی توجہ فرماتے ہیں۔ آپ خادمین کو ہمیشہ تاکید فرماتے ہیں کہ ان بے زبان مخلوقات کے ساتھ شفقت، نرمی اور ہمدردی سے پیش آئیںاور وقتاً فوقتاً ان کے طبی معائنے کا اہتمام بھی کریں۔ یوں خانقاہ سلطان العاشقین میں تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ رحمت، محبت اور خدمتِ خلق کے روشن اصول بھی عملی طور پر فروغ پاتے ہیں۔

ڈیجیٹل لائبریری 

سلطان الفقر پبلیکیشنز کا ایک اور شاہکار!

دورِ حاضر کے تقاضوں اور جدید وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنز نے اپنی ڈیجیٹل لائبریری کو نئے انداز میں پیش کیا ہے۔

Sultan ul Faqr Library | Sultan ul Arifeen Books | Sultan Bahoo

یہ ایک ایسا روحانی وعلمی پلیٹ فارم ہے جہاں دنیا کے کسی بھی کونے میں موجود مرد و خواتین، دینِ اسلام کی حقیقی روح یعنی’’ فقرِمحمدیؐ‘‘سے مستفید ہو سکتے ہیں۔ یہ لائبریری سلسلہ سروری قادری کی تعلیماتِ فقر تک آسان اور بامعنی رسائی فراہم کرتی ہے۔

شعبہ جاتی اجلاس

27 اکتوبر 2025ء بروز سوموار تحریک دعوتِ فقر کے شعبہ ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے خلیفہ نگران سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری کی زیرِ صدارت شعبہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں انتظامیہ انچارج ملک سجاول کھوکھر سروری قادری اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شعبہ جات تحریک دعوتِ فقر کی ڈیٹا مینجمنٹ اور شعبہ ویب سائٹس ڈیویلپمنٹ میں نئے فیچرز کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ ممبران نے تمام معاملات پر گفتگو کی اور اپنی تجاویز پیش کیں۔

 6 نومبر 2025ء بروز جمعرات انچارچ شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنزسلطان محمد احسن علی اور سلطان حافظ محمد ناصر مجید کے زیرِصدارت آن لائن میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔اس میٹنگ میں سلطان الفقر پبلیکیشنز ویب سائٹ کے لیے نئے تھیمزThemes شیئر کیے گئے اور ممبران سے آرا طلب کی گئیں۔ علاوہ ازیں ایڈز Adds لگانے اور کتب کی آڈیوریکارڈنگ کے عمل کو مزیدبہتر اور تیز تر بنانے کے حوالے سے بھی ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔

سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کا خانقاہ میں قیام 

ماہ ِاکتوبر اور نومبر 2025ء کے دوران مرشد کامل اکمل فقیر مالک الملکی سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مد ظلہ الاقدس نے خانقاہ سلطان العاشقین براستہ رنگیل پور شریف سندر اڈا ملتان روڈ لاہور میں خصوصی قیام فرمایا۔ اس دوران کثیر تعداد میں مرد و خواتین طالبانِ مولیٰ خانقاہ شریف حاضر ہو کر شرف باریابی پاتے رہے۔ آپ مد ظلہ الاقدس نے اپنے بے مثال انداز اور بابرکت صحبت سے ان کی رہنمائی فرمائی اور ان کے دلوں سے دنیا کی محبت کا زنگ اتار کر انہیں ذکر اسمِ اللہ ذات کی حلاوت عطا فرمائی۔

روزانہ کی بنیاد پر ملاقاتوں کے علاوہ آپ مد ظلہ الاقدس نے 12 اکتوبر 19 اکتوبر، 2 نومبر اور 9 نومبر 2025 ء بروز اتوار بزمِ سلطان العاشقین کی صدارت بھی فرمائی۔ دوران قیام مسجدِزہراؓ میں نماز جمعہ بھی ادا فرمائی جہاں مریدین کے ساتھ ساتھ اہلِ علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور آپ کی رفاقت کا شرف پایا۔

 بلاشبہ آپ مد ظلہ الاقدس کی ہر نشست میں نورانی سکون اور باطنی سرور کی فضا ہوتی ہے۔ آپ کی پاک صحبت میں بیٹھنے والے طالبانِ مولیٰ  محسوس کرتے ہیں کہ جیسے دل کا بوجھ اتر گیا ہو اور روح کو ایک نیا حوصلہ مل گیا ہو۔ آپ کے فیضانِ صحبت سے نہ صرف ان کے اذہان نورِ معرفت سے منور ہوتے ہیں بلکہ اُنہیں عملی زندگی میں صبر، شکر اور اخلاص کی روشنی بھی عطا کرتے ہیں۔ اتوار کی محافل کے علاوہ عام دنوں میں بھی عقیدت مندوں اور مریدین کی بڑی تعداد خانقاہ شریف حاضر ہو کر سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین مد ظلہ الاقدس کی صحبت میں حاضری کا شرف پاتی ہے۔ اس عام ملاقات کے لیے آنے والوں کے لئے کسی قسم کی مذہبی و مسلکی قید و بند نہیں ہے کیونکہ اللہ والوں کا در دراصل اللہ کا ہی در ہے اور اللہ پاک کی یہ شان ہے کہ وہ اپنا دروازہ اپنی مخلوق پر کبھی بند نہیں کرتا۔

تبلیغی دورہ جات 

شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر کے زیرِاہتمام مجلسِ خلفا اور انتظامیہ کمیٹی کے تبلیغی دورہ جات کے نئے سلسلہ کا آغاز ہو گیا ہے۔ان تبلیغی دورہ جات میں فقرِمحمدیؐ کا پیغام ہر خاص و عام تک پہنچانے کے لیے گاؤں گاؤں شہر شہر جا کر ذکر و تصور اسمِ اللہ ذات اور مرشد کامل اکمل کے دستِ اقدس پر بیعت کی دعوت دی گئی۔ 

18 اکتوبر 2025ء بروز ہفتہ خلیفہ نگران شعبہ دعوت و تبلیغ تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب سروری قادری کی قیادت میں نتو کوٹ ڈاکخانہ محمدی پور تحصیل چونیاں ضلع قصور میں بھرپور تبلیغی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ تبلیغی قافلہ میں سلطان محمد عبد الرحمن سروری قادری، سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری، ملک سجاول سروری قادری، مولانا یاسر یاسین سروری قادری اور ممبران مجلسِ شوریٰ بھی شامل تھے۔

محمد عارف سروری قادری کی رہائش گاہ پر اہلِ علاقہ کو سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کی تعلیماتِ فقر سے روشناس کروایا گیا اور آپ مدظلہ الاقدس کی بارگاہ سے ذکر و تصور اسمِ اعظم حاصل کرنے کی دعوت دی گئی۔ اہلِ علاقہ میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے بھی فی سبیل اللہ تقسیم کئے گئے۔ ساتھ ہی ساتھ کوٹ ماتھا سر ڈاک خانہ محمدی پور تحصیل چونیاں ضلع قصور میں بھی تبلیغی سرگرمیاں جاری رہیں۔

25 اکتوبر 2025 ء بروز ہفتہ خلیفہ سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری کی قیادت میں ٹھینگ موڑ الہ آباد تحصیل چونیاں ضلع قصور میں زور و شور سے تبلیغی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ تبلیغی قافلہ میں جنرل سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر ملک سجاول سروری قادری، انچارج شعبہ دعوت و تبلیغ مولانا یاسر یاسین سروری قادری اور ممبران مجلس ِشوریٰ بھی شامل تھے۔ قدیر اقبال سروری قادری اور ظہیر احمد سروری قادری بغرض تبلیغی سرگرمیاں پہلے سے ہی علاقہ میں موجود تھے۔ 

محمد حیدر اقبال سروری قادری کی رہائش گاہ پر اہلِ علاقہ کو سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس  کی تعلیماتِ فقر سے روشناس کروایا گیا اور آپ مدظلہ الاقدس کی بارگاہ سے ذکر و تصور اسمِ اعظم حاصل کرنے کی دعوت دی گئی۔

یکم نومبر 2025ء بروز ہفتہ سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری کی قیادت میں کندل عیسیٰ خیل ضلع میانوالی میں بھرپور تبلیغی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ تبلیغی قافلہ میں جنرل سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر ملک سجاول سروری قادری کے ساتھ ملک عبدالرافع سروری قادری اور رانا محمد ذیشان سروری قادری بھی شامل تھے۔ ذوالفقار سروری قادری تبلیغی سرگرمیوں کے لیے پہلے ہی وہاں موجود تھے۔ اس حوالے سے محمد اسلم خان سروری قادری کی رہائش گاہ پر خصوصی انتظامات کیے گئے۔ جبکہ جوہرآباد ضلع سرگودھا میں ڈاکٹر ممتاز وڑائچ سروری قادری کی رہائش گاہ پر تبلیغی فرائض نبھائے گئے۔ آیت اللہ سروری قادری نے اس موقع پر خصوصی تعاون کیا۔ 

 4 نومبر 2025ء بروز منگل تحریک دعوتِ فقر شعبہ دعوت و تبلیغ کے زیرِاہتمام شعبہ کے خلیفہ نگران ڈاکٹر سلطان محمد حسنین محبوب صاحب کی قیادت میں پاکپتن کا کامیاب تبلیغی دورہ منعقد کیا گیا۔ وفد میں امین مجلس ِخلفا سلطان محمد عبداللہ اقبال صاحب اور صدر تحریک دعوتِ فقر ڈاکٹر عبدالحسیب سرفراز بھی شامل تھے۔

سرپرست تحریک دعوتِ فقر پاکپتن، غلام حیدر بھٹی کے تعاون سے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول ملکہ ہانس ضلع پاکپتن میں تبلیغی سرگرمیوں کا اہتمام ہوا۔ سلطان محمد عبداللہ اقبال صاحب نے نوجوان طلبا کو ’’طائرِلاھوتی‘‘ کے موضوع پر مفصل اور جامع بیان دیااور فقیر مالک الملکی، سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمن مدظلہ الاقدس کے دستِ اقدس پر بیعت ہوکر تصور اسمِ اعظم اور سلطان الاذکار ’’ھوُ‘‘ حاصل کرنے کی دعوت دی گئی۔ طلبا اور سٹاف میں ماہنامہ سلطان الفقر لاہور کے شمارے بھی فی سبیل اللہ تقسیم کئے گئے۔ 

8 نومبر 2025ء بروز ہفتہ سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری کی قیادت میں تحصیل میاں چنوں ضلع خانیوال میں بھرپور تبلیغی سرگرمیاں انجام دی گئیں۔ تبلیغی قافلہ میں جنرل سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر ملک سجاول سروری قادری کے ساتھ رانا محمد ذیشان سروری قادری اور ملک بشارت سروری قادری بھی شامل تھے۔ 

چک نمبر 115/15L ضلع خانیوال تحصیل میاں چنوں میں واقع دفتر تحریک دعوتِ فقر میاں چنوں، رہائش گاہ محمد زاہد سلیم سروری قادری اور تحصیل بار کورٹ میاں چنوں میں اہلِ علاقہ کو دعوت دی گئی۔ بحکم سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین مدظلہ الاقدس، اسمِ اللہ ذات کے خواہشمندوں کو سلطان حافظ محمد ناصر مجید سروری قادری نے بغیر بیعت کے اسمِ اعظم کے پہلے ذکر کی اجازت بھی عطا فرمائی۔ سرپرست تحریک دعوتِ فقر میاں چنوں، بابر نذیر سروری قادری نے خصوصی معاونت کی۔ 

سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتاب میلوں میں شرکت

تحریک دعوت فقر کے شعبہ سلطان الفقر پبلیکیشنز نے ملتان انٹرنیشنل بک فئیر اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں انعقاد پذیر ہونے والے کتاب میلوں میں بھرپور شرکت کی۔ ملتان انٹرنیشنل بک فئیر 24 تا 26 اکتوبر 2025ء جبکہ یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی بک فیئر 6 تا 8 نومبر 2025ء جاری رہا۔ اِس دوران سلطان الفقر پبلیکیشنز کے اسٹال پر فقر و تصوف سے متعلق نایاب اور علمی کتب نے قارئین، محققین اور نامور قومی و علمی شخصیات کی خصوصی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔ 

ان میں سلطان الفقر ہفتم سلطان العاشقین حضرت سخی سلطان محمد نجیب الرحمٰن مدظلہ الاقدس کی تصانیف مبارکہ کے ساتھ ساتھ دیگر مشائخ عظام اور فقرائے کاملین کی نایاب کتب بھی شامل تھیں جن میں فقرِمحمدیؐ، معرفتِ الٰہی، عشقِ حقیقی اور سلوک جیسے اہم موضوعات پر مفصل رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔ ان کتاب میلوں میں آنے والے شرکا نے سلطان الفقر پبلیکیشنز کی کتب کے ساتھ ساتھ ماہنامہ سلطان الفقر کے حوالے سے بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اسے ایک قیمتی علمی و روحانی سرمایہ قرار دیا۔ جوائنٹ سیکرٹری تحریک دعوتِ فقر نعمان ثاقب سروری قادری اور اسد اللہ خان سروری قادری نے سٹال پر فرائض سرانجام دئیے۔

 

تحریک دعوتِ فقر نیوز Tehreek Dawat-e-Faqr News” ایک تبصرہ

  1. بخاری شریف میں ہے :
    قیامت اس وقت تک قائم نہ ہو گی جب تک تقریباًتیس جھوٹے دجال پیدا نہ ہولیں ۔ ان میں ہر ایک کایہی گمان ہو گا کہ وہ اللہ کا نبی ہے ۔ (بخاری۔ 3609)

اپنا تبصرہ بھیجیں